بھارت؛ تیسری بیٹی کی پیدائش پر شوہر نے بیوی کو زندہ جلادیا

بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایک خاتون کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی گئی جس کے نتیجے میں وہ بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ممبئی کے ایک مضافاتی علاقے میں پیش آیا۔ ہلاک ہونے والی خاتون تین بیٹیوں کی ماں تھی۔

متاثرہ خاتون کی بہن نے پولیس میں اپنے بہنوئی کے خلاف مقدمہ درج کرایا جس میں کہا گیا ہے کہ میری بہن کو تیسری بیٹی کو جنم دینے کی پاداش میں جلایا گیا ہے۔

شکایت کنندہ نے پولیس کو مزید بتایا کہ بیٹیوں کی پیدائش پر اکثر بہنوئی میری بہن کے ساتھ مار پیٹ کیا کرتا تھا اور کل رات بھی ایسے ہی ایک جھگڑے کے بعد میری بہن کو جلادیا۔

وہ چیختے ہوئے گھر سے باہر نکلی، پڑوسیوں نے کسی طرح آگ بجھا کر اسے اسپتال منتقل کیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔

پولیس نے اہل محلہ کی گواہی پر ملزم کی تلاش شروع کی اور اسے تعاقب کے بعد گرفتار کرلیا۔

یاد رہے کہ بھارت میں بیٹیوں کی پیدائش پر بیویوں کو قتل تک کردینے کے واقعات عام ہیں۔

علی ظفر کا اپنے بھائی دانیال کے ساتھ نیا گانا وائرل

پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کا اپنے چھوٹے بھائی دانیال ظفر کے ساتھ نیا گانے ریلیز ہوتے ہی مداحوں میں مقبول ہوگیا۔

گلوکار کے نئے گانے ’’منڈا آن دی رائز‘‘ نے ریلیز ہونے کے بعد پہلے ہی گھنٹے میں 10 لاکھ سے زاید ویوز حاصل کرلیے، جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔

علی ظفر اور دانیال نے اپنا نیا گانا امریکا کے معروف ریپر ٹی آئی کے ساتھ مل کر بنایا ہے، جسے یوٹیوب پر اپ لوڈ کیے جانے کے بعد صرف ایک گھنٹے میں ہی 10 لاکھ ویورز نے دیکھا ہے۔

پشاور ائیر پورٹ پر دوحہ جانیوالے مسافر سے بھاری مقدار میں چرس برآمد

ائرپورٹس سیکورٹی فورس نے پشاور ائیر پورٹ پر کارروائی میں دوحہ جانے والی پرواز پر مسافر سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کرلی۔

مسافر کی شناخت حسن ابراہیم کے نام سے ہوئی، مسافر نے یہ منشیات پلاسٹک کے ڈبے کے اندر گڑ کی تہہ میں نہایت مہارت سے چھپا رکھی تھی۔

 اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے سامان کی تلاشی پر 10.600 کلوگرام چرس برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

 ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ منشیات کے ساتھ اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا۔

راحت فتح علی خان کی بھارتی کرکٹر دھونی سے ملاقات کی وڈیو وائرل

پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی سے ملاقات کی ویڈیو شیئر کی ہے جو مداحوں میں خوب وائرل ہورہی ہے۔

گلوکار کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان کی بھارتی کرکٹر ایم ایس دھونی سے ہونے والی ملاقات کی ایک ویڈیو اور چند تصاویر شیئر کی گئی ہیں۔ ویڈیو میں راحت خوشگوار انداز میں گفتگو کررہے ہیں جب کہ ایم ایس دھونی ان کی باتوں سے محظوظ ہورہے ہیں۔

راحت اور دھونی کی اس ملاقات کے دوران بنائی گئی ویڈیو اور تصاویر کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ایم ایس دھونی اب تک کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی طبیعت بگڑ گئی؛ اسپتال میں داخل

اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کو طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ نیتن یاہو کو پیشاب میں تکلیف کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو کے چند ضروری ٹیسٹس بھی لیے گئے ہیں جن میں پیشاب کی نالی میں انفیکشن کی تشخیص ہوئی ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو کے پروسٹیٹ گلینڈ بڑھ گئے ہیں جنھیں آج ایک سرجری کے ذریعے ہٹا دیا جائے گا جس کے بعد ان کی تکلیف رفع ہوجائے گی۔

یاد رہے کہ 8 اکتوبر 2023 سے غزہ پر مسلسل بمباری کرکے 45 ہزار سے زائد خواتین، بچوں اور شہریوں کو شہید کرنے والے نیتن یاہو مختلف عارضوں میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

مسلسل بیماریوں کے شکار اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی رواں برس مارچ میں ہرنیا کا آپریشن ہوا تھا جب کہ گزشتہ برس جولائی میں ان کے دل میں پیس میکر لگایا گیا تھا۔

بھارت: کلاس میں فحش مواد دیکھتے ہوئے پکڑے جانے پر استاد مشتعل، طالب علم پر بدترین تشدد

بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک پرائیویٹ اسکول میں 8 سالہ لڑکے نے استاد کو اپنے موبائل فون پر فحش مواد دیکھتے ہوئے دیکھا جس پر اس نے طالب علم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ اتر پردیش کے علاقے جھانسی میں واقع ایک پرائیویٹ اسکول میں پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق ٹیچر کلدیپ یادو کو فحش مواد دیکھتے ہوئے دیکھ کر طلبا مبینہ طور پر ہنس رہے  تھے جس پر غصے میں آکر ٹیچر نے لڑکے کو مارا۔

تشدد کا شکار لڑکے کے والد جے پرکاش نے کہا کہ استاد نے میرے بیٹے کو بالوں سے پکڑا اور اس کا سر دیوار سے مارا جس سے بچے کے کان پر چوٹیں آئیں، ان کے مطابق  ٹیچر نے گالیاں بھی دیں  اور مبینہ طور پر بچے کو چھڑی سے مارا، میں نے پولیس اسٹیشن میں واقعے کی شکایت درج کرا دی ہے۔

پولیس نے بچے کے والد کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا اور ملزم ٹیچر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔

سپرنٹنڈنٹ رورل پولیس گوپی ناتھ سونی نے کہا کہ اسکول میں  تشدد کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں ایک 8 سالہ بچے کو اس کے کلاس ٹیچر نے مارا پیٹا، لڑکے کے والد کی شکایت کی بنیاد پر ہم نے ٹیچر کو حراست میں لے لیا ہے۔

بیرون ملک پاکستانیوں نے زیادہ پیسے بھیج کر سول نافرمانی کی کال مسترد کردی، مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 11 ماہ میں 31 فیصد زیادہ پیسے بھیج کر سول نافرمانی کی کال مسترد کردی ہے۔

سال 2024 کے پہلے 11 ماہ میں ترسیلات زر میں مزید 31 فیصد اضافے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب بیرون ملک مقیم پاکستانی جھوٹ فریب اور فراڈیوں کے جھانسے میں آنے والے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مار دو ، جلا دو ، گالی گلوچ ، غنڈہ گردی ، جھوٹ فراڈ سول نافرمانی کی کالز  سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، نو مئی کے مجرموں سے ملک کی ترقی ، سنبھلتی ہوئی معیشت عوام کی خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی جس کو چار سال میں تباہ و برباد کر کے گئے تھے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نو مئی کے مجرم، ملک کو لوٹنے والے چور اور ملک کو جلانے والے بہروپیے  کسی رعایت کے مستحق نہیں، اوورسیز پاکستانی سنبھلتی ہوئی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں کبھی دوسروں پہ جھوٹے الزامات، کھبی سائیفر کا فراڈ ہر بات پہ جھوٹ ، اب کوئی ماننے والا نہیں، “امریکہ نے میری حکومت گرائی” سے “امریکہ  مجھے بچالو” ! کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ جو پاکستان کی معیشت مضبوط بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت مبارکباد کی مستحق ہے، آٹھ ماہ میں مہنگائی کی رفتار 38 سے کم کرکے 4 فی صد اور پالیسی ریٹ 22 سے 13 فی صد پر آنا معجزے سے کم نہیں ہے۔

ٹیم سے باہر شاداب نے اسپن بالنگ کی دھاک بٹھانے کیلئے سُسر کی خدمات لے لیں

طویل عرصے سے قومی ٹیم سے باہر قومی کرکٹر شاداب خان نے اپنی اسپن بالنگ کی دھاک بٹھانے کیلئے سُسر ثقلین مشتاق کی خدمات لے لیں۔


فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر قومی کرکٹر شاداب خان نے اپنے سُسر اور سابق کرکٹر ثقلین مشتاق سے باؤلنگ کی کوچنگ کی تصاویر و ویڈیو شیئر کیں جس میں وہ اپنی بالنگ کو زیادہ موثر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

کرکٹر کی جانب سے شیئر کی گئی فوٹیج میں ثقلین مشتاق کو شاداب خان کی کوچنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ثقلین مشتاق نے شاداب کو ایک ہاتھ سے باؤلنگ کی پریکٹس بھی کروائی جبکہ بالنگ بہتر کرنے کیلئےے ٹپس بھی دیں۔

کیشن میں لیگ اسپنر شاداب خان نے لکھا کہ ایک بہترین شخص سے سیکھ رہا ہوں۔

جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ آج ہو گا

جماعت اسلامی پاکستان کے تحت فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور غزہ کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ آج ہو گا۔

سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  وفاقی دارالحکومت میں آج ہونے والے غزہ ملین مارچ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے تاریخی غزہ ملین میں خواتین ، بچے بھی شریک ہوں گے، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن غزہ ملین مارچ کی قیادت کریں گے،

بیان کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے ، حافظ نعیم الرحمن چار بجے سہ پہر غزہ ملین مارچ سے خطاب کریں گے،

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اہل غزہ کے مصائب ، پریشانیوں میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

17 سال سے ریڈ بک کا انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر گرفتار

ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی میں 17 سال سے مطلوب ریڈ بک کا انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر گرفتار کرلیا۔

ملزم کی شناخت امجد علی کے نام سے ہوئی جس کا تعلق گوجر خان سے ہے، ملزم کے خلاف 2007 میں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

ملزم کا نام ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلروں میں شامل تھا، ملزم ویزا فراڈ کر کے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔

ملزم کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا جس کی بنیاد پر ملزم کو گرفتار کیا گیا، ملزم کو بعد ازاں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی منتقل کر دیا گیا جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔