کیویز نے پاکستان کیخلاف ٹی20 سیریز کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

پاکستان کیخلاف نیوزی لینڈ نے ٹی20 سیریز کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق پاکستان کیخلاف 5 میچز کی ٹی20 سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کے 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت کین ولیمسن کریں گے جبکہ آئی سی سی ورلڈکپ سے قبل انجری کے شکار میٹ ہنری بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

کیوی اسکواڈ؛ کپتان کین ولیمسن، فن ایلن، مارک چیپمین، جوش کلارک سن، لوکی فرگوسن، میٹ ہینری، ایڈم ملنے، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مچل سینٹنر، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ، ایش سودھی اور ٹم ساؤتھی بھی کیوی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

میٹ ہینری اور لوکی فرگوسن کی واپسی ہوئی ہے تاہم کپتان کین ولیم سن اور لوکی فرگوسن تمام پانچ میچز نہیں کھیلیں گے۔

پاکستان کیخلاف اہم سیریز کیلئے کیوی ٹیم پر کائل جیمی سن اور مائیکل بریس ویل مکمل فٹ نہیں جبکہ رچن روندرا کو سیریز کیلئے آرام دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 سیریز پر مشتمل میچز 12، 14، 17، 19 اور 21 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔

شکیب الحسن کا حکمران جماعت کی جانب سے ممبرپارلیمنٹ بننا یقینی

ماگورا: شکیب الحسن کے حکمران جماعت کی جانب سے ممبرپارلیمنٹ بننا یقینی ہوگیا۔

بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن کے حکمران جماعت کی جانب سے ممبرپارلیمنٹ بننا یقینی ہوگیا، اپوزیشن جماعتوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کردیا جس سے وہ بلامقابلہ کامیاب ہوسکتے ہیں۔

شکیب الحسن کو شیخ حسینہ کی پارٹی کی جانب سے ٹکٹ جاری کیا گیا تھا، انھوں نے آبائی علاقے میں اپنی انتخابی مہم بھی شروع کردی۔

شکیب نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بظاہر مجھے کوئی رکاوٹ دکھائی نہیں دے رہی مگر بدستور میں الیکشن کے حوالے سے کافی بے چین ہوں، کرکٹ میں اگر ہمیں یقین بھی ہو کہ مخالف ٹیم بہت کمزور ہے، ہم ان کے خلاف آسانی سے جیت جائیں گے تب بھی میدان میں اترتے ہوئے دل کی دھڑکن بدستور تیز ہوتی ہے۔

آئی سی سی ایوارڈز کیلیے پہلی شارٹ لسٹ آج جاری کی جائے گی

لاہور: آئی سی سی ایوارڈز کیلیے پہلی شارٹ لسٹ آج جاری کی جائے گی۔

آج آئی سی سی ایوارڈز کیلیے پہلی شارٹ لسٹ جاری کی جائے گی، نامزدگیوں کا مرحلہ وار سلسلہ 5جنوری تک مکمل ہوجائے گا، مجموعی طور پر 13کیٹیگریز میں ایوارڈز کا فیصلہ ہوگا،شائقین بھی اپنے فیورٹس کو ووٹ دے سکتے ہیں،حتمی فہرست رواں ماہ کے آخر میں سامنے آئے گی۔

ان ایوارڈز میں سال کے بہترین مینز اور ویمنز کرکٹر، ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹر،ایمرجنگ اور ایسوسی ایٹ کرکٹر و امپائر شامل ہیں،ایک ایوارڈ اسپرٹ آف دی کرکٹ بھی ہوگا۔

پاکستانی کرکٹرز کی سڈنی میں آنجہانی اینڈریو سائمنڈز کے بیٹے سے ملاقات

سڈنی: پاکستانی کرکٹرز نے آنجہانی آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کے بیٹے ول سے ملاقات کی ہے۔

سڈنی ٹیسٹ سے قبل پاکستانی کرکٹرز نے آنجہانی آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کے بیٹے ول سے ملاقات کی، شان مسعود، بابراعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے دیگر ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ ول سائمنڈز سے بات چیت کی، اینڈریو سائمنڈز 46 برس کی عمر میں گذشتہ برس کار حادثے میں جان کی بازی ہار گئے تھے۔

انھوں نے آسٹریلیا کی 26 ٹیسٹ، 198 ون ڈے اور 14 ٹی 20 میچز میں نمائندگی کی تھی۔ کھلاڑیوں کی ان کے بیٹے سے ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی گئی۔

افغان عبوری حکومت کے وزراء اور سینئر حکام کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا

پاک افغان جوائنٹ کوآرڈنیشن کونسل کا مشترکہ اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، جس میں شرکت کیلئے افغان طالبان حکومت کا سینئر وفد اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔

ذرائع کےمطابق وفد میں افغان وزارت دفاع، اطلاعات اور انٹیلی جنس حکام شامل ہیں، وفد پاکستانی حکام سے دو طرفہ مذاکرات کرے گا۔

وفد کی قیادت سینئر طالبان رہنما اور گورنر قندھار ملا شیرین اخوند کررہے ہیں۔

افغان وفد پاکستان میں نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی سے بھی ملے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان وفد کی دورہ پاکستان میں دفترخارجہ، عسکری حکام ودیگر سے ملاقاتیں متوقع ہیں، وفد جوائنٹ کوآرڈنیشن کونسل اجلاس اور دیگر ملاقاتوں میں پاک افغان تناؤ میں کمی پر بات کرے گا۔

پاکستان، افغانستان میں کالعدم گروہوں کی افغان سرزمین کے پاکستان مخالف استعمال پر بات کرے گا جبکہ افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

اس دوران افغانستان میں موجود حافظ گل بہادر سمیت دیگر کالعدم دہشت گردوں کی حوالگی کا مطالبہ بھی متوقع ہے، ساتھ ہی پاک افغان سرحدی باڑ اور چمن سرحد پر ویزہ فری نقل وحمل پر بھی بات کی جائے گی۔

علاقائی جنگ کا خدشہ، بین الاقوامی عدالت کا اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ

متعدد خبر رساں اداروں اور علامی ماہرین نے اسرائیل نیوز چینل ”چینل 12“ کے حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے بین الاقوامی عدالت نے اسرائیل سے فوری طور پر فائر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے)، جسے بعض اوقات عالمی عدالت انصاف کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے، ملکوں کے درمیان تنازعات کو حل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کا ایک ادارہ ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی اخبار ”ہاریٹز“ کا کہنا ہے کہ ’اس معاملے سے نمٹنے والے ایک سینئر قانونی ماہر نے حالیہ دنوں میں آئی ڈی ایف کے سربراہ بشمول چیف آف اسٹاف ہرزل حلوی کو خبردار کیا ہے کہ اس بات کا حقیقی خطرہ ہے عدالت اسرائیل کو جنگ بندی کیلئے حکم امتناعی جاری کرے گی‘

قانونی ماہر نے اسرائیلی حکام کو کہا کہ اسرائیل عدالت کے فیصلوں کا پابند ہے۔

جمعہ کو جنوبی افریقہ نے بین الاقوامی عدالت سے ایک فوری حکم نامے کی درخواست کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل حماس کے ساتھ جنگ میں 1948 کے نسل کشی کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور رہے گی، امریکا

جنوبی افریقہ کئی عشروں سے اسرائیل کے زیر قبضہ علاقوں میں ریاست کے قیام کے فلسطینی مؤقف کی حمایت کر رہا ہے۔

وہ فلسطینیوں کے حالات کو نسل پرستی کے دور میں جنوبی افریقہ میں سیاہ فام اکثریت سے مشابہہ قرار دیتا ہے۔ اسرائیل اس موازنے کی سختی سے تردید کرتا ہے۔

چینل 12 کے مطابق بین الاقوامی عدالت برائے انصاف (آئی سی جے) نے یہ مطالبہ دنیا کو ’علاقائی جنگ سے بچانے کے لیے‘ کیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے بین الاقوامی تعلقات عامہ اور تعاون کے محکمے کے ترجمان کلیسن مونیلا ”ایکس“ پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے والے وکلاء 11 اور 12 جنوری کو طے شدہ سماعت کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔

محسن نقوی کے اقدامات سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا عمل آسان ہوگیا

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے اقدامات سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا عمل آسان ہوگیا، جس کے بعد پنجاب بھر میں شہریوں نے ریکارڈ ایک کروڑ 15 لاکھ لائسنس بنوالئے۔

نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی رات گئے پولیس خدمت مرکز لبرٹی پہنچے، انسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور اور سی سی پی او بلال صدیق بھی ان کے ہمراہ تھے۔

نگراں وزیراعلیٰ نے خدمت مرکز کا دورہ کیا اور ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹیسٹ دینےوالوں سےملاقات کی۔

محسن نقوی نے آن لائن ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا اور ٹیسٹ میں فیل ہونے پر شہری کو دوبارہ تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے شہریوں سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے عمل سے متعلق پوچھا، جس پر شہریوں نے پولیس خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس کے سسٹم کو سراہا۔

شہریوں نے خدمت مرکز میں موجود عملے کے رویے اور کام کی بھی تعریف کی۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ اب لائسنس بنوانےمیں تاخیر نہیں ہوتی، خدمت مرکز کا عملہ بھی رہنمائی اور تعاون کرتاہے۔

اس موقع پر محسن نقوی نے ٹوٹی ہوئی ٹائلز کو فوری تبدیل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ٹوٹی ٹائلز کی جگہ فوری طور پر نئی ٹائلز لگائی جائیں۔

بلا واپسی کیس: پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی وکیل غائب، لاہور میں جج نے پٹیشن پر سوال اٹھا دیا

پشاور ہائیکورٹ میں آج پھر پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس کے فیصلے پر نظرثانی اپیلوں کی سماعت ہو رہی ہے۔

جسٹس اعجاز خان الیکشن کمیشن کی ہائیکورٹ کے 26 دسمبر آرڈر پر نظرثانی درخواست پر سماعت کر رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر مہمند اور پی ٹی آئی کے وکیل شاہ فیصل اتمانخیل عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت جسٹس اعجاز نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا کہ آپ کے دلائل ہم نے سننے ہیں۔ جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ میں سماعت سننے کے لئے آیا ہوں۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ سینئر وکیل قاضی انور آرہے ہیں پھر دلائل پیش کریں گے، ہمیں تھوڑا وقت دیا جائے۔

جس پر جسٹس اعجاز خان نے کہا کہ ٹھیک ہے جب آپ کا مین کونسل آجائے پھر سن لیں گے۔

اور جسٹس اعجاز خان نے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔

لاہور ہائیکورٹ میں فیصلہ محفوظ
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لیے جانے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جس میں پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمشنر پنجاب پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ تسلیم نہیں کررہا۔

جسٹس جواد حسن نے تحریک انصاف کی پٹیشن پر سوالات اٹھا دئیے اور کہا کہ الیکشن کمشنر پنجاب پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کیسے تسلیم کرسکتا ہے؟ پشاور ہائیکورٹ میں الیکشن کمشنر پنجاب کی اپیل زیر التوا ہے، کیا صوبائی الیکشن کمشنر اپنے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف فیصلہ کر سکتا ہے؟

جسٹس جواد حسن نے بلے کا نشان واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ایس آئی ایف سی اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا، آرمی چیف بھی شرکت کریں گے

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر شرکت کریں گے۔ اجلاس میں نگراں صوبائی وزراء اعلیٰ کی جانب سے منصوبوں پربریفنگ دی جائے گی۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کی صدارت میں اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے اقدامات پر بریفنگ ہوگی۔ جبکہ وزارت توانائی اور وزارت آئی ٹی سرمایہ کاری سے متعلق منصوبوں پر بریف کریں گے۔

سڈنی ٹیسٹ؛ آسٹریلیا کیخلاف اننگز کے آغاز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی

سڈنی /   کراچی: سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز چائے کے وقفے تک پہلے اننگز میں پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنالیے۔

سڈنی میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی، ڈیبیو کرنیوالے نوجوان بیٹر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق صفر پر پویلین لوٹے۔ مڈل آرڈر بیٹر بابراعظم نے 26 اور سعود شکیل 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ کپتان شان مسعود نے 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

چھٹی وکٹ کی شراکت میں محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 190 کے مجموعے پر رضوان 88 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ سلمان آغا 38 اور ساجد خان 11 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔