اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ سرتاج عزیز انتقال کرگئے۔
مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بزرگ سیاست دان سرتاج عزیز کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک پاکستان کے کارکن اور قوم کا عظیم اثاثہ تھے۔
احسن اقبال نے کہا کہ قوم کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ
انھوں نے کہا کہ مجھے ان کے ساتھ بہت قریب سے کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا اور میں ان کے پیار اور رہنمائی کو کبھی نہیں بھولوں گا۔
سرتاج عزیز 2013 میں بننے والی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں وزیراعطم کے خارجہ امور کے مشیر تھے اور نوے کی دہائی میں وزیرخزانہ کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش بمبار سمیت چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے اور ایک ہائی پروفائل حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، ان کے پاس سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دوسرے دہشت گرد کوختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اسلام آباد: پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے ساتھ طے پانے والی تمام شرائط پر مکمل عمل درآمد کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر اور گورنر اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئی ایم ایف کو لیٹر آف انٹینٹ جاری کردیا گیا ہے جس میں 70کروڑ ڈالر کی دوسری قسط اور اقتصادی جائزہ کی آئی ایم ایف بورڈ سے منظوری کے لیے تمام طے شدہ شرائط نافذ کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف اپنے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پاکستان کی درخواست پر پہلے جائزے کی تکمیل کرے گا اور اسٹینڈ بائی پروگرام کے تحت 70 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط 11 جنوری 2024 کو جاری ہوسکے گی۔
آئی ایم ایف کا اجلاس 11 جنوری 2024کو واشنگٹن ڈی سی میں ہوگا جہاں پاکستان کو قرض کی قسط جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی۔
پاکستانی حکام نے ڈالر کے لیے مارکیٹ کی بنیاد پر شرح مبادلہ طے کرنے کے لیے بھی اپنے عزم کا اعادہ کیا اور یقین دلایا ہے کہ حکومت مالیاتی استحکام یقینی بنانے کے لیے پروگرام کے مقاصد حاصل کرنا ہوں گے۔
آئین پاکستان کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی گائز عیسیٰ نے سابق آمر جنرل ضیاء الحق پر کڑی تنقید کی۔
تاحیات نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت سات رکنی بینچ کی۔
اس دوران چیف جسٹس نے جہانگیر ترین کے وکیل مخدوم علی خان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بتائیں آرٹیکل 62 میں ذیلی شقیں کب شامل کی گئیں؟
جس پر مخدوم علی خان نے کہا کہ آرٹیکل 62 آئین پاکستان 1973 میں سادہ تھا، آرٹیکل 62 میں اضافی شقیں صدارتی آرڈر 1985 سے شامل ہوئیں۔
جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یعنی ضیاء نے یہ کردار سے متعلق شقیں شامل کرائیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیا ضیاء الحق کا اپنا کردار اچھا تھا؟ ستم ظریفی ہے کہ آئین کے تحفظ کی قسم کھا کر آنے والے خود آئین توڑ دیں اور پھر یہ ترامیم کریں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ جس فوجی آمر نے 1985 میں آئین کو روندا ، اسی نے آرٹیکل 62 اور 63 کو آئین میں شامل کیا۔ ایک مارشل لا ایڈمنسٹریٹر کیسے آئین میں اہلیت کا معیار مقرر کرسکتا ہے؟
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیا ججز کو گھر بھیجنے والا آٸین شکنی کرنے والا اچھے کردار کا ہوسکتا ہے؟
مخدوم علی خان نے کہا کہ جنرل ضیاء کے بارے میں تو فیصلہ آخرت میں ہوگا۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا آٸین شکن کو سزا آخرت میں ہوگی؟ کیا ضیاء الحق کو سب معاف ہے؟
چیف جسٹس نے کہا کہ بڑے بڑے علماء روزِ آخرت کے حساب سے ڈرتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کوہاٹ اینٹی کرپشن میں درج 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ کر بائیو میٹرک تصدیق کرالی۔ عدالت نے درخواستوں پر کل تک اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے شہریار آفریدی کی کوہاٹ اینٹی کرپشن میں درج 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے کیس کی اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔
شہریار آفریدی نے ہائیکورٹ پہنچ کر بائیو میٹرک تصدیق کروالی، عدالت نے درخواستوں پر کل تک اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کردی۔
شہریار آفریدی کے خلاف کوہاٹ میں اینٹی کرپشن کے 2 مقدمات درج ہیں، پی ٹی آئی رہنما کی بائیو میٹرک اور دستاویزات نہ ہونے کا اعتراض تھا۔
پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ایئر بیس پر انڈکشن اینڈ آپریشنلائزیشن تقریب کا انعقاد کیا گیا، آرمی چیف سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ فضائیہ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ویپن سسٹم کی شمولیت بڑی کامیابی ہے، پاک فضائیہ خطے میں طاقت کو توازن کومستحکم کررہی ہے، فضائیہ کی جدید ٹیکنالوجی کے حصول کی جدوجہد قابل تقلید ہے، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس پر انڈکشن اینڈ آپریشنلائزیشن کی تقریب کا انعقاد ہوا، اس پروقار تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بیس آمد پر آرمی چیف کا استقبال کیا۔
تقریب میں پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل کردہ نئے ویپن سسٹمز اور دفاعی اثاثہ جات نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیرکی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے دفاعی اثاثوں میں نئے شامل کردہ جے-10 سی لڑاکا طیاروں، ’سی-130 ایچ‘، ایئر بس-319، بوئینگ 737، پائپر ایم-600 اور بی کے اے-350 آئی ایئر موبیلٹی پلیٹ فارمز سمیت جدید ترین ہتھیاروں کا ایک جائزہ پیش کیا۔
ایئر چیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ میں جدید ترین ریڈارز، بغیر پائلٹ کے فضائی نظام بشمول بیرکتر اکنچی، ٹی بی 2 اور شاہپر-2 کے ساتھ ساتھ سوارم ڈرونز، لوئٹرنگ میونیشن صلاحیتوں سمیت لانگ رینج ویکٹرز کی شمولیت نے ملک کی فضائی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جے-31 اسٹیلتھ فائٹر طیارے کے حصول کے لیے بنیاد رکھ دی گئی ہے جوکہ مستقبل قریب میں پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے کا حصہ بننے جا رہا ہے۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنی گفتگو کے دوران، پاک فضائیہ کی قیادت کی جانب سے اٹھائے گئے متحرک اقدامات کا بھی احاطہ کیا جن کا مقصد جدید ترین انسانی وسائل کا فروغ، تربیتی شعبے کی اصلاح اور عصر حاضر کے جنگی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
پاک فضائیہ کی جانب سے نئے قائم کردہ جدید ترین انفراسٹرکچر کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ سینٹر آف ایکسیلینس برائے ان مینڈ ائیریل سسٹمز، سینٹر آف ایکسیلینس برائے ایئر موبیلٹی اینڈ ایوی ایشن سیفٹی اور کالج آف ایئر ڈیفنس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس کی تشکیلِ نو کی گئی ہے تاکہ پاک فضائیہ کو ہما وقت تغیر پزیر جنگی محرکات سے باخبر رکھا جاسکے۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی نمایاں خصوصیات کا بھی ذکر کیا جو کہ سپیشل انویسٹمینٹ فسیلیٹیشن کونسل کے زیر سایہ کام کرنے والا اسٹریٹجک اہمیت کا ایک انتہائی اہم منصوبہ ہے جو پاکستان کی تکنیکی اور اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سدھو نے دوست ممالک سے تیز ترین اسٹریٹیجک انڈکشنز اور خود انحصاری کے ذریعے مخصوص ٹیکنالوجیز کی شمولیت سے متعلق پاک فضائیہ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے پاک فضائیہ کو ایک طاقتور نیکسٹ جنریشن فضائیہ بنانے کے وژن پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کو یقینی بنانے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے حاضرین کو سائبر اور اسپیس کے ابھرتے ہوئے شعبہ جات میں پاک فضائیہ کی جانب سے حاصل کردہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
ایئر چیف نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی مہم میں بھرپور حمایت پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی متحرک قیادت کو سراہتے ہوئے جدید ترین ویپن سسٹمز کی شمولیت پر پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔
خود انحصاری اور انسانی وسائل کی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے تکنیکی ترقی اور آپریشنل مہارت کے حصول پر پاک فضائیہ کی لگن کی بھرپور تائید کی اور اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
تقریب کے آخر میں پاک فضائیہ کے مختلف لڑاکا اور تربیتی طیاروں بشمول یو اے ویز نے ایک شاندار ایئر شو پیش کرتے ہوئے حاضرین کے دل موہ لیئے۔
بعد ازاں مہمان خصوصی اور حاضرین نے پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے میں شامل کردہ لڑاکا طیاروں، ایئر موبیلٹی اور یو اے ویز کے اسٹیٹک ڈسپلے کا مشاہدہ کیا۔
قومی ٹی20 ٹیم کے ہائی پرفارمنس کوچ یاسر عرفات نے احمد شہزاد کے دورہ نیوزی لینڈ میں کھیلنے سے متعلق اہم انکشاف کردیا۔
دورہ نیوزی لینڈ سے قبل ٹی20 کیمپ کے آخری روز یاسر عرفات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصے سے انکا برا وقت چل رہا تھا تاہم وہ اب اچھے ردھم میں ہیں، احمد پرفارم کررہا ہے اسکو موقع ضرور ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے منسلک رہنے کے سوال پر کہا کہ یہاں شارٹ ٹرم معاہدے پر آیا ہوں، کیمپ میں کھلاڑیوں کو ان کی غلطیوں سے آگاہ کرکے کچھ بہتر کرنے کی کوشش کی ہے، کیویز کے خلاف سیریز میں ہمارے پلئیرز بہتر کھیلتے دیکھائی دیں گے۔
بابر رضوان سے متعلق انکا کہنا تھا کہ دونوں کرکٹرز سے ملاقات نہیں ہوئی تاہم نیوزی لینڈ پہنچ کر سب سے ملاقات اور تبادلہ خیال ہوگا۔
ٹی20 ٹیم کے ہائی پرفارمنس کوچ یاسر عرفات نے فیلڈنگ کو کامیابی کی کنجی قرار دیتے ہوئے کہا کہ لڑکوں کے ذہن میں رکھنا ہوگا کہ اگر پاکستان کی طرف سے زیادہ عرصے تک کھیلنا ہے تو انہیں بیٹنگ، بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ پر فوکس کرنا ہوگا۔
ریکارڈ ٹی20 میچز کھیلنے کا تجربہ رکھنے والے ای سی بی لیول فور کوچ کا موقف تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی سرزمین پر ایک خطرناک حریف ہے مگر پاکستانی ٹیم کا کمبینیشن زبردست ہے، میرے خیال میں یہ ٹیم نیوزی لینڈ کو ہرانے کی اہلیت رکھتی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ کسی کو ناک آؤٹ کرکے الیکشن تو ہو جائیں گے لیکن اس کے بعد کیا ہوگا یہ کوئی آپ کو پیش گوئی نہیں کر سکے گا۔
پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ متعلقہ آراوز نے درست فیصلے نہیں کئے، امید ہے 8 فروری کو90 فیصد مخالفین کو شکست ہوگی، عدلیہ سے درخواست اس وقت آپ کی ہی کا کردار ہے۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کریں، ایک پارٹی کو الیکشن سے باہر کیا تو جمہوریت ڈی ریل ہوگی، اس پراسس میں سے اگر آپ ٹیکنیکل طریقے سے کسی کو ناک آؤٹ کریں گے تو الیکشن تو ہو جائیں گے لیکن اس کے بعد کیا ہوگا یہ کوئی آپ کو پیش گوئی نہیں کر سکے گا۔ ہم دعا ہی کر سکتے ہیں کہ ملک استحکام کی طرف بڑھے۔
بعد ازاں اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹرگوہرکا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ٹکٹوں کے معاملہ پر ابتدائی مشاورت ہوئی ہے، دو دن کی مشاورت کے بعد پراسس مکمل ہو جائے گا اور ٹکٹ فائنل کرلیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن اہم پراسس ہے فری فیئر پراسس میں جماعتوں کی شمولیت ضروری ہے، ہمارے زیادہ تر امیدوروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے، عدلیہ سے درخواست ہے کہ آپ ہی کا رول ہے ایک پارٹی کو سنگل آوٹ کرکےنکالا جائے گا تو جمہوریت کا نقصان ہو گا اکانومی ڈوب جائے گی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی مشاورت سے کہا ہے کہ جن لوگوں نے پارٹی کے خلاف پریس کانفرنس کی ان کو ٹکٹوں پر غور نہیں کیا جائے گا، اور کسی صورت الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، ہم انڈر 18اور انڈر 19 ٹیم کے ساتھ بھی لڑیں گے، ان کو کھلا گراونڈ نہیں دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مولانا کی پارٹی ملک کی پارٹی نہیں، ان کی جماعت کے پی اور بلوچستان تک رہی ، ان کی سیٹیں پنجاب اور سندھ میں نہیں ہوتی۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ابزرویشن دی کہ الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، ہمارا کوئی موقف نہیں کہ الیکشن کسی صورت ملتوی ہوں، دعا ہے الیکشن خوش اسلوبی سے اور پرامن ہوں۔
لاہور: لیگ اسپنر ابرار احمد مکمل فٹ نہ ہونے کے سبب نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ نہیں لے پائیں گے، وہ وطن واپس جارہے ہیں جہاں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ان کا ری ہیب جاری رہے گا۔
پی سی بی کے مطابق لیفٹ آرم اسپنر محمد نواز کو ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا ہے اور انہوں نے دیگر تین کھلاڑیوں زمان خان، حارث رؤف اور اسامہ میر کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاری کا آغاز کردیا ہے، یہ چاروں کھلاڑی پانچ جنوری کو آسٹریلیا سے آکلینڈ پہنچ کر ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ سیریز کی پریکٹس شروع کردیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 12 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔
کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے سٹی کورٹ سے حسان نیازی کو فرار کرانے کے مقدمے میں استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما علی زیدی اور صدر تحریک انصاف سندھ حلیم عادل شیخ پر فرد جرم عائد کردی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے روبرو سٹی کورٹ سے حسان نیازی کو فرار کرانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ رہنما استحکام پاکستان پارٹی علی زیدی اور صدر تحریک انصاف سندھ حلیم عادل شیخ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کردی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا جس پر عدالت نے سماعت 6 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے گواہوں کو طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ تھانہ سٹی کورٹ میں درج ہے۔