فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی! آسٹریلوی وزیراعظم نے بھی عثمان خواجہ کی حمایت کردی

اسرائیلی جارحیت کیخلاف غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں عثمان خواجہ کے ردعمل پر آسٹریلوی وزیراعظم نے بھی کرکٹر کی حمایت کردی۔

پاکستان کیخلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے والے جوتے پہن ٹریننگ کی تھی، جس میں فلسطینی عوام سے ہمدردی کے نعرے درج تھے۔

عثمان خواجہ کی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جوتے پر لکھا ہوا تھا کہ آزادی سب کا حق اور تمام زندگیاں برابر ہیں۔ جس پر آئی سی سی نے موقف اپنایا تھا کہ کرکٹر کو میچ کے دوران مبینہ سیاسی پیغام والے جوتے پہننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: عثمان خواجہ نے نئی سوشل میڈیا پوسٹ میں آئی سی سی کا دہرا معیار واضح کردیا

بعدازاں عثمان خواجہ نے سیاہ پٹی باندھ کر میچ کھیلا تھا اور اپنا پیغام پہنچایا تھا تاہم آئی سی سی نے اس پر بھی کرکٹر کیخلاف جرمانہ عائد کردیا تھا۔

دوسری جانب سڈنی ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل آسٹریلو وزیراعظم اینتھونی البانی نے دونوں ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ رکھا تھا، اس موقع پر انہوں نے عثمان خواجہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں (خواجہ) کو اس جرات کیلئے مبارکباد دینا چاہوں گا جس نے انسانی اقدار کے لیے کھڑے ہوکر دکھایا، اس نے ہمت کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ حقیقت کہ ٹیم نے اس کی حمایت کی۔

آسٹریلوی وزیراعظم کے الفاظ نے جہاں عثمان خواجہ کو راحت فراہم کی ہے وہیں انکی درخواست پر کرکٹ آسٹریلیا کی اہم میٹنگ کے بعد انھیں رواں سیزن میں بگ بیش میچ کے دوران بیٹ پر امن کی فاختہ کی تصویر لگانے کی اجازت بھی دی۔

جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں اشتہاری ملزم علی نواز اعوان نے سرنڈر کردیا

جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں اشتہاری ملزم علی نواز اعوان نے انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد میں خود کو سرنڈر کردیا۔

علی نواز اعوان کی جانب سے عدالت میں درخواست ضمانت دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ درخواست گزار کچھ وجوہات کی بنا پر عدالت میں پیش نہ ہوسکا۔

درخواست میں کہا گیا کہ عدالت نے درخواست گزار کو اشتہاری قرار دے دیا تھا، درخواست گزار پہلے بھی شامل تفتیش ہوتا رہا اب بھی شامل ہونے کو تیار ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے لیے تیار ہے۔

ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند نے 50 ہزارکے مچلکوں کے عوض علی نواز اعوان کی ضمانت منظور کرلی اور کیس کی سماعت 10 جنوری تک ملتوی کردی۔

پاکستانی گلوکارہ نے خود کو ’پاکستان کی نیہا ککڑ‘ کہلائے جانے پر کیا کہا؟

پاکستان کی نوجوان پنجابی گلوکارہ نمرہ مہرہ نے خود کو نیہا ککڑ کہلائے جانے پر خاموشی توڑ دی۔

حال ہی میں نمرہ مہرہ نے ایک کامیڈی شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے گلوکاری سمیت کئی موضوعات پر اپنی آراء کا اظہار کیا۔

نمرہ مہرہ نے انٹرویو کے دوران ایک انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ لوگ انہیں اکثر بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ سے ملاتے ہیں۔

میزبان کی جانب سے بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’مجھے نیہا ککڑ بہت زیادہ پسند ہیں۔ ان کا مسکراتے ہوئے گانا گانے کا اسٹائل بھی مجھے بہت پسند ہے۔ مجھے ذاتی طور پر ان کے گانے پسند ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے اگر کوئی میرا موازنہ نیہا ککڑ سے کرے بلکہ مجھے تو خوشی ہوتی ہے‘۔

نمرہ مہرا کو ان کے حالیہ وائرل گانے ’تو صبح دی پاک ہوا ورگا‘ کے بعد سے بہت زیادہ سراہا جارہا ہے۔ انہوں نے ابتدائی طور پر ہٹ پاکستانی شوز میں اپنی لائیو گلوکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی۔

نمرہ مہرا نے پاکستان کے ہٹ ٹیلی ویژن ڈراموں کے او ایس ٹیز میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

جاپان زلزلہ: 30 افراد ہلاک، پاکستانی آبادی میں 100 گھر خاکستر

‎وسطی جاپان کے پریفیکچر اشیکاوا میں گزشتہ روز آئے 7.6 شدت کے ایک بڑے زلزے کی وجہ سے اب تک 30 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے، جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

جاپان نے زلزلے کے بعد جاری جانی والے سونامی کی وارننگ واپس لے لی ہے۔

اشیکاوا کے ایک علاقے میں آگ لگنے سے 100 سے زائد گھر جل گئے ہیں۔ ان علاقوں میں کافی پاکستانی آباد ہیں، اب تک تمام پاکستانیوں کے محفوظ ہونے کی اطلاع ہے۔

اس ہولناک زلزے سے قریبی شہر تویاما اور نیگاتا بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، کئی علاقوں میں تودے گرنے سے سڑکیں بلاک ہوگئی ہیں۔

سڑکیں متاثر ہونے سے متاثرہ علاقوں میں پہنچنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔

بہت سے لوگ اب بھی پناہ گاہوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں جہاں پانی اور کھانے قلت بتائی جا رہی ہے۔

بجلی گھروں اور بجلی کے کھمبے گر جانے کی وجہ سے بہت سے علاقوں میں بجلی نہیں ہے۔

سڈنی ٹیسٹ؛ شاہین، امام باہر! پلئینگ الیون کا اعلان ہوگیا

آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ کیلئے پاکستان نے 11 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔

سڈنی میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کیلئے قومی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں، اوپنر امام الحق کی جگہ نوجوان صائم ایوب ڈیبیو کریں گے جبکہ شاہین آفریدی کی جگہ ساجد خان کو موقع دیا گیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری تک تاریخی سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان پلیئنگ الیون

اوپنر صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، حسن علی، میر حمزہ اور عامر جمال

واضح رہے کہ تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

پشاور ہائیکورٹ: بلے کے نشان سے متعلق الیکشن کمیشن کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

پشاور: پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان کیس میں پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی ضمنی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز خان نے درخواست پر سماعت کی۔

وکیل الیکشن کمیشن نے دلائل دیے کہ الیکشن کمیشن ہائیکورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کر رہا ہے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کیا کیونکہ انٹرا پارٹی الیکشن پی ٹی آئی نے صحیح طریقے سے نہیں کیے۔
وکیل نے دلائل میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے اختیارات پر سوال اٹھائے گئے اور کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی ہے جبکہ سنگل بینچ نے انتخابی نشان سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کو معطل کیا، الیکشن کمیشن کو سنے بغیر حکم امتناعی جاری کر دیا جبکہ الیکشن کمیشن اس میں فریق تھا اسکو نہیں سنا گیا۔

وکیل نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اس کیس میں فریق ہی نہیں ہے اور نہ انکا الیکشن کمیشن کا کوئی کام ہے، الیکشن کمیشن ایک بااختیار ادارہ ہے جسے اپنے فیصلے کرنے کا اختیار ہے، انہوں نے جو ریلیف دیا وہ پورا فیصلہ ہے اس کے بعد کچھ نہیں بچا، الیکشن کمیشن کو سنے بغیر ایسا فیصلہ نہیں دیا جاسکتا ہے۔

ایڈوکیٹ جنرل نے دلائل میں کہا کہ ہم اس کیس میں فریق نہیں بننا چاہتے، ہم نگراں صوبائی حکومت ہے اور ہماری لیے تمام پارٹیز برابر ہے لہٰذا ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہمارا نام اس سے ڈیلیٹ کیا جائے۔ اگر ہمیں نوٹس جاری کیا جاتا ہے تو پھر عدالتی معاونت کریں گے۔

جسٹس اعجاز خان نے سوال کیا کہ وفاقی حکومت کا بھی یہی مؤقف ہے، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جی ہمارا بھی یہی مؤقف ہے۔

عدالت نے وکیل الیکشن کمیشن کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

سانولی رنگت کی لڑکیوں کو آج بھی منفی کردار دئیےجاتےہیں، آمنہ الیاس

کراچی: اداکارہ اور ماڈل آمنہ الیاس کا کہنا ہے کہ سانولی رنگت کی لڑکیوں کو آج بھی منفی کردار دئیے جاتے ہیں۔

ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ آمنہ الیاس کا کہنا تھا کہ اداکاری کا آغاز کیا تو مجھے سانولی رنگت کے طعنے دئیے جاتے تھے۔ ڈراموں کی شوٹنگ اور ماڈلنگ کے لیے رنگت گوری دکھانے کے لیے مختلف کریمز لگائی جاتی تھیں۔ میرے لیے سب بہت عجیب اور تکلیف دہ تھا۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے گھر میں سب کی رنگت سانولی ہے اس لیے کبھی احساس نہیں ہوا تاہم جب اداکاری شروع کی تو سانولی رنگت کے طعنے ملے۔ سانولی لڑکیوں کو آج بھی منفی کردار دئیے جاتے ہیں اور انہیں سگریٹ پیتے ہوئے دکھایا جاتا ہے۔

آمنہ الیاس اس سے قبل بھی شوبز میں سانولی رنگت کے فنکاروں اور خصوصی طور پر اداکاراؤں کے ساتھ ناروا سلوک پر بات کرتی رہی ہیں۔

شمالی وزیرستان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 6 حجام قتل

میران شاہ: شمالی وزیرستان میں پنجاب سے آکر کام کرنے والے 6 حجاموں کو قتل کردیا گیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے گاؤں موسکی سے 6 غیر مقامی افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتولین کا تعلق پنجاب سے ہے۔

فائرنگ سے قتل کیے گئے تمام افراد پیشے کے لحاظ سے حجام تھے، جو پنجاب سے یہاں آکر کام کررہے تھے۔ مقتولین کی میرعلی بازار میں ہیئر کٹنگ کی دکانیں تھیں۔ لاشوں کو میرعلی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مختلف پہلوؤں کے پیش نظر تحقیقات شروع کردی ہے۔

’’اگر پاکستان کی موجودہ ٹیم بھارت کو ہراتی ہے تو اَپ سیٹ ہوگا‘‘

سابق اوپنر گوتم گمبھیر نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان سے ’’بہت برتر‘‘ قرار دیدیا۔

اسٹار اسپورٹس کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کرکٹر گوتم گمبھیر نے کہا کہ عام طور پر پاکستان اور بھارت کو روایتی حریف تصور کیا جاتا ہے تاہم میرے نزدیک اصل دشمنی آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ٹیم پاکستان سے بہت برتر ہے اور اس دشمنی اب کوئی توازن نہیں رہا کیونکہ یکطرفہ طور پر ہندوستانی ٹیم نے کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ فی الحال آپ دونوں ٹیموں کی کارکردگی کو دیکھیں تو بھارت بہت آگے نظر آتا ہے، میرے نزدیک اگر پاکستان بھارت ہراتا ہے تو وہ ایک اَپ سیٹ ہوگا۔

گزشتہ برس آئی سی سی ورلڈکپ فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دیکر چیمپئین بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس طلب، پاکستان کیلیے 70 کروڑ ڈالر قسط کی منظوری دی جائے گی

اسلام آباد: آئی ایم ایف بورڈ نے اجلاس طلب کرلیا جس میں پاکستان کیلیے 70 کروڑ ڈالر قسط کی منظوری دی جائے گی۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے پاکستان کے اقتصادی جائزے اور 70 کروڑ ڈالر کے لگ بھگ مالیت کی اگلی قسط کی منظوری کیلیے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کا نیا شیڈول جاری کر دیاگیا ہے جس کے تحت پاکستان کے معاملے پر آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس 11 جنوری کو ہوگا۔

اجلاس کے دوران پاکستان کیلیے 70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری دی جائے گی جبکہ 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت اقتصادی جائزے کی منظوری بھی متوقع ہے۔