دہائیوں سے کشمیراورفلسطین کے مسلمانوں کو مذہبی بنیاد پر تشدد کا سامنا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کو مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنایا جاتا ہے۔

پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے مذہبی بنیادوں پر تشدد کا شکار ہونے والے افراد کے عالمی دن پر بیان میں کہا کہ دنیا میں ایسا کوئی مذہب نہیں ہوگا جو مختلف عقائد ماننے والوں پر تشدد کی اجازت دیتا ہوگا – مسلمانوں کو مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنایا جاتا ہے۔  بڑھتا ہوا اسلامو فوبیا اسکی مثال ہے۔ دہائیوں سے کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں پر عقائد کی بنیاد پر تشدد کیا جا رہا ہے۔ مذہب کی بنیاد پرتشدد قابل مذمت ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان  ہر مذہب اور عقیدے کے ماننے والوں کو برابر کا احترام دیتا ہے۔پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں سفید رنگ مختلف مذاہب کی نمائندگی ہے، سب پاکستانی ہیں کوئی تفریق نہیں- اقلیتوں پراٹھنے والے ہاتھوں کو سختی سے روکا جاتا ہے۔حکومت پنجاب مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ سب تشدد اورتعصب کے خلاف کھڑے ہوں اور پرامن اور محفوظ معاشرے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا

  اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا۔

پولیس کی بھاری نفری نے تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کو حراست میں لے کر تھانہ گولڑہ منتقل کردیا۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے آج ترنول کے مقام پر جلسے میں شرکت کے لیے کارکنان پہنچے تھے، اس دوران اطلاع ملی تھی کہ لوگوں کی ایکسپریس چوک سے گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں۔

ویرات کوہلی بالی ووڈ میں قدم رکھنے والے ہیں؟ مکیش چھابڑا کا ردعمل آگیا

 ممبئی: بالی ووڈ کے معروف کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابڑا نے بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کو کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اداکاری کی دُنیا میں قدم نہ رکھنے کا مشورہ دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو کے دوران میزبان نے کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابڑا سے سوال کیا کہ کیا ویرات کوہلی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھنے والے ہیں؟

اس سوال کے جواب میں مکیش چھابڑا نے کہا کہ ویرات کوہلی پہلے ہی ایک عظیم اداکار ہیں، وہ پنجابی اور دہلی کے رہائشی ہیں، اُنہوں نے اپنی کامیابی کو بڑی ہی خوبصورتی سے سنبھالا ہے۔

مکیش چھابڑا نے کہا کہ ویرات کوہلی نے اپنی فٹنس، خوبصورتی، ذہنی و جسمانی صحت اور کرکٹ کی اپنی صلاحیتوں کو برقرار رکھا ہوا ہے، وہ نہ صرف ایک عظیم کرکٹر ہیں بلکہ ایک بہترین شوہر اور باپ بھی ہیں، وہ نوجوان نسل کے لیے رول ماڈل ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی خوش اخلاق شخصیت کے مالک ہیں، وہ ڈانس بھی کرتے ہیں، مختلف لوگوں کی نقل بھی اُتارتے ہیں اور حالات کے حساب سے مزاحیہ باتیں کرکے اپنے ساتھ موجود لوگوں کو خوش بھی کرتے ہیں۔

ڈائریکٹر نے کہا کہ کوہلی بھارت کا فخر ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ وہ ابھی جس مقام پر ہیں اُنہیں وہاں ہی رہنا چاہیے، وہ بطورِ کرکٹر ہی اپنی پہچان بناکر رکھیں، اُنہیں فلمی دُنیا میں نہیں آنا چاہیے۔

مکیش چھابڑا نے مزید کہا کہ ویرات کو ریٹائرمنٹ کے بعد فلموں میں آنے کے بجائے اپنی کرکٹ پر ہی توجہ دینی چاہیے، وہ کوچ بن سکتے ہیں، اس کے علاوہ بھی کرکٹ کی دُنیا میں دیگر فرائض سرانجام دے سکتے ہیں۔

منی لانڈرنگ؛ مونس الہٰی سمیت 6 ملزمان کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ بلاک کرنیکا حکم

لاہور: اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں چوہدری مونس الہٰی سمیت چھ اشتہاری ملزمان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔

جج تنویر احمد شیخ نے ایف آئی اے کے چالان پر سماعت کی۔ اشتہاری ملزمان میں فرست علی چھٹہ، امتیاز علی شاہ، مونس الہٰی ،عامر سہیل، عامر فیاض شامل ہیں۔

عدالت نے اشتہاری چھ ملزمان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے جبکہ مونس الہٰی اور صغیم عباس کی جائیدادیں اور بینک اکاونٹس بھی منجمد کرنے کا حکم دیا۔

قصور میں واقع مونس الہٰی کی 26 کینال سے زائد اراضی بھی منجمد کر دی گئی جبکہ مونس الہٰی کے نام پر گلبرگ میں واقع ایک پلاٹ اور ایک گھر بھی منجمد کرنے کا حکم دیا گیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر عمل درآمد رپورٹس طلب کرتے ہوئے کارروائی 19 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

امریکی فضائی کمپنیوں کا اسرائیل کیلئے پروازیں معطل رکھنے کا فیصلہ

واشنگٹن: امریکا کی فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئر لائنز نے اپنی اسرائیل جانے والی پروازوں کی معطلی میں توسیع کر دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیلٹا ائیر لائن کمپنی نے اسرائیل کے لیے پروازوں کی معطلی میں 31 اکتوبر تک توسیع کردی جب کہ ایک اور فضائی کمپنی امریکنز ایئرلائنز نے آئندہ برس 29 مارچ تک کوئی بھی پرواز اسرائیل نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ توسیع اس وقت کی گئی ہے جب ایران نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بدلے میں اسرائیل پر حملے کے دھمکیاں دی ہوئی ہیں۔ حماس اور حزب اللہ بھی انتقامی کارروائی کا عندیہ دے چکے ہیں۔

خدشے کے پیش نظر امریکی ائیر لائن کمپنیوں نے اسرائیل کے لیے پہلے سے معطل پروازوں کی تاریخ میں مزید توسیع کردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی ڈیلٹا ائیر لائنز نے اسرائیل کے لیے پہلے سے معطل شدہ پروازوں کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 31 اکتوبر تک بڑھا دیا ہے جب کہ امریکنز ائیرلائن کمپنی نے بھی اگلے سال 29 مارچ تک اسرائیل کے لیے کوئی پرواز نا بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔

پاک بھارت ہاکی سیریز؛ سابق اولمپئین نے بڑی پیشکش کردی

بھارتی ہاکی لیجنڈ دھن راج پلے نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاکی روابط کی بحالی کیلئے کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی۔
ساتھ خصوصی بات چیت میں سابق بھارتی کپتان نے بتایا کہ ہاکی کو مقبول بنانے کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچوں کا ہونا بہت ضروری ہے، حکومتوں کے این او سیز رکاوٹ ہیں تو نیوٹرل مقام پر سیریز کھیلنے کے لیے آگے بڑھَا جاسکتا ہے۔
حال ہی میں دھن راج پلے نے ہاکی اولمپئن خواجہ جنید کی خصوصی دعوت پر لندن میں ایک چیریٹی میچ میں بھی شرکت کی تھی، انکا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی تکنیک اور مہارت لاجواب رہی ہے، خواجہ جنید، شہباز سینئر، قمر ابراہیم، طاہر زمان اور کئی دوسرے کھلاڑیوں سے بہت اچھی دوستی ہے۔
میچز کے دوران صرف اپنی ٹیم کو جیت دلانےپر فوکس رہتا تھا، میدان سے باہر پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ بہت شاندار وقت گزرا۔

فیصل امین گنڈا پور ہتک عزت کیس میں بریگیڈئیر (ر) محمود شاہ کو نوٹس

پشاور کی سیشن کورٹ میں وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے بھائی اور رکن قومی اسمبلی فیصل امین کے بریگیڈئیر (ر) محمود شاہ کو 10 کروڑ ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے بریگیڈئیر (ر) محمود شاہ کو نوٹس جاری کردیا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بریگیڈئیر(ر) محمود شاہ نے ان پر اور ان کے خاندان پر بے بنیاد الزامات لگائے ہیں کہ ہم طالبان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ الزامات سے درخواست گزار، ان کی فیملی اور گنڈاپورقبیلے کی توہین ہوئی ہے۔ عدالت بریگیڈئیر (ر) محمود شاہ کو طلب کرے اور ان سے پوچھا جائے کہ بے بنیاد بیان کیوں دیا۔عدالت نے بریگیڈئیر (ر) محمود شاہ کو نوٹس جاری کردیا۔

بلوچستان میں موسم گرم؛ درجہ حرارت 41 ڈگری تک ریکارڈ

کوئٹہ: بلوچستان میں گرم موسم کی شدت برقرار ہے جب کہ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ علاوہ ازیں صوبے میں ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت کے مطابق کوئٹہ میں 34، قلات میں 29، سبی میں 41، نوکنڈی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح تربت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ، ساحلی علاقوں جیوانی میں 36اور گوادر میں 34ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

موسمیات کے ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ رات اور شام کے اوقات میں ژوب، بارکھان،موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، سبی، زیارت، لسبیلہ ،قلات خضدار اور نصیر آباد میں تیز ہواوٴں کے ساتھ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

لاس اینجلس اولمپکس کی تیاریاں شروع، 5 نئے کھیل شامل ہوں گے

کراچی: پیرس اولمپکس2024 ختم ہونے کے ساتھ ہی لاس اینجلس اولمپکس2028 کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا، امریکا میں شیڈول ان گیمز میں 5 پانچ نئے کھیل فلیگ فٹبال، بیس بال/سافٹ بال، کرکٹ، لیکروس اور اسکواش شامل ہوں گے۔
لاس اینجلس قبل ازیں 2 مرتبہ 1932 اور 1984 میں اولمپک مقابلوں کی میزبان کرچکا ، کاروں کے اژدھام کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور شہر میں اولمپک مقابلوں کے مقامات کو منفرد حیثیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کھیلوں کے کسی بھی مقام پرجانے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کی جائے گی۔
اس کے لیے سرمایہ کاری کے ساتھ دیگر امریکی شہروں اور ریاستوں سے 3 ہزار کے قریب بسیں مستعار لی جائیں گی،14 جولائی 2028 کو افتتاحی تقریب کاانعقاد طے ہے، گیمز 30 جولائی تک جاری رہیں گے، بعدازاں پیرا اولمپک گیمز 15 سے 27 اگست تک ہوں گے۔
مقابلے دیگر شہروں میں بھی ہونے ہیں، یونیورسٹی آف کیلی فورنیا میں اولمپک ولیج قائم ہوگا،ایل اے میموریل کولیزیم اولمپک کی تین افتتاحی تقریبات اور ایتھلیٹکس مقابلوں کی میزبانی کرنے والا پہلا اسٹیڈیم بن جائے گا۔لاس اینجلس ایرینا جمناسٹک، ایکسپوزیشن پارک غوطہ خوری کی میزبانی کرے گا،ساحلی پٹی پر واٹر فرنٹ میراتھن تیراکی ، ٹرائیتھلون اورکشتی کے مقابلے ہوں گے۔

زائرین بس حادثہ، وزارت خارجہ نے کرائسس مینجمنٹ یونٹ فعال کر دیا

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ یونٹ پاکستانی زائرین کے اہلخانہ کو 24 گھنٹے حادثے کے حوالے سے معلومات فراہم کرے گا۔

دفتر خارجہ نے پاکستانی زائرین کی معلومات کے حوالے سے اسلام آباد میں 0519207887 اور کراچی آفس میں 03009310095 یا 0332755663 نمبرز مشتہر کر دیئے ہیں جن پر پاکستانی زائرین کے ورثاء معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہیں ایران میں پاکستانی سفارتخانے نے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا تھا۔ پاکستانی سفیر کے مطابق ہم ایرانی وزارت خارجہ اور یزد شہر کی مقامی حکومت سے مکمل رابطے میں ہیں۔

پاکستانی سفیر کے مطابق زخمیوں کی مدد کے لیے تہران سے سفارت خانے کے اہلکاروں کو روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ جاں بحق ہونے والے زائرین کی میتیں پاکستان بھیجنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔