منیشا کوئرالہ نے شاہ رخ خان کے ساتھ کم فلمیں کرنے کی وجہ بتادی

 ممبئی: بالی وڈ اداکارہ منیشا کوئرالہ نے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’دل سے‘ کے بعد کام نہ کرنے کی وجہ بتادی۔

ایک تازہ انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ بالی وڈ میں ہیرو خود فیصلہ کرتے ہیں کہ وہ کس ہیروئین کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں، اسی لیے انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ کم کام کیا ہے۔

نیپال سے تعلق رکھنے والی اداکارہ نے کہا کہ دوبارہ کام نہ کرنے کا سبب شاہ رخ خان کی چوائس ہے۔

شاہ رخ خان اور منیشا کوئرالہ نے 1998 میں فلم ’دل سے‘ میں مل کر کام کیا اور حال ہی میں فلم کی ریلیز کی 26 ویں سالگرہ منائی گئی۔

منیشا کوئرالہ نے کہا کہ انڈسٹری میں ہیرو فیصلہ کرتے ہیں کہ وہ کس ہیروئن کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں جبکہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’گڈو‘ میں بھی کام کر چکی ہیں۔

اداکارہ نے منی رتنم کی فلموں “دل سے”، 1995 کی تامل فلم ’بمبئی‘، سنجے لیلا بھنسالی کی ’خاموشی‘ اور ’ہیرا منڈی‘ کو اپنی پسندیدہ فلمیں قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وہ ان فلموں میں اپنی بہترین پرفارمنس دے چکی ہیں۔

رضوان ٹیسٹ میں 150 رنز بنانے والے پانچویں پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز بن گئے

 راولپنڈی: پاکستانی کھلاڑی محمد رضوان ٹیسٹ میں 150 رنز بنانے والے قومی ٹیم کے پانچویں وکٹ کیپر بیٹسمین بن گئے۔

راولپنڈی میں بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 150 رنز بنائے۔

اس سے قبل، محمد رضوان نے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 115 رنز بنا رکھے تھے۔

یاد رہے کہ سال 2009 میں سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے آخری مرتبہ سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں 158 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

ملک میں وی پی این کو بلاک نہیں کرسکتے، پی ٹی اے حکام

  اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے حکام نے کہا ہے کہ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کو بلاک نہیں کرسکتے۔

اسلام آباد میں سینیٹر پلوشہ محمدزئی خان کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا۔

پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ حکام نے بریفنگ میں کہا کہ عالمی گلوبل آئی ٹی مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ 0.04 فیصد سے بھی کم ہے، گزشتہ سال پاکستان کی آئی ٹی گروتھ 20فیصد رہی، پاکستان کی آئی ٹی میں 54فیصد امریکہ ،یورپ کو 21 فیصد، گلف ممالک کو دس فیصد ایکسپورٹ ہے، ایک ارب روپے کی لاگت سے آئی روزگار پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں۔

اجلاس میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ممبر انفورسمنٹ نے بتایا کہ 18 جون 2024 کو کراچی سمندر کے قریب ایس ایم ڈبلیو فور آپٹیکل فائبر کیبل کے کٹ کی وجہ سے انٹر نیٹ ٹریفک میں خلل آیا، ابھی یہ مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوئی اس پر کام ہورہا ہے، سب میرین کیبل کی درستگی کا کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا، اے اے ای ون سب میرین کیبل کی خرابی بھی سامنے آئی ہے، جس میں خرابی 27 اگست تک دور ہونے کا امکان ہے، ہمارے پاس 7 کیبلز ہیں جن کی اوسطاً 3.5 ٹیرابائٹ کیپیسٹی ہے جو رات کو 7.5 ٹیرابائٹ ہوجاتی ہے۔

پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر ٹوئٹر بند کیا گیا ہے، کیونکہ ٹوئٹر ممنوعہ مواد کے بارے میں ہماری شکایات پر کمپلائنس نہیں کرتا، پاکستان میں وی پی این کے بغیر ایکس نہیں چل سکتا، اگر کچھ لوگ وی پی این استعمال کرکے ایکس استعمال کرتے ہیں تو تمام وی پی اینز کو پی ٹی اے کنٹرول نہیں کرتا، ہم وی پی این کو بلاک نہیں کرسکتے، پی ٹی اے وی پی این کو بند نہیں کرسکتا کیونکہ اس سے بزنس متاثر ہوتا ہے۔

کمیٹی نے سب میرین کیبلز کے فالٹ دور کرنے کا ٹائم فریم مانگتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

سلمان خان اور عامر خان 30 سال بعد فلم میں ایک ساتھ؟ پوسٹ وائرل

 ممبئی: عامر خان پروڈکشن ہاؤس کی سوشل میڈیا پوسٹ نے دبنگ اسٹار سلمان خان اور عامر خان کے مداحوں کو تجسس میں مبتلا کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس نے گزشتہ روز 21 اگست کو میگا اسٹار سلمان خان کے پُرانے ٹوئٹ پر ردعمل دیا۔

سلمان خان نے سال 2010 میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ میں نے فلم ‘انداز اپنا اپنا’ کے بعد عامر خان کو مجھے چُھونے نہیں دیا (یعنی دوبارہ اُن کے ساتھ کوئی فلم نہیں کی)، اگر وہ مجھے سونے میں بدل دیتے تو؟

دبنگ اسٹار کی اس پوسٹ پر 14 سال بعد عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس نے ردعمل دیا ہے، پروڈکشن ہاؤس نے کہا کہ ہم اس کے بارے میں بہت سوچتے ہیں۔

پروڈکشن ہاؤس کے ردعمل نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے، مداحوں کا کہنا ہے کہ سلمان خان اور عامر خان بہت جلد فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے، یہ ردعمل اسی کی طرف اشارہ ہے۔

واضح رہے کہ سلمان خان اور عامر خان آخری بار سال 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘انداز اپنا اپنا’ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔

خیال رہے کہ ان دنوں سلمان خان اپنی اگلی فلم ‘سکندر’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جوکہ سال 2025 میں عید کے موقع پر ریلیز ہوگی۔

دوسری جانب عامر خان نے حال ہی میں اپنی اگلی ‘ستارے زمین پر’ کی شوٹنگ مکمل کی ہے، فلم رواں برس کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

فلم میں عامر خان کے مدمقابل جینیلیا ڈی سوزا کردار ادا کررہی ہیں اور یہ دونوں فنکاروں کا بڑی اسکرین پر پہلا اشتراک ہے۔

پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈرشپ عمران خان کو جیل سے نکالنا نہیں چاہتی، علیمہ خان

  اسلام آباد: بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ پارٹی کی موجودہ لیڈرشپ عمران خان کو جیل سے نکالنا نہیں چاہتی۔

تحریک انصاف کا آج ترنول (اسلام آباد) جلسہ منسوخ ہونے کے معاملے پر علیمہ خان کا سخت ردعمل سامنے آیا، جس میں انہوں نے سوال کیا کہ اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح صبح بانی پی ٹی آئی سے ملنے چلا گیا ؟

علیمہ خان نے کہا کہ اعظم سواتی نے کس کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کو جلسہ ملتوی کرنے کا پیغام پہنچایا ؟ صبح 7:30 بجے اڈیالہ میں عمران خان سے ملاقات کیسے ممکن ہو سکتی ہے ؟ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر ان لوگوں نے بانی پی ٹی آئی سے جلسہ ملتوی کروایا ہے۔

عمران خان کی بہن کا کہنا تھا کہ کارکنوں کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں تھی تو بانی پی ٹی آئی سے فیصلہ کروا دیا۔ موجودہ لیڈر شپ کا ارادہ ہی نہیں ہے بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالنے کا۔ پارٹی کا چیئرمین باہر بیٹھا ہے اس نے فیصلہ کیوں نہیں کیا ؟ یہ فیصلے خود کرتے ہیں اور نام عمران خان کا لگا دیتے ہیں۔

ایرانی حملہ دور سے ہو یا قریب سے، ہرچیز کیلیے تیار ہیں؛ نیتن یاہو

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ممکنہ ایرانی حملے کے پیش نظر رمات ڈیوڈ ایئربیس کا دورہ کیا اور دفاعی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے فضائی اڈے کے دورے پر افسران سے خطاب میں کہا ہے کہ اپنی سرزمین کے دفاع میں کسی بھی صورت حال سے نمٹنے اور ہر طرح کے خطرات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ آج یہاں میں یہاں اس لیے ہوں تاکہ قریب یا دور سے ہونے والے حملوں کے خلاف اپنی تیاریوں کو دیکھ سکوں۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم اپنے ملک کا دفاع کرنے یا جوابہ حملہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

ادھر اسرائیلی انٹیلی جنس چیف شلومی بائنڈر کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت غزہ میں ایک طویل اور مشکل ترین جنگ لڑ رہے ہیں جو اب لبنان تک پھیل سکتی ہے۔ اپنے 109 یرغمالیوں کی بازیابی تک جنگ جاری رکھیں گے۔

یاد رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور انٹیلی جنس چیف شلومی بائنڈر کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ میں ایرانی مشن اور پاسداران انقلاب نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اسرائیل پر حملہ کرکے بھرپور جواب دیا جائے گا چاہے اس میں کتنا ہی وقت کیوں نہ لگے۔

سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونا شروع ہوگیا ہے، وزیرخزانہ

  اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونا شروع ہوگیا ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےاسلام آباد میں راست کنیکٹیویٹی منصوبے کے نفاذ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بونا راست کنیکٹیویٹی منصوبہ ایک احسن اقدام ہے۔ بونا راست منصوبہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد دوبارہ بحال ہونا شروع ہوگیا ہے۔

وزیرخزانہ کا مزید کہنا تھا کہ  زرمبادلہ کے ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔  پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے اور ملک میں میکرو اکنامک استحکام آ رہا ہے۔  توانائی کے شعبے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کیلئے پرعزم ہیں۔ ہمارا ڈیجیٹل اکنامی کی جانب بڑھنا خوش آئند ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ  ہم نے لیکجز کے کاروبار کو ختم کرنا ہے۔ ڈیجیٹائزیشن کا عمل کسی بھی ملک کی ترقی کا اہم جزو ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹائزیشن سے غربت اور بدعنوانی کا خاتمہ ہوگا۔ بونا راست منصوبہ پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان اہم سنگ میل ہے، بونا راست سے بیرون ملک مقیم افراد اپنے پیاروں کو بآسانی رقم منتقل کر سکیں گے۔

بجلی بلز میں ریلیف عوام پر احسان نہیں بلکہ بل ٹیرف کے مطابق آنے چاہئیں، حافظ نعیم

 لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت کو حالات کا ادراک کرنا چاہیے، بجلی کے بلوں میں دو ماہ کا ریلیف عوام پر احسان یا خیرات نہیں بلکہ بجلی کے ٹیرف کے مطابق بل آنے چاہئیں۔

منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ شریف خاندان کی آئی پی پیز سے پنجاب کے عوام کو خیرات دے رہے ہیں، آئی پی پیز کے کیپسٹی پے منٹ سے چار پانچ سو ارب روپے کا بجلی بلوں میں ریلیف دے دیں تو عوام کو ریلیف مل جائے گا، بجلی بلوں میں ریلیف مونگ پھلی کے دانے سے بہلایا نہیں جا سکتا مکمل ریلیف دینا پڑے گا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ گیس کے بلوں کو مزید بڑھا رہے ہیں، فیول ایڈجسٹمنٹ لائن لاسز اور مہنگا تیل ہوتا ہے جس کا بوجھ عوام پر ڈال دیا جاتا ہے، فیول ایڈجسٹمنٹ حکومت و بجلی اداروں کا شیطانی کھیل ہے۔ نیپرا اور ڈسکوز کی خاموش حمایت سے حکومت اپنا فیصلہ دے دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ٹیکس کا نیٹ ورک بڑھے لیکن ایف بی آر کرپشن کا گڑھ بنا ہوا ہے، ایف بی آر کے 25ہزار عملے نے ایک سال میں 12سو 99ارب روپے کرپشن کی۔ ایف بی آر کے جو لوگ کرپشن کر رہے ہیں اگر یہ کرپشن ختم ہو جائے تو عوام کو ریلیف ہی مل جائے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام چور بن جائیں، مسائل کی بنیاد پر قوم کو اکٹھا ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بہت بڑی رابطہ عوام مہم چلا رہی ہے، حق دو عوام کو تحریک قومی ایجنڈا ہے۔ بجلی کی قیمتیں، تنخواہ دار طبقہ کو ریلیف، گیس کے بلوں میں اضافہ اور فیول ایڈجسٹمنٹ جیسے ٹیکسز کے خلاف عوامی مہم چلا رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اس وقت فیصلہ کیا ہے تنظیمی ذمہ داران سے بات چیت کرکے تحریک پر لائحہ عمل بنایا جائے۔ بلوچستان کا دورہ کیا، سندھ، پنجاب اور پشاور میں تنظیموں کو متحرک کریں گے لیکن پہلے مرحلے میں 28اگست کو مکمل شٹر ڈاؤن کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بار تاجروں میں اتحاد پایا جاتا ہے اس مسئلہ کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہتے، حکومت تاجروں کو تقسیم کرنا چاہتی ہے لیکن تاجروں و عوام میں کوئی تقسیم نہیں ہے، ہم نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور ہر صورت 28اگست کو شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ یکم ستمبر سے جماعت اسلامی ممبر شپ ہر گلی محلے ہر بستی و شہر میں شروع ہوگی، جبر کے نظام کے خلاف بڑے ہدف سے تنظیم کو نچلی سطح پر پھیلا رہے ہیں۔

شردھا کپور نے مقبولیت کی دوڑ میں نریندر مودی کو پیچھے چھوڑ دیا

 ممبئی: بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ‘استری 2′ کی ہیروئن شردھا کپور نے سوشل میڈیا پر مقبولیت کی دوڑ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شکست دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شردھا کپور کے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر فالوورز کی تعداد 91.6 ملین ہوگئی ہے جس کے بعد وہ اس پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی تیسری بھارتی شخصیت بن گئی ہیں۔

اس وقت بھارت میں انسٹاگرام پر ویرات کوہلی کو سب سے زیادہ فالو کیا جارہا ہے، اُن کے فالوورز کی تعداد 270 ملین سے زائد ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ انسٹاگرام فالوورز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر عالمی شہرت یافتہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کا نام ہے جن کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 91.8 ملین ہیں۔

فہرست میں 91.6 فالوورز کے ساتھ شردھا کپور تیسرے نمبر پر جبکہ بھارتی وزیر اعظم مودی 91.3 ملین فالوورز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ شردھا کپور کی مقبولیت کی وجہ 15 اگست کو ریلیز ہونے والی اُن کی فلم ‘استری 2′ بھی بتائی جارہی ہے، اس فلم نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر دھوم مچا دی۔

بالی ووڈ فلموں کے تجزیہ نگاروں نے پیشگوئی کی ہے کہ فلم ‘استری 2′ اگلے ہفتے تک پوری دُنیا میں مجموعی طور پر 500 کروڑ کا ریکارڈ توڑ بزنس کرلے گی۔

این او سی منسوخ ہونے کے باوجود آج جلسہ کرنا تھا مگر بانی کے حکم پر رک گئے، وزیراعلیٰ کے پی

صوابی: وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ این او سی منسوخ ہونے کے باوجود آج جلسہ کرنا تھا مگر بانی کے حکم پر رک گئے۔

جلسے منسوخ ہونے کے بعد بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ اس حد تک جائیں کہ پھر کنٹرول نہ کرسکو، کارکن تیار ہیں حوصلہ بلند ہے۔

انہوں ںے کہا کہ این او سی کینسل ہونے کے باوجود آج جلسہ کرنا تھا، بانی پی ٹی آئی ہمارے لیڈر ہیں انہوں نے حکم دیا کہ 8 ستمبر کو جلسہ کرنا ہے، واضح پیغام دیتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کے حکم پر آگے بڑھنے کو بھی تیار ہیں اور ہیچھے ہٹنے کو بھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں آئین و قانون کی عمل داری یقینی بنائی جائے، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ رک جاؤ تو رک گئے اب بھی بانی پی ٹی آئی کی کال پر تیار ہیں۔