یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچنا شروع

یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس پہنچنا شروع ہوگئیں۔

کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی باشندوں کی میتیں مرحلہ وار مختلف ایئر پورٹس پر پہنچائی جارہی ہیں۔ حاجی احمد کی میت پرواز نمبر کیو آر0626 سے گزشتہ روز سیالکوٹ پہنچ گئی، محمد عابد کی میت پرواز نمبر کیو آر0626 سے آج دوپہر 2 بجے سیالکوٹ ایئر پورٹ پہنچے گی۔

رحمان علی کی میت پرواز نمبر کیو آر0626 سے یکم جنوری 2025ء کو دوپہر 2 بجے سیالکوٹ ایئرپورٹ پہنچے گی، عرفان ارشد اور محمد عبداللہ کی میتیں 2 جنوری کو دن 1 بجکر 10 منٹ پر پرواز نمبر کیو آر0620 سے دوحہ سے لاہور ایئر پورٹ پہنچیں گی۔

جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں یونان کے ایتھنز ایئرپورٹ سے پہلے دوحہ اوروہاں سے پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پرلائی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق کشتی حادثے میں 80 سے زائد افراد ڈوب گئے تھے جن میں سے 35 کے قریب پاکستانی تاحال لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔

فواد چوہدری کا انسداد دہشتگردی عدالتوں کے انتظامی جج کو خط، خدشات کا اظہار کردیا

فواد چوہدری نے انسداد دہشتگردی عدالتوں کے انتظامی جج کو خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے اپنے خلاف مقدمات کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد اور راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالتوں میں اپنے خلاف مقدمات کے معاملے پر فواد چوہدری نے انسداد دہشتگری عدالتوں کے انتظامی جج جسٹس ملک شہزاد کو خط لکھا ہے۔ یہ خط انسداد دہشتگری عدالتوں کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ اور دستاویزات کے حصول کے لیے لکھا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ میں اس وقت فیصل آباد اور راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے مقدمات کا سامنا کرہا ہوں۔ ہائی کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود ججز میڈیا اور عوام کو ٹرائل تک رسائی نہیں دے رہے۔ وکلا کو بھی کمرہ عدالت تک رسائی حاصل کرنے میں غیر ضروری دشواری کا سامنا ہے۔

فواد چوہدری نے خط میں کہا کہ مقدمے کی اس طرح کی کارروائیاں خدشات کو جنم دیتی ہیں۔چارج فریمنگ اور درخواستوں کے فیصلے کے لیے مناسب طریقہ کار پر عمل نہیں کیا جارہا۔ یہ اقدامات عدالتی عمل کی شفافیت کو مزید نقصان پہنچاتے ہیں۔

انسداد دہشت گردی عدالتوں کے انتظامی جج کے نام خط میں فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ متعدد بار درخواستیں دینے کے باوجود ٹرائل کورٹس اہم دستاویزات اور ثبوت فراہم نہیں کر رہیں۔ دستاویزات تک رسائی سے انکار ملزم کے منصفانہ ٹرائل اور موثر قانونی دفاع کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

انہوں نے خط میں استدعا کی کہ راولپنڈی اور فیصل آباد کے اے ٹی سی سے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی تحویل کی ہدایت دی جائے۔ ساتھ ہی دستاویزات، عدالتی احکامات اور شہادتی مواد ملزم کے وکیل کو دینے کی ہدایات دیں جائیں۔ خط میں فواد چوہدری نے کہا کہ اس معاملے پر آپ کی توجہ عدالتی عمل کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔

پی ایس ایل؛ ڈیرل مچل کے بعد 2 نامور کیوی کرکٹرز بھی ڈرافٹس میں شامل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کیلئے غیرملکی پلئیر ڈرافٹس میں نیوزی لینڈ کے مزید 2 سرکردہ کھلاڑیوں نے اپنے نام درج کروادیے۔

حال ہی میں انگلینڈ کیخلاف سیریز میں ٹیسٹ کرکٹر کو خیرباد کہنے والے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی اور جارح مزاج اوپنر مارٹن گپٹل نے پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن کیلئے غیر ملکی پلئیر ڈرافٹ میں اپنی آمد کی تصدیق کردی ہے۔

اس سے قبل انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے کھلاڑیوں پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سمیت دیگر لیگز میں شرکت پر پابندی کے باوجود لیگ کیلیے ناموں کی رجسٹریشن کروائی تھی، ان کرکٹرز میں فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی، جارح مزاج اوپنر جیسن رائے کے بعد ڈیوڈ ملان، سیم کرن اور ٹام کوہلر-کیڈمور شامل ہیں۔

انکے علاوہ دیگر ممالک کے سرکردہ کھلاڑیوں میں نیوزی لیںڈ کے ڈیرل مچل، جنوبی افریقی بیٹر رائلی روسو، زمبابوے کے کپتان سکندر رضا، آسٹریلوی وکٹ کیپر ایلکس کیری، بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان اور آل راؤنڈر شکیب الحسن شامل ہیں۔

پی سی بی اس سے قبل غیر ملکی پلئیرز ڈرافٹس میں شامل کرکٹرز میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی اور آسٹریلیا کے عثمان خواجہ کے نام کی تصدیق بھی کرچکا ہے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کیلئے پلیئرز کا ڈرافٹ 11 جنوری کو گوادر میں ہوگا۔

’ اگلے برس سرکاری حج اسکیم ختم، تمام کوٹہ پرائیویٹ آپریٹرزکو دیا جاسکتا ہے‘ ​​​​​​​

سیکریٹری وزارت مذہبی امور  نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے اگلے برس تمام حج پرائیویٹ آپریٹرزکے ذریعے ہو۔

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا عطا اللہ الرحمن کی ذیرصدارت  اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ذوالفقار حیدر   نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس سعودی عرب کی ہدایت پر کمپنیوں کی تعداد  500  سے کم کرکے162 کردی گئی، ہم چاہتے ہیں حکومت حج انتظامات سے نکل جائے۔

سیکرٹری وزارت مذہبی امور  نے کہا کہ ہوسکتا ہے اگلے برس تمام حج پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے ہو، پرائیویٹ حج آپریٹرز عدالت سے کیسز واپس لیں بصورت دیگر ان کا کوٹہ ختم کردیا جائے گا،  وزرات مذہبی امور میں پہلے  904 کمپینوں کو پرائیویٹ حج کے حوالے سے رجسٹرڈ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ  سعودی عرب نے اتنی کمیٹیوں پر پریشان ہوا، اس سال سعودی عرب نے 2 ہزار حج کوٹہ فی کمپنی  کردیا گیا جو 46 کمپنوں کو دیا گیا، سعودی عرب کی ہدایت پر پرائیویٹ حاجی اسکیم کے تحت حج کوٹہ 46 کمپینوں کو دیا گیا۔

نمائندہ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے بتایا کہ پرائیویٹ حج کے حوالے سے 80 شکایات جبکہ سرکاری حج  اسکیم کی 18 ہزار شکایات موصول ہوئی۔

ایڈیشنل سیکرٹری  نے کہا کہ سعودی حکام 904 کمپنوں کو ڈیل نہیں کرنا چاہتے، انہوں نے ہی کمپنیوں کو کم کرکے 46 کرنے کا حکم دیا، پرائیویٹ حج آپریٹرز سندھ ہائیکورٹ میں بھی گئے، عدالت نے اجلاس کے منٹس مانگے جس سے پرائیویٹ حج کوٹہ متاثر ہوگا، اگر معاملہ تاخیر کا شکار ہوا تو سعودی عرب پرائیویٹ کوٹہ منسوخ بھی کرسکتے ہیں۔ چار چھ اور دس دس کمپنوں ضم ہوکر ایک بنی اور 46 کمپنوں کو ایس ای سی پی میں رجسٹریشن ہوئیں۔

پرائیویٹ حج کے لئے پرائیویٹ آپریٹرز کی تعداد کم کرنے پر حج آپریٹرز اور مذہبی مور میں اختلافات دور کرنے پر اقلیتی رکن ڈاکٹر دنیش کمار  نے تجاویز دیں۔

مقدمہ واپس نہ لیا تو کوٹہ منسوخ ہو کر انڈیا یا افغانستان کو مل جائے گا

چیئرمین کمیٹی مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ ڈاکٹر دنیش حج پر اس طرح دلائل دے رہے ہیں جیسے انہوں نے چار حج کیے ہیں، ان کے ان ریمارکس پر قہقہے لگ گئے۔

دنیش کمار نے کہا کہ میں حج کے بارے میں معلومات رکھتا ہوں، میں تو سینٹ میں سود کے خلاف تقریر میں قرانی آیات کا حوالہ بھی دے چکا ہوں۔

سیکرٹری  نے بتایا کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے کمپنیوں کی تعداد کم کرنے کے خلاف مقدمہ واپس نہ لیا تو کوٹہ منسوخ ہو جائے گا، منسوخ شدہ کوٹہ انڈیا یا افغانستان کو چلا جائے گا،
سعودی عرب نے کوٹہ واپس لے لیا تو ہم اعتراض نہیں کریں گے۔

سینیٹ کمیٹی  نے کہا کہ وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ حج آپریٹرز مل بیٹھ کر کمپنیوں کا مسئلہ حل کریں، سیکرٹری  نے کہا کہ ہم سعودی عرب کی پالیسی کے خلاف نہیں جا سکتے، ان سے باقاعدہ معاہدہ ہوا ہے۔

سینیٹر ڈاکٹر افنان نے کہا کہ کوٹہ واپس ہو گیا تو اس سے ملک کی بہت بدنامی ہوگی، سیکرٹری نے کہا کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے اب تک وزارت مذہبی امور سے معاہدہ نہیں کیا، چار روز رہ گئے، معاہدہ نہ ہوا تو کوٹہ واپس ہو جائے گا۔سیکرٹری، پرائیویٹ حج کمپنیوں کی تعداد 904 سے بتدریج 46 کی گئی ہے۔

سیکرٹری  نے کہا کہ حج کمپنیوں کی تعداد سعودی عرب سے معاہدے اور ان کی ہدایت پر کم کی گئی ہے، حج کمپنیوں کی تعداد کم کرنے کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی، سعودی عرب سے معاہدے کے سبب وفاقی کابینہ اب اس حج پالیسی پر نظر ثانی نہیں کر سکتی۔

پرائیویٹ حج آپریٹرز نے کہا کہ ہم نے پرائیویٹ حج کے لیے سعودی عرب رقم ایڈوانس بھجوادی ہے، کمیٹی نے کہا کہ وزارت مذہبی امور سے معاہدہ کیے بغیر آپ کو حج کوٹہ نہیں ملے گا، اس طرح پرائیویٹ آپریٹرز کی  ایڈوانس بھجوائی گئی رقم ضائع ہو جائے گی،

کمیٹی نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز جلد از جلد وزارت مذہبی امور سے معاہدہ کر لیں، سیکرٹری نے کہا کہ اگر پرائیویٹ حج آپریٹرز نے وزارت سے معاہدے کے بغیر سعودی عرب رقم بھجوائی ہے تو یہ غیر قانونی عمل ہے۔

مولانا عطاالرحمن نے کہا کہ اسٹے واپس نہ ہوا تو اس سے کوٹہ واپس چلا۔جائے گا،
کوٹہ واپس ہونے سے ملک کی بہت بدنامی ہوگی۔

سابق خاتون اول بشری بی بی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئیں

سابق خاتون اول بشری بی بی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔

رپورٹ کے مطابق بشری بی بی  خیبر پختونخوا  پولیس کے پروٹوکول میں جیل آئی ہیں۔

سابق خاتون اول اڈیالہ جیل میں اپنے شوہر سابق وزیراعظم عمران کان سے ملاقات کریں گی۔

رپورٹ کے مطابق بشری بی بی کو کچھ دیر بعد جیل کے اندر جانے کی اجازت ملے گی

کے الیکٹرک کی فی یونٹ قیمت میں 4.98 روپے کمی کی درخواست، نیپرا سماعت 15 جنوری کو ہوگی

کے الیکٹرک نے نومبر 2024ء کیلئے ایف سی اے کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4.98 روپے کمی درخواست دی ہے جس پر نیپرا عوامی سماعت 15 جنوری کو کرے گی۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق پاور یوٹیلیٹی نے ایف سی اے میں 4.98 روپے فی یونٹ کمی کی استدعا کی ہے، نیپرا درخواست کی جانچ پڑتال کے بعد تحریری فیصلہ جاری کرے گی۔

ترجمان نے کہا ہے کہ یہ مسلسل تیسرا ایف سی اے ہے جس میں صارفین کو ریلیف دیا گیا ہے،
عوامی سماعت کے بعد نیپرا تھارٹی فیصلہ میں واضح کرے گی کہ ایف سی اے کس ماہ کے بل میں لاگو ہوگا، ایف سی اے کا انحصار عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور جنریشن مکس ہونے والی تبدیلی پر ہوتا ہے۔

لیویز فورس نے 72 غیر قانونی افغان شہری گرفتار کرلیے

چاغی : لیویز فورس چاغی نے 72 غیر قانونی افغان شہری گرفتار کرلیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے سرحد کو غیرقانونی طریقے سے پار کرکے چاغی آنے والے 72 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔

لیویز کے مطابق یہ کارروائی پاکستان میں غیر قانونی داخلے کو روکنے کے عزم کا مظہر ہے، تمام گرفتار شدہ افراد کو بارڈر کراسنگ براپچہ کے ذریعے افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔

لیویز کے مطابق ضلع میں امن قائم رکھنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری رہیں گے، یکم جنوری سے 31 دسمبر تک 3826 غیرقانونی باشندے گرفتار کیے گئے۔

پنجاب حکومت ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستاغ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ تجارت، تعلیم ، صحت، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازنے ترکیہ کو پاکستان کا عظیم دوست اور بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے عوام نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے جس پر شکر گزار ہیں۔ترکیہ بزنس کمیونٹی کے لیے ون ونڈو آپریشن کو مزید فعال بنایا جائے گا۔

قونصل جنرل ترکیہ درمش بستاغ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں جاری عوامی فلاح کے منصوبوں کو سراہا ۔  انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہیں۔

شراب کیساتھ اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ کرنے والا گرفتار

لاہور میں شراب کے ساتھ اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق راوی روڈ پولیس نے کارروائی میں شراب کی بوتل اور فلمی ڈائیلاگ کے ساتھ ہوائی فائرنگ کرنے والے کو گرفتارکرلیا۔ ملزم پابندی کے باوجود سرعام ہوائی فائرنگ کر رہا تھا۔ ملزم اکثرعلاقے میں ہوائی فائرنگ کرتا اور ویڈیو بنا کر تشہیر کرتا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی۔ ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایس پی سٹی نے ہوائی فائرنگ کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائی پر راوی روڈ پولیس کو شاباش دی۔ ایس پی سٹی کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا کا کہنا ہے کہ نیو ائیرنائٹ پر ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کرنے والے حوالات کی ہوا کھائیں گے۔

کراچی: جوہر موڑ کے قریب عمارت کا ایک حصہ منہدم، متعدد شہری محصور

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں جوہر موڑ کے قریب فلیٹ کا ایک حصہ گر گیا جس کے بعد متعدد شہری عمارت میں محصور ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق گلستان جوہر موڑ پر عمارت کا پہلی منزل کا حصہ روڈ پر گرا تاہم خوش قسمتی سے چھجا گرنے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس نے بتایا کہ فلیٹ نمبر اے 16 کا حصہ گرا ہے، فلیٹ کے نیچے دکانیں اور بینک موجود ہے۔

حکام کے مطابق جس وقت عمارت کا حصہ گرا، دکانیں  بند تھیں جب کہ بینک کا عملہ اندر محصور ہوگیا، بینک کے عملے میں مردوں کے ساتھ خواتین اسٹاف بھی اندر محصور ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی امدادی ٹیمیں بھی حادثے کے مقام پر پہنچ گئی ہیں۔