اٹک؛ نامعلوم افراد کی اسکول وین پر فائرنگ، 2 بچے جاں بحق

راولپنڈی: ماڈل پولیس اسٹیشن صدر اٹک کی حدود میں کالا چٹا پہاڑ کے دامن میں واقع گاؤں ڈھیری کوٹ میں نامعلوم افراد نے اسکول وین پر فائرنگ کر دی جس کے باعث 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق فائرنگ سے 5 بچے اور وین کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا، زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اٹک منتقل کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق تمام بچوں کی عمر 10 سے 12 سال کے درمیان ہیں، نامعلوم افراد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او اٹک کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ ڈی پی او اٹک نے فوری طور پر پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر تمام علاقوں کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کروا دیا۔

ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے ذاتی دشمنی کی بنا پر وین ڈرائیور پر حملہ کیا جس کی زد میں آکر دو طالبات جاں بحق جبکہ ڈرائیور سمیت 6 طالب علم زخمی ہوئے۔ پولیس فرانزک ٹیم موقع پر موجود ہے اور واقعے کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

ایف بی آر کا ٹرانسفر پوسٹنگ کیلیے اثر رسوخ استعمال کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد: ایف بی آر نے ٹرانسفر پوسٹنگ کے لیے اثر رسوخ استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق چوائس پوسٹنگ کے لیے اثر رسوخ استعمال کرنے والے افسران و اہل کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایف بی آر کے بالخصوص فیلڈ اسائنمنٹ کے خواہاں افسران و اہلکاروں کی جانب سے اپنی مرضی کی ٹرانسفر و پوسٹنگ کے لیے بیرونی اثر رسوخ استعمال کرنے کا کلچر دیکھا گیا ہے جو باعث تشویش ہے۔

مراسلے کے مطابق بیرونی اثر رسوخ استعمال کر کے اپنی مرضی کی پوسٹنگ کے خواہاں مڈ لیول افسران ادارے کے جونیئر افسران کے لیے کیریئر کے انتخاب سے متعلق غلط ماڈل تشکیل دے رہے ہیں۔ ایسا رویہ ادارے کی سالمیت کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ بیرونی اثر رسوخ کا استعمال گورنمنٹ سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 1964 اور سول سرونٹس (ای اینڈ ڈی) رولز 2020 کی خلاف ورزی ہے۔ ایف بی آر کے افسران اور اہلکاروں کی جانب سے ایسا ناگوار رویہ ان کی ملازمت سے برطرفی کا موجب بن سکتا ہے۔

بھارتی خواتین اپنے ہی ملک میں سب سے زیادہ غیر محفوظ ہوگئیں

نئی دہلی: بھارت خواتین کے ساتھ زیادتی اور تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

مودی سرکار کے تیسرے دور حکومت میں بھارتی خواتین کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ بھارتی ریاست بنگال کے شہر کولکتہ میں خواتین کے ساتھ زیادتی اور ان کوصنفی بنیادوں پر تشدد کا نشانہ بنانے کے یکے بعد دیگرے کئی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ حال ہی میں ہونے والے ایک انسانیت سوز واقعہ میں مغربی بنگال کے نواحی علاقے نندی گرام میں بی جے پی کے کارکنوں نے سیاسی مخالفت کی بنیاد پرخاتون کو برہنہ کرکے 300 میٹر تک پیدل چلنے پر مجبور کیا۔ برہنہ کئے جانے والی خاتون کے گھر والوں کو بھی بی جے پی کے کارکنان کی جانب سے مارا پیٹا گیا اور گھر کو بھی نقصان پہنچایاگیا۔

متاثرہ خاتوں کا کہنا ہے کہ میں بی جے پی کے ساتھ تھی لیکن حال ہی میں دوسری پارٹی میں شامل ہوئی تھی جس کی وجہ سے مجھ پر حملہ کیا گیا۔ پولیس نے بی جے پی کے یوتھ صدر تاپس داس سمیت 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔

کراچی میں 27 سے 28 اگست کے درمیان بارش کا امکان

کراچی: مون سون کا ایک نیا سلسلہ 26 اگست سے سندھ پر اثرانداز ہوگا جس کے سبب 27 تا 28 اگست کے درمیان کراچی میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں معمول سے تیز سمندری ہوائیں بھی چل پڑی ہیں جبکہ ہواؤں کی رفتار 40 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہو رہی ہے۔

اگلے 2 سے 3 روز کے دوران دن کے وقت موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

صوبہ کے بیشتر اضلاع میں بدھ کو موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

نیرج چوپڑا اور منو بھاکر کی برانڈ ویلیو میں بڑا اضافہ

پیرس اولمپکس میں بھارت کیلئے سلور اور برانز میڈل جیتنے والے نیرج چوپڑا اور منو بھاکر کی برانڈ ویلیو میں بڑا اضافہ ہوگیا۔
اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مالیاتی مشاورتی فرم کرول کے اعداد و شمار کی بنیاد پر بتایا کہ نیرج چوپڑا کی قیمت 29.6 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 40 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 330 کروڑ روپے) تک پہنچ گئی ہے۔
نیرج کی برانڈ ویلیو ایشن اولمپکس سے پہلے بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کے برابر تھی۔
اسی طرح اولمپکس میں بھارت کو دو برانز میڈل جتوانے والی شوٹر منو بھاکر نے حال ہی میں کولڈ ڈرنک برانڈ تھمز اَپ کیساتھ 1.5 کروڑ روپے کا معاہدہ کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اولمپکس 2024 سے پہلے منو بھاکر کی برانڈ ویلیو محض 25 لاکھ سالانہ تھی تاہم شاندار کارکردگی کے بعد ملکی و غیرملکی 40 سے زائد برانڈز نے اولمپئین سے رابطہ کیا ہے۔

والد اور دادا میرے شوبز میں آنے کے حق میں نہیں تھے، لائبہ خان

کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی نئی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ لائبہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ حافظ قرآن ہیں، جس کی وجہ سے اُن کے والد اور دادا اُن کے شوبز میں آنے کے حق میں نہیں تھے۔

لائبہ خان نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں نے اپنے والدین کی خواہش پر 7 سال کی عُمر میں حفظ شروع کیا تھا اور اللہ کے فضل و کرم سے 9 سال کی عُمر میں حفظ مکمل کرکے حافظہ بن گئی تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں نے حفظ مکمل کرنے کے بعد دوبارہ اسکول میں داخلہ لیا اور چھٹی جماعت سے اپنی تعلیم کا آغاز کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ جس وقت میں نے میٹرک کیا تو اُس دوران میری چھوٹی بہن اداکارہ ایمان شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز کرچکی تھی، میں اپنی والدہ کے ہمراہ چھوٹی بہن کی شوٹنگ کے سیٹ پر چلی جاتی تھی۔

لائبہ خان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایک روز بہن کے سیٹ پر کاسٹنگ ہیڈ نے مجھے اداکاری کی پیشکش کی، پہلے تو میں نے پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن پھر بعد میں راضی ہوگئی تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں نے حفظ کیا ہوا تھا، اسی وجہ سے میرے والد اور دادا کو میرا شوبز میں آنا پسند نہیں تھا، کیریئر کی شروعات میں والد مجھ سے بات نہیں کرتے تھے، ہر وقت غصے میں رہتے تھے اور میرے ڈرامے بھی نہیں دیکھتے تھے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس دوران، میری والدہ نے مجھے بہت سپورٹ کیا اور میرے والد، دادا کو بھی میرے کیریئر سے متعلق راضی کیا۔

9مئی کے وعدہ معاف گواہ واثق قیوم عباسی، عمر تنویر بٹ کی اپنے اعترافی بیان کی تردید

راولپنڈی: سانحہ 9 مئی کے راولپنڈی کے 14 درج مقدمات میں سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی اور رکن صوبائی اسمبلی عمر تنویر بٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف وعدہ معاف گواہ اور اعترافی جرم 164 سیکشن کے بیانات کی تردید کر دی۔

عدالت میں بیان ریکارڈ کراتے دونوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی اعترافی بیان نہیں دیا اور پولیس موقف جھوٹ ہے، بانی چیئرمین نے ہمیشہ پرامن احتجاج کی ہدایت کی۔ دونوں نے عدم ثبوت پر بری کرنے کی درخواستیں بھی دائر کر دیں۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف کے روبرو آج واثق قیوم عباسی اور عمر تنویر بٹ پیش ہوئے اور اعترافی بیان کی تردید کرتے ہوئے بیان دیا کہ ہم نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن کر کوئی ایسا بیان کسی مجسٹریٹ کے سامنے یا تحریری طور پر نہیں دیا۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں عمران خان نے ہمیشہ پرامن جدوجہد کا درس دیا، عمران خان کے خلاف سنگین نوعیت کے الزامات سے متعلق ہمارے بیانات کی کوئی حقیقت نہیں۔

دونوں کی جانب سے فیصل ملک ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی ہے جسے عدالت نے تمام مقدمات کے ریکارڈ کا حصہ بنا دیا ہے۔ بشریٰ بی بی کو پولیس نے انہی بیانات کی بنیاد پر سانحہ 9 مئی کیسز میں نامزد کیا تھا۔

پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں جلسہ ملتوی کرکے 8 ستمبر کو کرنے کا اعلان

تحریک انصاف نے اسلام آباد میں آج ہونے والا جلسہ ملتوی کرکے 8 ستمبر کو کرنے کا اعلان کردیا۔

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کو اسلام آباد میں آج جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کرکے جلسے کا این او سی منسوخ کردیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو8 ستمبر کوجلسہ کرنے کی اجازت دے دی جس کا این او سی بھی تحریک انصاف کے رہنماؤں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف اب 8 ستمبرکو جلسہ کرے گی۔

اڈیالہ جیل کے باہر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور اعظم سواتی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر اسلام آباد میں جلسہ 8 ستمبر کوہوگا۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے 40 ہدایات کیساتھ پی ٹی آئی کو جلسے کا این او سی جاری کردیا جس کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے 22 اگست کا این او سی مذہبی جماعتوں کے احتجاج کی وجہ سے منسوخ کیا، 8 ستمبر کو انتظامیہ جلسے کو سیکورٹی فراہم کرے گی، جلسہ کرنے والے افراد کسی بھی شہری کے بنیادی حقوق کو متاثر نہیں کرینگے۔

پنجاب میں پتنگ بازی، پتنگ سازی اور ٹرانسپورٹ کرنا ناقابل ضمانت جرم قرار

لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے پتنگ بازوں کے گرد شکنجہ سخت کرتے ہوئے پتنگ بازی، پتنگ سازی اور اسکی ٹرانسپورٹ کرنا ناقابل ضمانت جرم قرار دے دیا۔

پتنگ کے ساتھ ساتھ دھاتی ڈور، تار، تندی اور مانجھا لگی ڈور کی تیاری، استعمال اور ٹرانسپورٹیشن بھی جرم قرار دیا گیا ہے۔

پنجاب کابینہ نے پتنگ بازی پر پابندی کے ایکٹ 2007 میں اہم ترامیم منظور کر لیں جس کے مطابق پتنگ اڑانے والے کو 3 سے 5 سال قید یا 20 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہوں گے۔ پتنگ اڑانے والے کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید ایک سال قید کی سزا ہوگی۔

پتنگ ساز اور ٹرانسپورٹر کو 5 سے 7 سال قید یا 50 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہوں گے جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 2 سال قید کی سزا ہوگی۔

اسی طرح، پتنگ باز بچے کو پہلی بار وارننگ اور دوسری بار پکڑے جانے پر 50 ہزار جرمانہ ہوگا جبکہ تیسری دفعہ خلاف ورزی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ بچہ جرمانہ ادا نہ کر سکے تو اس کے والدین یا سرپرست سے وصول کیا جائے گا۔ چوتھی خلاف ورزی پر بچے کو جوینائل جسٹس سسٹم ایکٹ 2018ء کے تحت سزا اور جیل جانا پڑے گا۔

مجھے ہاتھ مت لگاؤ، ہیما مالنی اپنی خاتون مداح پر برس پڑیں

نئی دہلی: بھارت کی سینیئر اداکارہ و سیاستدان ہیما مالنی نے اُن کے ساتھ تصویر بنوانے والی خاتون مداح کو اُنہیں ہاتھ لگانے سے روک دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہیما مالنی نے حال ہی میں ایک تقریب میں شرکت کی جہاں تقریب کے اختتام پر مداحوں نے اداکارہ کے ساتھ تصویریں بنوانے کے لیے اُنہیں گھیر لیا تھا۔
مداحوں کے ساتھ تصویریں بنواتے ہوئے ہیما مالنی خاصی خوش نہیں تھیں، اداکارہ کے چہرے کے تاثرات سے ایسا لگ رہا تھا کہ وہ زبردستی مداحوں کے ساتھ تصویر بنوا رہی ہیں جبکہ ایک موقع پر اُنہیں غصے میں بھی دیکھا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون مداح ہیما مالنی کے ساتھ تصویر بنوانے کے لیے جیسے ہی اُن کے کندھے پر ہاتھ رکھنے کی کوشش کرتی ہیں تو اداکارہ تلخ لہجے میں مداح سے کہتی ہیں کہ مجھے ہاتھ نہیں لگائیں۔
ہیما مالنی کی جانب سے منع کرنے پر خاتون مداح اپنا ہاتھ پیچھے کرلیتی ہیں اور پھر کچھ فاصلے کے ساتھ اداکارہ کے ساتھ تصاویر بنواتی ہیں۔