دوسرا ٹی20؛ پاکستان کی آسٹریلیا کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ جاری

پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 21 رنز بنالیے۔

سڈنی میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے، آسٹریلوی اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، ابتدائی تین اوورز میں ہی ٹیم کا اسکور 52 رنز تک پہنچا دیا تاہم متھیو شارٹ 32 اور جیک فریزر میک گرک 29 رنز پر پویلین لوٹے جبکہ کپتان جوش انگس صفر پر ساتھ چھوڑ گئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں گلین میکسویل 21، مارکس اسٹوئنس 14، ٹم ڈیوڈ 18، آرون ہارڈی 28، زیویئر بارٹلیٹ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4، عباس آفریدی نے 3 جبکہ سفیان مقیم نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر بابراعظم 3 جبکہ صاحبزادہ فرحان 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ اور اسپینسر جانسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میچ میں فتح کیساتھ سیریز اپنے نام کرنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیریز برابر کرنا پہلا ہدف ہے، انہوں نے کا کہ پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے حسیب اللہ خان کی جگہ سفیان مقیم کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

کپتان محمد رضوان، بابراعظم، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان، سلمان آغا، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ، سفیان مقیم

آسٹریلیا کا اسکواڈ:

کپتان جوش انگلس، جیک فریزر میک گرک، میٹ شارٹ، گلین میکسویل، ٹم ڈیوڈ، مارکس اسٹوئنس، آرون ہارڈی، زیویئر بارٹلیٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زمپا، اسپینسر جانسن

سابق ورلڈ چیمپئین مائیک ٹائسن کو جیک پال نے ہرادیا

باکسنگ لیجنڈ اور سابق عالمی ہیوی ویٹ چیمپیئن مائیک ٹائسن کو یوٹیوبر سے باکسر بننے والے جیک پال نے ہرادیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹ فلکس فائٹ کے اہم معرکے میں 19 سال بعد باکسنگ ارینا میں واپسی کرنیوالے 58 سالہ سابق ہیوی ویٹ چیمپئن مائیک ٹائی سن پہلے ہی میچ میں شکست کھا گئے۔

ٹیکساس کے باکسنگ ارینا میں ہونے والے مقابلے میں جیک پال نے مائیک ٹائی سن کو شکست سے دوچار کیا۔

مائیک ٹائی سن کا مقابلہ اپنی عمر سے 31 برس چھوٹے باکسر جیک پال سے تھا۔

فائٹ کا فیصلہ پوائنٹس کی بنیاد پر جیک پال کے حق میں ہوا، 8 راؤنڈ کے مقابلے میں تینوں ججوں نے جیک پال کو فاتح قرار دیا۔

بھارتی کرکٹر نے اسٹینڈ میں بیٹھی خاتون تماشائی کے منہ پر گیند مار دی

بھارتی کرکٹر سنجو سیمسن کے چھکے کے باعث اسٹینڈ میں بیٹھی خاتون تماشائی کے منہ پر گیند جالگی۔

گزشتہ روز چوتھے ٹی20 میچ میں جنوبی افریقہ اور بھارت کی ٹیمیں جوہانسبرگ میں مدمقابل آئیں، اس میچ بھارتی اوپنر سنجو سیمسن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 56 گیندوں پر 6 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت نے یہ میچ جنوبی افریقہ کیخلاف باآسانی 135 رنز سے جیت لیا۔

سنجو سیمسن کی بیٹنگ کے دوران میچ کی پہلی اننگز کے 10ویں اوور میں ٹرسٹن اسٹبس کی گیند پر ایک چھکا لگایا اور گیند میدان سے باہر اسٹینڈ میں بیٹھی خاتون تماشائی کے منہ پر جالگی، جس کے باعث وہ زخمی ہوگئی۔

پرستار خاتون کو چوٹ لگنے پر انہیں فوراً برف لگائی گئی جبکہ بیٹر سنجو سیمسن بھی انتہائی معذرت خواہ نظر آئے۔

واقعہ کی ویڈیو شوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

آئی ایم ایف اعلامیہ جاری، معیشت میں حکومتی مداخلت کم کرنے پر زور

 آئی ایم ایف مشن کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں پاکستانی حکام کے ساتھ معاشی امور پر بات چیت کو مثبت قرار دیا گیا۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ قرض پروگرام کے اہداف پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت ہے۔

مشن چیف نیتھن پورٹر نے کہا ہے کہ قرض پروگرام کے اہداف پر سختی سے عمل درآمد عوام کا معیار زندگی بہتر کرسکتا ہے، حکومت ٹیکس نہ دینے والےشعبوں سےٹیکس آمدن بڑھانے کے لیےپرعزم ہے۔

اعلامیے کے مطابق مذاکرات میں وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں سے بھی بات چیت ہوئی، نجی شعبہ کے نمائندوں سے بھی تبادلہ خیال ہوا، جس کے دوران سماجی تحفظ اور ترقی میں صوبوں کےکردارکو بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی، پاکستان میں توانائی شعبےمیں اصلاحات اورچیلنجز پر خصوصی بات چیت کی گئی۔

مشن چیف نے کہا کہ حالیہ بات چیت آئی ایم ایف کے ششماہی جائزے کے لیے کی گئی،مذاکرات میں معاشی اصلاحات، پالیسیز اور  ترقی کے لیے حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایم ایف نے پاکستان سے مذاکرات کو مجوعی طور پر مثبت قرار دیتے ہوئے کئی شعبہ جات میں نجی شعبہ کا حصہ بڑھانے اور بعض شعبوں میں حکومت پاکستان کا حصہ محدود کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان سے  12 تا  15 نومبر مشن چیف نیتھن پورٹر کی سربراہی میں مذاکرات ہوئے جس میں پاکستانی حکام کا رویہ بڑا حوصلہ افزا اور معاون تھا۔ پاکستان حکام سے مذاکرات پر آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کو آگاہ کیا جائے گا اور وفد آئندہ سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں پھر پاکستان آئے گا۔

آرمی چیف سے استدعا ہے کہ بے گناہوں کو معاف کردیں، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آرمی چیف سے استدعا ہے کہ بے گناہوں کو معاف کردیں۔
جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت  کے لیے عدالت میں پیشی کے موقع پر  میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں 150 ملزمان ہیں ۔ کوئی ایک کہہ دے کہ میں کیس ملوث ہوں تو سزا لینے کو تیار ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف عاصم منیر سے استدعا ہے کہ بے گناہوں کو معاف کر دیں۔ سیاست دانوں کو بے شک ٹرائل کیا جائے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف قیامت ڈھانے والا ہے۔ 7سال قید سے 40 دن کا یہ چلہ بہت بھاری ہے۔ 40 دن مجھے غار میں رکھا گیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ میری صرف آئی کے سے دوستی ہے، تھی، ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔پی ٹی آئی کی 24 نومبر کال سے میرا کوئی تعلق نہیں۔  میں یہاں موجود نہیں تھا میرے خلاف شہادت بھی نہیں۔ کوئی حلف پرمیرے خلاف شہادت دے تو سزا دےد یں۔ اصل سزا قوم کو مل رہی ہے ۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جنرل عاصم سے درخواست کرتا ہوں کہ بے گناہ لوگوں کو معاف کر دیں،سیاستدانوں کا ٹرائل کریں، بے گناہ لوگوں کے لیے آپ عام معافی کا اعلان کریں۔ قوم مہنگائی کے چنگل میں جکڑی گئی ہے،  وہ باہر دورے پر ہیں ۔ کوئی عقیقے کی دعوت بھی دے تو شہباز شریف چلا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا خاتمہ اور عام معافی چاہتا ہوں ۔ اگر ہم گناہ گار ہیں تو سزا دیں۔ میرا کام میرا اور ان کا کام ان کا ہے۔ میں ملک میں استحکام چاہتا ہوں ۔ میں نے کبھی آرمی کے خلاف بات نہیں کی۔ میرے چلے میں مجھ پر تشدد نہیں کیا گیا لیکن جس غار میں رکھا اس نے بڑا ستایا ۔
شیخ رشید نے کہا کہ خواہش ہے کہ میرے تعلقات بہتر ہوں لیکن کسی نے رابطہ نہیں کیا ۔ پہلی مرتبہ ہے کہ انہیں میری ضرورت نہیں۔ میں اصلی اور نسلی ہوں۔

دیشا پٹانی کے والد کے ساتھ لاکھوں روپے کا فراڈ ہوگیا

بالی ووڈ  کی خوبرو اداکارہ دیشا پٹانی کے والد، ریٹائرڈ ڈپٹی ایس پی جگدیش سنگھ پٹانی مبینہ طور پر 25 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کا شکار ہو گئے۔

 بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پانچ افراد پر مشتمل ایک گروہ نے انہیں سرکاری کمیشن میں اعلیٰ عہدہ دلانے کا جھانسہ دے کر یہ رقم حاصل کی۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ بریلی کے کوتوالی پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے، نامزد ملزمان کے خلاد دھوکہ دہی، دھمکیاں دینے اور جبری وصولی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

 ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ کے والد سے 5 لاکھ روپے نقد اور 20 لاکھ روپے تین مختلف بینک اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کرائے گئے تاہم انہیں کوئی اعلیٰ عہدہ نہ ملا اور لوٹ لیا گیا۔

جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت، عمران خان سمیت دیگر پر فرد جرم پھر ٹل گئی

سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت  انسداد دہشت گردی عدالت میں جاری ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر پر فرد جرم تیسری بار بھی ٹل گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو شیخ رشید احمد، امجد خان نیازی، عمر تنویر بٹ، واثق قیوم، میجر طاہر صادق، عمر ایوب و دیگر  کے وکلا نے اپنے دلائل دیے۔
اس موقع پر پراسیکیوٹرز نے وکالت ناموں کے بغیر دلائل دینے پر اعتراض کرتے ہوئے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ صرف وہی وکلا دلائل دیں جنہوں نے وکالت نامے داخل کروا رکھے ہیں۔ پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا کہ مقدمے میں نامزد 102 ملزمان کے وکلا کے وکالت نامے ہی نہیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ملزمان کے کیسز کی پیروی کے لیے اسٹیٹ کونسل مقرر کرے۔
علاوہ ازیں شیریں مزاری اور شکیل نیازی و دیگر کے وکلا نے بھی اپنے دلائل مکمل کرلیے، جس کے بعد پراسیکیوشن کی جانب سے دلائل دیے گئے۔
سماعت سے قبل عدالت نے شاہ محمود قریشی کو بھی لاہور سے طلب کیا گیا تھا۔ انہیں چالان کی نقول دی جائیں گی۔ ان کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو بھی فرد جرم کے لیے عدالت نے طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ آج ہونے والی سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت میں بانی پی ٹی آئی سمیت تمام 125 ملزمان پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان تھا۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ فرد جرم عائد کیے جانے کی کارروائی کے لیے آج میں آیا ہوں۔ عدالت میں پیش ہوا ہوں، پچھلی دفعہ بھی پیش ہوا تھا۔ 24 نومبر کے حوالے سے ہماری تیاریاں جاری ہیں، احتجاج کریں گے اور ضرور کریں گے۔

جعلی ایف بی آر اہلکاروں نے اشیائے خوردونوش سے بھرا ٹرک لوٹ لیا

لاہور میں اصلی پولیس اہلکاروں نے جعلی ایف بی آر اہلکاروں کے ساتھ مل کر اشیائے خوردونوش سے بھرا ٹرک روک لیا۔

نوسربازوں نے ٹرک کو تھانہ ساندہ لے جا کر وہاں نوے لاکھ روپے مالیت کا سامان لوٹا اور چودہ لاکھ روپے رشوت بھی وصول کی۔ ایف آئی آر

پولیس  نے اے ایس آئی ماجد جہانگیر اور جعلی ایف بی آر انسپکٹر قیصر جوئیہ سمیت پانچ افراد کے خلاف تھانہ لوئر مال میں مقدمہ درج کرلیا جس میں اغواء، حبس بے جا میں رکھنے اور اختیارات سے تجاوز کی دفعات لگادی گئیں۔

پولیس کے مطابق تاجر نذیر کی درخواست پر تھانہ لوئر مال میں مقدمہ درج کیا گیا  جس میں بتایا گیا کہ ساندہ تھانہ کے اے ایس آئی ماجد جہانگیر اور جعلی ایف بی آر ٹیم نے واردات کی۔

پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

نداڈار، عالیہ ریاض سمیت 6 کرکٹرز پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمنز کرکٹ ٹیم کی پلیئرز کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ 2024-25 سیزن کیلئے 16 ویمنز کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہوگا۔

گزشتہ سال 20 کرکٹرز کو 2 سال کیلئے سینٹرل کنٹریکٹ دیے گئے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ 2023-24 کے سیزن کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

کپتان فاطمہ ثنا اور وکٹ کیپر بیٹر منیبہ علی کو اے کیٹگری میں ترقی دی گئی ہے جبکہ بائیں ہاتھ کی اسپنر سعدیہ اقبال اپنی حالیہ عمدہ کارکردگی کی بنا پر بی کیٹگری میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

اس سینٹرل کنٹریکٹ میں 3 نئی انٹریز گُل فیروزہ، رامین شمیم اور تسمیہ رباب  شامل ہیں۔ تسمیہ رباب نے پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کیا ہے جو  ان کے کریئر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔گل فیروزہ 2018 اور رامین شمیم 2022-23 کے بعد دوبارہ سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

اسی طرح ندا ڈار، عالیہ ریاض، انوشے ناصر، ایمان فاطمہ، شوال ذوالفقار اور سدرہ نواز کے سینٹرل کنٹریکٹ کی تجدید نہیں کی گئی ہے تاہم یہ تمام کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب رہیں گی۔

سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کی فہرست:

کیٹگری  اے: فاطمہ ثنا، منیبہ علی اور سدرہ امین۔

کیٹگری بی:  ناشرہ سندھو، سعدیہ اقبال

کیٹگری سی: ڈیانا بیگ، عمیمہ سہیل

کیٹگری ڈی: غلام فاطمہ، گل فیروزہ، نجیہہ  علوی، رامین شمیم، صدف شمس، سیدہ عروب، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن اور ام ہانی۔

چیمپئینز ٹرافی؛ شیڈول میں تاخیر کمرشل پارٹنرز میں بےچینی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول میں تاخیر کی وجہ سے کمرشل پارٹنرز میں بھی بےچینی بڑھنے لگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد میزبانی کو لیکر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول اور وینیوز کے حتمی اعلان میں تاخیر کررہا ہے۔

آئی سی سی کے ملٹی نیشنل پارٹنرز اور ایونٹ سے جڑنے والے مقامی اسپانسرز اس تاخیر کی وجہ سے اپنی برانڈ ایکٹیویٹیز اور کمرشل پلانز ترتیب دینے میں مشکلات کا شکار ہیں جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اِن تمام ملٹی نیشنل کمپنیوں سے طویل مدتی کروڑوں ڈالرز کے معاہدے کر رکھے ہیں۔

ایونٹ کے شیڈول کی تاخیر کی وجہ سے برانڈ ویلیو پر اثر پڑریا ہے، جس کی وجہ سے اسپانسرز اور کمرشل پارٹنرز شکوک میں مبتلا ہیں۔

پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے بعض مقامی اسپانسرز بھی ایونٹ کے مختلف سلاٹس کیلئے بات چیت کررہے ہیں تاہم تاخیر کی وجہ سے وہ اپنے معاہدے حتمی شکل نہیں دے پا رہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی 21 نومبر تک چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول اور وینیوز سے متعلق اہم اعلان کرسکتا ہے۔

چیمپئینز ٹرافی میں پاکستان آنے سے بھارتی ٹیم کے انکار کے بعد حکومت کے سخت موقف پر بھارتی بورڈ شدید ناراض ہے جبکہ ہائبرڈ ماڈل سے چیئرمین پی سی بی کے انکار انہیں مزید پریشان کردیا ہے۔