رونالڈو نے یوٹیوب پر سبسکرائبرز اور ویوز کا ریکارڈ بنا ڈالا

ریاض: پرتگال کے معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنا یوٹیوب چینل لانچ کر دیا جس نے چند گھنٹوں میں لاکھوں صارفین کی توجہ حاصل کر کے ریکارڈ بنا دیا ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر گزشتہ روز ایک پوسٹ کی جس میں انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل کا صارفین کو بتایا اور کہا کہ میرے چینل کو سبسکرائب کریں اور اس نئے سفر میں میرے ساتھ شامل ہوں۔

ان کا چینل اس وقت 11.2 ملین سبسکرائبرز حاصل کر چکا ہے، اور ان کی ایک ویڈیو کو صرف 13 گھنٹوں میں 76 لاکھ سے زائد صارفین نے دیکھا۔

واضح رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بھی کرسٹیانو رونالڈو کے اکاؤنٹس موجود ہیں، ایکس پلیٹ فارم پر 112.5 ملین، فیس بک پر 170 ملین اور انسٹاگرام پر 636 ملین فالوورز ہیں۔

پانچ بار بیلن ڈی او ایوارڈ جیتنے والے 39 سالہ کھلاڑی پرتگالی فارورڈ سعودی عرب کے کلب النصر کی جانب سے کھیلتے ہیں۔

کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے، محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت رات گئے امن و امان کا جائزہ لینے سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں شہراقتدار میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

اجلاس میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امن وامان برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے، احتجاج کرنا ہر ایک کا حق ہے لیکن احتجاج مناسب جگہ پو ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ احتجاج سے عوام کے روزمرہ معمولات میں خلل نہیں پڑنا چاہیے، عوام کے جان و مال کا تحفظ پہلی ذمہ داری ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے جان ومال کے لئے قانون کے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

لاہور میں اسکول ٹائم و چھٹی کے اوقات میں اضافی نفری تعینات

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسکول و کالجز کے باہر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے اسکول ٹائم اور چھٹی کے اوقات میں اضافی نفری تعینات کرنے حکم دے دیا۔

اس حوالے سے سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اسکول و کالجز اوقات میں ٹریفک کے موثر بہاؤ کے لئے مصروف اور اہم شاہراہوں پر واقعہ 2 سو سے زائد اسکولوں کے بایر وارڈنز تعینات کر دیئے ہیں۔

شہر کی مصروف شاہراہوں پر 100 اضافی ٹریفک ریسپانس یونٹ و پٹرولنگ افسران تعینات کیے گئے ہیں جبکہ عمارہ اطہر نے اسکول ٹائم اور چھٹی کے اوقات میں سرکل افسران کو خود فیلڈ میں رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ پر اضافی پٹرولنگ افسران تعینات، جبکہ علاقہ اقبال روڈ، وحدت روڈ، مولانا شوکت علی روڈ، کینال روڈ پر بھی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

سی ٹی او لاہور نے اپنے ویڈیو بیان میں سرکل افسران کو اسکول و کالج انتظامیہ سے میٹنگ کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ چھٹی کے اوقات میں صرف ایک لائن میں پارکنگ کی اجازت ہوگی، ڈبل پارکنگ کی صورت میں کارروائی کی جائے۔

عمارہ اطہر نے اسکول و کالجز کے باہر ریڑھی اور ٹھیلے لگانے سے سختی سے منع کر دیا ہے، اور ایجوکیشن یونٹ کو ٹریفک اسکاؤٹس پروگرام دوبارہ شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ اسکول و کالجز، یونیورسٹیز میں روڈ سیفٹی لیکچرز کا شیڈول مرتب کیا جائے گا۔

اروشی روٹیلا ایک بار پھر زخمی

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ و ماڈل اروشی روٹیلا نے زخمی حالت میں مداحوں سے دُعاؤں کی اپیل کردی۔

اروشی روٹیلا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی نئی ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُنہیں زخمی ہاتھ کے ساتھ اسپتال میں دیکھا جاسکتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں اروشی روٹیلا کے ہاتھ کی انگلیوں سے خون بہہ رہا تھا جبکہ وہ اسپتال میں آکسیجن ماسک لگائے بیٹھی تھیں۔

اداکارہ نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میرے لیے دُعا کریں۔

بھارتی اداکارہ کی اس ویڈیو پر جہاں اُن کے مداحوں نے اُن سے اظہار ہمدردی کیا تو وہیں کچھ صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے اروشی روٹیلا پر کڑی تنقید کی۔

صارفین نے کہا کہ اروشی معمولی زخم لیکر اسپتال پہنچ گئیں اور اب آکسیجن ماسک لگا کر مداحوں کی ہمدردی اور توجہ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔

مکڑیوں کے شکار کیلئے انوکھی ترکیب کے استعمال کا انکشاف

چینی سائنس دانوں کو ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ اورب ویور مکڑی اپنے جال میں پھنسے ہوئے جگنوؤں کو اپنے اگلی غذا کھانے کے لیے استعمال کرتی ہے۔

جگنو اپنے پیٹ پر روشنی خارج کرنے والے خلیات کا استعمال کرتے ہوئے دوسرے جگنوؤں سے رابطہ کرتے ہیں، جس میں نر ملٹی پلس فلیش اور مادہ سنگل پلس کا استعمال کرتی ہیں۔

تحقیق میں معلوم ہوا کہ آرینیئس وینٹریکوسس نامی یہ مکڑی اپنے جال میں پھنسے نر جگنوؤں کو دوسرے جگنوؤں کو پکڑنے کے لئے مادہ کی طرح چمکنے کی نقل کرنے پر مجبور کرتی ہے۔

جریدے کرنٹ بائیولوجی میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ نتائج کے مطابق پھنسے ہوئے نر جگنو جھوٹے سگنل نشر کرتے ہیں جو زیادہ سے زیادہ نر جگنوؤں کو ویب پر راغب کرتے ہیں۔

یہ تحقیق اس وقت شروع ہوئی جب چین کی ہواژونگ ایگریکلچرل یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے سنہوا فو نے کھیت میں نر جگنوؤں کو مکڑیوں کے جال میں پھنسا ہوا دیکھا۔ اس نے محسوس کیا کہ وہاں شاذ و نادر ہی کوئی مادہ جگنو موجود تھی۔

سائنس دانوں نے مکڑی کے رویے اور جگنو کے سگنل دونوں کا مشاہدہ کرنے کے لئے فیلڈ اسٹڈیز کیں۔

نیند کے دوران خاص آوازیں سنا کر یادیں بھلائی جا سکتی ہیں، تحقیق

ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ دورانِ نیند کسی فرد کو آوازیں سنا کر مخصوص یادیں بھلانے میں مدد دی جا سکتی ہے۔

یونیورسٹی آف یارک میں کی جانے والی اس تحقیق کے محققین کے مطابق یہ طریقہ کار مستقبل میں تکلیف دہ یادوں سے لڑنے کی تکنیک کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

ماضی کی ایک تحقیق میں اس جانب اشارہ کیا گیا تھا کہ دورانِ نیند کچھ آوازوں کو مخصوص یادوں کی پختگی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

تاہم، محققین کے مطابق حالیہ تحقیق وہ پہلا مطالعہ ہے جو اس تکنیک کی مدد سے لوگوں کو یادیں بھلانے میں مدد دینے کے لیے استعمال کیے جانے کے حوالے سے مضبوط شواہد پیش کرتی ہے۔

تحقیق کے سربراہ مصنف ڈاکٹر بارڈر جوئنسین کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ تجرباتی مراحل میں لیکن تحقیق کے نتائج ان امکانات میں اضافہ کرتے ہیں کہ ہم لوگوں کو دورانِ نیند آوازیں سنا کر مخصوص یادوں کو یاد کرنے کی صلاحیت میں اضافہ یا کمی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو کسی صدمے سے گزرے ہوں وہ ان وقوعات کی یادوں کی وجہ سے پریشانی میں مبتلا ہوتے ہیں۔ اگرچہ اس تحقیق میں ابھی مزید پیش رفت ہونی ہے، یہ دریافت ممکنہ طور پر یادوں کو کمزور کرنے کے لیے نئی تکنیکوں کے لیے راہ ہموار کر سکتی ہے۔

قطر سے نیپال کی غیرملکی پرواز کی کراچی میں ایمرجنسی لینڈنگ

کراچی: قطر سے نیپال کی غیرملکی پرواز کو کراچی میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق قطر ائرویز کی پرواز کیو آر 652 دوحا سے کٹھمنڈو جا رہی تھی، کہ پاکستان کی فضائی حدود میں ایک مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی۔ پائلٹ نے اے ٹی سی کراچی سے رابطہ کرکے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

ائرٹریفک کنٹرولر (اے ٹی سی) کی ہدایت پر پائلٹ نے سکھر سے طیارے کو کراچی کی جانب موڑ لیا اور پرواز کیو آر 652 نے صبح 08:15 بجے جناح ائرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی ۔

رائٹر اور اینکر اوریا مقبول جان گرفتار

اوریا مقبول جان کے وکیل اظہر صدیق کے مطابق ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ نے اوریا مقبول جان کو لاہور سے گرفتار کیا۔ اوریا مقبول جان کو گلبرگ سائبر کرائم کے دفتر میں رکھا گیا ہے۔

اوریا مقبول جان کو سوشل میڈیا پوسٹ کرنے پر حراست میں لیا گیا ہے۔ اوریا مقبول جان مبارک ثانی کیس سے متعلق بات کر رہے تھے۔ وکیل کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں ایف آئی آر کی تفصیلات نہیں بتائی جا رہی ہیں۔ اوریا مقبول جان کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔اس کیس میں ایف آئی اے کا اختیار نہیں ہے ہم اس کیس کے خلاف بھرپور دلائل دیں گے۔

انگلینڈ کا دورہ پاکستان؛ برطانوی ٹی وی چینلز کے بلیک آؤٹ کا خدشہ

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے ٹیسٹ دورے کے دوران ممکنہ ٹی وی بلیک آؤٹ کے سامنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

معروف برطانوی اخبار دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے گزشتہ ماہ جاری کیے گئے ٹینڈر دستاویز پر کسی انگلش ٹی وی چینل نے کوئی دلچسپی نہیں کی اور اس مرحلے پر کوئی براڈکاسٹر مذاکرات میں بھی شامل نہیں ہوا۔

دسمبر 2022 میں انگلینڈ کی پاکستان میں ہونے والی حالیہ ٹیسٹ سیریز کو اسکائی اسپورٹس نے ٹیلی ویژن پر نشر کیا تھا جو تمام ہوم ٹیسٹ میچوں کے خصوصی حقوق رکھتا ہے۔

اسکائی نے پی سی بی کو واضح اشارہ دیا ہے کہ وہ بولی لگانے کا ارادہ نہیں رکھتا جبکہ ٹی این ٹی اسپورٹس نے مذاکرات میں شامل ہونے سے انکار کردیا ہے۔

‘فلسطین کلیکشن’، ماریہ بی نے ترک آرٹسٹ کا ڈیزائن چرانے پر معافی مانگ لی

لاہور: پاکستان کی معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے اپنی ‘فلسطین کلیکشن’ کے لیے نوجوان ترک خاتون آرٹسٹ کا ڈیزائن چرانے پر معافی مانگ لی۔
حال ہی میں ماریہ بی نے فلسطینی ڈیزائن پر مشتمل اپنا نیا کلیکشن لانچ کیا تھا اور ساتھ ہی اعلان کیا تھا کہ اس فیشن مہم سے حاصل ہونے والی رقم اہل فلسطین کو عطیہ کی جائے گی۔
ماریہ بی کی جانب سے لانچ کی گئی فلسطین کلیکشن میں عبایہ، ٹی شرٹس، خواتین و مردوں کے کُرتے اور دیگر لباس شامل تھے جبکہ اُنہوں نے اس کلیکشن کے فی جوڑے کی قیمت 10 ہزار پاکستانی روپے بتائی تھی۔
ڈیزائنر کا کہنا تھا کہ فلسطین کلیکشن کے فی جوڑے کی تیاری پر 6 ہزار روپے کا خرچہ آیا ہے جبکہ فی جوڑے پر 4 ہزار منافع رکھا جائے گا لیکن اس کلیکشن کے منافعے سمیت تمام رقم فلسطینی عوام کو عطیہ کی جائے گی۔
فلسطین کلیکشن کے لانچ کے بعد ہی ماریہ بی پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اُنہوں نے ترکیہ کی نوجوان آرٹسٹ کا ڈیزائن چُرایا ہے، تاہم اب ماریہ بی نے اپنی اس چوری پر معذرت کرلی ہے
ماریہ بی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوریز میں جاری کیے گئے معافی نامے میں کہا کہ میں نے سوشل میڈیا کے اس جدید دور میں غلطی اور بےدھیانی میں اپنی فلسطین کلیکشن کے لیے ترکیہ کی آرٹسٹ کا ڈیزائن کاپی کیا، جس کے لیے میں معذرت خواہ ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے ترکیہ کی نوجوان خاتون آرٹسٹ سے بھی رابطہ کرلیا ہے اور اپنی کلیکشن کے لیے اُن کا ڈیزائن کاپی کرنے پر اُن سے بھی معذرت کرلی ہے۔
ماریہ بی نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں اب اپنی فلسطین کلیکشن کے لیے ترکیہ کی نوجوان آرٹسٹ کے ساتھ ملکر کام کروں گی، میں فلسطینی عوام کے لیے عطیہ اکٹھا کرتی رہوں گی۔
فیشن ڈیزائنر نے اپنی ایک اور انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ میری فلسطین کلیکشن لانچ ہونے سے پاکستان کے لبرل لوگوں کو شدید تکلیف ہو رہی ہے، وہ مجھ پر فلسطین کے پرچم، فیشن اور ڈیزائن کاپی کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔