اڈیالہ جیل میں ایڈز کے مریض قیدی کا ریپ کے بعد قتل، 6 سینئر افسران معطل

 راولپنڈی: سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں قیدی کے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کے معاملے پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت 6 سینئر افسران کو معطل کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مقتول قیدی ایڈز کے مرض میں مبتلا تھا اور ایڈز کے 9 دیگر اسیران کے ساتھ ہی قید تھا۔

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا اور ابتدائی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں 6 افسران نائٹ آفیسر ، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ، امدادی، نائٹ آفیسر، نائٹ پیٹرولنگ آفیسر اور وارڈ انچارج کو معطل کردیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ مقتول کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید کارروائی بھی کی جائے گی، سپرنٹنڈنٹ جیل اسد وڑائچ کی شکایت پر چار قیدیوں کے خلاف پہلے ہی قتل کے الزام میں مقدمہ درج کرادیا گیا ہے۔

پولیس نے قیدی کے قتل کی تفتیش شروع کر دی اور جیل انتظامیہ بھی واقعے کی انکوائری کر رہی ہے۔

اڈیالہ جیل میں گزشتہ روز سیل 2 کی چکی میں قید ملزم کو مبینہ زیادتی کے بعد پھندا لگا کر قتل کردیا گیا تھا اور اس کا مقدمہ 4 ساتھی قیدیوں کے خلاف راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں درج کرادیا گیا تھا۔

جنسی زیادتی ثابت کرنے کے لیے مزید شواہد درکار ہیں، جیل آفیسر

سینئر جیل آفیسر نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ راولپنڈی جیل میں قتل ہونے والا 34 سالہ سبیل کرامت اسلام آباد کا رہائشی تھا۔

جیل افسر نے بتایا کہ مقتول کو بے ہوش کرکے ہاتھ پاؤں باندھ کر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تاہم جنسی زیادتی ثابت کرنے کے لیے مزید شواہد درکار ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد سبیل کی تدفین اسلام آباد میں کردی گئی ہے لیکن مقتول کی قبرکشائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اورپولیس کے ساتھ مل کر مقتول کی قبرکشائی کا عمل مکمل کریں گے۔

سینئر افسر نے کہا کہ واقعے کی محکمانہ انکوائری کے لیے دیگر اضلاع سے افسران راولپنڈی آئیں گے۔

جیل افسر کے مطابق چکی سیل 10 میں موجود تمام ملزمان منشیات برآمدگی کیس میں قید تھے اور مقتول کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ بارہ کہو میں منشیات برآمدگی کا مقدمہ درج ہے۔

سعودی حکومت نے رقوم کی منتقلی کیلئے ایپلیکیشن کا استعمال لازمی قرار دیدیا

سعودی عرب میں تمام رہائشی کرایوں کی ادائیگی 15 جنوری سے ”ایجار“ آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے بھیجی جائے گی۔ منظور شدہ ڈیجیٹل چینلز سے باہر ادائیگی کا ثبوت قبول نہیں کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی رئیل اسٹیٹ جنرل اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ 15 جنوری سے کرایہ کی ادائیگی سے متعلق تمام مالی لین دین آن لائن ایجار پلیٹ فارم کے ذریعے ہونا لازمی ہے۔ ایجار کے چینلوں کے ذریعے پوسٹ پیڈ نمبر 153 کا استعمال کرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگی کی جاسکتی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی نے منگل کے روز خبر دی ہے کہ اس فیصلے سے تمام رہائشی کرایوں کی ادائیگی متاثر ہوگی اور 15 جنوری کے بعد ان منظور شدہ ڈیجیٹل چینلز سے باہر ادائیگی کا ثبوت قبول نہیں کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ فی الحال تجارتی کرایہ کے معاہدوں کو متاثر نہیں کرے گا۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وہ ادائیگیوں کے لیے الیکٹرانک رسیدوں کو مرحلہ وار ختم کرنا شروع کرے گی کیونکہ وہ ڈیجیٹل چینلز کے ذریعے خود بخود طے ہو جائیں گی اور علیحدہ رسید کی ضرورت نہیں ہوگی۔

یہ تبدیلی سعودی کابینہ کے اس فیصلے کی عکاسی کرتی ہے جس میں کرایہ کی ادائیگی کے لئے ایک الیکٹرانک سروس کی ترقی کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ کرایہ داروں کے لئے اپنے مکان مالکوں کو ادائیگیاں بھیجنا آسان بنا کر کرایہ کے شعبے کے مفادات کو بہتر طریقے سے پورا کیا جاسکے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مالک مکان اور کرایہ داروں کے درمیان تمام معاہدوں کو ایجار پلیٹ فارم پر لائسنس یافتہ رئیل اسٹیٹ بروکر کے ذریعے دستاویزی شکل دی جائے گی، جس کے بعد ڈیجیٹل ادائیگیاں پانچ ورکنگ دنوں کے اندر شروع ہوسکتی ہیں۔

ادائیگیوں کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ ، عہدیداروں نے کہا کہ ایجار کا مقصد کرایہ کے عمل کے دوران کرایہ داروں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ ایجار کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں کرایے کے عمل میں متعدد فوائد اور فوائد پیش کرتی ہیں ، بشمول تمام فریقوں کے حقوق کا تحفظ ، تمام ادائیگیوں کی مناسب دستاویزات ، شعبے میں بہتر شفافیت ، اور رئیل اسٹیٹ فراڈ میں کمی۔

عامر جمال پہلی ہی ٹیسٹ سیریز میں عمران خان اور وسیم اکرم کے ہم پلہ ہوگئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عامر جمال نے ڈیبیو ٹیسٹ سیریز کے دوران ہی ریکارڈ بُک میں اپنا نام درج کروالیا۔

سڈنی کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں نوجوان آل راؤںڈر نے آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی پہلی ا ننگز میں 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 4 چھکے اور 9 چوکے بھی لگائے۔

عامر جمال ایک ٹیسٹ سیریز میں 100 سے زیادہ رنز بنانے اور 10 سے زیادہ وکٹیں لینے کا نادر کارنامہ انجام دینے والے تیسرے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔

دوسرے ٹیسٹ کے دوران عامر اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز میں 50 سے زیادہ سکور اور 5 سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

پاکستانی آلراؤنڈر نے یہ تاریخی کارنامہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں سرانجام دیا جہاں انہوں نے اپنی باؤلنگ کے بعد بیٹنگ کی صلاحیت کا بھی مظاہرہ کیا۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے 2 سابق کپتان عمران خان اور وسیم اکرم یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان اوپنرز بری طرح ناکام ہوئے جبکہ مڈل آرڈر بیٹر محمد رضوان، آغا سلمان اور آل راؤنڈر عامر جمال کی اننگز کے باعث گرین شرٹس پہلی اننگز میں 313 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی تھی۔

شہباز شریف کے کراچی سے کاغذات نامزدگی منظوری کا فیصلہ چیلنج

 کراچی: شہباز شریف کے کراچی سے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کا فیصلہ چیلنج کردیا گیا۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف کے کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 242 سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا فیصلہ الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا گیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے الیکشن ٹریبونل میں شہباز شریف کے حلقہ این اے 242 سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف پیپلز پارٹی کے امیدوار مسعود خان مندوخیل نے اپیل دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے میرے اعتراضات کو مسترد کردیا ہے۔

اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر (آر او) نے جلد بازی میں قانونی تقاضوں کو نظر انداز کرکے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کو منظور کیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسر کا 29 دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

ایران میں جنرل قاسم سلیمانی کے مقبرے کے قریب 2 دھماکے، 73 افراد جاں بحق

کرمان شہر میں دو دھماکے ہوئے، جس میں 100 سے زائد افراد جاں بحق اور 171 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ایران کے سرکاری ذرائع کے مطابق کرمان شہر میں ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب کے قریب ہونے والے دو دھماکوں میں 100 سے زائد افراد کی موت کی تصدیق ہوگئی ہے، جب کہ 171 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی نے جنوب مشرقی شہر کرمان میں تقریب کے دوران پہلا اور پھر دوسرا دھماکا ہونے کی اطلاع دی، اور بتایا کہ پہلا دھماکا شہید سلیمانی کے مزار سے 700 میٹر کے فاصلے پر اور دوسرا دھماکا مزار کے ایک کلومیٹر کے اندر ہوا، جس میں 103 افراد جاں بحق ہوگئے۔ دھماکوں کے بعد ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے مقبرے کے نزدیک ہوئے، ایران میں آج قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی منائی جارہی ہے، اور مقبرے کی جانب جانے والی سڑک پر رکھے گئے گیس سیلنڈرز میں دھماکے ہوگئے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق گورنر کرمان کے نائب سیکیورٹی افسر نے تصدیق کی ہے کہ دونوں دھماکے دہشت گردوں نے کیے ہیں۔

ڈائریکٹر ایمرجنسی سروسز کرمان نے اعلان کیا کہ شہدا کی تعداد 103 اور زخمیوں کی تعداد 188 تک پہنچ گئی ہے۔

ارنا کے مطابق پہلا دھماکا گنبد جبلیہ کے قریب انڈرپاس میں ہوا جب کہ دوسرا دھماکا مسجد صاحب الزمان کے قریب ہوا۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی تعزیت

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر نگراں وزیراعظم انوار الحق کا کہنا تھا کہ کرمان میں دہشت گرد حملوں میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان پر بہت دکھ ہوا۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اس گھناؤنے فعل کی مذمت کرتا ہے اور ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہماری دعائیں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔

نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس کی مذمت

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کرمان میں ہونے والے غیر انسانی دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، جن میں کئی بے گناہ افراد جاں بحق ہوئے۔

وزیرخارجہ نے ایرانی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دل متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہے، دکھ کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ن لیگ کا بلوچستان کیلئے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدواروں کا اعلان

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان کے لیے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا، قومی اسمبلی کے 16 اور صوبائی اسمبلی کے 42 حلقوں سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان کے لیے قومی و صوبائی اسمبلی کی مجموعی طور پر 58 نشستوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر چئیرمین الیکشن سیل مسلم لیگ (ن) اسحاق ڈار کی جانب سے قومی اسمبلی کی 16 نشستوں پر امیدواروں کے لیے پارٹی ٹکٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے امیدواروں میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 251 سے نوابزادہ طور گل جوگیزئی، این اے 252 سردار یعقوب ناصر، این اے 253 سردار دوستین ڈومکی، این اے 254 عبدالغفور، این اے 255 سے میر خان محمد جمالی امیدوار نامزد کیے گئے ہیں۔

این اے 256 عبدالخالق اور این اے 257 جام کمال کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ جام کمال مسلم لیگ ن کی جانب سے 2 صوبائی نشستوں پی بی21 اور 22 پر بھی امیدوار ہوں گے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258 اسلم بلیدی، این اے 259 یعقوب بزنجو، این اے 260 سردار فتح حسنی، این اے 261 عطااللہ لانگو، این 262 نواب سلمان خلجی اور این اے 263 سے جمال شاہ کاکڑ نون لیگ کے امیدوار ہوں گے۔

این اے 264 سے حاجی ارض محمد باریچ، این اے 265 سعید اللہ ترین اور این اے 266 سے حاجی عبدالمنان درانی کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان اسمبلی کے لیے 42 امیدواروں کا اعلان بھی کیا ہے۔

لیگی رہنما دانیال عزیز نے پارٹی شوکاز نوٹس مسترد کردیا

مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے پارٹی کا شوکاز نوٹس مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال معاشی خرابیوں کے ذمہ دار ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز اپنے موقف پر ڈٹ گئے اور پارٹی شوکاز نوٹس پر تین صفحات پر مشتمل اپنے جواب میں پارٹی مؤقف کو رد کردیا۔

دانیال عزیز احسن اقبال کے خلاف اپنے مؤقف پر ڈٹ گئے، اور ایک بار پھر اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ضابطے کے مطابق سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال معاشی خرابیوں کے ذمہ دار ہیں۔

دانیال عزیز نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ احسن اقبال نے میرے حلقے میں اپنے بیٹے کیلئے ریلیاں نکالیں، میں پارٹی نظم وضبط اور پالیسی کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی، قیادت ملاقات کا وقت دے، تاکہ اپنے تحفظات سے آگاہ کر سکوں۔

دانیال عزیر نے کہا کہ مختلف آپریشنز سے گزر رہا ہوں، اس لئے بروقت جواب نہیں دے سکا۔

واضح رہے کہ صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثناءاللہ نے 2 دسمبر 2023 کو دانیال عزیز کو احسن اقبال کے خلاف بیانات پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

نوٹس کے متن کے مطابق کہ آپ نے پارٹی پالیسی کے خلاف بیان کیوں دیا؟ پارٹی آئین اس بات کا تقاضہ کرتا ہے ہر رکن پارٹی کے ڈسپلن کی پابندی کرے، دانیال عزیز کا 30 نومبر کا بیان پالیسی کی خلاف ورزی اور حقائق کے منافی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا کہ دانیال عزیز نے غیر ذمہ دارانہ بیان سے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، لیگی رہنما 7 روز میں تحریری جواب دیں۔

تیر سے ملتے جلتے انتخابی نشانات الاٹ نہ کیے جائیں، پیپلزپارٹی کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھ کر تیر سے ملتے جلتے انتخابی نشانات الاٹ نہ کرنے کی درخواست کردی۔

چیف الیکشن کمشنر کو لکھا گیا خط پیپلزپارٹی کے انچارج الیکشن سیل تاج حیدر کی طرف سے لکھا گیا ہے۔

خط میں درخواست کی گئی ہے کہ تیر سے ملتے جلتے انتخابی نشانات الاٹ نہ کیے جائیں۔

پیپلز پارٹی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنسل، بال پوائنٹ پین، پین، پیچ کس اور ٹوتھ برش الاٹ نہ کیے جائیں، ملتے جلتے نشانات کی وجہ سے ووٹر مغالطہ کا شکار ہوسکتے ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ ہمارے ووٹرز غلطی سے ان نشانات پر ٹھپہ لگا سکتے ہیں۔

بےخوابی کا شکار خواتین میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ ہوتا ہے، تحقیق

میساچوسٹس: محققین کی ایک ٹیم نے بے خوابی اور ہائی بلڈ پریشر کے درمیان ایک اہم تعلق کا انکشاف کیا ہے جس میں خاص طور پر خواتین شامل ہیں۔

’ہائیپر ٹینشن‘ نامی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق امریکا میں بریگھم اینڈ ویمنز اسپتال کے نیٹ ورک میڈیسن کے محققین نے کی ہے جو اچھی صحت کو برقرار رکھنے میں معیاری نیند کے اہم کردار پر روشنی ڈالتی ہے۔

بریگھم اور ہارورڈ میڈیکل اسکول کے سرکردہ محقق ڈاکٹر شہاب ہاگایے نے تحقیق کے نتائج میں بے خوابی کی علامات کا سامنا کرنے والے افراد بالخصوص خواتین میں ہائی بلڈ پریشر کے خطرے کی نشاندہی کی ہے۔

اس تحقیق میں 66,122 شرکاء کی پیروی کی گئی جن کی عمریں 25 سے 42 کے درمیان تھیں۔ نتائج کے مطابق نیند کی دشواریوں میں مبتلا خواتین کے وزن میں اضافہ، کم جسمانی سرگرمی اور ناکافی غذا دیکھنے میں آئی۔

تحقیق سے مزید پتہ چلا کہ جو خواتین رات سات سے آٹھ گھنٹے سے کم سوتی ہیں یا جن کو سونے میں دشواری کا سامنا ہے ان میں ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ نمایاں طور پر زیادہ ہوتا ہے۔

بڑھاپے کی رفتار سست کرنے والا پروٹین دریافت

اوساکا: سائنس دانوں نے ایک پروٹین دریافت کیا ہے کہ جو جسم میں زومبی خلیوں کی تشکیل کو روکتے ہوئے بڑھاپے کی رفتار کو سست کر سکتا ہے۔

جیسے جیسے ہماری عمر بڑھتی ہے کچھ خلیے اپنی معیاد سے زیادہ زندہ رہ جاتے ہیں اور ختم ہونے کے بجائے جسم میں جمع ہوتے رہتے ہیں۔یہ زومبی خلیے الزائمرز، دل کے بند ہونے اور کچھ اقسام کے کینسر جیسے عمر سے متعلقہ بیماریوں کے خطرات میں اضافہ کر دیتے ہیں۔

اب ایک نئی تحقیق میں جاپان کے محققین کو HKDC1 نامی ایک پروٹین کے متعلق معلوم ہوا ہے جو نقصان زدہ مائٹو کونڈریا (خلیوں کی توانائی کا مرکز) کی بحالی اور لائسوسومز (جو خراب خلیوں کے خراب حصوں کو توڑتے ہیں اور صاف کرتے ہیں) کی مرمت کے لیے اہم ہوتا ہے۔

جب مائیٹوکونڈریا اور لائسوسومز اس طرح کام نہیں کرتے جیسا کہ انہیں کرنا چاہیئے،تب خلیے بھی باقاعدگی سے کام نہیں کرتے اور زومبی بن جاتے ہیں۔

سائنس دانوں کے مطابق ایک صحت مند خلیہ بڑھاپے کو دور رکھتا ہے جس کا مطلب ہے HKDC1 کو ہدف بنانے والی ادویات عمر سے متعلقہ بیماریوں کا علاج کر سکتی ہیں۔

آج تک محققین مائیٹوکونڈریا اور لائسوسومز کے فعل کو مکمل طور پر نہیں سمجھے تھے۔ تاہم، ان کو یہ علم تھا کہ فیکٹر ای بی (ٹی ایف ای بی) اس سب میں شامل ہوتا ہے۔

اوساکا یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے تحقیق میں دیکھا کہ HKDC1 ٹی ایف ای بی کی مقدار میں اضافے میں مدد دینے اہم ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق HKDC1 کی کم مقدار مائیٹوکونڈریا کے غیر فعال ہنے اور نقصان زدہ لائسوسومز کے جمع ہونے کا سبب ہوسکتا ہے۔ لیکن پروٹین کی مناسب مقدار میں موجودگی مائٹوکونڈریا کے کچرے کو صاف کرنے اور لائسوسومز کو نقصان سے بحالی میں مدد دیتے ہیں۔