ملین پاونڈز ڈوبنے پر باکسر عامر خان نے شادی ہال فروخت پر لگا دیا

بولٹن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ملین پاونڈز ڈوبنے پر بولٹن میں اپنا شادی ہال فروخت پر لگا دیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق باکسر عامر خان نے ’’ایکس‘‘ پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’میں اپنا شادی ہال 12.5 ملین پاونڈز میں فروخت کر رہا ہوں، چار منزلہ ہال میں تین فلور جبکہ تقریبات کے لیے ایک چھت بھی موجود ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ ’’ہال کے سامنے اور پیچھے پارکنگ بھی دستیاب ہیں جہاں تقریباً 200 گاڑیاں کھڑی کی جا سکتی ہیں‘‘۔

عامر خن کا لگژری ویڈنگ وینیو انگلینڈ کے شہر بولٹن میں واقع ہے جسے انہوں نے 11.5 ملین پاونڈز میں خریدا تھا۔

ویڈنگ وینیو میں 3 ماہ قبل پہلی مرتبہ شادی کی تقریب ہوئی تھی مگر ویڈنگ وینیو اچھی جگہ پر نہ ہونے کے باعث لوگوں کی توجہ حاصل نہ کر سکا اور ملین پاونڈز ڈوب گئے۔

اسکے ساتھ ساتھ، وینیو کے ارد گرد دیگر مسائل کے باعث بھی پروجیکٹ کامیاب نہ ہوسکا۔ شادی ہال کے سامنے اور اطراف میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر بھی پڑے رہتے تھے۔

ہمایوں سعید دوسرے اداکاروں کو آگے نہیں آنے دیتے، فردوس جمال

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار فردوس جمال نے ہمایوں سعید کی اداکاری پر تنقید کے تیر برسا دیے۔

حال ہی میں فردوس جمال نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُن سے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اسٹار ہمایوں سعید سے متعلق سوال پوچھا گیا۔

فردوس جمال سے ہمایوں سعید کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میری نظر میں ہمایوں سعید ایک اچھے اداکار نہیں ہیں، انڈسٹری میں اُن سے بہتر اور باصلاحیت اداکار بھی موجود ہیں۔

اداکار کی بات سُن کر پروگرام کے میزبان نے اُن سے سوال کیا کہ ہمایوں سعید پاکستانی شوبز کے کامیاب اور مہنگے ترین اداکار ہیں، اُنہیں فن کی معراج بھی کہا جاتا ہے، اُن کی مقبولیت بھی بہت زیادہ ہے تو آپ ہمایوں کو بڑا اور اچھا اداکار کیوں نہیں مانتے؟

اس سوال کے جواب میں فردوس جمال نے کہا کہ زیادہ معاوضہ لینے سے کوئی بڑا اداکار نہیں بن جاتا، پیسہ تو ایک طوائف بھی بہت زیادہ لیتی ہے تو کیا وہ بھی اچھی ہے؟

فردوس جمال نے کہا کہ موجودہ دور میں لوگوں نے پیسے کو معیار بنا لیا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پیسہ معیار نہیں ہوتا، اصل معیار انسان کے کام کا ہوتا ہے۔

اداکار نے کہا کہ ماضی میں کئی ایسے نامور اداکار تھے جنہوں نے کم معاوضہ لیکر اپنی بےمثال اداکاری کے جوہر دکھائے، لوگوں نے اُن کے کام کو پسند بھی کیا کیونکہ اُن کا کام معیاری تھا۔

میزبان نے اداکار سے سوال کیا کہ آپ کو لگتا ہے کہ ہمایوں سعید کو زبردستی فلموں یا ڈراموں میں کاسٹ کیا جارہا ہے؟

فردوس جمال نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمایوں سعید کو بہت وسائل دیے ہیں، اُنہیں پلیٹ فارمز ملے ہیں اور اُنہوں نے چند اچھے ڈراموں میں کام کیا ہے جس کی وجہ سے لوگ اُنہیں پسند کرتے ہیں۔

سینیئر اداکار نے مزید کہا کہ ہمایوں سعید اپنے وسائل کا استعمال کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں، وہ اپنے سے کسی اچھے اداکار کو آگے نہیں آنے دیتے۔

25 اگست سے کراچی سمیت دیہی سندھ میں بارشوں کا امکان

کراچی: 25 تا 29 اگست کراچی سمیت سندھ کے دیہی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق ہوا کا کم دباؤ مغربی بنگال پر موجود ہے ۔ 25 اگست کو طاقتور مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی علاقوں میں داخل ہوں گی اور 29 اگست تک کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے ۔

علاوہ ازیں اگلے 3 روز کے دوران شہر کا موسم گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے ۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ پارہ 36 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کی جاسکتی ہے ۔

آج حیدرآباد،ٹھٹھ،بدین،میر پورخاص سمیت دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

’’لگتا ہے آج شہید ہو جائینگے‘‘ کچے میں شہید اہلکاروں کی آخری وِڈیو وائرل

پنجاب میں رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں شہید اہل کاروں کی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں وہ گفتگو کےد وران اپنی شہادت کا ذکر کررہے ہیں۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر وائرل وِڈیو کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے راکٹ حملے میں شہید ہونے سے کچھ دیر پہلے کی ہے، جس میں اہل کار شہید ہونے کے حوالے سے آپس میں بات کررہے ہیں۔ وِڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس اہل کار اپنے ساتھی ابرار کو ازراہ تفنن مخاطب کرتے ہوئے کہتا ہے کہ یہ لو رائفل پکڑو، لگتا ہے آج آخری وقت آ گیا ہے (یعنی لگتا ہے آج تو شہید ہو جائیں گے)

کچے میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے جانے والے پولیس اہل کار گفتگو میں مزید کہتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کہ ہم جہاں پر رات (کی تاریکی) میں (ڈیوٹی کے لیے) جار ہے ہیں، یہاں تو کوئی دن (کی روشنی) میں بھی نہیں آتا۔

واضح رہے کہ وِڈیو میں دکھائی دینے والا پولیس کانسٹیبل ابرار گزشتہ شب ڈاکوؤں کے راکٹ حملے میں شدید زخمی ہوگیا تھا جب کہ ماچھکہ میں پولیس کی 2 گاڑیوں پر ہونے والے اس حملے میں 12 اہل کار شہید ہو گئے تھے۔

گرمائی تعطیلات میں بھی ججز کو فوج داری مقدمات کیلئے موجود ہونا چاہیے، سپریم کورٹ

اسلام آباد: وزیرآباد میں دو افراد کے قتل کے 21 سالہ پرانے کیس میں چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی شریعت اپیلیٹ بینچ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا، سپریم کورٹ نے چھ سال تاخیر سے اپیل کا فیصلہ کرنے پر معذرت کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی شریعت اپیلیٹ بنچ نے دو افراد کے قتل اور زنا بالرضا کے الزام میں نامزد ملزم کی اپیل کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 18 ستمبر 2018ء کو اپیل منظور کی، اپیل کا فیصلہ کرنے میں چھ سال کی تاخیر پر معذرت خواہ ہیں، انصاف کی فراہمی کیلئے ججز کو بھی اپنے فرائض کا علم ہونا چاہیے، بدقسمتی سے سپریم کورٹ کا شریعت بنچ طویل عرصے تک غیر فعال رہا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے شریعت بینچ کے غیر فعال رہنے کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں، گرمیوں کی چھٹیوں میں بھی عدالت اور سپریم کورٹ کے ججز کو فوج داری مقدمات سننے کیلئے دستیاب ہونا چاہیے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ استغاثہ شک سے بالاتر کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 21 سال پرانے قتل کے وقوعے کا فیصلہ سنایا، ملزم پر دو افراد کے قتل اور زنا بالرضا کا الزام تھا، سپریم کورٹ نے ملزم عمران کو عدم شواہد کی بنیاد پر بری کردیا۔

مس گرینڈ انٹرنیشنل، پاکستانی ماڈل روما مائیکل بھی جلوہ گر ہونے کو تیار

دلکش ماڈل و اداکارہ روما مائیکل نے مس گرینڈ پاکستان کا تاج سر پر پہن کر مس گرینڈ انٹرنیشنل کیلئے اپنی کمر کس لی۔ روما مائیکل کا تعلق لاہور سے ہے جو پیشہ ورانہ ماڈل اور اداکارہ ہیں اور تعلیمی اعتبار سے بھی جدید دنیا کی پڑھائی بی ٹیک میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کرچکی ہیں۔ روما مائیکل نے فیشن کی دنیا میں بطور ماڈل اپنی پہچان بناتے ہوئے ٹاپ فیشن برانڈز کے ساتھ کام کیا ہے جبکہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں بھی شہرت حاصل کرتے ہوئے دو فیچر فلمز اور متعدد ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔

2023ء میں ضلع وار تعلیمی کارکردگی؛ ٹاپ 10 میں سندھ اور بلوچستان شامل نہیں

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ ایجوکیشن پرفارمنس انڈیکس 2023 کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔ ضلع وار تعلیمی کارکردگی کے ٹاپ 10 اضلاع میں سندھ اور بلوچستان کا کوئی ضلع شامل نہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، پنجاب کے 7 اور خیبر پختونخوا کے 2 اضلاع ٹاپ 10 میں شامل ہیں جب کہ مجموعی طور پر پاکستان کے 134 اضلاع ہائی پرفارمنس تعلیمی کارکردگی میں شامل ہیں۔

پاکستان کے 77 اضلاع کم تعلیمی کارکردگی والے اضلاع شامل ہیں۔ ٹاپ پرفارمنگ اضلاع میں اسلام آباد، جہلم، چکوال، ہری پور، راولپنڈی، سیالکوٹ، اٹک، نارووال اور گجرات شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا کے ہری پور اور چترال کے اضلاع بھی تعلیمی کارکردگی میں آگے۔

ایبٹ آباد کا تعلیمی کارکردگی میں 11 واں نمبر ہے جب کہ کراچی ایسٹ 14 اور کراچی سینٹرل 15 ویں نمبر پر ہے۔ تعلیمی کارکردگی میں لاہور 18 ویں، ملتان 47 ویں نمبر ہے۔ اسی طرح پشاور 53 اور کوئٹہ 68 ویں نمبر پر ہے۔

ہم غزہ میں پھنس چکے، اسرائیل ایک سال میں صفحۂ ہستی سے مٹ جائے گا؛ صیہونی میجر

تل ابیب: اسرائیلی فوج کے سابق میجر نے غزہ میں حماس کے ہاتھوں اپنی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایک ایسی دلدل میں پھنس چکے ہیں جہاں سے باہر نکلنا ناممکن ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے سابق میجر جنرل یزہاک برک نے کہا ہے کہ ہم ایسی جگہ پھنس چکے ہیں جہاں ایک طرف حماس کے ساتھ جنگ جاری ہے تو دوسری جانب ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی ہے۔

سابق میجر جنرل نے خبردار کیا کہ اگر غزہ جنگ بندی مذاکرات ناکام ہوجاتے ہیں تو خطے میں نہ ختم ہونے والی جنگ چھیڑ سکتی ہے اور اسرائیل ہر جانب سے شدید خطرات میں گھیر جائے گا۔

اسرائیلی سابق میجر جنرل یزہاک برک نے مزید کہا کہ وزیر دفاع نے غزہ کے حوالے سے جو اہداف مقرر کیے تھے اُن میں سے کوئی بھی پورا نہیں ہوسکا، اگر یہی صورت حال رہی اور اسرائیلی وزیراعظم اور ان کے اتحادی تبدیل نہ ہوئے تو اسرائیل آئندہ ایک سال میں صفحۂ ہستی سے مٹ جائے گا۔

شردھا کپور نے بالی ووڈ خانز کیساتھ کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی

ممبئی: بالی ووڈ فلم ‘استری 2′ کی ریکارڈ توڑ کامیابی کی بدولت باکس آفس پر راج کرنے والی معروف اداکارہ شردھا کپور نے شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے ساتھ فلم میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شردھا کپور نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے ماضی میں شاہ رخ خان، عامر خان اور سلمان خان کے ساتھ فلموں کی پیشکش ہوئی تھی لیکن میں چند وجوہات کی بنا پر اُن فلموں میں کام نہیں کرسکی۔

شردھا کپور نے کہا کہ کئی بار ہم اداکاروں کو ایسی فلموں کی پیشکش ہوتی ہے جن کا کردار ہمیں دلچسپ نہیں لگتا یا پھر ہم اُس کردار سے مطمئن نہیں ہوتے، جس کی وجہ سے ہم فلم کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ میں ایسی فلموں میں کام کرنا چاہتی ہوں جن کی کہانی اچھی ہو، کردار اچھا ہو، میں نہ صرف اچھی فلمیں کرنا چاہتی ہوں بلکہ اچھے ہدایتکاروں کے ساتھ بھی کام کرنا چاہتی ہوں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر مجھے مستقبل میں بڑے اسٹارز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا تو میں فوراََ ہاں کردوں گی، مجھے بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کرکے خوشی ہوگی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 15 اگست کو شردھا کپور اور راجکمار راؤ کی کامیڈی ہارر فلم ‘استری 2′ ریلیز ہوئی تھی جس نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر دھوم مچا دی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘استری 2′ عالمی باکس آفس پر 400 کروڑ روپے کا سنگ میل عبور کرنے والی سب سے تیز ترین بالی ووڈ فلم بن گئی ہے۔

وزیر داخلہ کی ڈاکوؤں کے حملے میں شہید اہلکاروں کو تمغہ شجاعت دینے کی سفارش

اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کو تمغہ شجاعت دلانے کی سفارش کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی شیخ زید اسپتال رحیم یار پہنچے جہاں انہوں ںے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی۔ وزیر داخلہ فرداً فرداً تمام زخمی پولیس اہلکاروں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے زخمی پولیس اہلکاروں کے بلند حوصلے کو سراہا اور ان کے بہترین علاج کی ہدایات دی۔

محسن نقوی نے کہا کہ آپ کے عزم اور حوصلے کو سراہتا ہوں، آپ پنجاب پولیس کے بہادر سپوت ہیں، شہید پولیس اہلکاروں کو تمغہ شجاعت دیا جائے گا اس ضمن میں ہم نے سفارش کر دی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ جنہوں نے یہ حملہ کیا ہے ان کا عبرت ناک اور برا انجام ہوگا، یہ پاکستان کے لئے ایک بڑا سانحہ ہے۔