ڈراما سیریل ’بسمل’ کے اختتام پر حریم فاروق کا الوداعی نوٹ سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت گیا۔
مقبول ڈراما ’بسمل‘ میں امیر شخص کی دوسری بیوی بننے والی معصومہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ حریم فاروق کے کردار کو کافی سراہا جا رہا ہے، انہوں نے ڈرامے میں امیر شخص نعمان اعجاز کی کم عمر، خوبرو اور لالچی بیوی کا کردار ادا کیا۔
تنقید اور تعریفوں کے اس پورے سفر کا اختتام ہوچکا ہے لیکن اس سفر کا تجربہ کیسا رہا، حریم فاروق نے اپنے الوداعی نوٹ میں لکھ ڈالا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر حریم فاروق نے پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے معصومہ کے کردار کی جھلکیوں کا کولاج جاری کرتے ہوئے طویل کیپشن بھی لکھا۔
اداکارہ نے ڈرامے کا حصہ بننے اور اپنے کردار ’معصومہ’ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا،’ معصومہ ایک ایسا کردار جو کاغذ پر غلط لگا لیکن میرے دل میں بالکل درست محسوس ہوا۔ میں نے اس پروجیکٹ میں ایک اندھی چھلانگ لگائی تاکہ افسانوی اداکاروں، ایک بہترین ہدایت کار، اور شاندار پروڈکشن ہاؤس سے سیکھ سکوں’۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ،’مجھے لگا کہ یہ ایک زبردست سیکھنے کا تجربہ ہوگا، لیکن مجھے اندازہ نہیں تھا کہ یہ کردار اتنی محبت یا شاید نفرت (جو محبت کی بہترین شکل ہے) حاصل کرے گا۔ میرا رب بے حد مہربان ہے’۔
حریم نے اس ڈرامے کاحصہ بننے اور ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید لکھا کہ،‘میں “بسمِل” کی شاندار ٹیم کے لیے شکر گزار ہوں۔ میرے ڈائریکٹر جنہوں نے معصومہ میں جان ڈالی اور اس کردار کو منفرد بنایا۔ ہمارے مصنف زنجبیل کے لیے جنہوں نے ایسا کثیر الجہتی اور ناقابلِ فراموش کردار تخلیق کیا۔’
ساتھ ہی حریم نے ڈرامے کی اسٹار کاسٹ کا بھی شکریہ اداکرتے ہوئے مزید لکھا کہ،’سب سے آخر میں، لیکن سب سے اہم، آپ سب کا تہہ دل سے شکریہ کہ آپ نے میرے فن کو اتنا پیار اور عزت دی۔ میں ہمیشہ کے لیے آپ کے دیے گئے پیار کی مقروض ہوں’۔
حریم فاروق نے اپنے خوبصورت اور اعزازی نوٹ کا اختتام کرتے ہوئے مزید لکھا کہ،’میں معصومہ کو الوداع کہتی ہوں، میں بے حد شکرگزار ہوں اس محبت اور حمایت کی جو اس کردار کو ملی۔ شکریہ کہ آپ نے اسے اتنا خاص بنایا۔ اب وقت ہے اگلے پروجیکٹ کے لیے تیار ہونے کا—کیونکہ بہترین ابھی آنا باقی ہے!’۔
دوسری جانب اداکارہ کے کردار کو عوامی سطح پر بھی بے حد پذیرائی ملی ہے مداحوں کا کہنا ہے کہ حریم نے اس کردار کو بے خوفی سے نبھایا، جس کی وجہ سے معصومہ کا کردار بے حد نفرت انگیز بن گیا۔