کراچی پریس کلب کی شاندار جمہوری روایات ہم سب کیلئے باعث فخر ہیں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں  کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے اپنے تہنیتی پیغام میں نومنتخب صدر فاضل جمیلی، جنرل سیکریٹری محمد سہیل افضل، جوائنٹ سیکریٹری محمد منصف، خزانچی عمران ایوب سمیت گورننگ باڈی کے تمام  کامیاب ارکان کیلئے اپنی نیک تمناوَں کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں ڈیموکریٹس پینل کی شاندار کامیابی پر پینل کے ذمہ دارن کو بھی مبارکباد  دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب کی شاندار جمہوری روایات  کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے باعث فخر ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی پریس کلب ملک میں آزادی اظہار اور خودمختار صحافت کا ایک مضبوط قلعہ رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کراچی پریس کلب کی نئی قیادت صحافتی برادری کو درپیش چیلنجز کا جرات اور عزم کے ساتھ سامنا کرتے ہوئے آزادی صحافت کے تحفظ کی میراث کو آگے بڑھائے گی۔

انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غیر متزلزل عزم کے ساتھ صحافی برادری کے جائز حقوق و موقف کی حمایت کرتی رہے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک میں آزاد اور ذمہ دار صحافت کا فروغ قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔

رونالڈو نے دنیا کِس لیگ کو زیادہ بہتر قرار دیا؟

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی فٹبال لیگ کو فرانس کی لیگ 1 سے زیادہ بہتر قرار دیدیا۔

ایک تقریب میں شرکت کے دوران النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگ کیا سوچتے ہیں لیکن دیگر فٹبالرز کو سعودی عرب یہاں آکر کھیلنا چاہیے۔

رونالڈو نے فرانسیسی لیگ 1 کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ سعودی پرو لیگ اس سے زیادہ بہتر ہئے۔

اسٹار فٹبالر نے سعودی فٹبال لیگ میں خاص طور پر سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے نمایاں پیشرفت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں یہاں آ کر بہت خوش ہوں، لیگ وقت کیساتھ ساتھ توانا ہورہی ہے۔

اس سے قبل گلوب ساکر دبئی ایوارڈز میں رونالڈو کو مشرق وسطیٰ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا اور انہیں ٹاپ گول اسکورر آف آل ٹائم ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

بجلی چوری پکڑے جانے پر لیسکو ٹیم پر حملہ کرنے والے کیخلاف مقدمہ درج

لاہور میں بجلی چوری پکڑے جانے پر لیسکو ٹیم پر حملہ کرنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی ٹیم چونیاں سٹی سب ڈویژن کے ایس ڈی او امجد اقبال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ موضع کھوڑا کھوہ،مشمولہ سدھا اتاڑ کے علاقہ میں سرچ آپریشن کیا۔

دوران آپریشن ملزم عابد ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کرتے پکڑا گیا۔

جب لیسکو ملازمین نے ملزم عابد کا کنکشن منقطع کیا جو کہ ڈائریکٹ لائن سے لیا گیا تھا، تو ملزم عابد نے نا معلوم افراد کے ساتھ مل کر لیسکو ملازمین پر حملہ کردیا اور تشدد کرنے لگا۔

اس دوران ملزم نے ملازمین کو گالیاں دیں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

بعد ازاں ایس ڈی او چونیاں سٹی امجد اقبال نے ملزمان کیخلاف متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر رجسٹرڈ کروا دی ہے جب کہ محکمہ کی جانب سے ملزم کو ڈٹیکشن بل بھی چارج کیا جائے گا۔

کرم معاملے پر گرینڈ جرگہ دوبارہ شروع، راستے کھلوانے پر ڈیڈ لاک برقرار

کرم میں قیام امن کیلئے گرینڈ جرگے میں فریقین کے درمیان سڑکوں اور راستوں کو کھلوانے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

کرم میں مستقل امن و امان کے قیام، ضلع بھر سے ہتھیاروں کے خاتمے، فریقین کے مورچوں کو مسمار کرانے اور مرکزی شاہراہ سمیت تمام سڑکوں اور راستوں کو کھلوانے اور محفوظ بنانے کے لئے کوہاٹ میں حکومت کے زیر سایہ گرینڈ جرگہ چند دن وقفے کے بعد پھر شروع ہوگیا۔

 فریقین کے درمیان ایپیکس کمیٹی کے فیصلے کی رو سے 14 میں سے 12 نکات پر فیصلہ ہوچکا ہے، اسلحہ کو حکومت کے پاس جمع کرنے، سڑکوں اور راستوں کو کھلوانے پر ہفتہ کی شام تک ڈیڈ لاک موجود تھا۔

اہل سنت کے 6 قبائل کا موقف ہے کہ اپیکس کمیٹی میں یہ فیصلہ ہوا ہے کہ سب سے پہلے فریقین سے ہتھیار اکٹھے کئے جائیں پھر ضلع کرم بھر میں تمام بنکرز اور مورچے مسمار کئے جائیں اور اس کے بعد تمام راستے کھول دیے جائیں، اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق معاہدے پر دستخط کے لئے تیار ہیں۔

جرگہ ذرائع کا کہنا ہے کہ طوری قبائل کے عمائدین کا کہنا ہے کہ پہلے راستے کھول دیے جائیں۔ اس کے بعد مرحلہ وار مورچوں کی مسماری اور اسلحہ اکٹھا کرنا شروع کیا جائے، اہلسنت کے 6 قبائلی عمائدین طوری قبیلے کی بات سے متفق نہیں۔

طوری قبیلے نے اپنے موقف کے مطابق معاہدے پر دستخط کئے ہیں لیکن اہل سنت کے 6 قبائلی عمائدین اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور دستخط سے انکار کردیا ہے۔ گرینڈ جرگہ ڈیڈ لاک کو ختم کرنے کے لئے بھر پور کوشش کر رہا ہے۔

 گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ کوہاٹ فورٹ میں منعقد ہونے والے گرینڈ امن جرگے میں فریقین کے درمیان معاہدے کو تقریباً حتمی شکل دے دی گئی ہے، مجوزہ معاہدے کے مطابق دونوں فریقین بھاری ہتھیار حکومت کو دینے پر آمادہ ہوگئے ہیں اور کوہاٹ گرینڈ جرگے میں مشران نے دستخط کردیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق فی الحال صرف ایک فریق نے مجوزہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں، دوسرے فریق کے دستخط کی صورت میں کمشنر کوہاٹ آفس میں جرگہ حتمی فیصلے کا اعلان کرے گا۔

 پارا چنار پشاور مرکزی شاہراہ اور اپر کرم کے راستے ڈھائی ماہ سے بند اور اپرکرم کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہے۔پاراچنار کی ابتر صورتحال کے خلاف کرم پریس کلب پر 9 دن سے دھرنا جاری ہے جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں پانچ مقامات پر بھی دھرنے دیے جا رہے ہیں۔

کراچی میں بھی پارا چنار کی صورتحال پر مختلف علاقوں میں دھرنے دیے جا رہے ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے اور دھرنوں کے باعث سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک پولیس نے متبادل روٹس بتا دیے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں قیام امن کے لیےکوہاٹ میں گرینڈ امن جرگہ میں فریقین کے درمیان معاہدے کو تقریباً حتمی شکل دے دی گئی۔

معروف خاتون بیوٹیشن نے سوشل میڈیا پر فالوورز بڑھانے کیلیے کیا سنسنی پھیلا دی ؟

اپنے سوشل میڈیا فالوروز کی تعداد بڑھانے کے جنون میں کچھ انفلونسرز ہر قسم کی اخلاقی حدیں پار اور سماجی اصولوں کو روند جاتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایسا ہی ایک سنسنی خیز واقعہ مصر میں بھی پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون بیوٹیشن نے اپنے فالوورز بڑھانے کے لیے پریشان کن قدم اُٹھالیا۔

خاتون بیوٹیشن نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس پر نوجوان لڑکیوں اور بچوں کے اغوا کی جھوٹی خبریں دینا شروع کردیں اور تازہ اپ ڈیٹس کے لیے والدین سے چینلز کو فالو کرنے کا کہا۔

خاتون بیوٹیشن نے دعویٰ کیا کہ اغوا کاروں کا بین الاقوامی خطرناک گروہ لڑکیوں اور بچوں کے اعضا نکال کر فروخت کر رہا ہے۔

چند ہی روز میں خاتون بیوٹیشن کے فالورز کی تعداد تو سو گنا زیادہ ہوگئی لیکن مصر کے  دارالحکومت قاہرہ میں سنسنی پھیل گئی۔

لڑکیوں اور بچوں کے اغوا کی یہ جعلی خبریں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئیں۔ والدین پریشان ہوگئے اور پولیس حرکت میں آگئی۔ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

بعد ازاں وزارت داخلہ کی تحقیقات پر معلوم ہوا کہ ایسا کوئی گروہ نہیں جو بچوں کو اغوا کرکے ان کےاعضا بیرون ملک اسمگل کرتا ہے۔

پولیس نے خاتون بیوٹیشن سے ان خبروں کا ذریعہ معلوم کیا تو انھوں نے اعتراف کیا کہ یہ سب اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ کے فالوورز بڑھانے کے لیے کیا۔

جس پر خاتون کو حراست میں لے کر جعل سازی اور معاشرے کو گمراہ کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

شہریار منور کے فیری ٹیل نکاح کی تصاویر ‘دلفریب’ قرار

پاکستانی اداکار شہریار منور کے اداکارہ ماہین صدیقی کے ساتھ نکاح کی تصاویر نے فینز اور فیشن کے متوالوں سے تعریف کے ٹوکرے سمیٹ لیے۔

‘آسمانوں پر لکھا’ ، ‘پہلی سی محبت’ ، ‘کچھ ان کہی’ ، اے عشقِ جنون’ اور ‘کہی ان کہی’ جیسے ڈراموں میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار شہریار منور نے فلم ‘7 دن محبت اِن’ ، ‘ہو من جہاں’ اور ‘پرے ہٹ لو’ میں بھی اپنی بہترین اداکاری سے فینز کے دل جیتے۔

شہریار منور سال 2024 کا اختتام کنورے پن کے ساتھ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

شہریار منور اور ماہین صدیقی کی شادی کا سلسلہ ڈھولکی نائٹ سے شروع ہوا جس کے بعد قوالی نائٹ، ہلدی نائٹ اور سنگیت نائٹ ہوئیں جس کے بعد دونوں کی نکاح کی تقریب منعقد کی گئی۔

نکاح دن کے وقت ہوا جب شہریار منور اف وائٹ شیروانی کے ساتھ میچنگ کھسّے، سفید چوڑی دار ماجامہ اور بلوچی اسٹائل پگڑی باندھ کر اپنی زندگی کی محبت سے ایجاب و قبول کروانے آئے۔

ماہین صدیقی بھی آف وائٹ انار کلی فراک میں سر پر دوپٹہ سجائے سادگی کا پیکر بنی نظر آئیں جنہوں نے بے انتہا ہلکا میک اپ کر رکھا تھا اور سیدھی مانگ پر جوڑا بنا کر اس پر باریک بندیا لگانے کے ساتھ بائیں جانب جھومر لٹکایا ہوا تھا۔

دونوں کی نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی فینز کسی فلمی دنیا میں کھو گئے اور وہ دنیا بھی کوئی عام نہیں بلکہ شہزادہ اور شہزادی کی کہانیوں پر مبنی فلمی دنیا۔

دونوں نے پھولوں سے تیار کردہ پردے کی دو مختلف جانب بیٹھ کر ایجاب و قبول کیا جس کے عقب کا منظر بھی کوئی عام نہیں تھا بلکہ گہرے سمندر کی دلکشی خود میں سموئے ہوئے تھا۔

فینز کے سوشل میڈیا پر کیے گئے تبصروں میں شہریار منور کو ‘ریئل لائف پرنس’ قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ماہین صدیقی کی سادگی اور انکے چہرے پر نکاح کا نور بھی تبصروں کا حصہ بنا ہوا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا جنوبی کوریا میں طیارہ حادثے پر اظہارِ افسوس

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جنوبی کوریا میں طیارہ حادثے  میں قیمتی جانی انسانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی کوریا کے موان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہوئے المناک حادثے کا جان کر دلی دکھ ہوا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ حادثے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

وزیرِ اعظم نے یہ بھی لکھا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں کورین عوام اور حکومتِ جمہوریہ کوریا کے ساتھ ہیں۔

یاد رہے کہ جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 120 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث پیش آیا۔ طیارہ رن وے سے اتر کر اطراف میں لگی باڑ سے ٹکرا گیا، جس سے طیارے میں آگ لگ گئی۔

طلحہ انجم اپنی فلم ’’کٹر کراچی‘‘ سے شائقین کا دل جیت سکے؟

پاکستانی ریپر طلحہ انجم کی ڈیبیو فلم ’’کٹر کراچی‘‘ کا پریمیئر گزشتہ روز کراچی کے مقامی سینما میں ہوا، جہاں مختلف شوبز ستاروں نے شرکت کی۔

گلوکار طلحہ انجم نے اپنی اس فلم کے ذریعے اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا طلحہ فلمی ناقدین کی توجہ بھی اسی طرح حاصل کرپائیں گے۔

’’کٹر کراچی‘‘ کی کہانی کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اور حکمرانی کے خواب سجانے والوں کی عکاسی کرتی ہے۔ مذکورہ فلم کا پریمئیر اور ریڈ کارپیٹ کی تقریب کراچی کے مقامی سینما میں منعقد ہوئی جس میں شوبز اور ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ افراد اور طلحہ انجم کے مداحوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

فلم ’’کٹر کراچی‘‘ کے ڈائریٹر عبدالولی بلوچ ہیں، جن کا کہنا تھا کہ یہ فلم کراچی کے ہر شہری کے لیے ہے۔ فلم میں مرکزی کردار طلحہ انجم اور کنزہ ہاشمی نے ادا کیے ہیں۔

فلم پریمیئر میں شریک اداکار یاسر حسین اور وجاہت رؤف سمیت دیگر فنکاروں نے فلم کو سراہا۔ تاہم توقع کے برعکس یہ فلم شائقین کے دل جیتنے میں اب تک ناکام نظر آئی ہے۔

پنجاب پولیس نے شہید کانسٹیبل کی فیملی کو انکی پسند کا گھر دلادیا

پنجاب پولیس کی طرف سے اپنے شہدا کے اہلخانہ کو گھروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رحیم یار خان کے شہید کانسٹیبل شفیق احمد کے اہل خانہ کو پنجاب پولیس کی طرف سے انکی پسند کا ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر فراہم کردیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کو گھر دلانے کیلئے فنڈز جاری کئے۔

ترجمان کے مطابق کانسٹیبل شفیق احمد نے رواں سال جون میں ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کیا تھا، شہید کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق رفیع قمر روڈ بہاولپور میں گھر خرید کر فراہم کیا گیا، انکے لواحقین میں اہلیہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل شفیق احمد شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ شفیق احمد نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا، پنجاب پولیس کانسٹیبل شفیق احمد جیسے 1650 سے زائد بہادر شہدا کی امین فورس ہے۔

سمندر کے راستے شہریوں کو غیر قانونی یورپ بھجوانے میں ملوث انسانی اسمگلر گرفتار

ایف آئی اے فیصل آباد زون  نے کارروائی کرتے ہوئے  انسانی اسمگلر غلام دستگیر (عرف کامران لیبیا) کو  گرفتار کر لیا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی اے فیصل آباد زون  نے  کارروائی کرتے ہوئے  انسانی اسمگلر غلام دستگیر (عرف کامران لیبیا) کو  گرفتار کر لیا گیا، اس سے قبل عبدالرحمان نامی ایجنٹ کو بھی گرفتار کیا گیا تھا، ملزم عبدالرحمان کی نشاندہی پر بغلام دستگیر نامی انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا ک ملزمان شہریوں کو غیر قانونی سمندر کے راستے لیبیا سے یورپ بھجوانے میں ملوث ہیں، ملزمان کو فیصل آباد کے مختلف علاقوں  سے گرفتار کیا گیا، ملزمان انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا حصہ ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ گرفتار ملزمان نے 7 متاثرہ شہریوں کو یورپ بھجوانے کے نام کروڑوں روپے ہتھیائے، ملزمان نے یورپ بھجوانےکے نام پر متاثرہ شہریوں سےمجموعی طور پر 2 کروڑ 73 لاکھ روپے ہتھیائے۔

بیان کے مطابق ملزمان نے متاثرہ شہریوں کو پہلے عمرے ویزے پر سعودی عرب بھجوایا، بعد ازاں ملزمان نے شہریوں کو سعودی عرب سے لیبیا بھجوایا، ملزمان متاثرہ شہریوں کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے اٹلی اور یونان بھجوانے میں ملوث ہیں۔

ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ ملزمان کے موبائل فون سے اہم شواہد برآمد کر لئے گئے، ملزمان کے موبائل فون سے متاثرین اور ایجنٹوں سے رابطے کے شواہد بھی برآمد کیے گئے، ملزمان کے قبضے سے رقوم کی ادائیگی سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد ہوا۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔