ریلوے نے 6 ماہ میں 40 ارب روپے آمدن کا ہندسہ عبور کرلیا

لاہور: پاکستان ریلوے نے تاریخ میں پہلی بار 6ماہ میں 40ارب آمدن کا ہندسہ عبور کر لیا۔

مالی سال 2023-24 کی پہلی ششماہی میں 41 ارب روپے کی آمدن، پچھلے سال جولائی تا دسمبر یہ آمدن 28 ارب روپے تھی۔ پاکستان ریلوے پر امید ہے کہ مالی سال کا ٹارگٹ ایک ماہ قبل حاصل کر لیا جائے گا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے عامر بلوچ نے کہا ہے کہ وسائل کے درست اور موثر استعمال سے ریکارڈ آمدن کا حصول ممکن ہوا۔ ریونیو میں اضافہ ریلوے ملازمین کی انتھک محنت اور لگن کا نتیجہ ہے، اس ضمن میں کوئی اضافی خرچہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی حکومت سے کوئی پیسے لیے گئے۔

علاوہ ازیں ریلوے انتظامیہ نے کراچی- لاہور براستہ مین لائن ملتان،فیصل آباد کے درمیان چلنے والی(27Up) شالیمار ایکسپریس کے کراچی سے اوقات کار میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

لگتا ہے الیکشن روکنے کیلیے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں، چیف جسٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے ہیں کہ مجھے لگتا ہے الیکشن روکنے کیلیے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

ریٹرننگ افسر کی تعیناتی معطل کرنے کا پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی الیکشن کمیشن کی اپیل پر سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ مجھے لگتا ہے کچھ ہتھکنڈے استعمال ہو رہے ہیں تاکہ انتخابات نہ ہوں۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 91 کوہاٹ میں میں ریٹرننگ افسر کی معطلی کا پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ آپ اپنی مرضی کا ریٹرننگ افسر لگوانا چاہتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کچھ ہتھکنڈے استعمال ہو رہے ہیں تاکہ انتخابات نہ ہوں۔ ایک ریٹرننگ افسر بیمار ہوا، دوسرا لگا دیا گیا۔ پشاور ہائی کورٹ نے ٹھک کر کے تقرر معطل کردیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم آپ کو جرمانہ کیوں نہ کریں، نوٹس کیے بغیر ہی اپوائنٹمنٹ کیسنل کردی۔ پشاور ہائی کورٹ کے جج نے نوٹس جاری کرنا بھی مناسب نہ سمجھا۔ سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کرلی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ سمجھ نہیں آ رہی الیکشن کمیشن کو سنے بغیر کیسے عدالتیں فیصلے کر رہی ہیں۔ یہ بڑی عجیب بات ہے۔ کیا آپ چاہتے ہیں پورا الیکشن ہی رُک جائے۔ سمجھ نہیں آتی غیر ضروری درخواستیں کیوں دائر کی جاتی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ پی کے 91کوہاٹ میں 31امیدوار تھے جن میں سے 12 امیدواروں کے کاغذات کی اسکروٹنی ہوئی۔ 19میدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہونی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے انتخابات مؤخر کرنے کا مطالبہ کردیا

جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الیکشن مؤخر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حالات میں کیسے انتخابات ہو سکتے ہیں، الیکشن چند دن مؤخر ہو جائیں تو کوئی حرج نہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے انتخابات مؤخرکرنے کا مطالبہ کردیا، اور کہا کہ چند ماہ قبل باجوڑ میں ہمارے 73 ساتھی شہید ہوئے، رات کو جو واقعہ ہوا یہ بے امنی کا واقعہ ہے، میں گھر میں تھا، رات کے واقعے میں ہماری گاڑیوں پر گولیاں لگیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں جانا چاہتے ہیں لیکن ماحول بھی ہونا چاہیے، ان حالات میں کیسے انتخابات ہو سکتے ہیں، انتخابات چند دن مؤخر ہو جائیں تو کوئی حرج نہیں، الیکشن کمیشن ہماری درخواست پر غور کرے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ کاغذات صرف پی ٹی آئی کے مسترد نہیں ہوئے، لیول پلیئنگ فیلڈ صرف ایک پارٹی کی بات نہیں، 2 صوبوں کو بھی یکساں پرامن ماحول فراہم کیا جائے، پیپلزپارٹی کے امیدوار بھی سیکیورٹی کے حوالے سے پریشان ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن چاہتےہیں یہ آئینی تقاضاہے، لیکن اگر ٹرن آؤٹ کم ہوا تو یہ دھاندلی کا امکان پیدا کرے گا، ملک میں گزشتہ چار سالوں میں معیشت تباہ ہوئی، ہم نے گزشتہ 15ماہ میں ملک کو دیوالیہ پن سے نکالا۔

سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ میں انتخابی ماحول کی وجہ سے دورہ افغانستان فوری نہ کرسکا، اگلے ہفتہ افغانستان کا دورہ متوقع ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر حملہ

گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر حملے کی خبریں زیر گردش تھیں۔ اس حوالے سے ترجمان جے یو آئی جلیل جان نے آج نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ تھانہ یارک کی حدود میں کیا گیا، تاہم حملے میں مولانا فضل الرحمان اور ان کے محافظ محفوظ رہے۔

اس دوران پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان پر ہونے والے حملے کو ناکام بنا دیا گیا، تاہم حملہ آور مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، اور خوش قسمتی سے حملے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

حملے کی تردید

آر پی او ڈیرہ اسماعیل خان ناصر محمود نے مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر حملے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حملہ یارک انٹرچینج پر واقع پولیس چیک پوسٹ پر کیا گیا، اور پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار ہوگئے۔

آر پی اور ناصر محمود نے کہا کہ حملے کے وقت مولانا فضل الرحمان موقع پر موجود نہیں تھے۔

نیب کیسز میں نااہلی کی 10 سالہ مدت بحال کرنے کی درخواست سماعت کیلیے منظور

 اسلام آباد: نیب نے الیکشن لڑنے کے لیے نیب سے سزا یافتہ نااہلی کی مدت 10 سال سے 5 سال کرنے کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی جسے سماعت کے لیے منظور کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب کی سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کل سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز اپیل پر سماعت کریں گے۔

نیب نے عدالت سے سنگل بنچ کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا کی ہے اور کہا ہے کہ نیب سے سزا پانے والے انتخابی امیدوار الیکشن لڑنے کے لیے ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں، جون میں سنگل بینچ نے نیب نااہلی کی مدت دس کی بجائے پانچ سال کردی، عدالت انٹرا کورٹ اپیل میں سنگل بنچ کا فیصلہ فوری معطل کرے۔

ڈنمارک کی ملکہ کا لائیو ٹی وی کے دوران 52 سالہ بادشاہت سے سبکدوشی کا اعلان

کوپن ہیگن: ڈنمارک کی ملکہ مارگریتھ دوم نے لائیو ٹی وی خطاب کے دوران اچانک 52 سالہ طویل ترین بادشاہت سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ملکہ ڈنمارک مارگریتھ دوم نے اتوار کو ٹی وی پر نئے سال کے حوالے سے جاری براہ راست روایتی خطاب کے دوران یورپ کی طویل ترین 52 سالہ بادشاہت سے کنارہ کشی اور اپنے بیٹے ولی عہد فریڈرک کو اپنا جانشین بنانے کا اعلان کر دیا۔

ملکہ مارگریتھ دوم نے 1972 میں بادشاہت سنبھالی تھیں اور 83 سال کی عمر میں اپنی علالت کا ذکر کرتے ہوئے حکمرانی نئی نسل کو منتقل کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ صحیح وقت ہے، 14 جنوری 2024 کو میں اپنے والد کی جانشینی کے 52 سال کے بعد ڈنمارک کی ملکہ کی حیثیت سے سبکدوش ہوجاؤں گی اور بادشاہت اپنے بیٹے ولی عہد فریڈرک کے سپرد کر رہی ہوں۔

مارگریتھ دوم نے ستمبر 2022 میں ملکہ برطانیہ ایلزبیتھ دوم کے انتقال کے بعد یورپ کی طویل ترین بادشاہت کا اعزاز حاصل کرلیا تھا اور جولائی 2023 میں ڈنمارک کی تاریخ کی طویل ترین بادشاہت کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا تھا۔

ڈنمارک میں انتظامی اختیارات متنخب پارلیمنٹ اور حکومت کی ہوتی ہے اور بادشاہ سیاست سے دور رہتے ہوئے ریاستی دوروں اور قومی دنوں کی تقریبات کے دوران روایتی انداز میں پوری قوم کی نمائندگی کرتا ہے۔

گوشت برآمد کرنیوالی پاکستانی کمپنی نے جنوبی ایشیا میں نئی ٹیکنالوجی کا اعزاز حاصل کرلیا

آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ (ٹی او ایم سی ایل) نے کہا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کی پہلی کمپنی بن گئی ہے جس نے چین کو ”ہیٹ ٹریٹڈ“ منجمد گائے کے گوشت کی مصنوعات کامیابی سے برآمد کی ہیں۔

کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’ہمیں آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ٹی او ایم سی ایل اب جنوبی ایشیا کی پہلی کمپنی بن گئی ہے جس نے 31 دسمبر 2023 کو چین کو ہیٹ ٹریٹڈ فروزن بیف گوشت (heat-treated frozen beef meat) کی مصنوعات کامیابی کے ساتھ برآمد کی ہیں۔‘

چین ، دنیا کا سب سے بڑا گوشت درآمد کرنے والا ملک ہے، جس نے 2022 میں تقریبا 3.10 ملین میٹرک ٹن بیف اور مٹن گوشت درآمد کیا، اور ٹی او ایم سی ایل نے جنوبی ایشیا سے چین کو پکے ہوئے گائے کے گوشت کی مصنوعات برآمد کرنے کا لائسنس حاصل کرنے والی صرف دو کمپنیوں میں سے ایک کے طور پر ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے۔

کمپنی نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ سنگ میل نہ صرف صنعت میں کمپنی کی حیثیت کو بہتر بنائے گا بلکہ ہمارے معزز شیئر ہولڈرز کے لئے بھی خاطر خواہ قدر پیدا کرے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ 2021 میں چینی کسٹم حکام نے ٹی او ایم سی ایل کو چین کو مذکورہ گائے کا گوشت برآمد کرنے کی منظوری دی تھی۔ کمپنی نے 600 ملین روپے کی سرمایہ کاری کے ذریعے اپنی موجودہ گوشت ٹھنڈا کرنے اور منجمد کرنے کی صلاحیت میں خاطر خواہ توسیع کی ہے۔

کمپنی نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ یہ پہلی پاکستانی کمپنی ہے جس نے ویکیوم پیک شدہ تازہ گائے کے گوشت کی برآمد کا آغاز کیا ہے اور خطے کی واحد کمپنی ہے جو یہ خاص ٹیکنالوجی کی مالک ہے۔

پنجاب کو فنڈ کی ضرورت نہیں یہ کماؤ پتر ہے، نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان ریاست کی جنگ لڑ رہا ہے، نگران وزیراعظم بلوچ مظاہرین کے حامیوں پر برس پڑے اور کہا کہ 9 مئی کے احتجاج کرنے والوں کا بھی یہی ایشو تھا کہ وہ لوگ احتجاج کرتے ہوئے قانون کے دائرے سے باہر آگئے تھے۔

لاہور میں مال روڑ پر الفلاح سنٹر میں قائم بزنس فیسلیٹیشن سنٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پنجاب کو فنڈ کی ضرورت نہیں یہ کماؤ پتر ہے، وفاق پنجاب کے ساتھ مل کر آگے کام کرے گا۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے جو ٹیکس اکٹھا کیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، آئی ایم ایف سے اگلی قسط مل جائے گی، قرض لینا کوئی بری بات نہیں، امریکا سب سے بڑا مقروض ہے، مگر قرض لے کر غیر ضروری خرچ کرنا بری بات ہے۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ پنجاب کے لوگ بلوچستان کے لوگوں کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، اور ان کو بلوچوں سے ہمدردی ہے، مجھے اور ہم سب کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، جو اپنے پیاروں کیلئے احتجاج کر رہے ہیں یہ ان کا حق ہے، میں تو نگران وزیراعظم ہوں، میں تو جانے والا ہوں، لیکن میں بلوچستان سے ہوں تو مجھ پر انگلی اٹھ رہی ہے۔

انوارالحق نے مزید کہا کہ لواحقین پہلے بھی احتجاج کرتے ہیں آئندہ بھی کرتے رہے گے، رات کے معمولی واقعے کو بڑھا کر پیش کیا جارہاہے، اور احتجاج والوں کے ساتھ پولیس کی چھڑپ کو غزہ سے جوڑا جا رہا ہے، پاکستان کو اسرائیل سے تعبیر کرنے والے حیا کریں، جس کو دیکھو وہ ہمدرد بنا پھرتا ہے، آزادی رائے اور احتجاج کا سب کو حق ہے مگر آئین میں رہ کر کرنا چاہیے، 9 مئی کے احتجاج کرنے والوں کا بھی یہی ایشو تھا، وہ لوگ بھی احتجاج کرتے ہوئے قانون کے دائرے سے باہر آگئے تھے۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ریاست اور مسلح تنظیموں کے درمیان جھگڑا ہے، پاکستان ریاست کی جنگ لڑ رہا ہے اور لڑتا رہا ہے، جن لوگوں نے بلوچستان میں یہ سب کیا وہ مسلح تنظیموں کے لوگ ہے، اگر آپ بلوچستان جائیں گے تو آپ کو گولی ماری دیں گے، یہ لوگ تین سے پانچ ہزار لوگوں کو مار چکے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ یہ لوگ دہشت گردی کو جدوجہد کہتے ہیں، احتجاج کی آڑ میں دہشت گردوں کو سپورٹ کر رہے ہیں، ان کو قبول نہیں کریں گے، جن لوگوں نے ان کی حمایت کرنی وہ ان مسلح تنظیموں کا کیمپ جوائن کریں، مجھ پر بار بار تنقید کرنے والے پہلے اپنے گریباں میں جھانکیں، بھارت کی فنڈنگ سے یہ مسلح تنظیمیں چل رہی ہیں۔

نگراں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن ہوں گے اور الیکشن کو پُرامن بنایا جائے گا، میں بھی 8 فروری کو ووٹ ڈالنے جاؤں گا۔

برطانیہ میں سیاحوں کو کاروباری سرگرمیوں میں مزید سہولت مل گئی

برطانیہ نے اپنے ویزا قوانین میں اہم تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں۔ جس سے وزٹر ویزا رکھنے والے افراد کے لیے کاروباری سرگرمیوں میں مزید سہولت دی گئی ہے۔

برطانوی حکومت کی جانب سے جاری کردہ امیگریشن قوانین 31 جنوری سے نافذ العمل ہوں گے جس کا مقصد ملک میں کاروبار اور سیاحت کے شعبے کو فروغ دینا ہے۔

سائنس دانوں، محققین اور ماہرین تعلیم کو برطانیہ میں تحقیق کرنے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح وزیٹر ویزا پر برطانیہ کا دورہ کرنے والے مقررین بھی اپنی بات چیت کے لئے ادائیگی حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

برطانیہ نے وزیٹر ویزا کے حوالے سے اپنے قوانین پر جو نظر ثانی کی ہے اس میں سیاحوں کو ملک میں قیام کے دوران مشروط ملازمت کی اجازت دی گئی ہے۔

ویزا گائیڈ ورلڈ کے مطابق برطانوی اور بین الاقوامی دونوں شاخوں والی کمپنیوں کے ذریعہ ملازمت کرنے والے افراد بیرون ملک کلائنٹ کے کام میں ملازمت کرسکتے ہیں جب تک کہ یہ ان کی بیرون ملک ذمہ داریوں کا ایک چھوٹا سا حصہ ہو۔

ویزا گائیڈ ورلڈ کے مطابق اگرچہ سیاح برطانیہ سے کام کرسکتے ہیں ، لیکن ریموٹ کام ان کے قیام کی بنیادی وجہ نہیں ہونا چاہئے۔

ناسا پارکر سولر پروب ایک بار پھر سورج کو چھونے کو تیار

واشنگٹن: امریکی خلائی ادارے ناسا کا پارکر سولر پروب 2024 کے آخر میں سورج کو دوبارہ چھونے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس متوقع ٹاکرے میں یہ اسپیس کرافٹ سورج کے باہری ایٹماسفیئر یعنی کورونا سے تیزی سے گزر جائے گا۔

جس طرح چاند پر اترنے کے بعد سائنس دانوں کو اس کی اصل اور ارضیاتی تاریخ کے متعلق اہم معلومات حاصل ہوئی۔ اس ہی طرح جن اجزاء نے سورج کو بنایا ہے ان کو چھونا یا ان کا احتیاط سے جائزہ لینا اپنے مرکزی سیارے اور اس کے پورے نظامِ شمسی پر اثرات کو سمجھنے کے لیے اہم ہے۔

دسمبر 2021 میں ناسا نے ایک اعلان میں پروب کے پہلی بار سورج کے کورونا سے گزرنے کے متعلق بتایا تھا۔ اس تاریخی کامیابی نے سولر سائنس کو واضح جدت بخشی کیوں کہ کورونا سے گزرنے کے دوران پروب نے چارجڈ ذرات اور مقناطیسی فیلڈ کے متعلق اہم ڈیٹا اکٹھا کر کے بھیجا تھا۔

ذرائع کے مطابق اسپیس کرافٹ 2024 میں سورج کے گرد انتہائی سخت ایٹماسفیئر سے 195 کلو میٹر فی سیکنڈ یا 700064 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گزرنا متوقع ہے۔

اسپیس کرافٹ اس سفر میں سورج سے 62 لاکھ کلومیٹر تک کے فاصلے پر پہنچتے ہوئے عطارد سے زیادہ سورج کے قریب ہوجائے گا۔ سورج کا طاقتور کششِ ثقل کا کھچاؤ پروب کو اس رفتار تک پہنچنے میں مدد دے گا۔

اس پروب کو سورج کو قریب سے جاننے کے ارادے کے تحت 2018 میں لانچ کیا گیا تھا۔ 1.5 ارب ڈالرز لاگت سے بنائے گئے اس اسپیس کرافٹ پر کاربن سے بنی چار انچ موٹی حفاظتی تہہ چڑھی ہوئی ہے جو انتہائی درجے کی تپش کو برداشت کرسکتی ہے۔

بلے کا نشان نہ بھی ملا تو الیکشن لڑیں گے بائیکاٹ کسی صورت نہیں کریں گے، بیرسٹر گوہر

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ فوج ہماری ہے ملک ہمارا ہے اور ہمارا اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی سے کوئی  جھگڑا نہیں، پی ٹی آئی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر سے متعلقہ رپوٹرز نے ملاقات کی۔ سیکرٹری انفارمیشن تحریک انصاف رؤف حسن بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں بیرسٹر گوہر نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے اور ملکی سیاسی صورتحال پر بات کی، انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

چئیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان شروع سے کہتے آ رہے ہیں کہ فوج ہماری ہے ملک ہمارا ہے ہمارا کسی کے ساتھ بشمول اسٹیبلشمنٹ کوئی جھگڑا نہیں۔

 چئیرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے کسی بھی سربراہ یا ادارے کے خلاف کوئی ایسا لفظ استعمال نہیں کیا کہ ہمارا جھگڑا ہو، پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، سپریم کورٹ کو چاہیے کہ لیول پلینگ فیلڈ کے لیے سوموٹو نوٹس لے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بلے کا نشان نہ بھی ملا تو بھی انتخابات میں حصہ لیں گے پی ٹی آئی الیکشن کا بائیکاٹ کسی صورت نہیں کرے گی۔