عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر کوئی پابندی نہیں، پیمرا

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کی تقاریر روکنے کے الزام پر پیمرا کو ٹی وی چینلز کو پریشرائزڈ نہ کرنے کا حکم دیا جس پر پیمرا نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ٹی وی چینلز پر تقریر نشر نہ ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت مکمل ہوگئی۔ سماعت جسٹس شمس محمود مرزا نے کی۔

ہائی کورٹ نے عمران خان کی درخواست نمٹاتے ہوئے کہا ہے کہ پیمرا ٹی وی چینلز کو پریشرائزڈ نہ کرے۔ پیمرا نے عدالت میں کہا ہے کہ درخواست گزار کی تقریر نشر کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

نیب سزا یافتہ کیلئے 10 سالہ نااہلی کی مدت بحال

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کیسز میں سزا یافتہ افراد کیلئے 10 سالہ نااہلی کی مدت بحال کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کا فیصلہ ڈویژن بنچ نے معطل کردیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سزا یافتہ افراد کے الیکشن لڑنے کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

نیب نے عدالت سے سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی تھی اور کہا تھا کہ الیکشن لڑنے کے لیے نیب سزا یافتہ کی 10 سال نااہلی کی مدت بحال کی جائے۔

نیب کا مؤقف تھا کہ سزا یافتہ افراد الیکشن لڑنے کے لیے ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں۔

نیب کا کہنا تھا کہ جون میں سنگل بینچ نے نیب نااہلی کی مدت 10کے بجائے 5 سال کر دی تھی، سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی، اب الیکشن لڑنے کے لیے سنگل بینچ کے فیصلے کا حوالہ دیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے آج نیب کی درخواست پر سماعت کی اور سنگل بینچ کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کیا۔

خیال رہے کہ سنگل بنچ نے نااہلی کی مدت دس سال کی بجائے 5 سال کا فیصلہ دیا تھا۔

ڈسکوز، پی آئی اے سمیت کئی ادارے قومی خزانے پر بوجھ بن گئے

ڈسکوز، پی آئی اے، این ایچ اے سمیت کئی ادارے قومی خزانے پر بوجھ بن گئے، 2022 میں کس ادارے نے کتنا نقصان کیا؟ وزارت خزانہ کی دستاویز نے بھانڈا پھوڑ دیا۔

وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق حکومتی ملکیتی اداروں کے ایک سال میں 729 ارب روپے سے زائد کے نقصانات رہے۔

دستاویز کے مطابق 2022 میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نقصانات 168 ارب روپے سے تجاوز کرگئے، جبکہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نقصانات 102 ارب سے زیادہ رہے، اسی طرح پی آئی اے کے نقصانات 97 ارب 53 کروڑ روپے سے زیادہ رہے۔

دستاویز کے مطابق کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نقصانات 76 ارب 41 کروڑ روپے سے زیادہ رہے، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نقصانات 54 ارب 40 کروڑ روپے سے زیادہ رہے۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ پاکستان ریلویز کے نقصانات 47 ارب 48 کروڑ روپے سے زیادہ رہے، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 30 ارب 21 کروڑ روپے مالی نقصان کا سامنا رہا، سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نقصانات 29 ارب 48 کروڑسے زیادہ رہے، میپکو کے 22 ارب روپے سے زیادہ اور ٹیسکو کے نقصانات 21 ارب روپے زیادہ رہے۔

دیگر حکومتی ملکیتی اداروں کے نقصانات 80 ارب روپے سے زیادہ ریکارڈ کئے گئے۔

اسرائیل نے لبنان کیخلاف جنگ چھیڑی تو لڑائی کی نہ کوئی حد ہوگی نہ کوئی اصول، حسن نصر اللہ

لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے حماس رہنما کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو صالح العروری کے قتل کی سزا ضرور دی جائے گی۔

ایران کی پاسداران انقلاب کے سابق سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی چوتھی برسی پر اپنے خطاب میں حسن نصر اللہ نے کہا کہ اگر اسرائیل لبنان کے خلاف جنگ چھیڑتا ہے تو ہماری محدود جنگ کا دائرہ ختم ہو جائے گا، ہماری لڑائی کی نہ کوئی حد ہوگی نہ ہی کوئی اصول ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ سے اسرائیل کی طاقت کا بھرم ٹوٹا ہے اور اسرائیل کے وجود کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

حسن نصر اللہ نے ایران میں جنرل سلیمانی کی شہادت کی چوتھی برسی پر قبرستان میں ہونے والے دھماکوں کی بھی مذمت کی۔

سربراہ حزب اللہ نے اپنے خطاب میں مقتول حماس رہنما اور خطے بھر کے تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں اور صبر ہی پورے خطے کے لیے نتائج لائے گا۔

حسن نصراللہ نے کہا کہ مزاحمتی گروپ آزاد ہیں اور قابضین کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، ہم خطے میں مزاحمتی تحریکوں کی حمایت کرتے ہیں، ہم ہر قدم پر فلسطینی گروپوں کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنرل سلیمانی فلسطینی گروپوں کی طاقت بڑھانے مدد کر رہے تھے۔

حسن نصر اللہ نے کہا کہ 7 اکتوبر نے فلسطینیوں کو زندہ کردیا، اسرائیل کو ایسے لوگوں کا سامنا ہے جو اپنی سرزمین بھولے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ نے امریکا اور اس کی پالیسیوں کی حقیقت کو بےنقاب کیا، غزہ میں قتل عام کون کررہا ہے امریکی انتظامیہ کو نظر نہیں آرہا، غزہ میں قتل عام امریکی پالیسی اور امریکی اسلحہ کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا جنگ کو روکنے کے بجائے دوسرے ممالک کو بھی روک رہا ہے۔

حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل شرم کے مارے اپنی ہزاروں ہلاکتوں کا اعلان نہیں کررہا، اسرائیل نے حماس رہنما کو قتل کرکے فتح کی تصویر پیش کرنے کی کوشش کی، تین ماہ کی لڑائی میں اسرائیل کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

عامر خان کا بیٹی کی شادی پر سابقہ اہلیہ کو بوسہ

بالی ووڈ انڈسٹری کے مقبول اداکار عامر خان کی بیٹی ایرا خان نوپور شیکھرے سے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ اس موقع پر ایک انوکھا منظر بھی دیکھنے میں آیا جب اداکار نے سابقہ اہلیہ کو بوسہ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ رات 3 جنوری کو ممبئی میں ایرا خان نے اپنے دیرینہ دوست نوپور شیکھرے سے شادی کی جس میں اس جوڑے کے قریبی دوستوں اور اہل خانہ نے شرکت کی۔

بعد ازاں اس جوڑے نے کمپنی میں اپنی شادی رجسٹر بھی کروائی، شادی سے تصاویرو ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

تصاویر و ویڈیوز میں ایرا خان کو عروسی لباس میں دیکھا جاسکتا ہے جبکہ نوپور نے نیلے رنگ کی شیروانی کا انتخاب کیا تھا۔

یہ تقریب ممبئی کے شہر باندرہ میں واقع تاج لینڈز اینڈ میں منعقد ہوئی۔ اس کے بعد یہ جوڑا ادے پور کے لیے روانہ ہو گا۔ جہاں 8 جنوری کو اس جوڑے کی ایک عالیشان استقبالیہ تقریب ہوگی۔

ایرا اور نوپور کی ادے پور میں شادی کی تقریب کے بعد ١٣ جنوری کو ممبئی میں ایک اور شاندار استقبالیہ تقریب ہوگی جس میں بالی ووڈ اسٹارز کی شرکت متوقع ہے۔

شادی کی تقریب سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انوکھا منظر بھی دیکھنے میں آیا۔

بھارتی اداکار نے بیٹی کی شادی پر اپنی سابقہ اہلیہ کو بوسہ بھی دیا۔

سعودی عرب نے غیرملکی ملازمین کا ویزا منسوخ کرنے کیلئے آجروں کو مزید سہولت دیدی

سعودی حکومت نے ملکی آجروں کے لیے غیر ملکیوں کا ورک ویزا منسوخ کرنا مزید آسان بنادیا ہے۔

حال ہی میں کیے گئے اقدامات کے تحت غیر ملکی ورکرز کے اخراج اور ان کی دوبارہ انٹری کو کنٹرول کرنا مزید سہل ہوگیا ہے۔

سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے اب آجروں کو الیکٹرانک گورنمنٹ سسٹم کے ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے غیر ملکی ورکرز کے ویزا منسوخ کرنے کی سہولت فراہم کردی ہے۔ ویزا منسوخ کرنے کا یہ آن لائن عمل آجر کے اکائونٹ سے منسلک ہے تاکہ ویزا کی تنسیخ تیزی سے ممکن ہو۔

یاد رہے کہ ورکرز ویزا کے حصول کے لیے ادا کی جانے والی حکومت واپس نہیں کرتی۔

اخراج یا دوبارہ داخلے کے لیے پاسپورٹ کم از کم 90 دن کے لیے کارآمد ہونا چاہیے اور حتمی اخراج کے لیے کم از کم 60 دن تک کارآمد ہونا چاہیے۔

ایگزٹ یا ری انٹری ویزا کو حتمی ایگزٹ ویزا میں تبدیل کرنا صرف سعودی عرب کی حدود میں ممکن ہے۔

سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس رہائشی اجازت ناموں (اقامہ) کے اجرا و تجدید کے علاوہ ایگزٹ، ری اینٹری اور فائنل ایگزٹ ویزا کے اجرا کے لیے ابشر پلیٹ فارم پر موجود ڈجیٹل سہولتوں سے استفادے کو فروغ دے رہا ہے۔

سعودی عرب میں حال ہی میں ویزا کے قواعد میں تبدیلیوں سے غیر ملکی باشندوں کے لیے لچک پیدا کی ہے۔ ایگزٹ اور ری انٹری ویزا کے حامل افراد اب ویزا کے کارآمد ہونے کے آخری دن تک اپنے وطن جاسکتے ہیں۔

سعودی عرب سے باہر موجود ہونے پر بھی یہ لوگ ابشر پلیٹ فارم یا مقیم پورٹل کے ذریعے متعلقہ فیس آن لائن ادا کرکے اپنا ویزا کی آن لائن توسیع کرسکتے ہیں۔

ویزا کے درخواست دینے والوں کے پاس متعلقہ دورانیے کے لیے کارآمد پاسپورٹ ہونا چاہیے اور یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ ایگزٹ اور ری انٹری ویزا کو فائنل ایگزٹ ویزا میں تبدیل کرنے کے لیے متعلقہ فرد کا سعودی عرب کی حدود میں ہونا لازم ہے۔

سعودی عرب میں غیر ملکی باشندوں کی تعداد ایک کروڑ 34 لاکھ ہے جو ملک کی مجموعی آبادی کا 41.5 فیصد ہے۔ ویزا سے متعلق حالیہ اقدامات کا بنیادی مقصد غیر ملکیوں کی مشکلات دور کرنا، ویزا کی پروسیسنگ آسان بنانا اور انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے ڈجیٹل طریقوں کو اپنانا ہے۔

روس یوکرائن جنگ میں بھارتی ساختہ اسلحے کا استعمال، امریکا کے ساتھ بھارت کے تعلقات خراب

روس اور یوکرائن جنگ میں بھارتی ساختہ اسلحے کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ سکھ رہنماؤں کے قتل کے باعث بھارت اور امریکا کے درمیان تعلقات میں دراڑ آگئی ہے۔

مودی سرکار کی عالمی سطح پر دوغلی پالیسیاں کھل کر سامنے آگئی ہیں، بھارت کی بیک وقت روس اور یوکرائن سے تعلقات استوار کرنے کی بھونڈی کوشش بےنقاب ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں یوکرائنی فوج کے ہاتھوں میں بھارتی ساختہ اسلحے کی موجودگی نے تہلکہ مچادیا۔

ثبوت منظرعام پر آنے کے بعد بھارت کی روس یوکرائن جنگ میں غیر جانبداری کا مؤقف جھوٹا پڑ گیا۔

ذرائع کے مطابق یوکرائن سے ملنے والے مخصوص اسلحے کی تیاری ہندوستان میں ہوتی ہے، یوکرائن ہندوستان سے ملنے والا ساختہ اسلحہ آرمینیہ کو بھی فروخت کر چکا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یوکرائن جنگ میں بھارتی گولہ بارود کی فراہمی سفارتی کشیدگی کا سبب بنے گی، یوکرائن کو اسلحے کی فراہمی سے ہندوستان کے روس کے ساتھ تعلقات خراب ہوں گے۔

دوسری جانب عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کا کہنا ہے کہ سکھ رہنماؤں کے قتل کی سازش بے نقاب ہونے پر بھارت اور امریکا کے درمیان تعلقات میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

گزشتہ سال جون میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجار کو بھارت نے کینیڈا کی سر زمین پر قتل کروایا تھا، جبکہ سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی بھارتی سازش کو امریکا نے بے نقاب کیا تھا۔

امریکی خبر رساں ادارے ”فنانشل ٹائمز“ کے مطابق مودی سرکار نے سازش بے نقاب ہونے پر تعلقات خراب ہونے کا اعتراف کر لیا۔

کشیدہ حالات کے باعث امریکی صدر جو بائیڈن نے ہندوستان کے یوم جمہوریہ کا دعوت نامہ بھی ٹھکرا دیا۔

بائیڈن کے نئی دہلی آنے سے انکار پر مودی سرکار نے کواڈ گروپ کا اجلاس ملتوی کردیا۔

امریکی ادارہ برائے مذہبی آزادی نے بھارت کو تشویش ناک ملک میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک میں ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دفاعی معاہدوں پر پیش رفت سست پڑ گئی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری، ڈالر سستا

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج پھر کاروبار کا مثبت آغاز ہوا ہے۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز آغاز میں ہی 100 انڈیکس میں 290 پوائنٹس اضافہ ہوا اور 64 ہزار900 پر آگیا۔

تاہم، کاروبار کے دوران پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا اور 100 انڈیکس 300 پوائنٹس سے زائد کمی کے بعد 64 ہزار 400 پر آگیا۔

گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 297 اضافے کے بعد 64 ہزار 646 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب انٹربینک میں کاروبار کے آغاز پر ڈالر 32 پیسے کمی کے بعد 281.40 روپے پر آگیا۔

گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 17 پیسے کمی کے بعد 281 روپے 72 پیسے پر بند ہوا تھا۔

شمسی توانائی منصوبوں کیلئے آرمی چیف سے مدد طلب

پاکستان فارن رینیوائبل انرجی فورم (PFREF) نے 600 میگاواٹ کے 13 ونڈ اور سولر پاور زیر التوا منصوبوں کے لیے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے رابطہ کیا ہے۔ ان منصوبوں کی مجموعی سرمایہ کاری 60 کروڑ ڈالر ہے۔

پی ایف آر ای ایف کے صدر مصطفیٰ عبداللہ نے آرمی چیف کے نام ایک خط میں ملک کو دوبارہ معاشی اور مالیاتی بلندیوں کی طرف لے جانے کی راہ میں حائل بیورو کریٹس کو ہٹانے پر انہیں سراہا ہے۔

اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کائونسل (SIFC) کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے کیٹیگری تھری کے ونڈ اور سولر پی وی منصوبوں کا اگلے مرحل میں جائزہ لینے اور دیگر زیر التوا معاملات کا جائزہ لینے کے لیے ایک بین الوزارتی پینل تشکیل دیا ہے۔

کیٹیگری تھری میں وہ منصوبے شامل ہیں جنہیں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 27 فروری 2019 تک کے فیصلوں کے تحت نیپرا سے ٹیرف اور جنریشن لائسنس کی ضرورت نہیں تھی۔ انہیں متبادل انرجی سے متعلق سابق بورڈ کے ذریعے مسابقتی بولیوں کے مرحلے سے گزارا جانا تھا۔ ان منصوبوں میں 2025 تک 500 میگاواٹ کے ونڈ اور 3120 میگاواٹ کے شمسی توانائی منصوبوں کا اضافہ کیا جانا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کیٹیگری تھری میں 2139 میگاواٹ کے 31 ونڈ پاور منصوبے اور 4193 میگاواٹ کے 69 سولر پاور منصوبے شامل ہیں۔ ونڈ پاور کے 22 اور سولر پاور کے 28 منصوبے آئی آر زیڈ کے ماتحت ہیں۔

مصطفیٰ عبداللہ نے آرمی چیف کے نام خط میں لکھا ہے کہ ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ بیورو کریسی اب بھی ایف آئی ایف سی میں فیصلے کر رہی ہے جبکہ اس کائونسل کو بیورو کریسی کے فیصلوں سے آزاد ہونا تھا۔

ری نیو ایبل توانائی کے حصول کےلئے 400 ارب ڈالرز کی فنانسنگ کا عندیہ

اس فورم پر ونڈ پاور اور سولر پاور کے 13 منصوبوں کا ایس آئی ایف سی کی نچلی سطح پر، جہاں حاصر سروس کرنل بھی تعینات ہیں، جائزہ لینے کے بعد انہیں ایف آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کو منظوری کے لیے بھیج دیا گیا تھا۔ بیورو کریسی نے اسے مزید جائزہ لینے کے لیے واپس بھیج دیا۔

خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ ہمارے منصوبوں کو ایل او آئی، لینڈ، فزیبلیٹی، این ٹی ڈی سی اور سی پی پی اے جی گرڈ، نیپرا جنریشن لائسنس اور نیپرا ٹیرف کی منظوری مل چکی ہے۔ جولائی 2022 میں اس وقت کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی بنائی ہوئی سات رکنی وزارتی کمیٹی نے منطوری دے دی تھی۔ کابینہ میں ان منصوبوں کی منظوری کی سمری تیار تھی تاہم بیورو کریسی نے سابق وزیر اعظم کی کوششوں پر پانی پھیر دیا۔

مصطفیٰ عبداللہ نے مزید لکھا ہے کہ پاکستان درآمد شدہ کوئلے، اور ایل این جی کے ذریعے تیار کی جانے والی مہنگی بجلی کے باعث توانائی کے بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ ونڈ اور سولر پاور منصوبوں کے رو بہ عمل ہونے سے ملک میں توانائی کا بحران بخوبی ختم کیا جاسکے گا۔

اس خط کے ذریعے فورم نے آرمی چیف سے درخواست کی ہے کہ وہ سستی بجلی کے ان منصوبوں کی حتمی منظوری میں کلیدی کردار ادا کریں کیونکہ ان میں 60 کروڑ کی بلا واسطہ بیرونی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

پشاور کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے بھی پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا دے دیا

پشاور ہائیکورٹ سے مایوسی کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بڑا جھٹکا دے دیا ہے۔

گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لیے جانے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی تھی، جس میں جسٹس جواد حسن نے تحریک انصاف کی پٹیشن پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمشنر پنجاب پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کیسے تسلیم کرسکتا ہے؟ پشاور ہائیکورٹ میں الیکشن کمشنر پنجاب کی اپیل زیر التوا ہے، کیا صوبائی الیکشن کمشنر اپنے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف فیصلہ کر سکتا ہے؟

جسٹس جواد حسن نے بلے کا نشان واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

اور آج لاہور ہائیکورٹ نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی سے انتخابی نشان بلا واپس لینے کے خلاف درخواست خارج کر دی۔

جسٹس جواد حسن نے پی ٹی آئی رہنما عمر آفتاب ڈھلوں کی جانب سے دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس پر اپنا حکم امتناع واپس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 22 دسمبر کا فیصلہ بحال کردیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس چھن گیا تھا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔