میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، بشریٰ بی بی

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے کہا ہے کہ  میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، عمران خان کا پیغام ہے کہ 24 نومبر کو پوری تیاری کے ساتھ نکلنا ہے۔ 

 پشاورمیں پاکستان تحریک انصاف کے اجلاس میں پہلی بار بشریٰ بی بی نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ  میرا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، میں صرف عمران خان کا پیغام پہنچانے کے لیے آج آئی ہوں۔

بشری بی بی نے کہا کہ عمران خان کا سیاسی پیغام ورکرز تک پہنچانا مشکل ہے، عمران خان کا پیغام ہے کہ 24 نومبر کو پوری تیاری کے ساتھ نکلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  خدشہ ہے 24 نومبر سے پہلے مجھے گرفتار کیا جائے گا، میں نے پارٹی کی قیادت نہیں کرنی، پارٹی لیڈر عمران خان ہے۔

بشری بی بی نے پردے میں رہتے ہوئے خطاب کیا اور ان کے خطاب کے وقت شرکاء کو موبائل فون بند کرنے کی ہدایات کردی گئی تھی۔

پی ٹی آئی کی 24 نومبر کے احتجاج کی حکمت عملی، اراکین پارلیمان کو خصوصی ٹاسک دیا گیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ اجلاس میں 24 نومبر کے احتجاج کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی۔

پشاور میں پی ٹی آئی کے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے ارکان اور پارٹی عہدیداروں نے بھی شرکت کی اوراجلاس میں 24 نومبر احتجاج کے لیے حکمت عملی طے کرلی گئی۔

وزیراعلیٰ ہاوس میں ہونے والے اجلاس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بھی شرکت کی اور انہوں نے شرکا کو عمران خان کے پیغام سے آگاہ کیا۔

بشریٰ بی بی نے بتایا کہ عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ ملک کے لئے نکلنا ہے لہٰذا 24 نومبر کو سب نکلیں گے۔

ذرائع کے مابق اجلاس میں 24 نومبر کو تمام اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کو کم سے کم 5 ہزار افراد اپنے ساتھ لانے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

ذرائع بتایا کہ حکمت عملی بنائی گئی ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کارکن پشاور موڑ سے اکٹھے ہو کر آگے بڑھیں گے اورکارکنوں کو کپڑے، کھانے پینے کا سامان، موبائل چارجر ساتھ لانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق پارٹی قیادت نے ہدایت کی ہے کہ اس بار کسی سے کوئی رعایت نہ کوئی بہانہ نہیں چلے گا، ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداروں کو احتجاج والے دن موبائل پرویڈیو بنانے کی ہدایت کی گئی۔

ذرائع پی ٹی آئی نے بتایا کہ گاڑیوں اور گاڑیوں کے اندر بیٹھے ورکرز کی ویڈیو بنا کرسوشل میڈیا پر ڈالی جائے یا انہیں محفوظ کیا جائے، احتجاج پراخراجات ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیدار برداشت کریں گے۔

اجلاس میں پنجاب کی تنظیموں کو 24 نومبر کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایات بھی کردی گئی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ اجلاس میں 300 سے زائد ارکان نے شرکت کی اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے خیبرپختونخوا کے ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں کا اجلاس بھی کل کلب کرلیا ہے۔

ملائکہ اروڑا والد کے انتقال کے بعد کام پر واپس، والد کے نام نئے پروجیکٹ کا اعلان

مشہور اداکارہ ملائکہ اروڑا حال ہی میں والد کے انتقال کے بعد دوبارہ اپنے کام میں مشغول ہوگئی ہیں۔ 

انہوں نے والد کی وفات کے بعد کچھ وقت کے لئے وقفہ لیا اور اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارا اور اپنی 49 ویں سالگرہ بھی انہوں نے سادگی سے منائی۔

اب ملائکہ اپنے مختلف پروجیکٹس پر کام کر رہی ہیں، جن میں مختلف برانڈز کے اشتہارات، ڈانس رئیلٹی شو کی جج بننا، اور ایک اسٹارٹ اپ شو میں بطور بزنس انویسٹر شامل ہونا بھی شامل ہیں۔

اداکارہ  نے اپنی زندگی میں کئی مشکل حالات کا سامنا کیا، جیسے طلاق، آن لائن تنقید، اور حالیہ ذاتی نقصان۔ انہوں نے اپنے والد کی یاد میں ایک خاص پروجیکٹ پر کام کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ ۔

ملائکہ کا کہنا ہے کہ ’’یہی میرے والد چاہتے تھے کہ میں آگے بڑھوں اور زندگی میں مثبت رہوں۔‘‘

عمران خان کی خواہش کے باوجود پاک فوج ڈیل کیلئے تیار نہیں، برطانوی اخبار

برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قید بانی عمران خان کی خواہش کی باوجود فوج کا کسی قسم کی ڈیل کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

برطانوی اخبار گارجین کی رپورٹ کے مطابق سینئرعکسری ذرائع نے بتایا کہ فوج کاعمران خان کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات یا ڈیل کا کوئی ارادہ نہیں ہے جبکہ عمران خان نے جیل سے ہی عسکری قیادت سےمذاکرات کی خواہش ظاہر کی تھی۔

گارجین نے بتایا کہ اڈیالہ جیل میں قید عمران خان سے صحافیوں کی ملاقات پر پابندی ہے لیکن گارجین نے اپنے سوالات ان کی قانونی ٹیم کے ذرائع بھیج دیے تھے۔

عمران خان نے سوالوں کے جواب میں کہا کہ گزشتہ برس اگست میں قید کے بعد سے فوج کے ساتھ براہ راست کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ماضی میں ان کی حکومت گرانے اور جیل میں ڈالنے میں کردار جیسے الزامات عائد کرنے کے باوجود پاکستان کی طاقت ور عسکری اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل خارج ازمکان نہیں ہوگی۔

برطانوی اخبار کو انہوں نے بتایا کہ فوج کے ساتھ ڈیل کے حوالے سے کوئی بھی ملاقات اصولوں اور عوام کے مفاد کی بنیاد پر ہوگی اور یہ ملاقات ذاتی مفاد یا کمپرومائز کرنے کے لیے نہیں ہوگی جس سے پاکستان کی جمہوری اقدار کو ٹھیس پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے ساری زندگی جیل میں رہنے کو ترجیح دوں گا۔

فوجی عدالت میں ٹرائل سے متعلق سوال پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ایک سویلین کا فوجی عدالت میں ٹرائل کیسے ہوسکتا ہے اور وہ بھی ایک سابق وزیراعظم کا، یہ ایک مضحکہ خیز بات ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ ایک سویلین کی فوجی عدالت میں ٹرائل کی واحد وجہ صرف یہی ہوسکتی ہے کہ کوئی اور عدالت مجھے سزا نہیں دے گی، یہ فیصلہ خطرناک ہوگا۔

جیل میں سہولیات فراہم کرنے کے حکومت دعوؤں کو مسترد کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں رکھا گیا ہے جو خوف، تنہائی اورمیرے حوصلے کو توڑنے کےلیے ترتیب دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ ملاقاتوں پر پابندی لگا دی گئی ہے، سیل میں بجلی نہیں اور 24 گھنٹوں تک ایکسرسائز تک رسائی نہیں دی گئی یا بنیادی آزادی کے بغیررکھا گیا۔

عمران خان نے بتایا کہ صحافیوں کی ملاقات پر پابندی یا ٹرائل کی آزادانہ طریقے سے کوریج پر پابندی سے شفافیت پر کئی سوالات اٹھتے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ انصاف کے لیے پرامید ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ عوام کی مرضی سے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم بنیں گے۔

ڈائریکٹر دھرمیش درشن کا دو بار شاہ رخ خان کی فلمیں ٹھکرانے کا انکشاف

بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار دھرمیش درشن نے حالیہ گفتگو میں شاہ رخ خان کے ساتھ اپنے تعلقات اور ان کی پیشکشوں کے بارے میں انکشافات کیے ہیں۔ 

دھرمیش درشن نے بتایا کہ شاہ رخ خان نے انہیں دو بار فلموں کی پیشکش کی تھی، مگر انہوں نے اپنی اصولوں کے باعث قبول نہیں کیں۔

انہوں نے کہا، “2004 میں کریم مورانی ایک فلم بنانا چاہتے تھے جس میں شاہ رخ خان کو لینا تھا، مگر میں ‘بےوفا’ میں مصروف تھا۔ اسی طرح، شاہ رخ نے اپنی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز کے تحت بھی ایک فلم کی پیشکش کی، مگر میں نے اصولی طور پر اسے رد کر دیا۔”

دھرمیش درشن نے شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا، “وہ حقیقی اور عظیم فنکار ہیں اور اپنے ہر کامیابی کے مستحق ہیں۔ ایک سچے اسٹار ہونے کے ساتھ ساتھ ان میں کلاس اور سخاوت بھی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “جب بھی ہم ملتے ہیں، وہ ہمیشہ میرا احترام کرتے ہیں اور وہ کبھی ناراض نہیں ہوتے کہ میں ان کی پیشکش قبول نہیں کر پایا۔ یہ یقیناً میرا نقصان ہے کہ میں ان کے ساتھ کام نہیں کر سکا۔”

آر مادھون کی نئی فلم ’’حساب برابر‘‘ کا ورلڈ پریمیئر IFFI میں ہوگا

بالی ووڈ کے معروف اداکار آر مادھون اور نیل نیتن مکیش کی فلم ’’حساب برابر‘‘ کا ورلڈ پریمیئر 26 نومبر 2024 کو 55ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (IFFI) میں ہوگا۔ 

جیو اسٹوڈیوز اور ایس پی سینیکورپ کی پیشکش، اس فلم کی کہانی ایک عام ریلوے ٹکٹ چیکر رادھے موہن شرما (آر مادھون) کے گرد گھومتی ہے، جو اپنی بینک اکاؤنٹ میں ایک معمولی سی بے ضابطگی کو پکڑتا ہے، جو بعد میں ایک بڑے مالیاتی فراڈ کا انکشاف بن جاتی ہے۔

نیل نیتن مکیش فلم میں مکی مہتا نامی بینکر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اس فراڈ میں ملوث ہے۔ جیسے جیسے رادھے کو دھوکہ دہی کے سسٹم کا سامنا ہوتا ہے، اسے اپنی ذاتی زندگی کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

کرتی کلہاری بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی، اور فلم میں انصاف، ایمانداری اور حق و باطل کے موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔

فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے، آر مادھون نے کہا، ’’حساب برابر صرف کرپشن کے خلاف جنگ نہیں، بلکہ ذاتی کمزوریوں سے نبرد آزما ہونے کا سفر بھی ہے۔‘‘ فلم کے ڈائریکٹر اشونی دھیر نے کہا، ’’یہ ایک سنسنی خیز فلم ہے جو عام آدمی کی جنگ کو اجاگر کرتی ہے اور ناظرین کو تفریح کے ساتھ ایک پیغام بھی دیتی ہے۔‘‘

آئی سی سی نے بھارتی دباؤ پر اسکردو اور کشمیر میں چیمپیئز ٹرافی ٹور منسوخ کر دیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ  (بی سی سی آئی) کی جانب سے اعتراض اٹھائے جانے کے بعد اسکردو، مری اور مظفرآباد میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ٹرافی ٹور کو منسوخ کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے منسوخی کا یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے شیئر کردہ ٹرافی ٹور شیڈول پر بی سی سی آئی کے اعتراضات کے بعد سامنے آیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے گزشتہ روز 16 سے 24 نومبر تک جاری رہنے والے ٹرافی ٹور کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم، آئی سی سی نے اسکردو اور کشمیر کے علاقوں کو اس ٹور کا حصہ نہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے یہ اقدام ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ آنے کے حوالے تنازع جاری ہے، اور ادارے کی جانب سے پی سی بی کو بھارت کے پاکستان نہ کے متعلق بتا دیا گیا ہے۔

واضح رہے جمعے کے روز حکومتی ہدایات کی روشنی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے (پی سی بی) آئی سی سی سے ایک ای میل میں بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آ کر کھیلنے کی وجویات کے متعلق تحریری جواب مانگا ہے۔

ورون دھون اور سمنتھا کی جاسوسی سیریز نے پرائم ویڈیو پر مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے

بھارتی جاسوسی سیریز ’سائیٹیڈل ہنی بنی‘ نے پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوتے ہی دنیا بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دیے۔ 

راج اینڈ ڈی کے کی ہدایت کاری میں بنائی گئی اس سیریز میں ورون دھون اور سمنتھا مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔ سیریز نے ریلیز کے پہلے ویک اینڈ میں ہی 200 ممالک میں شائقین کی توجہ حاصل کی اور 150 سے زائد ممالک میں ٹاپ 10 فہرست میں شامل رہی۔

پرائم ویڈیو انٹرنیشنل اوریجنلز کے سربراہ جیمز فیریل کا کہنا ہے کہ ویب سیریز کی کامیابی سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ غیر انگریزی زبانوں کے مقامی مواد کو بھی عالمی سطح پر پسند کیا جا رہا ہے۔

سیریز کے بھارتی اوریجنلز کے سربراہ نکھل مدھوکھ نے بتایا کہ مقامی کہانیاں عالمی ناظرین کے دلوں پر راج کر رہی ہیں۔

برطانوی مصنفہ سمانتھا ہاروی نے ‘بکر پرائز’ جیت لیا

برطانوی مصنفہ سمانتھا ہاروی نے اپنے مختصر ناول “آربیٹل” کے لیے معروف بکر پرائز جیت لیا۔

یہ ناول انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر موجود چھ خلابازوں کی کہانی بیان کرتا ہے جو زمین کو دیکھتے ہوئے زندگی، خواہشات، ماحولیات اور نقصان پر غور کرتے ہیں۔

50 ہزار پاؤنڈ انعام جیتنے والی یہ کتاب صرف 136 صفحات پر مشتمل ہے اور خلا میں ترتیب دی گئی پہلی بکر ایوارڈ یافتہ کہانی ہے۔

سمانتھا ہاروی نے اپنی کامیابی کے بعد کہا، “میں نے یہ جیتنے کی امید نہیں کی تھی۔” اپنی تقریر میں انہوں نے اس ایوارڈ کو ان تمام لوگوں کے نام کیا جو زمین، انسانیت، زندگی کے وقار، اور امن کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔

ججوں کے صدر ایڈمنڈ ڈی وال نے کہا، “یہ ایک زخمی دنیا کی کہانی ہے، جسے سمانتھا نے منفرد اور گہری نظر سے بیان کیا۔”

یہ ناول ہاروی کا پانچواں کام ہے، جو ان کی پہلی کتاب “دی وائلڈرنیس” کے 15 سال بعد شائع ہوا۔

عمر بڑھنے کے ساتھ وزن کم کرنا مشکل ہوتا ہے، ابھیشیک بچن کا دلچسپ انکشاف

ابھیشیک بچن نے اپنی نئی فلم ’آئی وانٹ ٹو ٹاک‘ کے میوزک لانچ کے موقع پر جسمانی تبدیلی اور کردار کی تیاری کے بارے میں دلچسپ باتیں کیں۔ 

فلم کے پوسٹر پر اپنے اضافی وزن کو دیکھتے ہوئے انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا، “اب میں اس حالت میں نہیں ہوں، مگر یہ تجربہ بہت کچھ سکھانے والا تھا۔”

ابھیشیک نے فلم کے کردار کے لیے وزن بڑھانے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک چیلنج تھا اور عمر کے ساتھ وزن کم کرنا واقعی مشکل ہوجاتا ہے۔

انہوں نے شوجیت سرکار کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں ایک مختلف کردار آزمانے کا موقع دیا، جس نے انہیں اپنی روزمرہ کی زندگی کے معمولات سے باہر نکالنے میں مدد دی۔

’آئی وانٹ ٹو ٹاک‘ کو شوجیت سرکار نے ڈائریکٹ کیا ہے اور اسے 22 نومبر 2024 کو سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔ فلم میں ابھیشیک کے ساتھ جانی لیور بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔