غزہ جنگ بندی کی راہ میں ’فلاڈلفیا راہداری‘ رکاوٹ؛ اسرائیل مصر آمنے سامنے

دوحہ: قطر میں ہونے والے غزہ جنگ بندی معاہدہ کی کوششیں، امریکی وزیر خارجہ کے دورۂ مشرق وسطیٰ اور جوبائیڈن کے نیتن یاہو کو فون کے باوجود تاحال فلاڈلفیا راہداری کا معاملہ حل نہیں ہو پایا۔

العربیہ نیوز نے اپنے خصوصی ذرائع سے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل ہر صورت رواں سال کے اختتام تک فلاڈلفیا راہداری میں اپنی موجودگی باقی رکھنا چاہتا ہے جب کہ مصر اس پر کسی صورت تیار نظر نہیں۔

العربیہ نیوز کا کہنا ہے کہ یہ باتیں گزشتہ ہفتے ہونے والے مذاکرات سے با خبر 10 افراد نے بتائیں جن میں حماس کے 2 ذمے داران اور 3 مغربی سفارت کار شامل ہیں۔

العربیہ نیوز نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا کہ غزہ جنگ بندی پر مصر اور قطر نے حماس کو راضی کرنے کی ذمہ داری لی ہے جب کہ امریکا اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اسرائیل پر دباؤ ڈالے گا۔

العربیہ نیوز کے ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ہونے والے مذاکرات، مصر میں کم از کم 2 روز تک جاری رہیں گے۔

مصر نے فلاڈلفیا راہداری میں 8 نگرانی ٹاور بنانے کی اسرائیلی تجویز مسترد کر دی تھی جس پر امریکا نے صرف 2 ٹاور بنانے کی تجویز دی تاہم اس تجویز کو بھی مصر نے ماننے سے انکار کردیا تھا۔

فلاڈلفیا کی راہداری کا مسئلہ حل ہوئے بغیر غزہ جنگ بندی معاہدہ ہونے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔

جس کے حل کے لیے فلاڈلفیا راہداری، رفح گذر گاہ اور غزہ جنگ بندی کے حوالے سے امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور مصر کے درمیان بات چیت آئندہ چند گھنٹوں میں قاہرہ میں ہوگی۔

ادھر ایک مغربی سفارت کار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے اسرائیل کے فلاڈلفیا اور رفح راہداریوں میں صیہونی فوجیوں کی موجودگی کے مطالبات قبول کرلیے ہیں تاہم ایک امریکی ذمے دار نے اس کی تردید کی ہے۔

دوسری جانب امریکی عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ مذاکرات کا مقصد فلاڈلفیا، رفح اور نتساریم راہ داریوں، یرغمالیوں کی بازیابی اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی جیسے اہم امور میں اختلافات کا حل تلاش کرنے کے لیے قاہرہ میں اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مصر، قطر اور امریکا کے ایک مشترکہ بیان میں زور دیا گیا ہے کہ غزہ کے عوام، قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کی تکالیف کے ازالہ کرنے کا وقت آگیا ہے۔

نیپال میں بھارت سے آنے والی بس دریا میں جا گری؛ 14 ہلاکتیں اور 17 زخمی

نئی دہلی: بھارت سے 40 مسافروں کو لے کر نیپال پہنچنے والی بس اپنی منزل کے قریب دریائے مرسیانگدی میں گر گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مسافر بس پوکھرا سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے لیے روانہ ہوئی تھی اور کھٹمنڈو میں اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔

تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ بس کے دریا میں گرنے پر نیپال کی فوج اور ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا جس کے دوران 14 لاشیں نکالی گئیں۔

امدادی کاموں کے دوران 17 زخمی مسافروں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 10 مسافر حادثے میں محفوظ رہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی نیپال کے چتوان ضلع میں مٹی کا ایک بڑا تودہ گرنے سے دو بسیں دریائے ترشولی میں بہہ گئی تھیں جس میں 5 بھارتی ہلاک ہوگئے تھے۔

جولائی 2024 میں بھارت کا مقبول ترین فلم اسٹار کون؟ فہرست جاری

 ممبئی: پرابھاس نے جولائی 2024 میں ‘مقبول ترین فلم اسٹارز’ کی دوڑ میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور سلمان خان کو پیچھے چھوڑ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق Ormax میڈیا کی جانب سے جولائی 2024 کے مقبول ترین مرد فلم اسٹارز کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں بلاک بسٹر فلم ‘کالکی 2898 AD’ کے ہیرو پرابھاس بازی لے گئے ہیں۔

جولائی 2024 کے ‘مقبول ترین فلم اسٹارز’ کی فہرست میں پہلے نمبر پر پرابھاس ہیں، اداکار کی مقبولیت کی وجہ اُن کی حالیہ سُپر ہٹ فلم ‘کالکی 2898 AD’ بتائی جارہی ہے، جس میں اُن کے ہمراہ بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں دوسرے نمبر پر ساؤتھ انڈین اداکار وجے، تیسرے نمبر پر شاہ رخ خان اور چوتھے نمبر پر مہیش بابو ہیں۔

فہرست میں پانچویں نمبر پر جونیئر این ٹی آر، چھٹے نمبر پر اکشے کمار، ساتویں نمبر پر اللو ارجن، آٹھویں نمبر پر سلمان خان، نویں پر رام چرن اور آخر میں اجیت کمار کا نام موجود ہے۔

2

واضح رہے کہ گزشتہ روز پرابھاس کی فلم ‘کالکی 2898 AD’ کو نیٹ فلکس اور پرائم ویڈیو پر متعدد زبانوں میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کے بعد اس فلم نے ایک بار پھر فلمی شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

اغوا اور جبری شادی؛ سندھ ہائیکورٹ لڑکی کو والدین کے حوالے کرنیکا حکم

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے نیو کراچی سے کم عمر لڑکی کے اغوا اور جبری شادی سے متعلق بازیابی کی درخواست پر تفتیشی افسر کو لڑکی کا بیان ریکارڈ کرکے لڑکی کو والدین کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

درخواست پر سماعت کے دوران شیلٹر ہوم حکام نے لڑکی کو عدالت میں پیش کیا۔

لڑکی نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملزم رفاقت مجھے ڈرا دھمکا کر سیالکوٹ لے کر گیا تھا، ملزم رفاقت نے زبردستی مجھ سے شادی کی۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو لڑکی کا بیان ریکارڈ کرکے لڑکی کو والدین کے حوالے کرنے کا حکم دیا جبکہ لڑکی کی بازیابی پر درخواست نمٹا دی۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ نیو کراچی سے گزشتہ برس 13 سالہ لڑکی کو محلہ دار رفاقت نے اغوا کرکے سیالکوٹ لے جا کر جبری شادی کی۔ لڑکی کے اغوا کا مقدمہ خواجہ اجمیر نگری تھانے میں درج ہے۔

پاسپورٹ کا مسئلہ؛ باکسر محمد وسیم نئی مشکل میں پھنس گئے

ڈنمارک ایمبیسی سے محمد وسیم کا پاسپورٹ نہ ملنے کے باعث مالٹا میں ہونیوالی فائٹ میں پاکستانی باکسر کی شمولیت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی باکسر محمد وسیم نے ڈنمارک کے ویزے کیلئے 22 جولائی کو پاسپورٹ جمع کرایا تھا، جو انہیں تاحال واپس نہیں لوٹایا گیا۔

محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ڈبلیو بی ایف بینٹم ویٹ ٹائٹل فائٹ مالٹا میں شیڈول ہے لیکن اب تک انہیں ڈنمارک ایمبیسی سے پاسپورٹ نہیں ملا ہے اور فائٹ کی تیاریوں کے سلسلے تربیتی کیمپ میں مشکلات درپیش آرہی ہیں۔

مزید پڑھیں: مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ میں پاکستان نے 2 گولڈ میڈلز جیت لیے

پاکستانی باکسر نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ مجھے ایمبیسی سے پاسپورٹ واپس دلوانے میں مدد کی جائے تاکہ مالٹا میں 4 اکتوبر میں شیڈولڈ فائٹ کی تیاری کرسکوں۔

محمد وسیم نے لکھا کہ 4 اکتوبر کو عالمی ٹائٹل کیلئے فائٹ ہے اور میرے پاس پاسپورٹ نہیں ہے۔

1

راولپنڈی ٹیسٹ؛ پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی

کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز چائے کے وقفے تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنالیے۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز 4 وکٹیں گنواکر 158 رنز کیا، سعود شکیل اور محمد رضوان نے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کیلئے دوسری سب سے بڑی پارنٹرشپ قائم کی۔

سعود شکیل 141 رنز بناکر مہدی حسن میراز کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے، محمد رضوان 128 اور سلمان علی آغا 7 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

پہلا روز

ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پہلی اننگز میں پاکستان کو ابتدا میں شدید مشکلات پیش آئیں جب محض 16 مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گنوادی تھیں، اوپنر صائم ایوب اور سعود شکیل نے نصف سنچریاں اسکور کیں تھی۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپنرز بنگلادیشی بالرز کو کھیلنے میں ناکام رہے، اوپنر عبداللہ شفیق 2، کپتان شان مسعود 6 اور بابراعظم صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔ 3 وکٹیں جلد گنوانے کے بعد اوپنر صائم ایوب اور نائب کپتان سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور 81 رنز تک پہنچا دیا تھا۔

تجربہ کار بلے باز بابراعظم ہوم گراؤنڈ میں پہلی مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ 114 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 56 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 41 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائےتھے۔

بنگلادیش کی جانب سے شورف الاسلام اور حسن محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹاس

قبل ازیں بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں اوور کاسٹ کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاکر گرین شرٹس کی جلد وکٹیں حاصل کریں۔

اس موقع پر کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹاس جیتے تو فیلڈنگ ہی کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی بورڈ پر بڑا اسکور کھڑا کرکے بنگال ٹائیگرز کے بالرز کو پریشر میں لائیں۔

پاک بنگلہ دیش کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بارش کے باعث آؤٹ فلیڈ گیلی ہونے کے باعث ساڑھے پانچ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا اور 41 اوورز کا کھیل ڈیرھ گھنٹے تک وقت بڑھا کر مکمل کروایا گیا۔

پاکستان کا اسکواڈ:

کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، عبداللہ شفیق، بابراعظم ، خرم شہزاد ، محمد علی، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات، 13 ہزار 452 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے

اسلام آباد: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 13 ہزار 452 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے میں مختلف امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 13 ہزار 452 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے ہیں۔

چئیرمین اور وائس چیئرمین کی نشت کے لیے 356 امیدواروں نے کاغذات جمع کروا دئیے، کسان سیٹ کے لیے 268 کاغذات نامزدگی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس کو موصول ہوگئے۔ یوتھ سیٹس کے لیے 256 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔

اقلیتی نشستوں کے لیے 95، خواتین کی نشستوں کے لیے 417 کاغذات اور جنرل نشستوں کے لیے 1 ہزار 508 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔ مجموعی طور پر 2900 کاغذات نامزدگی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس کو موصول ہوچکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 9 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے 28 اگست تک کاغذات نامزدگی جمع کروائے جاسکیں گے۔

عالمی مارکیٹ میں سونا آج پھر سستا، مقامی سطح پر قیمت میں مزید اضافہ

کراچی: عالمی مارکیٹ میں آج مسلسل دوسرے دن سونے کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے جب کہ مقامی سطح پر آج پھر سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں جمعہ کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 12 ڈالر کی کمی آئی، جس سے سونے کی نئی عالمی قیمت 2 ہزار 492 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی۔

دوسری جانب ملک میں 24 قیراط کے حامل سونے کی فی تولہ قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 62 ہزار روپے تک پہنچ گئی، اسی طرح ملک میں جمعہ کے روز فی 10 گرام سونے کی قیمت میں 172 روپے کا اضافہ ہونے سے نئی قیمت 2 لاکھ 24 ہزار 623 روپے کی سطح پر آ گئی۔

ملک میں سونے کی قیمت میں اضافے کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2950روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2529.14روپے کی سطح پر مستحکم ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 8 ڈالر کی کمی ہوئی تھی اور اس کے برعکس مقامی سطح پر فی تولہ سونا 800 روپے اور فی 10 گرام 686 روپے مہنگا ہوگیا تھا۔

تمیم اقبال نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی خواہش ظاہر کردی

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) میں صدر نظم الحسن سمیت اعلیٰ عہدیداروں کے مستعفیٰ ہونے کے بعد سابق کپتان و اوپنر تمیم اقبال نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی خواہش ظاہر کردی۔

ڈھاکا کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران سابق کپتان و اوپنر تمیم اقبال نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ممکنہ واپسی سے متعلق قیاس آرائیوں کو جنم دیتے ہوئے عندیہ دیا کہ وہ مزید 2، 3 سال کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔

اس موقع پر نومنتخب صدر فاروق احمد نے سابق کپتان تمیم اقبال کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاید ون ڈے اب ان کا بہترین فارمیٹ ہے، میرے خیال میں تمیم آپ کو بہتر بتا سکتے ہیں کہ آیا وہ طویل فارمیٹ کھیل سکتے ہیں یا نہیں۔

بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی مداخلت کے بعد اپنی ریٹائرمںٹ کا فیصلہ واپس لے لیا تھا تاہم ستمبر 2023 سے بین الاقوامی کرکٹ سے دور ہیں۔

بنگلادیش کے سب سے کامیاب ون ڈے بلے باز تمیم اقبال نے 243 میچوں میں 36.62 کی اوسط سے 8,357 رنز بنائے جس میں 14 سنچریاں اور 56 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 70 میچوں میں 10 سنچریوں اور 31 نصف سنچریوں کے ساتھ 5,134 رنز بنائے ہیں جبکہ ٹی20 انٹرنیشنل کیرئیر میں 78 میچوں میں 1,758 رنز، سات نصف سنچریاں اور ایک سنچری شامل ہے۔

پی ٹی آئی کارکن لاپتا کیس؛ آئی جی اسلام آباد پولیس عدالت طلب

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے لاپتا کارکن سے متعلق کیس میں عدالت نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو طلب کرلیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے لاپتا کارکن فیضان کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر نے 2 ہفتوں میں کیا کیا؟ جہاں سے لاپتا ہوا، کیا تفتیشی افسر وہاں گیا ؟ کیا اس کے والد سے ملاقات کی؟

عدالت نے پوچھا کہ کیا آپ اس رپورٹ سے مطمئن ہیں ؟ ، جس پر اسٹیٹ کونسل نے جواب دیا کہ ہم آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے۔

اسلام آباد پولیس نے عدالت کو بتایا کہ جہاں جہاں فیضان جاتا تھا وہاں بھی ہم نے تحقیقات کیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کارکن لاپتا؛ حکومت آئین کو تبدیل کرکے اس میں سے بنیادی حقوق نکال دے، عدالت

بعد ازاں پی ٹی آئی کارکن فیضان کی عدم بازیابی پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر آئی جی کو طلب کرلیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ منگل کے روز آئی جی اسلام آباد پیش ہوں۔