دوسروں کا مذاق اُڑانے والے عرفان اپنے کرکٹر کیساتھ ناروا سلوک پر بھڑک اُٹھے

پاکستان کی شکستوں پر ٹیم کا مذاق اُڑانے والے بھارت کے سابق کرکٹر اور فاسٹ بولر عرفان پٹھان دورہ آسٹریلیا کے دوران ویرات کوہلی کیساتھ پیش آئے واقعات پر بھڑک اُٹھے۔

اسٹار اسپورٹس کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے عرفان پٹھان نے آسٹریلوی میڈیا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے واقعات کو کرکٹر کی بےعزتی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی میڈیا، اخبارات کے علاوہ کچھ سابق کرکٹرز بھی دوہرے معیارات رکھتے ہیں، پہلے ویرات کوہلی کو کنگ کہتے تھے لیکن اب انہوں نے تھوڑے ایگریشن کا مظاہرہ کیا تو انہیں جوکر کہہ ڈالا، یہ دوہرا معیار ہے۔

عرفان پٹھان نے کہا کہ 19 سالہ سیم کونسٹاس کیساتھ پیش آئے واقعے کی حمایت نہیں کرتا لیکن مجھے لگتا کرکٹ میں ایسا ہوجاتا ہے تاہم ‘کنگ’ کہنے سے ایک لمحے میں ‘جوکر’ کیسے بن سکتے ہیں؟ وہ کرکٹ کو مقبول کرنیوالوں میں شمار ہیں۔

قبل ازیں ٹیسٹ کے آغاز پر 19 سالہ آسٹریلوی اوپنر سیم کونسٹاس نے غیر معمولی بیٹنگ کرتے ہوئے 60 رنز بنائے تھے۔

میچ کے 10ویں اوور کے اختتام پر ویرات کوہلی اور سیم کونسٹاس کے آپس میں کندھے ٹکرا گئے جس پر دونوں کے درمیان تکرار ہوئی تاہم عثمان خواجہ اور امپائرز نے بیچ بچاؤ کروا دیا تھا۔

واقعہ کے بعد ویرات کوہلی کو تنبیہ کرتے ہوئے میچ فیس کا صرف 20 فیصد جرمانہ اور ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ دیا گیا۔

اس واقعہ کے بعد جمعہ کی صبح آسٹریلوی میڈیا نے اپنے اخباروں میں کوہلی سے متعلق جن الفاظ کا چناؤ کیا گیا وہ انتہائی نامناسب تھے اور ماضی میں تعریفوں کے باندھے گئے پُلوں کے یکسر 180 ڈگری مختلف تھے۔

آسٹریلوی میڈیا نے اخبارات میں کوہلی کو ‘مسخرہ’ اور جوکر کہہ کر پُکارا جبکہ ایک تصویر میں انکے منہ میں بچے کی فیڈر بھی دیکھائی گئی تھی۔

یوٹیوبر رجب بٹ کی سالگرہ پر دھماکا، دوست زخمی

معروف یوٹیوبر رجب بٹ کو اپنی سالگرہ کی تقریب میں ایک ناخوشگوار واقعے کا سامنا کرنا پڑا۔ سالگرہ کی تقریب میں عین کیک کاٹتے ہوئے دھماکا ہوگیا۔

یوٹیوبر رجب بٹ کے ستارے آج کل گردش میں ہیں اور گزشتہ ماہ ان کی شادی کے بعد سے ہی یوٹیوبر کو ایک کے بعد ایک ناخوشگوار واقعے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گزشتہ روز رجب کی سالگرہ کے موقع پر بھی ایک ایسا ہی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جب اس یادگار دن کیک کاٹتے ہوئے اچانک دھماکا ہوگیا۔ جس میں رجب بٹ کے کچھ دوستوں کو معمولی چوٹیں بھی آئیں۔

رجب بٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یوٹیوبر اپنی نئی نویلی دلہن، اہلخانہ اور دوستوں کے ساتھ اپنی سالگرہ منا رہے تھے کہ اچانک کیک کاٹتے ہوئے دھماکا ہوگیا۔

اس ناخوشگوار واقعے کے وقت رجب بٹ ٹک ٹاک پر لائیو تھے اس لیے ان کے تمام مداحوں نے بھی یہ واقعہ لائیو دیکھا۔ دھماکا گیس کے غباروں کے باعث پیش آیا جب رجب کے ایک دوست نے آگ کا لائٹر جلایا تو غبارے میں آگ لگ گئی جس سے زوردار دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔

کرم تنازع سے متعلق ایک فریق نے مشاورت کے لیے وقفہ مانگا ہے، بیرسٹر سیف

حکومت خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف  نے کہا ہے کہ کرم تنازع کے حل کے لیے جرگہ رات گئے تک جاری رہا جس میں دونوں فریقین کے درمیان عمومی طور پر اتفاقِ رائے ہو چکا تاہم صرف چند نکات پر مشاورت کے لیے ایک فریق نے 2 دن کا وقفہ مانگا ہے۔

پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میں کرم تنازعے کے حل کے لیے جرگہ رات گئے تک جاری رہا،  دونوں فریقین کے درمیان عمومی طور پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، صرف چند نکات پر ایک فریق نے مشاورت کے لیے دو دن کا وقفہ مانگا ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اہلسنت نے اپنے عمائدین اور عوام سے مشاورت کے لیے دو دن کا وقت مانگا ہے، جرگے نے باہمی مشاورت کے بعد دو دن کا وقت دے دیا ہے، دو دن کے وقفے کے بعد جرگہ منگل کو دوبارہ شروع ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جرگے میں تمام بڑے نکات پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، مشاورت مکمل ہونے کے بعد معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

مشیر اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت ایک صدی سے زائد پرانے تنازعے کے مستقل اور پائیدار حل کے لئے پرعزم ہے،  وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور گرینڈ جرگے کی کوششوں سے تنازعہ حل ہونے کے قریب ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ  کمشنر کوہاٹ سمیت پوری انتظامیہ خلوصِ نیت کے ساتھ تنازعے کے خاتمے اور مستقل امن کے لیے کوششیں کر رہی ہے، وزیرِ اعلیٰ نے امدادی کارروائیوں کے لیے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کر دیا ہے،  ادویات پہنچانے سمیت عوام کو فضائی سروس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

راولپنڈی: گیس پائپ لائن میں آگ لگ گئی

راولپنڈی کے علاقے شکریال میں گیس پائپ لائن میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو پالیا گیا۔

حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اس مقام پر پہنچے اور علاقے کو کارڈن آف کر کے عوام کی نقل حرکت محدود کر دی۔

انہوں نے بتایا کہ گلی میں نالے کے اندر پائپ لائن سے گیس لیکج تھی جس کے باعث آگ لگی، ریسکیو ٹیموں  نے جائے وقوع پر پہنچ کر بروقت کارروائی کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت علاقہ محفوظ رہا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ فائر فائٹرز نے 3 فائر ٹینڈرز کی مدد سے فوری طور پر آگ پر قابو پایا۔

ریسکیو 1122 نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے محکمہ ہر وقت الرٹ ہے۔

بیٹے کی پہلی ٹیسٹ سینچری؛ والد خوشی سے نہال ہوکر رو پڑے

بھارتی کرکٹر نتیش کمار ریڈی کے والد اپنے بیٹے کی مشکل وقت میں بنائی گئی پہلی ٹیسٹ سینچری پر خوشی سے رو پڑے۔

میلبرن میں آسٹریلیا کے خلاف جاری چوتھے ٹیسٹ کے تیسرے روز ریڈی نے سنچری بناکر ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالنے کی کوشش کی، انہوں نے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 189 گیندوں پر 114 رنز بنائے۔

نتیش کمار ریڈی آسٹریلیا میں ٹیسٹ سنچری بنانے والے بھارت کے تیسرے کم عمر ترین کرکٹر بننے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

آسٹریلیا کیخلاف میلبرن ٹیسٹ میچ کے دوران کرکٹر کے والد موٹیالا ریڈی بھی کراؤڈ میں موجود تھے، جنہوں نے اپنے بیٹے کی سنچری کا بھرپور جشن منایا ، ان کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے۔

انھوں نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ یہ ہماری فیملی کیلیے بہت ہی خاص دن ہے، ہم اپنی پوری زندگی میں اسے نہیں بھول پائیں گے، نتیش 14، 15 ایج گروپ کی کرکٹ سے پرفارم کررہا ہے، اب انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی صلاحیتوں کا اظہار کیا جس پر میں بہت زیادہ خوش ہوں۔

’رواں برس کامیاب آپریشنز کے دوران خارجیوں سمیت 925 دہشت گردوں کو واصلِ جہنم کیا گیا‘

سیکیورٹی فورسز نے رواں برس کامیاب آپریشنز کے دوران خارجیوں سمیت 925 دہشت گردوں کو واصلِ جہنم کیا گیا اور سیکڑوں افراد گرفتار بھی کیے گئے۔

پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑی ہے، اس جنگ میں افواجِ پاکستان نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سال2024 کے دوران مجموعی طور پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں اور اُن کے سہولت  کاروں کے خلاف   59 ہزار 775 مختلف نوعیت کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے۔

ان کامیاب آپریشنز کے دوران 925دہشتگردوں بشمول خوارج کو واصلِ جہنم کیا گیا اور سینکڑوں گرفتار کئے گئے، گزشتہ 5 سالوں میں کسی ایک سال میں مارے جانے والے دہشتگردوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔

دہشتگردی کے اس ناسور سے نمٹنے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر169سے زائد آپریشنز افواجِ پاکستان،  انٹیلی جنس، پولیس  اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اَنجام دے رہے ہیں۔

اس حوالے سے انٹیلی جنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز کے بروقت اقدامات کی وجہ سے دہشتگردی کے کئی منصوبوں کو کامیابی سے ناکام بنایا۔

قانون  نافذ  کرنے  والے  اداروں  کو  دُشمن کے نیٹ ورکس پکڑنے اور دہشتگردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں بھی اہم کامیابیاں ملی۔

ان کارروائیوں میں دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں بیرونی ساختہ اسلحہ وگولہٰ بارود بھی برآمد کیا گیا، ان آپریشنز کے دوران73  انتہائی  مطلوب  دہشتگردوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔

اس کے ساتھ ساتھ دہشتگردی میں ملوث 27افغان دہشتگردوں کو سیکیورٹی فورسزنے نشانہ بناتے ہوئے جہنم واصل کیا۔

بابراعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں 2 برس بعد پہلی نصف سنچری

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر اور سابق کپتان بابراعظم نے ٹیسٹ فارمیٹ میں 2 برس بعد نصف سینچری اسکور کرڈالی۔

سینچورین میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ تیسرے روز قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے ایک مرتبہ پھر فارم میں نظر آئے اور انہوں نے 2 برس کے طویل انتظار کے بعد نصف سینچری اسکور کی۔

ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں بابراعظم محض 50 رنز بناکر مارکو جینسن کا شکار بنے۔

بابراعظم نے 10ویں ٹیسٹ میچ میں اپنی نصف سینچری مکمل کی، انہیں اور مداحوں کو 2 سالوں کے دوران 19 اننگز تک اسوقت تک کا انتظار کرنا پڑا۔

اس سے قبل بابراعظم نے آخری ٹیسٹ ففٹی دسمبر 2022 میں بنائی تھی، اسی میچ کے دوران بابراعظم نے ٹیسٹ میں بھی 4 ہزار رنز مکمل کیے، اس طرح وہ تینوں فارمیٹ میں 4 ہزار یا زائد رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن چکے ہیں۔

کراچی، شہر بھر کے 11 مقامات پر مذہبی جماعت کا دھرنا جاری، متعدد شاہراہیں بند

شہر قائد کے 11 مختلف مقامات پر کرم واقعہ پر مذہبی جماعت کے دھرنے جاری ہیں، جس کے نتیجے میں کئی اہم شاہراہیں اور چوراہے بند ہیں۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، تاہم دھرنوں کے سبب متبادل راستوں پر بھی ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق نمائش چورنگی: مرکزی دھرنا جاری ہے، ابو الحسن اصفہانی روڈ، عباس ٹاؤن کے سامنے دونوں اطراف کی سڑکیں بند ہیں۔

نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی پر احتجاج کے باعث ٹریفک متاثر ہے، یونیورسٹی روڈ پر سمامہ شاپنگ سینٹر کے سامنے دھرنا دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شارع فیصل کالا چھپرا کے قریب دونوں اطراف کی سڑکیں بند ہیں، سرجانی ٹاؤن روڈ پر بھی مذہبی جماعت کی جانب سے دھرنا جاری ہے۔

شاہراہ پاکستان پر انچولی کے سامنے ٹریفک بند ہے، گلستان جوہر کامران چورنگی: چاروں طرف ٹریفک بلاک ہے۔

ناظم آباد نمبر 1، اور پاور ہاؤس چورنگی پر دھرنے کی وجہ سے آمد و رفت متاثر ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں گذشتہ شب بھی دھرنوں کے باعث اہم شاہراہوں اور متبادل راستوں پر بدترین ٹریفک جام رہا۔

شہری رات دیر تک ٹریفک میں پھنسے رہے، جبکہ گاڑیوں میں موجود افراد شدید مشکلات کا شکار ہوئے۔

آج ہفتہ وار تعطیل ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے، تاہم متبادل راستوں پر دباؤ بدستور موجود ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق دھرنوں کے باعث بند ہونے والی سڑکوں سے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

جنوبی کوریا، لینڈنگ کے دوران مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 85 افراد ہلاک

جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 85 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث پیش آیا۔ طیارہ رن وے سے اتر کر اطراف میں لگی باڑ سے ٹکرا گیا، جس سے طیارے میں آگ لگ گئی۔

حادثہ موان ایئرپورٹ پر پیش آیا، جو جنوبی کوریا کا ایک مصروف اور اہم ہوائی اڈہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار مسافر طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آرہا تھا۔ طیارے میں 175 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔

حادثے کے بعد دو افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے، جبکہ ایمرجنسی عملے نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے طیارے میں بھڑکنے والی آگ پر قابو پا لیا، جبکہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں

زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ایوی ایشن حکام اور ماہرین نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ میں لینڈنگ گیئر کی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا اور کہا کہ ایمرجنسی عملہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور زخمیوں کی فوری مدد کی گئی۔

حادثے کی تحقیقات مکمل ہونے پر مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ مسافروں کی فہرست اور ان کے اہل خانہ کو اطلاع دینے کا عمل جاری ہے۔ حکام نے ایئرلائنز کو حفاظتی معیارات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔

26 ویں آئینی ترمیم سے عدلیہ کی خودمختاری کو تحفظ ملا، رؤف عطا

 سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے آل پاکستان وکلا ایکشن کمیٹی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے 26 ویں آئینی ترمیم کی حمایت کا اعلان کردیا۔

صدر رؤف عطا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا سابق صدور قابل احترام ہیں تاہم انھیں سیاسی بیان بازی کے بجائے موجودہ قیادت کیساتھ بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔

ترمیم سے اختیارات کی منصفانہ تقسیم اور عدلیہ کی خودمختاری کو تحفظ ملا،غیر منتخب نمائندگان کی جانب سے ایسے بیانات قابل افسوس ہیں، ترمیم سے کوئی مسئلہ ہے تو ارکان پارلیمنٹ بات کر سکتے ہیں، فوائد کا علم نہ رکھنے والوں کیلیے یہ کہنا درست ہوگا کہ جہالت نعمت ہے۔