شہباز بلاول ملاقات کے نتائج؛ پاور شیئرنگ کیلیے پی پی ۔ ن لیگ اتوار کو مل بیٹھیں گی

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کے بعد دونوں جماعتیں پاور شیئرنگ کے لیے اتوار کو مل بیٹھیں گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان پاور شیئرنگ کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کے بعد اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں دونوں جماعتوں کی قائم مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 25 اگست تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 25 اگست (اتوار) کو گورنر ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے، جس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ، مریم اورنگزیب، ملک احمد خان شریک ہوں گے جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے راجا پرویز اشرف ، ندیم افضل چن ، حسن مرتضیٰ اور علی حیدر گیلانی شریک ہوں گے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس میں طلب کی جانے والی میٹنگ میں پاور شیئرنگ کے وعدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں پیپلز پارٹی کے تحفظات بھی زیر غور آئیں گے جب کہ معاہدے کے دیگر نکات پر بھی عمل درآمد کے لیے ٹائم فریم طے کیا جائے گا۔

پہلے ٹیسٹ کے بقیہ دو دنوں کیلیے شائقین کا داخلہ مفت کر دیا گیا

راولپنڈی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے بقیہ دو دنوں کے لیے تماشائیوں کا داخلہ مفت کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ ویک اینڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس سے فیملیز اور طلباء کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے کرکٹ اسٹارز کو سپورٹ کرنے اور دونوں ٹیموں کے درمیان کھیل دیکھنے کا موقع مل سکے گا۔

تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے اپنا اصل شناختی کارڈ یا ب فارم لانا ہوگا اور وہ کسی بھی وی آئی پی انکلوژرز (عمران خان اور جاوید میانداد) (صرف فیملیز کے لیے) اور پریمیم انکلوژرز ( میراں بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات) میں سے ایکشن کو مفت دیکھ سکیں گے۔

پی سی بی گیلری یا پلاٹینم باکس کے لیے خریدے گئے ٹکٹوں پر مفت داخلے کی پالیسی نافذ نہیں ہوتی۔

پی سی بی کے مطابق جن شائقین نے پہلے ہی چوتھے اور پانچویں دن کے ٹکٹ خرید رکھے ہیں انہیں رقم کی واپسی مل جائے گی جبکہ آن لائن خریدے گئے ٹکٹ خود بخود خریداری کے لیے استعمال کیے گئے کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈ میں واپس کر دیے جائیں گے۔

ایکسپریس سینٹرز سے خریدے گئے ٹکٹوں کے لیے شائقین سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ رقم کی واپسی کے لیے اپنا اصل ٹکٹ سینٹر پر لائیں۔

شائقین کی مزید سہولت کے لیے میچ کے دنوں میں دو روٹس پر مفت شٹل بس سروس چلتی رہے گی تاکہ شائقین کے لیے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم تک رسائی میں آسانی ہو۔

روٹ 1 ایوی ایشن گراؤنڈ راول روڈ اور مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک چلے گا جبکہ روٹ 2 گورنمنٹ سیٹلائٹ ٹاؤن کالج فار بوائز، سکستھ روڈ، مری روڈ سے علامہ اقبال پارک کے داخلی دروازے تک جائے گا۔

برطانیہ نے بایو میٹرک صارفین کے لیے ای ویزا کا دائرہ کار وسیع کر دیا

اسلام آباد: برطانیہ نے بایو میٹرک صارفین کے لیے ای ویزا کا دائرہ کار وسیع کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق برطانیہ کا امیگریشن نظام ڈیجیٹل ہو رہا ہے فزیکلی دستاویزات کی جگہ آن لائن امیگریشن اسٹیٹس لے گا، بایومیٹرک ریزیڈنس پرمٹس پاسپورٹس میں لگائے گئے ویزا اسٹیکرز یا ‘ویٹ انک اسٹیمپس’ جیسے فزیکلی دستاویزات کی اب ضرورت نہیں ہوگی۔

اگر کسی کو 6 ماہ سے زیادہ مدت کے لیے برطانیہ میں رہنے کا ویزا دیا جاتا ہے، جیسے کام یا تعلیم کے لیے، تو اسے اب اپنا ای ویزا حاصل کرنے کے لیے UKVI آن لائن اکاؤنٹ بنانا ہوگا یہ اکاؤنٹ امیدوار کے امیگریشن اسٹیٹس کا آن لائن ریکارڈ ہے۔

اگر امیدوار کو 6 ماہ سے کم مدت کے لیے برطانیہ میں رہنے کا ویزا دیا جاتا ہے یا وہ سیاح ہے تو اسے UKVI اکاؤنٹ بنانے کی ضرورت نہیں۔

اس حوالے سے برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ ہم مسلسل جدت لا رہے ہیں تاکہ پاکستانیوں کے لیے برطانیہ کا سفر آسان ہوسکے، نئی ٹیکنالوجی کا استعمال ویزا کے عمل کے ایک اہم حصے کو آسان بنائے گا، اسے مزید محفوظ بنائے گا اور کاغذی دستاویزات پر انحصار کم کرے گا یہ عمل مفت، محفوظ اور سادہ ہے۔

ہائی کمیشن کے مطابق مزید معلومات، بشمول اکاؤنٹ بنانے کا طریقہ ویب سائٹ gov.uk/eVisa سے حاصل کیا جاسکتا ہے، دستاویز کو ای ویزا میں تبدیل کرنے سے امیدوار کے امیگریشن اسٹیٹس یا برطانیہ میں داخلے یا قیام کی اجازت کے شرائط پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

برطانیہ پہنچنے پر امیدوار کو اب بھی بی آر پی حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی، تمام بی آر پی کارڈز 31 دسمبر 2024ء تک کارآمد ہیں لیکن امیدوار کے کارڈ کی میعاد ختم ہونے سے اس کے امیگریشن اسٹیٹس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

امیدوار اپنا بی آر پی کارڈ کا استعمال کرکے اپنا UKVI اکاؤنٹ بناسکتا ہے امیدوار کو اس وقت تک اپنے بی آر پی کو اپنے پاس رکھنا چاہیے جب تک یہ ختم نہ ہو جائے، جب امیدوار بیرون ملک سفر کر رہے ہوں تو اپنے بی آر پی اور پاسپورٹ کو اپنے ساتھ لے جانا چاہیے تاکہ برطانیہ واپس آنے کی اجازت ثابت ہوسکے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا ایران بس حادثے میں جاں بحق اور زخمیوں کیلیے مالی امداد کا اعلان

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایران بس حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کے لیے فی خاندان 50 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے فی فرد 10 لاکھ روپے امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہدایت پر جاں بحق زائرین کو واپس لانے کا مکمل انتظام کیا ہے جبکہ تمام انتظامات اور معاوضے کے جاری ہونے کی رپورٹس چیئرمین بلاول بھٹو کو بروقت دی جائیں گی۔

قبل ازیں، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے ایران بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو واپس لانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر دیے ہیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی درخواست پر وزیراعظم نے C-130 جہاز ایران سے میتوں اور زخمیوں کو واپس لانے کے لیے بھیجا ہے جبکہ یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ جہاز کی لینڈنگ سکھر ہوگی یا پھر جیکب آباد جس کا فیصلہ سہولیات کے حساب سے وقت پر کیا جائے گا۔

ناصر شاہ نے جاں بحق افراد کے ورثاء کو پیغام دیا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ایئر ایمبولینس اور دیگر ایمبولنسز کا انتظام سکھر اور جیکب آباد میں کر دیا ہے، جاں بحق اور زخمیوں کے ورثاء پریشان نہ ہوں، ہم انھیں ایئرپورٹ اور جہاز کی لینڈنگ کی اطلاع بروقت دے دیں گے

ناصر شاہ نے بتایا کہ اگر کسی زخمی کو کراچی منتقل کرنا پڑا تو اس کے لیے ایئرایمبولنس کا بندوبست ہے، حکومت سندھ زخمیوں کا بہتر طریقے سے علاج کرائے گی لہٰذا ورثاء تسلی رکھیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ضلعی انتظامیہ کو جاں بحق اور زخمیوں کے ورثاء کے ساتھ بھرپور تعاون اور رابطہ رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔

کچے میں پولیس پر راکٹ حملوں کی جوابی کارروائی، ڈاکوؤں کا سرغنہ بشیر شر مارا گیا

لاہور: کچے کے علاقے میں پولیس پر راکٹ حملوں کی جوابی کارروائی میں ڈاکوؤں کا سرغنہ بشیر شر مارا گیا اور اس کے پانچ ساتھی ڈاکو شدید زخمی ہوئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے برق رفتار آپریشن کرتے ہوئے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں راکٹ حملے میں ملوث گینگ کو گھیر لیا۔ پولیس ٹیم کی کارروائی کے دوران ڈاکوؤں کا سرغنہ بدنام زمانہ بشیر شر مارا گیا جب کہ اس کے 5 ساتھی بری طرح زخمی ہو گئے۔

زخمی ہونے والے ڈاکوؤں میں ثنا اللہ شر ، گدا علی ، کملو شر ، رمضان شر اور گدی شامل ہیں۔پولیس کی اس جوابی کارروائی میں مزید ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں گزشتہ رات سے پولیس ایکشن جاری ہے۔ آخری حملہ آور کے خاتمے تک ڈاکوؤں کا پیچھا جاری رہے گا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بشیر شر کی ہلاکت پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ کچے کے علاقے کو ڈاکوؤں سے پاک کرنے کا عزم پورا کریں گے۔ پولیس کے شہدا کی قربانیاں بھول نہیں سکتے۔

پوری پی ٹی آئی گنگا نہا لے تب بھی 9 مئی کے سیاہ داغ مٹ نہیں سکتے، عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پوری پی ٹی آئی گنگا نہا لے تب بھی 9 مئی کے سیاہ داغ مٹ نہیں سکتے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر اطلاعات کے پی کے بیرسٹر سیف کے بیانات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فتنہ پارٹی تسلیم کرلے اس کے ستو مک چکے ہیں۔ گرگٹ رنگ بدلتا ہے لیکن اس کی فطرت نہیں بدلتی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پوری تحریک انصاف گنگا نہا کر بھی آجائے تو 9مئی کے سیاہ دھبے ان کے دامن سے نہیں مٹ سکتے۔ دھرنے اور جلسے اڈیالہ جیل کے قیدی کا کاروبار ہیں۔ دھرنوں اور جلسوں کے بغیر فتنہ پارٹی کو نہ بیرونی فنڈنگ ملتی نہ ڈیجیٹل دہشتگردوں کو تنخواہیں دے پاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال سے فتنہ پارٹی جلسے جلوس نہ کرنے سے شدید ترین مالی بحران کا شکار ہے۔ اب فوج کی حرمت اور تقدس پر 9مئی والے ہمیں لیکچر دیں گے اللہ کی شان ہے۔ آپ لوگوں کے بھیانک چہرے اور بدبودار سیاست کی حقیقت عیاں ہو چکی ہے۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کے پانچ پانچ ہزار کے نوٹ بانٹنے کی ویڈیو کے پی حکومت کے منہ پر تمانچہ ہے۔ میوزک کنسرٹ اور پیسے بانٹ کر لوگ اکٹھے کرنے والے کہتے ہیں قوم ہمارے ساتھ ہے۔ اڈیالہ جیل کے قیدی کے ساتھ قوم نہیں دیہاڑی دار اور ڈیجیٹل دہشت گرد ہیں۔ قوم پاکستان کے ساتھ ہے، مسلم لیگ نون کے ساتھ ہے۔

پاکستان میں منکی پاکس کا دوسرا کیس پشاور ایئرپورٹ پر رپورٹ

اسلام آباد: وزارت صحت نے منکی پاکس کا ایک اور کیس پشاور ایئرپورٹ پر رپورٹ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق منکی پاکس کا دوسرا کیس پاکستان میں رپورٹ ہوا ہے، کیس خلیجی ممالک سے علامات کے ساتھ آیا تھا، پشاور ایئرپورٹ پر جس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہیلتھ ڈیسک نے مریض کو بروقت اسپتال منتقل کیا۔

وزیراعظم کے کو آرڈی نیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرت کے مطابق وزارت صحت صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنارہی ہے، تمام ایئرپورٹس پر اسکریننگ اور سرویلنس کا موثر نظام موجود ہے، بارڈر ہیلتھ کا عملہ ایئرپورٹس اور انٹریز پوائنٹس پر مستعدی کے ساتھ کام کررہا ہے۔

ڈاکٹر مختار احمد بھرت نے کہا ہے کہ عوام کو وباؤں سے محفوظ رکھنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔

مجھے پیغام دیا گیا اسلام آباد جلسہ ہوا تو انتشار پھیل جائیگا جس پر جلسہ ملتوی کیا، عمران خان

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے جیل میں بتایا گیا کہ اسلام آباد جلسے کی وجہ سے ملک انتشار ہوسکتا ہے جس پر جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں ںے کہا کہ اسلام آباد جلسہ ختم نبوت کے معاملے پر ملتوی کیا، مجھے معلومات دی گئیں کہ ختم نبوت حساس معاملہ ہے جس پر دینی جماعت اسلام آباد میں احتجاج کر رہی ہے ہمیں انتشار کا خدشہ تھا اسی لیے اسلام آباد میں اپنا جلسہ ملتوی کیا اگر گزشتہ روز جلسہ کرتے تو دوبارہ 9 مئی گلے پڑنے کا خدشہ تھا اور ابھی تک پہلے والی نومئی کی جوڈیشل انکوائری بھی نہیں کروائی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ اب اگر آپ نے اجازت دے کر جلسہ روکنے کی کوشش کی تو سب کی ذمہ دار حکومت خود ہوگی، اب عدالت کی کریڈیبلٹی کا سوال ہے عدالت ہمیں اجازت دیتی ہے یا انتظامیہ منسوخ کرتی ہے، پارٹی کو کہہ رہا ہوں 8 ستمبر کو کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہ کرے میں نے اسلام آباد کا جلسہ آخری بار ملتوی کیا ہے، پارٹی کو ہدایت ہے 8 ستمبر سے قبل میٹنگ کریں اور فیصلہ کریں کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل درآمد نہ ہونے پر احتجاج کب کریں گے؟ پارٹی قیادت کو کہتا ہوں اس دفعہ اگر کسی نے روکا تو آپ کو رکنا نہیں ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ جنرل (ر) فیض کے ٹرائل پر دوسری جانب سے جواب آیا ہے کہ عمران خان فیض حمید کے اوپن ٹرائل کا مطالبہ کرنے والے کون ہوتے ہیں؟ وہ تسلی رکھیں ان کا ٹرائل ہوا تو اوپن ہی ہوگا۔

اس سوال پر عمران خان نے کہا کہ میں ملک کی سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں جو اوپن ٹرائل کی بات کر رہا ہوں آپ اتنا بڑا الزام لگا رہے ہیں کہ فیض سے مل کر 9 مئی کی سازش کی، میں نے زیرو سے پارٹی شروع کی اور 28 سال سے آئین کے اندر رہ کر جدوجہد کر رہا ہوں اگر 9 مئی میں فیض ملوث تھا تو آپ اوپن ٹرائل کریں، یہ ملٹری کا ایشو ہے اور نہ ہی سیکرٹ انٹرنیشنل ایشو ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر حمود الرحمن رپورٹ پر عمل ہوتا تو آج ملک میں جمہوریت ہوتی، اوپن ٹرائل سے ملک کا وہی فائدہ ہوگا جو حمود الرحمن رپورٹ پر عمل درآمد کرنے سے ہوتا ہے، حمود الرحمن رپورٹ پر عمل درآمد ہوتا تو ملک میں 3 مارشل لا نہ لگتے اور نہ ہی آج غیر اعلانیہ مارشل لاء نافذ ہوتا، 9مئی جمہوریت کے اوپر حملہ ہے کمیشن کا مطالبہ اس لیے کر رہا ہوں کہ آئندہ کوئی ایسی غلطی نہ دہرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ رات کے پچھلے پہر آپ نے اعظم سواتی کو پیغام کس کے ذریعے بھجوایا؟ پیغام رساں کون تھا؟ فون کی سہولت کیسے ملی؟ صحافی کے سوال پر عمران خان مسکرائے دی اور کہنے لگے اس کا جواب رہنے دیں۔

عمران خان سے پوچھا گیا کہ کل آپ کی ہمشیرہ کی آڈیو سامنے آئی جس میں ان کا موقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے جلسہ ملتوی کرنے کا نہیں کہا یہ پارٹی لیڈرز ان کا نام لے کر جلسہ ملتوی کرنے کا کہہ رہے ہیں آپ کا کیا موقف ہے؟ اس پر عمران خان نے جواب دیا کہ ساری پارٹی کو جلسہ ملتوی ہونے کا رنج اور غصہ ہے، میں بھی سمجھتا ہوں کہ جلسہ ملتوی نہیں کرنا چاہیے تھا یہ جلسہ ہونا چاہیے تھا لیکن صرف انتشار سے بچنے کے لیے ملتوی کیا تاہم اب جو مرضی ہوجائے ہر ضلع میں جلسہ کریں گے۔

صحافی نے پوچھا کہ اس معاملے کو کلیئر کریں کہ جیل میں آپ کو وفاقی حکومت نے پیغام دیا یا کسی اور نے؟ کہ باہر حالات خراب ہو جائیں گے، صحافی نے سوال کیا تو عمران خان نے کہا کہ میں نے کسی فارم 47 کی حکومت سے کوئی بات چیت نہیں کی، جب بھی ان کو خدشہ ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات ہوئی ہے ان کو فوری طور پر 9 مئی میں یاد آجاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا بیک پیک لندن کے لیے تیار ہے صرف ضروری سامان اُٹھانا ہے، یہ سب چیف جسٹس فائز عیسی کی ایکسٹینشن کے لیے ہو رہا ہے، دو گیمز جاری ہیں اگر یہ فائز عیسی کو ایکسٹینشن نہ دے سکے تو پھر سینیارٹی پر اثر انداز ہو کر اندر سے اپنا بندہ لائیں گے یہ دونوں صورتیں قابل قبول نہیں ہیں اگر انہوں نے ایسا کیا تو ملک بھر میں بھرپور احتجاج کریں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ کہا جا رہا ہے کل رات آپ سے ’’فرشتوں‘‘ نے ملاقات کی؟ ایسا کیا ہوا کہ آپ کو ایک ہی رات میں اندر کی خبریں ملنی شروع ہوگئیں؟ اس پر عمران خان نے کہا کہ جب بھی نون لیگ میں کھلبلی دیکھیں تو سمجھ جائیں کہ ان کو خدشہ ہوگیا ہے پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ سے بات ہوئی ہے تاہم میں نے کسی حکومت سے جلسے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، انہوں نے بتایا کہ ملک میں انتشار ہوسکتا ہے جس پر جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

عمران خان نے کہا کہ اب عدلیہ کی ساکھ کا مسئلہ ہے کہ عدالت ہمیں جلسے کی اجازت دیتی ہے اور انتظامیہ این او سی کینسل کر دیتی ہے، پی ٹی آئی ملک کی واحد جماعت ہے جسے اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہیں مل رہی۔

دریں اثنا بانی پی ٹی آئی کو ایک سال بعد الیکٹرک ٹوتھ برش اور کتابیں فراہم کر دی گئیں، آج کی سماعت میں بانی پی ٹی آئی مسکراتے رہے، مطمئن اور ہشاش بشاش نظر آئے۔

خواتین پر ظلم کرنیوالے مردوں کے ہاتھ پاؤں توڑ دیے جائیں، بشریٰ انصاری

ممبئی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور ظلم کرنے والے مردوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بشریٰ انصاری نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی ثانیہ زہرہ اور بھارتی شہر کولکتہ میں بہیمانہ زیادتی کے بعد قتل کی گئی خاتون ڈاکٹر سمیت دیگر واقعات پر بات کی۔

اداکارہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں خواتین، لڑکیاں اور چھوٹی بچیاں سب ہی غیرمحفوظ ہیں، جنسی زیادتی اور خواتین پر ظلم و ستم کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مردوں کو لگتا ہے کہ اگر وہ خواتین پر تشدد اور ظلم کریں گے تو اس سے اُن کی مردانگی نظر آئے گی جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ کمزور پر ظلم کرنے والا انسان بزدل ہوتا ہے۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں مجرموں کو سزائیں نہیں دی جاتیں، اسی وجہ سے ان جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔

سینیئر اداکارہ نے شدید برہم ہوتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جنسی زیادتی کرنے والے مردوں کی مردانگی کو ختم کیا جائے اور خواتین پر ظلم کرنے والے مردوں کے ہاتھ پاؤں توڑ کر اُنہیں زمین پر رینگنے کے لیے چھوڑ دیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ جو مرد، خواتین کے چہروں پر تیزاب پھینکتے ہیں، اُن مردوں کے چہروں کو بھی تیزاب سے جلایا جائے تاکہ جرائم میں کمی آئے۔

آخری میں بشریٰ انصاری نے پاک بھارت سیاستدانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ کوئی تو لیڈر ہیرو بن کر سامنے آئے اور ان جرائم میں ملوث مردوں کو سرعام سزا دلوائے۔

ہاکی بدحال؛ فیڈریشن کے بجائے آرمی چیف نے کھلاڑیوں کے میڈیکل کارڈ بنوادیے

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی طرف سے ہاکی کھلاڑیوں کے میڈیکل کارڈ بنوادیے گئے۔

اسلام آباد میں پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر طارق بگٹی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے پلئیرز کے میڈیکل کارڈ بنوائے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جلد ہاکی اکیڈمی قائم کی جائے گی، فیڈریشن کو ایک مرتبہ پھر اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے۔

پی ایچ ایف صدر طارق بگٹی نے کہا کہ ہاکی میں اب سیاسی اداکاری نہیں چلے گی، سب کو اسکے وقار کا خیال رکھنا ہوگا۔ ہم نے سب کو موقع دیا لیکن اسکے باوجود چند سازشی عناصر قومی کھیل کو تباہ کررہے ہیں۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ پاکستان ہاکی ٹیم میں صوبہ سندھ سے کوئی کھلاڑی اسکواڈ کا حصہ نہیں۔