پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے پانچواں سب سے متاثرہ ملک ہے، او آئی سی سی آئی

  کراچی: کیلئے اوورسیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں صرف اعشایہ 9 فیصد حصے کے باوجود پاکستان کو شدید موسمیاتی خطرات کا سامنا ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ پانچواں ملک ہے۔

او آئی سی سی آئی نے موسمیاتی تبدیلیاں کم کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر زور دینے اور روڈ میپ فراہم کرنے کے لیے  پرائیویٹ سیکٹر سلوشنز ٹو پاکستانز کلائیمیٹ چیلنجز کے عنوان سے پاکستان کلائمیٹ کراس روڈ رپورٹ جاری کر دی۔

ایس ڈی پی آئی کی علمی شراکت داری کے ساتھ مذکورہ رپورٹ 2023 میں ہونے والی او آئی سی سی آئی کی دوسری پاکستان کلائمیٹ کانفرنس کی روشنی پر مبنی ہے۔

او آئی سی سی آئی کے صدر ریحان شیخ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش موسمیاتی خطرات کے پیشِ نظر کاروباری ترقی مزید نہیں ہوسکتی، ہمیں نجی شعبے کو سرمایہ کاری پر منافعے کی پائیداری کے ساتھ جوڑنے کی ضرورت ہے اور نئی ملازمتیں اور ذریعہ معاش فراہم کرنے کے لیے گرین ٹرانزیشن پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں کلائمیٹ کی اہم حکمتِ عملی کے نکات پر روشنی ڈالی گئی ہے، جن میں موسمیاتی ایکشن پلانز، موسمیاتی تبدیلی کی نوعیت جاننے کی ضرورت، خطرات کا تجزیہ، ریزیلینس، موسمیاتی تخفیف اور موافقت کے منصوبے شامل ہیں اور کہا گیا ہے کہ ماحولیاتی مسائل حل کرنے میں پرائیویٹ سیکٹر کا اہم کردار ہے۔

اس موقع پر سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد سلہری نے کہا کہ ملک کو موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے فوری اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے، اس اہم مسئلے کے پائیدار حل کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کا اہم کردار ہے جو پاکستان کو محفوظ بناسکتا ہے۔

انہوں نے پرائیویٹ سیکٹر کے بارے میں تاثر تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو مسئلے کا حصہ سمجھنے کے بجائے اس کے حل کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

او آئی سی سی آئی کلائمیٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کس طرح کارپوریٹس پائیدار سپلائی چین مینجمنٹ کو اپناتے ہوئے ای ایس جی کے معیار پر عمل درآمد، کاربن مارکیٹوں میں سرمایہ کاری کو فروغ اور گرین ڈیولپمنٹ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دے کر موسمیاتی ایکشنز کو اپنے کاروباری آپریشنز میں ضم کرسکتے ہیں۔

اس رپورٹ میں او آئی سی سی آئی ممبرا ن کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

او آئی سی سی آئی کی مینجنگ کمیٹی کے رکن اینڈریو بیلی نے کہا کہ پاکستان 5 سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، اس لیے مقامی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے پائیدار حل پر توجہ دینے کی فوری ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی توجہ فوری اصلاحات کے بجائے نظریہ، تحقیق اور طویل المدتی سلوشن پر سرمایہ کاری پر مرکوز ہونی چاہیے۔

شروع میں وکٹ مشکل تھی پارٹنر شپ بننے پر بہتری ہوئی، صائم ایوب

  اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر صائم ایوب نے کہا ہے کہ شروع میں وکٹ مشکل تھی پارٹنر شپ بننے پر بہتری ہوئی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے صائم ایوب کا کہنا تھا کہ کوشش تھی کہ مزید اسکور کیے جائیں لیکن بعض اوقات ہر چیز ممکن نہیں ہوتی، کوشش تھی پارٹنر شپ کو طویل کیا جائے۔

صائم ایوب نے کہا کہ ٹیم میں سب کے ساتھ کوآرڈینشن ہے، کوشش ہوتی بال کو دیکھوں اور بہتر کھیلوں، کنڈیشن کے حساب سے بھی چلنا پڑتا ہے مارجن ملتا ہے تو کوشش کرتا ہون اس میں حصہ ڈالوں۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش نے بہت اچھی باؤلنگ کی شروع میں موقع نہیں ملا پھر ہم نے کم بیک کیا، راولپنڈی کی وکٹ گزشتہ میچوں کے مقابلے میں بہت مختلف تھی۔

بنگلہ دیشی ٹیم کے کھلاڑی حسن محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہوگی کہ پاکستان ٹیم کو دو سو یا کچھ زیادہ رنز پر آؤٹ کرلیں لیکن یہ وکٹ کی صورتحال پر منحصر ہے۔

انکا کہنا تھا کہ فلیڈر اور ٹیم کا رسپانس بہت اثر انداز ہوتا ہے اور خوشی ہے کہ ٹیم نے اچھا پرفارم کیا۔

جنسی تشدد کیخلاف آواز اٹھانے پر ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا، ملیکہ شیراوت

 ممبئی: بھارتی اداکارہ ملیکہ شیراوت نے کہا کہ ماضی میں انہیں بھارتی معاشرے کو خواتین کیلئے قدامت پسند کہنے پر میڈیا کی جانب سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 

ایک تازہ انٹرویو میں کولکتہ واقعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ یہاں تبدیلی کیلئے آواز اٹھانے والی خواتین کی مخالفت اکثر بااثر خواتین ہی کرتی ہیں۔

اداکارہ نے اپنا ایک پرانا بیان دوبارہ شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارت خواتین کےلیے قدامت پسند ہے کیونکہ یہاں اتنے زیادہ ریپ کیسز سامنے آتے ہیں جو اخبارات کی سرخیاں بنتے ہیں۔

ملیکہ شیراوت نے اپنے انسٹاگرام پر اس کلپ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اتنے سال پہلے یہ بیان دینے پر ان پر حملہ کیا گیا اور ہراساں کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس لمحے کو کبھی نہیں بھول سکتی جب انہوں نے بھارت میں گینگ ریپ اور جنسی تشدد کے خلاف آواز اٹھائی اور انہیں بھارتی میڈیا کے ایک حصے نے نشانہ بنایا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کچھ خواتین صحافیوں اور بڑی نامور بالی ووڈ اداکاراؤں نے بھی اس مہم میں شامل ہو کر انہیں عوامی طور پر نشانہ بنایا تھا۔

عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا فتنے کے مضمرات سے دوررکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے، آرمی چیف

  اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے نوجوانوں کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کی یہ ذمہ داری ہے کہ عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا شدہ ہیجان اور فتنے کے مضمرات سے دور رکھے۔

اسلام آباد میں نوجوانان پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے ‎چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ آپ کی آنکھوں کی چمک دیکھ کر یہ یقین ہو جاتا ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‎آزاد ریاست کی اہمیت جاننی ہے تو لیبیا، شام، کشمیر اور غزہ کے عوام سے پوچھو۔

آرمی چیف نے کہا کہ ‎نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علم انسان کو دوسروں سے ممتاز کرتا ہے۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ‎ریاست کی یہ ذمہ داری ہے کہ عوام کو سوشل میڈیا سے پیدا شدہ ہیجان اور فتنے کے مضمرات سے دور رکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‎عوام، حکومت اور فوج کے درمیان مضبوط رشتہ ہی پاکستان کے تحفظ اور ترقی کا ضامن ہے، ‎جو پاکستان کے ڈیفالٹ کا بیانیہ بنا رہے تھے، وہ آج کہاں ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ ‎بحیثیت مسلمان ہمیں نا امیدی سے منع کیا گیا ہے، زندگی امتحان کا نام ہے اور قرآن کی آیت پڑھیں کہ “کیا لوگ یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ صرف یہ کہنے پر چھوڑ دیے جائیں گے کہ ‘ہم ایمان لائے’ اور ان کی آزمائش نہ ہو گی”۔

‎نواجوانوں سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اور قیمتی سرمایہ ہمارے نوجوان ہیں، ہم کسی صورت اسے ضائع نہیں ہونے دیں گے اور ‎خطاب کے اختتام پر آرمی چیف نے نوجوانوں کو علامہ اقبال کا شعر سنایا:

‎افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر

‎ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ

‎چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے خطاب کے بعد نوجوانوں کے سوالات کے جواب میں پاک فوج کا مؤقف بیان کیا اور  ‎پارہ چنار میں فسادات سے متعلق  سوال کے جواب میں آرمی چیف نے کہا کہ قبائل مل بیٹھ کر زمینی اور فروعی تنازعات ختم کرنے میں مدد دیں۔

انہوں نے کہا کہ ‎خیبر پختونخوا کے عوام 22 سال سے پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے رہے، ‎میرا یہ ایمان ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں دہشت گردی کے خلاف فتح مبین عطا کرے گا۔

سلمان خان کی فلم ’سکندر‘ کے ایکشن مناظر کیلئے دس ہزار پسٹلز اور بلٹس کا آرڈر

 ممبئی: بالی وڈ کے سپراسٹار سلمان خان اپنی نئی میگا ایکشن فلم میں ڈبل رول کریں گے جبکہ فلم کے ایکشن مناظر کیلئے دس ہزار پسٹلز اور گولیوں کا آرڈر دیا گیا ہے۔ 

بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق نامور ڈائریکٹر اے آر مروگاداس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کا چالیس روزہ شوٹنگ شیڈول 22 اگست سے شروع ہوگا۔

’سکندر‘ میں سلمان خان کے کردار کے متعلق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ڈبل رول کریں گے، ایک رول کامیاب بزنس مین کا ہوگا جس میں انہیں ایک سخی اور رحمدل کردار کی صورت میں دکھایا جائے گا۔

سلمان خان کا دوسرا کردار ایک ’دبنگ‘ شخصیت کا ہوگا جس میں وہ ولن کے ساتھ مختلف ایکشن مناظر میں نظر آئیں گے اور اس کے ذریعے ہیرو کے کردار کو مزید پیچیدہ کیا جائے گا۔

فلم کے اندر ایک پرائیویٹ چارٹرڈ جہاز کے اندر شاندار ایکشن منظر بھی شوٹ کیا جائے گا جس میں سلمان خان اور ستھیاراج کے درمیان فائٹ دکھائی جائے گی۔

یاد رہے کہ ’سکندر‘ میں اپنے کردار کو بہتر انداز میں نبھانے کیلئے سلمان خان نے متعدد پروجیکٹس سے خود کو الگ کرلیا ہے اور وہ اپنے پاپولر ریئلٹی شو ’بگ باس‘ سے بھی غائب ہیں۔

امریکا کو ٹرمپ کے جھوٹ اور افراتفری کے مزید 4 برس نہیں چاہیے؛ اوباما

 واشنگٹن: سابق امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ جنونی سازشی نظریات پھیلانے والے 78 سالہ ٹرمپ کو صرف اپنے ذاتی مفادات عزیز ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سابق امریکی صدر نے شکاگو میں ڈیموکریٹک پارٹی کے نیشنل کنونشن کے دوسرے روز خطاب میں موجودہ صدر جو بائیڈن کو اپنا دوست قرار دیا۔

باراک اوباما نے جوبائیڈن کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ  امریکی اقدار اور جمہوریت کا تحفظ کرنے پر تاریخ موجودہ صدر جوبائیڈن کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کے تیر چلاتے ہوئے باراک اوباما نے کہا کہ ریپبلکن کے صدارتی امیدوار (ڈونلڈ ٹرمپ) یہ غلط بیانی کرتے ہوئے یہ جھوٹ پھیلاتے ہیں کہ ملک اس طرح سے تقسیم ہوچکا ہے کہ جس کو دوبارہ جوڑا نہیں جا سکتا۔

باراک اوباما نے کہا کہ ہم ٹرمپ کی حکمرانی کے مزید 4 برس نہیں چاہتے کیوں کہ اس کے نتائج بہت برے ہوں گے۔ ہم افراتفری اور جھوٹ کے (مزید) 4 برس نہیں چاہتے۔

سابق امریکی صدر نے اہنی جماعت کی جانب سے صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کملا ہیرس ملک کی نئی صدر بننے کے لیے تیار ہیں۔ وہ امریکی اقدار کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں۔

مونال کی عمارت گرا دی جائے، وائلڈ لائف بورڈ11 ستمبر کو کنٹرول سنبھالے، سپریم کورٹ

  اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے مونال ریسٹورنٹ کیس کے تفصیلی فیصلے میں اسلام آباد کے نیشنل پارک میں واقع مونال ریسٹورنٹ کی عمارت گرانے کا حکم دیتے ہوئے وائلڈ لائف بورڈ کو 11 ستمبر کو مونال سمیت دیگر ریسٹورنٹس کا کنٹرول سنبھالنے کا فیصلہ دے دیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مونال ریسٹورنٹ کیس کا25 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ تحریر کیا اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اطہر من اللہ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیصلے میں کہا کہ آرٹیکل 9 اور 14 کے مطابق زندگی ہر چرند پرند کا بنیادی حق ہے، سائنس سے ثابت ہوچکا کہ دنیا میں کوئی تخلیق بغیر مقصد کے نہیں ہوئی اور سائنس  ثابت  کر رہی کہ دنیا پرندوں،  درختوں اور جانوروں سے خالی ہو رہی ہے۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ 11 ستمبر کو وائلڈ لائف بورڈ مونال کا کنٹرول سنبھالے، نیشنل پارک میں موجود لامونتانا، گلوریہ جینز کا بھی قبضہ لیا جائے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور پولیس کی مدد سے قبضہ لیا جائے، ریسٹورنٹس کی طرف جانے والے راستے بیریئر لگا کر بند کیے جائیں۔

تفصیلی فیصلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ وائلڈ لائف کو ڈسٹرب کیے بغیر ریسٹورنٹس کی عمارات گرا دی جائیں اور مذکورہ جگہ کیسے استعمال میں لانا ہے، اس کے لیے وائلڈ لائف ماہرین سے رائے لی جائے اور ماہرین سے رائے لی جائے کی کیا وہاں پانی کے لیے مصنوعی جھیل بنائی جاسکتی ہے۔

منوج باجپائی نے ممبئی میں اپنا فلیٹ 9 کروڑ روپے میں فروخت کر دیا

 ممبئی: بالی وڈ اداکار منوج باجپائی نے ممبئی کے مہا لکشمی علاقے میں اپنے شاندار فلیٹ کو 9 کروڑ روپے میں فروخت کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فروخت کے معاہدے پر اگست میں رجسٹری کی گئی اور اس پر اسٹیمپ ڈیوٹی کی رقم 54 لاکھ روپے بھی ادا کی گئی۔

منوج باجپائی نے اس فلیٹ کو تقریباً دس سال پہلے اپریل 2013 میں اپنی بیوی شبانہ باجپائی کے ساتھ خریدا تھا، جس وقت انہوں نے اس پراپرٹی کے لیے 6.40 کروڑ روپے ادا کیے تھے، جس پر انہوں نے 32 لاکھ روپے کی اسٹیمپ ڈیوٹی اور 30,000 روپے کی رجسٹری فیس بھی ادا کی تھی۔

منوج باجپائی کی جائیداد صرف اس مہالکشمی پراپرٹی تک محدود نہیں ہیں۔ پچھلے سال ممبئی میں چار آفس یونٹس میں انہوں نے 32 کروڑ روپے کا سرمایہ کاری کی تھی۔

شوبز کے حوالے سے منوج باجپائی جلد ’فیملی مین‘ سیزن 3 میں نظر آئیں گے۔

لڑکیوں کے زیادہ مطالبات کی وجہ سے کروڑوں لڑکے کنوارے ہیں، قدسیہ علی

  کراچی: پاکستانی اداکارہ قدسیہ علی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کروڑوں لڑکے کنوارے ہیں کیوں کہ لڑکیوں کی شادی کیلئے مطالبات بہت زیادہ ہیں۔

ایک تازہ انٹرویو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا لڑکیاں شادی کے لئے لڑکوں کے سامنے اتنے زیادہ مطالبات کیوں رکھتی ہیں۔

قدسیہ علی کا کہنا تھا کہ جس قسم کے لڑکے شادی کیلئے پاکستانی لڑکیوں کو چاہئیں وہ کمپنی سے بنوانے پڑیں گے۔

یاد رہے کہ اکثر شوبز فنکاروں کی طرف سے شادی کیلئے لڑکوں کا تعلیم یافتہ، ہینڈسم اور خودمختار ہونے کا مطالبہ سامنے آچکا ہے۔

190 ملین پاؤنڈ کیس میں ٹرائل کورٹ کو فیصلہ سنانے سے روکنے کا حکم امتناع ختم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ٹرائل کورٹ کو فیصلہ سنانے سے روکنے کا حکم امتناع ختم کردیا۔

ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس بند کرنے کی دستاویز فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

نیب نے القادر ٹرسٹ کیس بند کرنے کا ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا جس کی نقول بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو بھی فراہم کردی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار نے بانی پی ٹی آئی کی دستاویزات فراہمی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کا حتمی فیصلہ نہ سنانے کا حکم امتناع ختم کردیا۔

واضح رہے کہ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ سنانے سے روکتے ہوئے نیب سے جواب طلب کرلیا تھا۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ نیب القادر ٹرسٹ کیس کو بند کرچکا تھا لیکن پھر دباؤ پر یہ کیس دوبارہ کھلوایا گیا۔

پی ٹی آئی کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ نے القادر ٹرسٹ کی مکمل انکوائری کرکے فیصلہ کیا تھا کہ اس کیس کا کوئی جواز نہیں بنتا لہذا انکوائری بند کردی جائے۔ اس وقت کے چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کیس دوبارہ کھولنے کےلیے دباؤ قبول نہیں کیا اور استعفیٰ دے دیا۔ ڈپٹی چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل بھی استعفیٰ دے گئے۔‏

پی ٹی آئی نے ٹرائل کورٹ سے نیب ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست دی، مگر ٹرائل کورٹ نے درخواست مسترد کردی جس پر پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔