سیکیورٹی اداروں کو دھمکیاں : سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو 34 برس قید کا حکم

سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو سیکیورٹی اداروں اور الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے جرم میں عدالت نے 34 برس قید کی سزا سنادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلگت کی عدالت نے آج دھمکیاں دینے کے کیس کا فیصلہ سنادیا جس میں سابق وزیراعلیٰ پر چھ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

عدالت نے اپنے خالد خورشید کو گرفتار کرکے جیل منتقل کرنے اور ڈائریکٹر جنرل نادرا کو مجرم کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید تاحال مفرور ہیں اور مقدمے کی سماعت میں پیش نہیں ہوئے، ان پر 26 مئی 2024ء کو جلسے میں تقریر کے دوران سیکیورٹی اداروں، چیف سیکریٹری، چیف الیکشن کمشنر کو دھمکیاں دینے کے الزامات عائد ہوئے جس کے بعد ان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت سٹی تھانہ گلگت میں مقدمہ درج کیا گیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی موہن منجیانی مستعفی

ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی موہن منجیانی مستعفی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق موہن منجیانی نے اپنا استعفی اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیا ہے، وہ اقلیتی نشست پر منتخب ہوئے تھے۔

ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ موہن منجیانی نے استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر دیا جس پر انہوں نے پارٹی قیادت کو اعتماد میں بھی لیا ہے۔

کے پی میں اقلیتی عبادت گاہوں کو سولر سسٹم، اقلیتی طلبہ کو 10 کروڑ کی اسکالرشپس دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ کے پی نے صوبے بھر کی اقلیتی عبادت گاہوں کو سولر سسٹم دینے اور اقلیتی کمیونٹی کے طلبہ کو 10 کروڑ روپے کی اسکالرشپس فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سے ون مین کمیشن ان مائنارٹی رائٹس کے چئیرمین شعیب سڈل نے ملاقات کی۔ سیکریٹری اوقاف و مذہبی امور خیبر پختونخوا اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات میں صوبے میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعلی نے صوبے میں بسنے والے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے اہم اعلانات کیے۔

وزیراعلیٰ نے اقلیتی کمیونٹی کے بچوں کو صوبائی حکومت کے سروس ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں خصوصی ٹریننگ دینے کا اعلان کیا اس ٹریننگ سے اقلیتی کمیونٹی کے بچوں کو مقابلوں کے امتحانات کی تیاری میں مدد ملے گی۔

وزیر اعلی نے اقلیتی کمیونٹی کے طلبہ کو خصوصی اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا، اقلیتی طلبہ کو 100 ملین روپے کے اسکالرشپس دیے جائیں گے۔

وزیراعلی نے صوبے بھر میں قائم اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو سولر سسٹم فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

وزیر اعلی نے پولیس حکام کو اقلیتی رہنماؤں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی فورس تشکیل دینے کی ہدایت کی اور اقلیتوں عبادت گاہوں کو بھی فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے مختص پانچ فیصد کوٹے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی کی تعلیمی اداروں میں داخلوں کے لیے مختص دو فیصد کوٹا پر بھی عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی حکومت اقلیتوں کی ڈیڈ باڈیز کی ری سائیکلنگ کے لئے مشین فراہم کرے، وفاقی حکومت قرآن کے ضعیف نسخوں کو تلف کرنے کے لیے بھی درکار مشین فراہم کرے،  صوبے میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود صوبائی حکومت کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں تمام شعبوں میں یکساں مواقع کی فراہمی پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے، صوبے کی  تعمیر و ترقی اور یہاں بین المذاہب ہم آہنگی میں اقلیتوں کا اہم کردار رہا ہے، صوبائی حکومت اقلیتوں کے اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں بسنے والے اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔

عوام کو تکلیف ہو تو دھرنے ختم کرانا ہماری ذمے داری ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام کو تکلیف ہو تو دھرنے ختم کرانا ہماری ذمے داری ہے۔

ملیر ایکسپریس وے کے فضائی معائنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پرامن احتجاج سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ہم پُرامن احتجاج کی مخالفت نہیں کرتے، مگر مسئلے کو اچھے انداز کے ساتھ حل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں جو کچھ ہوا، وہ باعث افسوس ہے۔ ہم دھرنا دینے والوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ہم نے دھرنے والوں کو ایک مقام پر احتجاج کی پیش کش بھی کی۔ انتظامی اقدامات اور مذاکرات سے کراچی میں دھرنے ختم کردیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں جاری دھرنوں کی وجہ سے عوام کو شدید تکلیف پہنچ رہی ہیے۔ یہ پہلے ایک مقام پر تھا، اس کے بعد اسے بڑھا کر 12 مختلف مقامات تک پھیلا دیا گیا ہے۔ اگر لوگوں کو تکلیف ہوگی تو پھر دھرنے ختم کرنا ہماری ذمے داری ہے۔

تنقید کے باوجود کراچی میں بی آر ٹی منصوبوں پر کام جاری
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی اور آئی ایم ایف کی ہدایات کے باوجود کام کررہے ہیں۔ تنقید بہت ہو رہی ہے، مگر کراچی میں بی آر ٹی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ گراؤنڈ پر کام دیکھ کر خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ 6۔1 ارب ڈالرکے منصوبے کے لیے ورلڈ بینک نے یقین دہانی کروائی ہے۔ واٹر بورڈ ہمارے پاس کافی عرصے سے نہیں تھا۔ لائنیں پرانی ہیں لیکن کراچی کی آبادی بھی بڑھی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دریائے سندھ پر نئی کینال نکالنے پر سخت موقف دیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے لیے حب سے 200 ایم جی ڈی پانی کے لیے لی جائے گی۔ 100 ایم جی ڈی کی نئی کینال کا منصوبہ اگست تک مکمل ہوجائے گا۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ کے فور منصوبے کے لیے کینجھر سے لائننگ بنا رہے ہیں۔ کے بی فیڈر کی لائننگ کا کام سندھ حکومت کررہی ہے۔ کے بی فیڈر سے ٹھٹھہ اور جامشورو کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔ ہمارا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ سندھ کے حصے کا پانی کسی کونہیں دیں گے۔

دوہزار میں زیر سمندر آتش فشاں پھٹنے کی پیشگوئی، سائنسدانوں نے مقام بھی بتادیا

دوہزار میں کسی بھی وقت زیر سمندر موجود ایک آتش فشاں پھٹنے کے قریب ہے۔

ماہرِ ارضیات ولیم چاڈویک نے پیش گوئی کی ہے کہ اوریگون کے ساحل سے 470 کلومیٹر دور سمندر کے نیچے ایک کلومیٹر گہرائی میں ایک آتش فشاں جسے Axial Seamount کہا جاتا ہے، خطرناک سرگرمیوں کا اشارہ دے رہا ہے۔

چاڈوک اور ان کے ساتھیوں نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکن جیو فزیکل یونین کے اجلاس میں اپنے نتائج کی اطلاع دی۔

پچھلی دہائی سے متعدد آلات اس زیر سمندر آتش فشاں کی نگرانی کر رہے ہیں جس میں سمندری فرش پر کیبل کے ذریعے ڈیٹا وصول کرنا، جھٹکوں کو محسوس کرنا، ابھار آنا، جھکاؤ اور ریئل ٹائم ڈیٹا کی فراہمی شامل ہے۔

اسکریپس انسٹی ٹیوشن آف اوشینوگرافی میں ارضیاتی ماہر، مارک زمبرج نے کہا کہ یہ کرہ ارض پر سب سے بہترین جانچے جانے والا زیر سمندر آتش فشاں ہے۔

نومبر میں Axial کی ایک خاص کارروائی نے چاڈویک کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی تھی۔ Axial کی سطح تقریباً اتنی ہی اونچائی تک پہنچ گئی تھی جو 2015 میں اس کے پھٹنے سے کچھ عرصہ پہلے تھی۔ ابھار اس بات کی علامت ہے کہ میگما زیر زمین جمع ہو گیا ہے اور دباؤ بنا رہا ہے۔

نواز شریف کے پوتے کی شادی میں بھارتی شخصیت چند گھنٹے کیلیے آکر ممبئی واپس روانہ

نواز شریف کے پوتے کی شادی میں شرکت کے لیے بھارتی شخصیت چند گھنٹے کے لیے خصوصی طیارے پر لاہور پہنچی۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے پوتے زید حسین کی شادی میں شرکت کے لیے بھارت کی ایک بڑی کاروباری شخصیت خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچی۔

زید حسین کی شادی پر مبارک باد دینے والوں میں جہاں ملکی اور بیرون ملک کی بڑی شخصیات شامل ہیں، وہیں بھارت کے بڑے بزنس مین جندل اور ان کی فیملی بھی جاتی امرا پہنچے، جہاں وہ نواز شریف کے پوتے کی شادی میں شریک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی بزنس ٹائیکون جندل اور ان کی بیگم سنگیتا جندل خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے تھے، جس کے بعد وہ شادی میں شرکت کے لیے چند گھنٹے کے لیے جاتی امرا گئے اور پھر واپس روانہ ہو گئے۔

بھارت کی بڑی کاروباری شخصیت جندل اور ان کی فیملی نے نواز شریف اور ان کے خاندان کو شادی کی مبارک باد دی۔ یاد رہے کہ جندل اور ان کی فیملی گزشتہ روز خصوصی طیارے کے ذریعے چند گھنٹے کے لیے ممبئی سے لاہور پہنچی تھی۔

سالِ نو مبارک؛ نیوزی لینڈ میں شاندار اور رنگا رنگ آتش بازی کیساتھ نئے سال کا استقبال

نیوزی لینڈ میں رات کے 12 بجتے ہی شاندار آتش بازی اور رنگا رنگ جشن کے ساتھ سال نو 2025 کا آغاز ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سال 2025 کا آغاز سب سے پہلے بحر الکاہل کے نیم آباد علاقوں سے ہوا جس کے بعد نیوزی لینڈ اور پھر آسٹریلیا میں نئے سال نے قدم رکھا۔

سال نو کے پہلے بھرپورجشن کا اہتمام نیوزی لینڈ کا سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں کیا گیا تھا جہاں 12 بجتے ہی آسمان پر برق و نور کے نظارے پھوٹ پڑے۔

نیوزی لینڈ میں شاندار آتش بازی سے شہریوں نے نئے سال کا استقبال کیا۔ شہری بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور ہم آواز ہوکر کاؤنٹ ڈاؤن میں حصہ لیا۔

جیسے ہی گھڑیال نے 12 بجے کا ڈنکا بجایا۔ ہر طرف سے رنگا رنگ آتش بازی شروع ہوگئی۔ آسمان پر حسین اور دلکش مناظر دیکھنے کو ملے۔

نیوزی لینڈ کے بعد نئے کو خوش آمدید کہنے والی دوسری قوم آسٹریلوی ہیں جہاں تقریباً ہر بڑے شہر میں جشن سال نو کی تقاریب کا انتظام کیا گیا۔

جزائر غرب الہند میں جزیرہ کیرٹیمیسی نئے سال کا استقبال کرنے والا پہلا آباد جزیرہ ہو گا۔ یہاں کی آبادی تقریبا پانچ ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔

دنیا میں سال نو منانے والا سب سے آخری علاقہ امریکا کا ساموا ہوگا۔

ٓایشیائی ترقیاتی بینک پاور سیکٹر کیلئے 200 ملین ڈالر قرض دے گا، معاہدے پر دستخط

ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 200 ملین ڈالر قرض فراہم کرے گا، وزارت اقتصادی امور اور بینک کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

ترجمان اقتصادی امور کے مطابق معاہدے کے تحت ملنے والی رقم پاور سیکٹر کے لیے استعمال کی جائے گی، معاہدے سے بجلی کی تین تقسیم کار کمپنیاں استفادہ کرسکیں گی، تقسیم کار کمپنیاں لیسکو، میپکو اور سیپکو اس معاہدے سے مستفید ہوں گی۔

ترجمان کے مطابق وزارت اقتصادی امور کی جانب سے سیکریٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے معاہدے پر دستخط کیے، ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر اسد علیم نے دستخط کیے۔

کس ملک میں سب سے پہلے اور کہاں آخر میں سال نو کا آغاز ہوگا؛ دلچسپ اور حیران کن حقائق

سالِ نو کا آغاز وسطی بحر الکاہل میں واقعی جزائر پر مشتمل ملک کیریباتی اور اس کے سب سے بڑے جزیرے کیریتیماتی سے ہوا جس کے بعد نیوزی لینڈ اور پھر آسٹریلیا میں نئے سال کو شایان شان انداز سے خوش آمدید کہا جائے گا۔

دنیا میں جب میں پہلا علاقہ نئے سال کا جشن منا رہا تھا تو پاکستان میں اس وقت سہ پہر کے 3 بج رہے تھے۔

امریکا کے علاقے سمووا اور متعدد امریکی جزائر سال نو کا جشن منانے والے آخری مقامات ہوں گے۔

وقت کی اس تفریق کی وجہ انٹرنیشنل ڈیٹ لائن ہے جس کے باعث ایک ہی وقت میں اس کے دونوں اطراف دو مختلف تاریخیں ہوتی ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ دنیا میں 39 ٹائم زونز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایک دوسرے متصل کچھ پڑوسی ممالک کے درمیان بھی 15 سے 30 منٹ کا فرق ہوتا ہے۔

پاکستانی وقت کے مطابق آج 31 دسمبر کو 6 بج کر 30 منٹ پر آسٹریلیا دوسرا ملک ہوگا جو نئے سال کا جشن منا رہا ہوگا لیکن آسٹریلیا کی ہی ریاست کوئنزلینڈ اور 6 دیگر مقامات پر آدھے گھنٹے بعد یعنی سات بجے نیا سال کا تاریخی لمحہ نمودار ہوگا۔

آسٹریلیا کے ہی شمالی علاقے 7 بج کر 30 منٹ پر نئے سال کو خوش آمدید کہیں گے۔ آسٹریلیا کے مغربی علاقوں کے باسیوں کو مزید آدھے گھنٹے یعنی 8 بجے تک نئے سال کا انتظار کرنا ہوگا۔

تقریباً 8 بجے باری آئے گی جاپان، جنوبی کوریا، روس، شمالی کوریا، انڈونیشیا وغیرہ کی۔ ان ممالک کے کچھ علاقوں میں سال نو کی آمد کا سلسلہ رات 10 بجے تک جاری رہے گا۔

میانمار اور مغربی آسٹریلیا کے آئی لینڈ میں سال نو کا آغاز ساڑھے 10 بجے ہوگا جب کہ 11 بجے بنگلادیش، قازقستان، کرغزستان، بھوٹان اور بحر ہند کے جزائر میں سال نو کا جشن منایا جائے گا۔

نیپال میں11 بج کر 15 اور 11 بج کر 30 منٹ پر بھارت، سری لنکا میں نئے سال کا آغاز ہوگا۔

اس کے بعد پاکستان میں جشن سال نو آغاز ہوگا۔ آدھے گھنٹے بعد افغانستان اور ایک بجے  آذربائیجان، متحدہ عرب امارات، آرمینیا اور روس کے کچھ حصوں میں نئے سال کا آغاز ہوجائے گا۔

ایران میں نئے سال کا آغاز 1 بج کر 30 منٹ جب کہ 2 بجے روس کے دارالحکومت ماسکو، ترکیہ، سعودی عرب، عراق، ایتھوپیا، صومالیہ اور کینیا میں ہوگا۔

اسی طرح 3 بجے یونان، مصر، لبنان، روانڈا، رومانیہ اور 26 دیگر مقامات پر نیا سال شروع ہوگا۔

4 بجے باری آئے گی جرمنی، نائیجریا، الجزائر، اٹلی، بیلجیئم، مراکش، البانیہ اور فرانس کے علاقوں کی۔ 5 بجے برطانیہ، 6 بجے گرین لینڈ، برازیل، جنوبی جارجیا اور ساؤتھ سینڈوچ آئی لینڈز میں نیا سال شروع ہوگا۔

7 بجے برازیل، ارجنٹینا، چلی، یوروگوئے اور انٹار کٹیکا کے کچھ حصوں میں سال نو کا آغاز ہوگا۔ آدھے گنٹے بعد کینیڈا، وینزویلا وغیرہ میں بھی یہی مناظر ہوں گے۔

امریکا کی باری 9 بجے آئے گی۔ 10 بجے میکسیکو اور پھر 11 سے ایک بجے تک امریکا کی مختلف ریاستوں اور علاقوں میں نیا سال منایا جاتا رہے گا۔

پاکستانی تاریخ 2 جنوری بہ وقت ڈیڑھ بجے فرنچ پولی نیشیا کے آئی لینڈز میں، 2 بجے امریکی ریاست ہوائی، 3 بجے سہ پہر امریکی سمووا میں نئے سال کا آغاز ہوگا۔

دنیا میں سب سے آخر میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 4 بجے 2 جنوری کو امریکا کے غیر آباد جزائر بشمول بیکر آئی لینڈز اور ہاؤلینڈ میں نیا سال ہوگا۔

آصفہ بھٹو زرداری نئے سال کے موقع پر عوام سے براہ راست مخاطب

پاکستان کی خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری سالِ نو کے حوالے سے اپنے پیغام میں عوام سے براہ راست مخاطب ہوئیں۔

سابق وزیراعظم پاکستان بے نظیر بھٹو اور موجودہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر #SayNoToAerialFiring اور #CelebrateResponsibly کے ٹرینڈزکے تحت پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے عوام سے سال ِ نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے گریز کی اپیل کی ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری کی جانب سے پیغام کے ساتھ ہی مہم کو تیزی ملی اور سوشل میڈیا صارفین اس ٹرینڈ کا حصہ بن کر #SayNoToAerialFiring کا پیغام شیئر کررہے ہیں۔

آصفہ بھٹو زرداری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ نئے سال کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ سے گریز کریں۔ مہم کا مقصد ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں انسانی جانوں کو خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔

دوسری جانب عوام اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کی مہم کی تعریف کی جا رہی ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بھی آصفہ بھٹو زرداری کے پیغام کے تحت عوام سے ہوائی فائرنگ سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال نو خوشی کا موقع ہے ، ہوائی فائرنگ معصوم جانوں کو خطرے میں ڈالتی ہے۔ ہماری اجتماعی ذمے داری ہے کہ کہ نیا سال محفوظ اور خوشی سے منایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے۔ عوام محفوظ ماحول پیدا کرنے میں ہاتھ بٹائیں۔