بلاول بھٹو زرداری کا رنبیر کپور سے موازنہ، آئندہ کے ’ہینڈسم وزیرِ اعظم‘ قرار دیدیے گئے

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی نئی لُک کی سوشل میڈیا پر واہ واہ ہو رہی ہے۔

بلاول بھٹو کی جانب سے اپنایا گیا نیا انداز جیالوں سمیت نیٹیزنز کو خوب بھا گیا ہے اور صارفین ان کی تعریف کرنے پر مجبور نظر آ رہے ہیں۔

جہاں گزشتہ روز ملک بھر میں پاکستانی سیاست کی اہم رہنما، سابقہ وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی منائی گئی، وہیں ہر سال کی طرح اس سال بھی ان کے آبائی علاقے گڑھی خدا بخش میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس تقریب میں پی پی کی مرکزی قیادت عوام کے دکھ میں شامل نظر آئی، بلاول بھٹو زرداری نے بھی دھواں دار خطاب سے عوام کے دل گرمائے۔

بعد ازاں تقریب کے متعدد مناظر اور تصویریں سوشل پر بلاول بھٹو زرداری کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس پر شیئر کی گئیں۔

تقریب میں بلاول بھٹو زرداری نے سیاہ لباس، سیاہ لانگ کوٹ اور سرمئی رنگ کا صافہ پہنا ہوا تھا، ان کی ڈریسنگ، بالوں کے اسٹائل اور چہرے پر لگے کالے چشمے نے انٹرنیٹ صارفین کو بالی ووڈ چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی یاد دلا دی۔

اسکرین شاٹس
اسکرین شاٹس 

بلاول بھٹو کی جانب سے یہ منفرد اور خوبصورت انداز پہلی بار اپنایا گیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر ناصرف ان کا رنبیر کپور سے موازنہ کیا جا رہا ہے بلکہ کچھ جیالے تو انہیں مستقبل کا ’ہینڈسم وزیرِاعظم‘ بھی قرار دے چکے ہیں۔

آذربائیجان طیارہ حادثہ، روسی صدر پیوٹن نے معافی مانگ لی

روسی فضائی حدود میں مسافر طیارے کو پیش آنے والے المناک حادثے پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے آذربائیجان کے صدر سے معافی مانگ لی۔

آذربائیجان ائیر لائن کا مسافر طیارہ 25 دسمبر کو قازقستان کے شہر اکتاو میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ طیارے کو روسی ایئر ڈیفنس نے غلطی سے مار گرایا تھا، تاہم اب اس حوالے سے صدر ولادیمیر پیوٹن کا باضابطہ بیان سامنے آگیا ہے۔

پیوٹن نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے رابطہ کیا اور روسی فضائی حدود میں پیش آنے والے المناک واقعے پر معذرت کی۔

انہوں نے ایک بار پھر متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

صدارتی محل کریملن کے ترجمان نے بتایا کہ اُس وقت شہر گروزنی، موزڈوک اور ولادیکاوکاز میں یوکرین کی طرف سے فضائی حملے کیے جا رہے تھے اور روسی دفاعی نظام نے ان حملوں کو پسپا کیا۔

قبل ازیں صدر الہام علییف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ طیارہ روسی فضائی حدود میں بیرونی مداخلت کا نشانہ بنا تھا جس کے نتیجے میں مکمل کنٹرول ختم ہوگیا تھا۔

پسِ منظر

آذربائیجان ائیر لائن کا مسافر طیارہ 25 دسمبر کو باکو سے چیچنیا کے شہر گروزنی جاتے ہوئے قازقستان کے شہر اکتاو میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، حادثے کے نتیجے میں 38 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق طیارہ چیچنیا کے نیکولیوسکوئی گاؤں کے قریب پھنس کر رہ گیا تھا، ابتدائی طور پر پائلٹس کا خیال تھا کہ پرندہ ٹکرانے سے طیارےکو نقصان پہنچا ہے۔

بعدازاں فلائٹ کمانڈر نے بتایا کہ گروزنی میں کارپٹ پلان کی اطلاع دی گئی تھی، کارپٹ پلان ایمرجنسی کی صورت میں فضائی حدود بند کرنے کا پروٹوکول ہے، تب تک طیارے میں خرابی کی اطلاع اور رخ تبدیلی کرنے کی درخواست کی جا چکی تھی۔

سربراہ روسی فیڈرل ائیر ٹرانسپورٹ ایجنسی دیمتری یادروف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حادثے کے روز گروزنی میں پیچیدہ صورتحال تھی، یوکرین کے لڑاکا ڈرون گروزنی اور ویلادیکاوکاز پر حملےکر رہے تھے۔

روسی میڈیا کا کہنا ہے طیارہ حادثے کے روز صبح کے وقت 3 لڑاکا ڈرون روکے گئے تھے جبکہ آذربائیجانی حکام کا کہنا ہے کہ گروزنی ائیر پورٹ کے قریب 2 پینٹسر ائیر ڈیفنس سسٹم نصب کیے گئے ہیں، مسافر طیارہ ممکنہ طور پر پینٹسر ائیر ڈیفنس سسٹم کا نشانہ بنا۔

نیوزاینکر کو گولی مار کر شوہر نے خودکشی کرلی

لبنان میں نیوزاینکر عبیر رحال کو اس کے شوہر خلیل مسعود نے عدالت میں گولی مار کر قتل کردیا بعد ازاں ملزم نے بھی خودکشی کرلی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی این این اے کے مطابق ملزم واردات کے فوری بعد عدالت سے فرار ہوگیا تھا بعد ازاں ایک گھنٹے بعد ایک وڈیو فیس بک پر شیئر کرکے خودکشی کرلی۔

نیوزاینکر عبیر رحال اپنے شوہر سے علیحدگی کی درخواست پر کارروائی مکمل کرنے کےلیے عدالت میں موجود تھیں، جوڑے کے تین بچے تھے۔

قاتل خلیل مسعود نے فیس بک اکاونٹ پر شیئر کی جانے والی وڈیو میں قتل کی وجہ مبینہ خیانت بتائی اورغیرت کو محرک قرار دیا، سیکیورٹی اہلکاروں کو بعد میں اس کی لاش اس کی کار میں ملی۔

عالیہ بھٹ کی تربیت بیٹی میں نظر آنے لگی، ویڈیو پر سب کو خوشگوار حیرت

بالی ووڈ اداکار کی جوڑی رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی بیٹی راہا نے عوامی مقام پر ایسا کام کیا کہ سب حیران رہ گئے۔

انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ راہا کپور اپنی والدہ کی گود میں موجود ہے جبکہ وہاں پر اُس کے والد بھی ہیں۔

راہا کو دیکھ کر رپورٹرز (پیپرز) نے آوازیں دیں جس پر اُس بچی نے بہت ہی معصومانہ انداز سے ردعمل دیا اور اپنی ہتھیلی پر پیار کر کے رپورٹر کی طرف ہاتھ کر کے پھونک ماری۔ (فلائنگ کس دی)

اس کے بعد راہا نے ایک اور بار یہی حرکت دہراتے ہوئے وہاں موجود لوگوں کو خدا حافظ کہا۔

راہا کے اس انداز اور پُراعتمادی کو دیکھ کر سب حیران رہ گئے اور انہوں نے عالیہ بھٹ کو اس کا کریڈٹ دیتے ہوئے اُن کی بڑی تعریف کی۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’راہا میں ماں کی تربیت اور باپ کی توجہ نظر آرہی ہے‘۔

میری عمر کے لوگوں کی شادیاں ہورہی ہیں اور میں موبائل کیلیے جدوجہد کررہی ہوں، اداکارہ کا شکوہ

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ نے اپنی عمر اور کامیابیوں کا دیگر سے موازنہ کیا ہے۔

متعدد پاکستانی ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری کی وجہ سے انڈسٹری میں نام بنانے اور مداحوں کے دلوں کی دھڑکن بننے والی اداکارہ سحر خان نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں خود کا مزاحیہ انداز سے دیگر سے موازنہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری عمر کے لوگوں کی شادیاں ہورہی ہیں اور میں موبائل فون کی میموری میں جگہ بنانے کی جدوجہد کررہی ہوں کہ کون سی تصویر یا ایپلیکشن کو ڈیلیٹ کروں‘۔

اُن کی اس اسٹوری پر مداحوں کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا اور متعدد نے انہیں موبائل فون تبدیل کرنے کا مشورہ دیا۔ کچھ تو ایسے بھی تھے جنہوں نے اداکارہ سے کہا کہ وہ اپنے لیپ ٹاپ میں تصاویر محفوظ کرلیں۔

ان میں سے کچھ صارفین ایسے تھے جنہوں نے کہا کہ ’آپ شادی کے بارے میں سوچنا شروع کریں تو پھر ہوجائے گی‘۔

مشہور اداکارہ چل بسیں

1968 کی مشہور فلم رومیو اینڈ جولیٹ میں جولیٹ کا کردار ادا کرنے والی اولیویا ہسی ایزلے 73 برس کی عمر میں انتقال کر گئی۔

اولیویا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا کہ اداکرہ 27 دسمبر کو اپنے گھر انتقال کر گئی۔ انہوں نے اپنے سوگواران میں 35 سالہ شوہر ڈیوڈ گلین ایزلے اور تین بچوں ایلکس، میکس اور اِنڈیا کو چھوڑا ہے۔

اولیویا 17 اپریل 1951 کو ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں پیدا ہوئیں اور رومیو اینڈ جولیٹ کے بعد شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔

ان کا ادا کیا گیا جولیٹ کا کردار فلم بینوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر نماز کی مبینہ توہین پر رجب بٹ مشکل میں پھنس گئے، عدالت کا بڑا اقدام

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی نے سوشل میڈیا پر نماز کی بے حرمتی کرنے کیخلاف یوٹیوبر و دیگر کو نوٹس کاری کردیئے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی کے روبرو سوشل میڈیا پر نماز کی بے حرمتی کرنے سے متعلق یوٹیوبر رجب بٹ کیخلاف ایڈوکیٹ ریاض علی سولنگی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ رجب بٹ نے شعائر اسلام کی بے حرمتی کرکے مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے۔

عدالت نے يوٹیوبر رجب بٹ و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے ایس ایچ او تھانہ حیدری سے رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایس ایچ او اس معاملے پر 13 جنوری تک تحقیقاتی رپورٹ جمع کروائیں۔

وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کے سلسلے میں صلاح مشورے مکمل، کابینہ میں اہم ترین شمولیت

وفاقی کابینہ فی الوقت 18 ارکان پر مشتمل ہے جبکہ حکومت کے قلم دانوں کی مجموعی تعداد 33 ہے وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے ضروری صلاح مشورے مکمل کر لیے۔

دو وزرائے مملکت، تین خصوصی معاونین اور ایک مشیر وفاقی حکومت کا حصہ ہیں کابینہ میں اہم ترین شمولیت وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر سید توقیر شاہ کا اضافہ ہوگا۔

جو ان دنوں عالمی بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں، انہیں گزشتہ سال نومبر میں چار سال کے لیے اس منصب پر مقرر کیا گیا تھا اور سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ان کا استعفیٰ منظور کرکے واشنگٹن میں بینک کی ذمہ داری قبول کرنے کی اجازت دیدی تھی۔

ڈاکٹر سید توقیر شاہ وفاقی کابینہ میں مکمل وزیر کے درجے پر فائز ہوں گے انہیں وزیراعظم کامعاون خصوصی (مشیر) مقرر کیا جائے گا، ڈاکٹر توقیر شاہ کی و وزیر اعظم سے پیر یا منگل کو ملاقات ہوگی جس میں حتمی طور پر طے ہو جائے گا۔

نئے آنے والے وزراء میں بیرسٹر عقیل ملک، سینیٹر طلال بدر چوہدری، اقلیتی سینیٹر خلیل طاہر سندھو، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اورحنیف عباسی شامل ہیں۔

ن لیگ کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں کہ وہ یک طرفہ فیصلے کرے، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ کو کامیابی کے ساتھ حکومت کرنی ہے تو اسے اتفاق رائے سے فیصلے کرنے ہوں گے، وہ سمجھتی ہے ان کے پاس دو تہائی اکثریت ہے اور انہیں کسی سے پوچھنے کی ضرورت نہیں۔

لاڑکانہ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ پانی ہر کسی کا بنیاد حق ہے وفاق کی جانب سے صوبوں کو ان کا حق ملنا چاہیے، ہم نے معاہدے کے تحت ن لیگ کے وزیراعظم کو ووٹ دیا امید ہے ہماری شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ سے طے ہوا تھا کہ صوبوں کا پی ایس ڈی پی مل کر بنائیں گے مگر چھوٹے صوبوں کے ساتھ وفاق کا رویہ اچھا نہیں، ہم سے وعدہ کیا گیا کہ سندھ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز دیے جائیں گے۔

انہوں ںے کہا کہ ن لیگ سمجھتی ہے ان کے پاس دو تہائی اکثریت ہے اور انہیں پوچھنے کی ضرورت نہیں، ن لیگ کے پاس اتنی اکثریت نہیں کہ وہ یک طرفہ متنازع فیصلے کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ نہریں نکالنے کا فیصلہ بھی کالاباغ ڈیم کی طرح یک طرفہ فیصلہ ہے، اس کے خلاف احتجاج کا آغاز سندھ سے نہیں کے پی سے ہوا تھا ہم نے اس متنازع فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہونے دیا، ن لیگ کو کامیابی کے ساتھ حکومت کرنی ہے تو اسے اتفاق رائے سے فیصلے کرنے ہوں گے۔

سلمان خان سے ڈیٹنگ کے سوال پر پریتی زنٹا کا ردعمل

بالی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے سلمان خان سے ڈینٹنگ کے سوال پر  ایسا جواب دیا کہ صارف کی بولتی بند کرادی۔

اداکارہ پریتی زنٹا نے سال 1998 میں فلم ’دل سے‘ سے بالی وڈ کی دنیا میں قدم رکھا جس کے بعد متعدد فلموں میں اپنی شاندار اداکاری سے بھارتی فلم نگری میں خاص پہچان بنا لی۔

ان کی مشہور فلموں میں ’سولجر‘، ‘چپکے چپکے‘ ، ’دل ہے تمہارا‘ ، ’کل ہو نہ ہو‘ اور ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ شامل ہیں جسے کئی سال گزرنے کے بعد آج بھی مداح انکے کردار کو فراموش نہ کرسکے۔

گزشتہ روز 27 دسمبر کو سلمان خان نے اپنی 59ویں سالگرہ منائی، اور اس خاص دن کی مناسبت سے انہیں لاکھوں فینز اور شوبز شخصیات کی جانب سے ڈھیروں مبارکباد موصول ہوئیں۔

ایسے میں اداکارہ پریتی زنٹا نے بھی سلمان خان کو انکی سالگرہ کے موقع پر خاص وش کیا۔

 مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر اداکارہ نے سلمان خان کیساتھ ماضی کی چند تصاویر شیئر کیں جسکے ساتھ منسلک کیپشن میں اداکارہ نے برتھ ڈے بوائے کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔

اداکارہ نے  کیپشن میں لکھا کہ،’سالگرہ مبارک ہو سلمان خان، صرف یہ کہنا چاہتی ہوں کہ میں تمہیں سب سے زیادہ پیار کرتی ہوں۔ باقی تم سے بات کر کے کہوں گی ….. اور ہاں، ہمیں مزید تصاویر لینے کی ضرورت ہے ورنہ میں یہی پرانی تصاویر پوسٹ کرتی رہوں گی!’۔

اداکارہ کی پوسٹ کو جہاں کئی صارفین نے پسند کیا وہیں ایک صارف نے حیران کن سوال کرڈالا۔صارف نے  اداکارہ سے سوال پوچھا کہ،’کیا آپ دونوں نے کبھی  ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا؟’

جسکے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ،’بالکل نہیں! وہ میرے خاندان کی طرح ہیں اور میرے قریبی دوست بھی، اور میرے شوہر کے دوست بھی ہیں .. اگر آپ سوچ رہے تھے تو ۔ سوری! مذاق کے بغیر رہ نہیں سکی‘۔

ایک اور صارف نے سوال کیا کہ ،’میرا ماننا ہے کہ یش جی کے ساتھ بالی وڈ رومانس کا دور ختم ہو گیا، کیا آج کے دور میں ہمیں کوئی اچھی بالی وڈ رومانس فلم دیکھنے کو مل سکتی ہے؟’

 جسکے جواب میں اداکارہ نے لکھا کہ،’میں بھی یہی سوچ رہی تھی۔ امید ہے کہ کوئی اچھی کہانی اور نئے خیالات کسی ایسے شخص سے آئیں گے جس کا دل صحیح جگہ پر ہو۔ میں بھی آپ کی طرح انتظار کر رہی ہوں۔’

لگے ہاتھوں ایک اور ایکس صارف نے سوال کیا کہ،’آپ مصروف دن کے بعد خود کو کس طرح آرام دیتی ہیں؟’

 اسکے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ،’جب آپ کے 3 سال کے جڑواں بچے ہوں، تو آرام کا کوئی وقت نہیں ہوتا۔ میں کوشش کرتی ہوں کہ جتنا ممکن ہو بچوں کے ساتھ موجود رہوں تاکہ جب کام کے لیے سفر کروں یا شوٹنگ پر جاؤں، تو زیادہ کمی محسوس نہ کروں۔’

یاد رہے کہ اداکارہ پریتی زنٹا سال 2016 میں گوڈینف کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں اور امریکہ چلی گئیں، بعدازاں اس جوڑے نے 2021 میں سروگیسی کے ذریعے جڑواں بچوں جیا اور جئے کا استقبال کیا۔

علاوہ ازیں سلمان خان کیساتھ انکے پراجیکٹس کی بات کریں تو پریتی زنٹا اور سلمان خان نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے، جس میں ’ہر دل جو پیار کرے گا’، چوری چوری چپکے چپکے’، ’دل نے جسے اپنا کہا’، ’جانِ من’ اور ’ہیروز’ شامل ہیں۔

جبکہ پریتی زنٹا ایک طویل وقفے کے بعد اداکاری میں واپسی کے لیے تیار ہیں، اور ان کی نئی فلم ’لاہور 1947’ ہے، جس کی ہدایتکاری راج کمار سنتوشی کر رہے ہیں۔ یہ پروجیکٹ پریتی کے کیریئر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، کیونکہ وہ کئی سالوں بعد سلور اسکرین پر واپس آ رہی ہیں۔