بلاک بسٹر فلم ‘شعلے’ کا ریمیک بنانا چاہتا ہوں، سلمان خان

ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے ماضی کی سُپر ہٹ فلم ‘شعلے’ کا ریمیک بنانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں بالی ووڈ لکھاریوں کی بے مثال جوڑی ’سلیم جاوید‘ کے ری یونین کے نتیجے میں بننے والی دستاویزی سیریز ‘اینگری ینگ مین’ کی تشہیری کے لیے تقریب کا انعقاد ہوا تھا جس میں سلمان خان نے بھی شرکت کی تھی۔

اس تقریب کی میزبان فرح خان نے سلمان خان سے پوچھا کہ آپ ‘سلیم جاوید’ کی تحریر کردہ کونسی فلم کا ریمیک بنانا چاہتے ہیں؟

سلمان خان نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر مجھے ان کی کسی بھی فلم کا ریمیک بنانے کا موقع ملا تو میں فلم ‘شعلے’ کا ریمیک بنانا چاہوں گا۔

اداکار نے ‘شعلے’ کے ریمیک میں اپنے کردار کے حوالے سے کہا کہ میں فلم میں ‘جے’ اور ‘ویرو’ دونوں کا کردار ادا کر سکتا ہوں، میں ‘گبر’ کا بھی کردار ادا کر سکتا ہوں۔

اس سے قبل فلم ‘شعلے’ کے لکھاری جاوید اختر نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ فلم ‘ شعلے’ کی کاسٹ کے کئی لوگ ‘گبر’ کا کردار ادا کرنے کے خواہشمند تھے۔

جاوید اختر کے مطابق امیتابھ بچن اور سنجیو کمار نے کہا تھا کہ وہ گبر کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم، دھرمیندر نے کبھی نہیں کہا تھا کہ وہ یہ کردار چاہتے ہیں کیونکہ وہ اپنے کردار سے خوش تھے۔

واضح رہے کہ فلم ‘شعلے’ میں گبر کا کردار مرحوم اداکار امجد خان نے ادا کیا تھا، اس کردار سے اُنہیں خوب شہرت ملی تھی۔

1975 میں 15 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم ‘شعلے’ میں امیتابھ بچن، دھرمیندر، جیا بچن، ہیما مالنی، سنجیو کمار اور امجد خان نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

خیال رہے کہ ‘اینگری ینگ مین’ ایک نئی دستاویزی سیریز ہے جو اسکرپٹ رائٹرز سلیم خان اور جاوید اختر کے کیریئر پر مرکوز ہے، بھارتی لکھاریوں کی یہ جوڑی ‘سلیم-جاوید’ کے نام سے مشہور ہے۔

اقوام متحدہ کا 79 واں اجلاس اور اس کی اہمیت

اقوام متحدہ کی اسمبلی کا 79 واں اجلاس ماہ ستمبر کی 10 تاریخ سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ 193 رکنی اسمبلی کے اس اجلاس میں اعلیٰ سطح پر بحث 24 سے 30 ستمبر تک جاری رہے گی۔

بین الاقوامی امن و سلامتی اور دیگر عالمی امور کے حوالے سے اقوام متحدہ کا ادارہ اپنی خاص اہمیت رکھتا ہے، اسی لحاظ سے اس اجلاس کی بھی خاص اہمیت ہے کہ دنیا اس وقت کئی عالمی تنازعات کا شکار ہے اور خاص طور پر غزہ میں جاری شورش عالمی توجہ کی متقاضی ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے منگل کو جاری کردہ مقررین کی عارضی فہرست کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف 26 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سالانہ ڈیبیٹ سے خطاب کریں گے۔ یہ ایک اہم موقع ہوگا کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین کے معاملات پر اقوام متحدہ کے اہم پالیسی ساز ادارے جنرل اسمبلی میں اپنا موقف پرزور طریقے سے پیش کرسکتا ہے۔

10 ستمبر سے شروع ہونے والا اسمبلی کا 79 واں اجلاس فلسطین، یوکرین اور سوڈان سمیت جاری تنازعات کے ساتھ دنیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ہوگا۔ لیکن اسمبلی کے بھاری ایجنڈے کا مقصد ایک نئے عالمی ترقیاتی فریم ورک کی تعمیر کےلیے اسٹیج تیار کرنا بھی ہے جو کرۂ ارض کی حفاظت کرے اور تمام لوگوں کےلیے مساوات، انصاف اور خوشحالی کو فروغ دے۔

اجلاس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریس گزشتہ سال کے واقعات کا احاطہ کرتے ہوئے تنظیم کے کام پر اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ گوٹیریس اس اعلیٰ سطح ہفتے کے دوران اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں مستقبل کا پرعزم سربراہ اجلاس بھی منعقد کررہے ہیں۔ یہ سربراہی اجلاس 22 اور 23 ستمبر کو منعقد ہوگا۔ توقع ہے کہ اس میں مستقبل کے معاہدے کو منظور کیا جائے گا جس میں ایک عالمی ڈیجیٹل کمپیکٹ اور مستقبل کی نسلوں سے متعلق اعلامیہ شامل ہوگا۔ اقوام متحدہ نے اس سربراہی اجلاس کو ایک اعلیٰ سطح کی تقریب قرار دیا ہے جس کا مقصد حال کو بہتر کرنا اور مستقبل کے تحفظ کےلیے ایک نیا بین الاقوامی اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق موثر عالمی تعاون ہماری بقا کےلیے انتہائی اہم ہے لیکن عدم اعتماد کی فضا میں اور فرسودہ اسٹرکچر کے استعمال کے باعث سبب جو آج کے سیاسی اور اقتصادی حالات کی عکاسی نہیں کرتیں، اسے حاصل کرنا مشکل ہے۔

جنرل اسمبلی کے اجلاس کی اہمیت

اقوامِ متحدہ کے قیام ہی سے اس عالمی تنظیم کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت پر سوال اٹھتے رہے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ناقدین اسے ڈیبیٹنگ کلب قرار دیتے ہیں لیکن جنرل اسمبلی کے اجلاس کی اہمیت کا انکار اس لیے بھی ممکن نہیں کیوں کہ اس میں اقوامِ عالم کے نمائندوں کو ایک چھت تلے جمع ہونے اور مختلف موضوعات پر اپنا مؤقف دنیا کے سامنے رکھنے کا موقع ملتا ہے۔

دوسری عالمی جنگ کے بعد دنیا میں امن کی اہمیت اجاگر ہوئی اور اس سلسلے میں جنرل اسمبلی میں دنیا کے ہر خطے کی نمائندگی کی اس روایت کا آغاز بھی اسی دور سے ہوا۔

پاکستان سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہے۔ اس سال 6 جون کو غیر مستقل ارکان کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں پاکستان 182 ووٹ لے کر 2025-26 کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہوا تھا۔ پاکستان سات بار سلامتی کونسل میں اپنی خدمات انجام دے چکا ہے۔

اس سال اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس نازک وقت میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی بھرپور حمایت کے ساتھ سلامتی کونسل میں ہمارا انتخاب عالمی برادری کے پاکستان کی سفارتی حیثیت اور عالمی امن و سلامتی کے لیے ہمارے عزم پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ ہم عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کےلیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ ہم اقوام کے درمیان امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔‘

بلاشبہ پاکستان جنگ کی روک تھام اور امن کے فروغ کےلیے اقوام متحدہ کے چارٹر کے وژن پر اپنے عزم عالمی خوشحالی کو فروغ دینا اور انسانی حقوق کے عالمی احترام کو فروغ دینا کی پاسداری کا خواہاں ہے۔

پاکستان کے لیے یہ اہم موقع ہے کہ عالمی پلیٹ فارم پر کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے ساتھ فلطسین کے معاملے کو بھی اجاگر کرے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 8 کیسز رپورٹ

لاہور: پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 8 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال ڈینگی کیسز کی تعداد 296 تک پہنچ گئی۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے پنجاب بھر میں ڈینگی کے اعداد و شمار جاری کر دیے جس کے مطابق ایک ہفتے میں ڈینگی کے 36 کیسز سامنے آئے۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں لاہور سے 2 اور راولپنڈی سے 3 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ اوکاڑہ، ساہیوال اور رحیم یار خان سے ڈینگی کا ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔

محکمہ صحت نے انسداد ڈینگی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر رکھے ہیں، تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی سمیت دیگر ادویات کا اسٹاک موجود ہے۔

حکومت کا ملک میں یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے پر غور

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وزارت صنعت و پیداوار کے اجلاس میں سیکریٹری صنعت و پیدوار نے کہا کہ رائٹ سائزنگ کے تحت وفاقی حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے کا سوچ رہی ہے، رائٹ سائزنگ کمیٹی کے فیصلے کابینہ کو بھجوائے جائیں گے۔

سیکریٹری انڈسٹریز نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز سے متعلق وزارت صنعت و پیداوار عمل درآمد کے لیے ایکشن پلان دے گی، ملازمین کے لیے پیکیج پر کام کیا جا رہا ہے، حکومت مالی مشکلات کے باعث نجکاری کر رہی ہے۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی میں آٹو پالیسی پر حکام نے بریفنگ بھی دی۔

حکام وزارت صنعت و پیداوار نے بتایا کہ ملک میں ویئر ہاوسنگ کی ضروریات بڑھ رہی ہیں، ویئر ہاوسنگ کو صنعت قرار دینے کے لیے سمری وفاقی کابینہ کے زیر غور ہے جبکہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ویئر ہاوسنگ کو انڈسٹری کا درجہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔ کمیٹی ویئر ہاوسنگ پالیسی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

حکام نے بتایا کہ پاکستان میں سالانہ 10 لاکھ سے کم کاریں بنتی ہیں، الیکٹرک وہیکلز میں موٹر سائیکل اور رکشہ بنانے کے لیے 45 لائسنس جاری کیے گئے، اس وقت ملک میں گاڑیوں کے 13 برانڈ کام کر رہے ہیں، ملک میں 50 لاکھ کاریں تیار کی جا سکتی ہیں، گزشتہ مالی سال کاروں کی فروخت سے 300 ارب روپے کا ٹیکس ملا۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سری لنکا میں ٹویوٹا گاڑیوں کی برآمد حکومت کے قرض کے باعث ہوئی، پاکستان میں بنی ہوئی گاڑیوں کا معیار بہتر نہیں اس لیے برآمد نہیں ہو سکتی۔ حکام نے بتایا کہ ٹریکٹرز اور رکشہ کی برآمد ہو رہی ہے۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر عون عباس بپی نے سوال کیا کہ کیا ایم جی گاڑیوں کی درآمد میں انڈر ان وائسنگ ہوئی؟ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ یہ معاملہ عدالت نے حل کر دیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ اس سال گاڑیوں کے 4 فیصد ایکسپورٹ ٹارگٹ حاصل نہیں ہوئے، کمپنیوں نے ایکسپورٹ آرڈر حاصل نہیں کیے اور عدالت سے اسٹے حاصل کر لیا، حکومت نے ایکسپورٹ کے لیے کوئی مراعات نہیں دیں تھیں۔

ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل مینیجر یوٹیلیٹی اسٹورز عنایت اللہ دولہ نے کہا کہ حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے سے متعلق غور کر رہی ہے، حکومت رائٹ سائزنگ کے تحت یوٹیلیٹی سٹور بند کرے گی اور اس حوالے سے باقائدہ پلان تیار کیا جائے گا۔

جنرل مینیجر نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین سے متعلق فیصلہ پلان کے تحت کیا جائے گا، رائٹ سائزنگ کمیٹی کی جانب سے حکومت کو یوٹیلیٹی اسٹورز کے معاملے پر تجویز دی جائے گی۔

اتوار کو طاقتور مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہونگی، شدید بارشوں کا امکان

کراچی: ملک میں اتوار سے طاقت ور مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا، جس کے زیر اثر شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 سے 29 اگست کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ بنگال سے ہواؤں کا سلسلہ پاکستان کے جنوبی علاقوں میں داخل ہوگا۔ 25 سے 29 اگست کے دوران کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، عمر کوٹ، مٹھی، میر پور خاص، سکھر، سانگھڑ اور سندھ کے دیگر مقامات پر معمول سے تیز موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

بلوچستان میں 26 سے 30 اگست کے دوران قلات، لسبیلہ، بارکھان، جعفر آباد، ژوب، کوئٹہ، زیارت و دیگر علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارشیں بھی ہوسکتی ہے۔ 25 اگست سے 28 اگست کے دوران مری، پنجاب، بالائی پنجاب، گلیات، اسلام آباد ،لاہور، سیالکوٹ، گجرات، گجرانوالہ سمیت جنوبی پنجاب و دیگر علاقوں میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح 26 سے 28 اگست کے دوران بالائی پختونخوا، ہزارہ ڈویژن، مردان، پشاور، ہنگو و دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارشوں سے بلوچستان کے مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ تیز بارشوں سے اسلام آباد، راولپنڈی، وسطی پنجاب کے نشیبی علاقوں کو بھی خطرہ بتایا گیا ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان بالائی کے پی کے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق ہوا کا کم دباؤ مغربی بنگال پر موجود ہے ۔ 25 اگست کو طاقتور مون سون ہوائیں ملک کے جنوبی علاقوں میں داخل ہوں گی اور 29 اگست تک کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے ۔

علاوہ ازیں اگلے 3 روز کے دوران شہر کا موسم گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے ۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ پارہ 36 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کی جاسکتی ہے ۔

آج حیدرآباد،ٹھٹھ،بدین،میر پورخاص سمیت دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

لاہور باٹا پور سے لاپتا بچی کو قتل کیے جانے کا انکشاف، قتل میں والد کا دوست ملوث نکلا

لاہور باٹا پور میں کمسن بچی کو اغوا کرکے قتل کردیا گیا، بچی کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جس کی نشاندہی پر لاش برآمد کی گئی، ملزم بچی کے والد کا دوست ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پانچ سالہ بچی فجر دس اگست کو لاپتا ہوئی، ملزم بچی کے والد سے رقم کا تقاضا کرتا رہا، موبائل نمبرز ٹریس کیے تو بچی کے والد کا قریبی دوست ہی اغواء کار نکلا جس پر ملزم کاشف کو گرفتار کرلیا گیا۔

ملزم کاشف نے دوران تفتیش بچی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا، ملزم کی نشاندہی پر بچی کے کپڑے اور سر کے بال برآمد کرلیے، ملزم بچی کے والد کے ساتھ مل کر بچی کو تلاش بھی کرتا رہا، بچی کے بال، کپڑے اور ہڈیاں فرانزک لیب بھجوا دی گئیں۔

پولیس کے مطابق تفتیش مکمل ہونے پر مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

بٹلر سے اختلافات؛ فلنٹوف کوچنگ اسٹاف کا حصہ نہیں رہیں گے

انگلینڈ کے سابق کرکٹر اینڈریو فلنٹوف موجودہ کپتان جوز بٹلر سے اختلافات کے باعث آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز میں کوچنگ اسٹاف کا حصہ نہیں ہوں گے۔

دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے مارکس ٹریسکوتھک کو ٹیم کا مکمل کنٹرول دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

فلنٹوف گزشتہ برس انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم کے ساتھ کوچنگ کیرئیر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں بطور اسسٹنٹ کوچ خدمات بھی سرانجام دی تھیں۔

قبل ازیں خبریں سامنے آئیں تھی کہ سابق کرکٹر اینڈریو فلنٹوف موجودہ کپتان جوز بٹلر کے درمیان ٹی20 ورلڈکپ میں کچھ اختلافات پیدا ہوئے تھے، جس کے باعث انہیں انگلینڈ کے مستقل ہیڈکوچ کیلئے زیر غور نہیں لایا گیا۔

حال ہی میں فلنٹوف نے بطور کوچ شامل کرنے پر انگلش بورڈ کا شکریہ بھی ادا کیا، میں بچپن میں صرف اتنا ہی کرنا چاہتا تھا اور مجھے اپنے خواب کو جینے کا موقع ملا۔ میں یہاں واپس آکر بہت خوش قسمت محسوس کرتا ہوں اور میں چاہتا ہوں کہ لڑکے کھیل کو پسند کریں۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ کیرئیر ختم کرنے کے بعد پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں اور یہ اتنی تیزی سے گزر جاتا ہے، لیکن آپ صرف اس وقت کو محسوس کرسکتے ہیں۔

صبا قمر ڈیزائنرز کے مہنگے ترین ملبوسات کیوں نہیں پہنتیں؟ وجہ سامنے آگئی

کراچی: پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف اداکارہ صبا قمر نے ڈیزائنرز کے مہنگے کپڑے نہ پہننے کی وجہ بتا دی۔

ماضی میں صبا قمر نے نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے اپنی خراب عادت کے بارے میں بتایا تھا۔

اداکارہ کا یہ انٹرویو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے، وائرل انٹرویو کے مطابق شو کی میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے صبا قمر نے کہا تھا کہ میرے اندر ایک گندی عادت ہے کہ میں لوگوں کو سونگھتی ہوں۔

صبا قمر نے کہا تھا کہ میں اپنے پاس سے گزرنے والے ہر مرد اور عورت کو سونگھتی ہوں، مجھے معلوم ہے کہ یہ عادت گندی ہے لیکن میں کیا کروں، میری ناک بہت تیز ہے۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ میں صفائی پسند خاتون ہوں اور میں صفائی ستھرائی کے معاملات میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی، میں گندگی کی وجہ سے کروڑوں کی چیز بھی چھوڑ دیتی ہوں۔

اداکارہ نے کہا تھا کہ اکثر اداکارائیں سونگھے بغیر ہی سیٹ پر ڈیزائنرز کے ملبوسات پہن لیتی ہیں لیکن میں ایسا نہیں کرتی، میں پہلے ملبوسات کو سونگھتی ہوں، اگر مجھے بدبو آجائے تو میں ڈیزائنرز کے مہنگے ترین ملبوسات پہننے سے انکار کردیتی ہوں۔

صبا قمر نے دورانِ انٹرویو مداحوں کو ناک سے سونگھنے کی مشق بھی کرکے دکھائی تھی۔

بظاہر لگ رہا ہے حکومت ہی جبری گمشدگیوں کی بینیفشری ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ بظاہر لگ رہا ہے کہ حکومت ہی جبری گمشدگیوں کی بینیفشری ہے۔

اظہر مشوانی کے 2 لاپتا بھائیوں کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی، جس میں درخواست گزار کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دلائل دیے۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کچھ معلوم ہوا ہے ؟، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے بتایا کہ آج بھی ہائی لیول پر رابطہ ہوا ہے، ہر لحاظ سے کوشش جاری ہے۔

بابراعوان نے اپنے دلائل میں عدالت کو بتایا کہ 5 قوانین بغاوت اور بغاوت پر اکسانے کو ڈیل کرتے ہیں۔ کہیں نہیں بتایا گیا قومی مفاد کیا ہے۔ مجھ سے پوچھیں گے قومی مفاد کیا ہے تو میں کہوں گا بجلی کی قیمت کم کرو ۔ بلوچستان والا کہے گا مجھے گیس فراہم کرو، اس کا یہ قومی مفاد ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: اظہر مشوانی کے دو بھائیوں کا بازیاب نہ ہونا بادی النظر میں توہین عدالت ہے، ہائیکورٹ

اس دوران پنجاب پولیس لاہور سے ایس پی عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور بتایا کہ فیملی کی جانب سے سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کی گئی ہے۔ ریزولیوشن کم ہونے کی وجہ سے نادرا یا فرانزک ایجنسی سے کچھ پتا نہیں چل سکا۔ جیو فینسنگ 10 ہزار نمبرز کی حاصل کی لیکن ابھی تک کچھ معلوم نہیں۔ آج 23 اگست تک کوئی بھی قابل عمل معلومات نہیں ملی۔ سیف سٹی پراجیکٹ ہر اینگل سے کور نہیں کر پاتا۔ اس وقت تک کوئی بھی لا انفورسمنٹ ایجنسی اس حوالے سے کچھ پتا نہیں چلا سکی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ حکومت ہی جبری گمشدگیوں کی بینیفشری ہے۔ کیسے اس ملک میں لوگ اغوا ہوتے ہیں اور چیف ایگزیکٹو کچھ نہیں کرتے۔ اٹارنی جنرل نے کہا تھا وزیراعظم کو اس معاملے پر بریف کروں گا۔ چیف ایگزیکٹو کو ان معاملات کا پتا ہے مگر پھر بھی لوگ جبری طور پر لاپتا ہو جاتے ہیں۔

وکیل بابراعوان نے کہا کہ وزیر اعظم کے پاس اس عدالت کے آرڈر پڑھنے کا وقت ہی نہیں ۔

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ جب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ کیس شروع ہوا ہے تفتیش رک گئی ہے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ جیو فینسنگ رپورٹ تیار کر لی گئی ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پوچھا کہ کب سے لاپتا ہیں یہ دونوں ، جس پر پولیس افسر نے بتایا کہ 6 جون سے غائب ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ 3 ماہ ہو گئے ہیں 2 بندے جبری طور پر لاپتا ہیں، ان کے خاندان پر جو گزر رہا ہوگا ہمیں اندازہ ہے۔ لوگوں کو اٹھایا جارہا ہے مگر چیف ایگزیکٹو کچھ نہیں کررہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل صاحب ! وزیراعظم اور اٹارنی جنرل کی ملاقات سے تو کچھ نہیں نکلا؟

دوران سماعت وکیل بابر اعوان نے وزیراعظم کو عدالت بلانے کی استدعا کردی، جس پر عدالت نے کہا کہ آئین میں ریاست کے سربراہ وزیر اعظم جب کہ قانون کا سربراہ اٹارنی جنرل ہوتے ہیں۔ ہم نے ایک پراسس کے مطابق اٹارنی جنرل کو عدالت بلایا تھا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اگر حکومت کو ڈیو پراسس فالو نہیں کرنا تو پھر کیا کہہ سکتے ہیں۔ ان چیزوں سے ملک کی کتنی بدنامی ہورہی ہے، ان کو اندازہ نہیں۔ اس کیس کو منگل تک کے لیے رکھ رہا ہوں مگر منگل کو میں نہیں ہوں گا۔ میرے نہ ہونے کی وجہ سے اس کیس میں تاخیر نہیں چاہتے۔

عدالت نے سربراہ جے آئی ٹی ایس پی لاہور کو رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو یہ دیکھنا ہوگا کہ غیر پولیس نے پولیس کی وردی پہنی کیسے؟ ۔

اس موقع پر بابر اعوان کی جانب سے عدالت سے سخت آرڈر پاس کرنے کی استدعا کی گئی، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ میں اس کیس پر آرڈر پاس کروں گا۔

جنرل اسپتال لاہور کے لیڈیز ہوسٹل سے چوریاں کرنے والا ملزم گرفتار

لاہور: کوٹ لکھپت پولیس نے جنرل اسپتال لاہور کے لیڈیز ہوسٹل سے چوریاں کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا، ملزم پہلے بھی ہوسٹل سیکیورٹی کو چکما دیکر ہوسٹل سے موبائلز اور دیگر چیزیں چوری کر چکا ہے۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو چوری کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم سے چوری شدہ موبائلز برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے کوٹ لکھپت پولیس ٹیم کو شاباش دی۔