پختونخوا میں بیرون ملک سے منگوائی گئی گندم کا معیار خراب ہونے لگا

 پشاور: خیبر پختونخوا میں بیرون ملک سے منگوائی گئی گندم کی کوالٹی خراب ہونے لگی۔

محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق 77 ہزار میٹرک ٹن گندم 2021 / 2022 میں خریدی گئی تھی، جسے طویل عرصے تک ذخیرہ نہیں کیا جاسکتا۔ یہی وجہ ہے کہ گوداموں میں پڑا گندم کا ذخیرہ زیادہ عرصہ گزرنے کی وجہ سے استعمال کے قابل نہیں رہے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور اور نوشہرہ سمیت 26 گوداموں میں ہزاروں بوریاں گندم کی پڑی ہیں۔ اس حوالے سے تمام ضلعی فوڈ افسران نے محکمہ خوراک کو 2 ماہ پہلے ہی آگاہ کیا تھا، مگر 2 مہینے گزرنے کے باوجود بیرون ملک سے منگوائی گئی گندم کا کوئی حل نہیں نکالا جا سکا ۔

صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ گندم نگراں دورِ حکومت میں خریدی گئی۔ 77 ہزار میٹرک ٹن گندم پی ڈی ایم حکومت میں خریدی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گندم قابل استعمال ہے اور اسے قابل استعمال رکھنے کے ساتھ ساتھ وقت پر تقسیم کرنے کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

پی ٹی آئی کے 2 اراکین کی اسمبلی رکنیت ختم ، ن لیگی ارکان کی بحال

 اسلام آباد: قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)  کے ارکان کی رکنیت ختم اور ن لیگ اراکین کی بحال کردی۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پی ٹی آئی کے رانا محمد فراز نون اور چوہدری بلال اعجاز کی رکنیت منسوخ کردی۔ پی ٹی آئی کے دونوں اراکین کو ڈی لسٹ کردیا گیا۔

دوسری جانب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی عبدالرحمان خان کانجو اور اظہار قیوم کی رکنیت بحال کردی۔ مسلم لیگ ن کے 2 اراکین کو پارٹی فہرست میں شامل کردیا گیا۔

قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے اراکین کی تعداد 108  سے بڑھ کر 110 ہوگئی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ اراکین 84 سے کم ہو کر 82 رہ گئے ہیں۔ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے دونوں اراکین کی اسمبلی رکنیت بحال کی تھی۔

جاپانی ایئرپورٹ پر قینچی گُم ہوجانے کی وجہ سے پروازیں موخر

ہوکائیڈو: حال ہی میں ایک جاپانی ہوائی اڈے پر بورڈنگ گیٹس کے قریب ایک اسٹور سے قینچی کے لاپتہ ہونے کے بعد چھتیس پروازیں منسوخ اور 201 پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

ہوکائیڈو کے ایئرپورٹ کے ڈومیسٹک ٹرمینل پر سیکیورٹی چیک صبح تقریباً دو گھنٹے کے لیے معطل رہا جس سے سینکڑوں مسافر عارضی طور پر متاثر ہوئے کیونکہ ایئرپورٹ پر قینچی گُم ہوجانے پر ڈیپارچر لاؤنج میں مسافروں کو دوبارہ سیکورٹی چیک سے گزرنے پر مجبور کیا گیا۔

حکام نے لاپتہ قینچی کو تلاش کرنے کی کوشش کی جو اگلے دن اسی اسٹور سے ملی جہاں سے گُم ہوگئی تھی۔

ہوکائیڈو ایئرپورٹ کے آپریٹر نے اعلان کیا کہ قینچی اسٹور سے ایک کارکن کو ملی تھی۔ حکام نے وضاحت کی کہ وہ اس وقت تک اعلان کرنے سے باز رہے جب تک کہ انہوں نے اس بات کی تصدیق نہ کر دی کہ قینچی وہی تھی جو گم ہو گئی تھی۔

بھارتی یوم آزادی پر سائبر حملے سے انٹرنیٹ متاثر ہوا، پی ٹی اے کا ہائیکورٹ میں جواب

لاہور ہائیکورٹ نے انٹرنیٹ کی بندش کے خلاف کیس میں وفاقی حکومت کا جواب مسترد کردیا۔

ہائیکورٹ میں ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ملک میں بغیر کسی نوٹس اور وجہ بتائے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپس بند کر دی گئی ہیں جس سے کاروبار حتی کہ ہر شعبہ ہائے زندگی متاثر ہو رہا ہے، انٹرنیٹ بند کرنا بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے، وفاقی حکومت کا انٹرنیٹ بند کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور ملک میں انٹرنیٹ کو مکمل اور فوری بحال کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

پی ٹی اے نے انٹرنیٹ کی بندش سے متعلق اپنا جواب جمع کرواتے ہوئے انٹرنیٹ کی اسپیڈ کم ہونے کا اعتراف کرلیا۔

پی ٹی اے کے وکیل نے بتایا کہ انٹرنیٹ کی اسپیڈ کم ہونے کی چار وجوہات ہیں، زیر سمندر کیبل کٹ جانے سے اسپیڈ متاثر ہوئی، 31 جولائی کی دوپہر ایک انٹرنیٹ کمپنی کی غلطی کی وجہ سے اسپیڈ کم ہوئی، جس پر متعلقہ انٹرنیٹ کمپنی کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا اور ملازمین معطل کیے ، 15 اگست کو بھارتی یوم آزادی پر سائبر حملہ ہوا جس سے انٹرنیٹ سلو ہوا، وی پی این کے بے تحاشہ استعمال کی وجہ سے بھی انٹرنیٹ کی اسپیڈ متاثر ہوئی۔

پی ٹی اے، وفاقی حکومت، وزیر اطلاعات، وزارت قانون سمیت دیگر نے جواب جمع کروادیے۔

عدالت نے وفاقی حکومت کا جواب مسترد کرتے ہوئے وفاق کے وکیل کو آئندہ سماعت پر شق وار جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی اور سماعت 27 اگست تک ملتوی کردی۔ عدالت نے درخواست گزار کو درخواست میں ترمیم کرکے دائر کرنے کی ہدایت بھی کی۔

شردھا کپور بھی پاکستانی گانے ‘بلاک بسٹر’ کی دیوانی نکلیں

 ممبئی: بالی ووڈ کی سُپر ہٹ فلم ‘استری 2′ کی ہیروئن شردھا کپور بھی پاکستانی سپر ہٹ گانے ‘بلاک بسٹر’ کی فین نکلیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شردھا کپور ان دنوں اپنی نئی فلم ‘استری 2′ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں، اس ضمن میں وہ مختلف خبر رساں اداروں کو انٹرویوز بھی دیتی نظر آرہی ہیں۔

اب حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران، شردھا کپور نے اپنے پسندیدہ گانے کے بارے میں بتایا، اداکارہ نے کہا کہ ان دنوں ایک گانا مجھے بہت پسند آرہا ہے جو میری میوزک پلے لِسٹ میں بھی ٹاپ پر ہے، یہ گانا گلوکار فارس شفیع، عمیر بٹ اور گھڑوی گروپ کا ‘بلاک بسٹر’ ہے۔

شردھا کپور نے کہا کہ یہ گانا نہ صرف بہترین ہے بلکہ اس کے بیٹس بھی بےحد کمال کے ہیں، اداکارہ کے پسندیدہ گانے کا نام سُن کر اُن کے ساتھ بیٹھے اداکار راجکمار راؤ نے ‘بلاک بسٹر’ کی دُھن گنگنائی۔

بھارتی اداکارہ کی یہ ویڈیو کلپ گانا ‘بلاک بسٹر’ کے میوزک کمپوزر ذوالفقار جبار خان المعروف ‘زلفی’ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ کی۔

زلفی نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ واہ! یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ فن کی حوصلہ افزائی سرحدوں کی محتاج نہیں، مجھے یہ جان کر بہت اچھا لگا کہ میرا گانا ‘بلاک بسٹر’ شردھا کپور کی پلے لِسٹ میں ٹاپ پر ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ راجکمار راؤ نے جس طرح ‘بلاک بسٹر’ کی دُھن گنگنائی، وہ دیکھ کر خوشی محسوس ہوئی، ہم بھی آپ کے فن کو بہت پسند کرتے ہیں، آپ دونوں کی فلم ‘استری 2′ کی کامیابی کے لیے میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال 25 مئی کو ریلیز ہونے والے گانے ‘بلاک بسٹر’ نے یوٹیوب پر 35 ملین سے زائد ویوز حاصل کرلیے ہیں، اس گانے کے گلوکاروں میں فارس شفیع، عمیر بٹ اور گھڑوی گروپ شامل ہیں۔

مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ؛ پاکستانی فائٹر نے بھارت کو ہرادیا

مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ میں پاکستان کی بانو بٹ نے خوشبو کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپئن شپ سیمی فائنل کے ویمن 47.6 کلوگرام کیٹگری میں پاکستانی فائٹر بانو بٹ بھارتی فائٹر خوشبو نشاد کو ہرایا۔

سیمی فائنل جیتنے کے بعد پاکستانی خاتون فائٹر بانو بٹ کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کیلئے بہت محنت کی تھی، مجھ سے کوچ نے پوچھا تھا کہ سینئیر کھیل سکتی ہو، میں نے انکو کہا کھیل لونگی خود کو ٹیسٹ کرنا چاہتی ہوں کیونکہ میری کیٹگری جونئیر کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حریف میری بڑی بہن کی طرح ہیں تاہم مقابلے میں دوستی ختم ہوجاتی ہے، آج لڑائی مشکل تھی سینئیر جونئیر کا فرق آجاتا ہے۔

بانو بٹ نے کہا کہ جس طرح چاہ رہی تھی اس طرح اچھی پرفارمنس نہیں آئی، کل فائنل میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتوں گی۔

دوسری جانب جونیئر ویلٹر ویٹ کی 77.1 کلوگرام کیٹگری میں پاکستانی فائٹر تیمور چشتی کو بحرین کے فائٹر علی مرہون نے شکست دے دی، بحرین کے فائٹر علی مرہون نے پہلے راونڈ میں پاکستانی فائٹر کو ناک آوٹ کیا۔

نیشل ایوارڈ جیتنے والے بھارتی اداکار کی بالی ووڈ پر کڑی تنقید

 ممبئی: ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے معروف کنڑ اداکار و ہدایتکار رشب شیٹی نے کہا ہے کہ بالی ووڈ فلموں میں بھارت کی منفی تصویر کشی کی جاتی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں رشب شیٹی نے 70ویں نیشنل فلم ایوارڈز میں اپنی سُپر ہٹ فلم ‘کنتارا’ میں اپنی اداکاری کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتا۔

ایوارڈ جیتنے کے بعد، رشی شیٹی نے بھارتی خبررساں ادارے کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے ہندی فلم انڈسٹری یعنی بالی ووڈ سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا۔

رشب شیٹی نے کہا کہ بالی ووڈ اپنی فلموں کے ذریعے بھارت کی منفی تصویر کشی کرتا ہے جس کی وجہ سے عالمی سطح پر بھارت کو بُرا سمجھا جاتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت سے متعلق منفی تاثر دینے والی بالی ووڈ فلموں کو عالمی تقریبات میں مدعو کیا جاتا ہے اور ان کا سرخ قالین پر استقبال کیا جاتا ہے۔

رشب شیٹی نے مزید کہا کہ میری قوم، میری ریاست، میری زبان میرا فخر ہے اور میں اپنی فلموں کے ذریعے بھارت کو مثبت انداز میں دکھانا چاہتا ہوں۔

بالی ووڈ کے بارے میں متازعہ بیان دینے پر ہندی فلم انڈسٹری کے مداحوں کی جانب سے رشب شیٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

مداحوں کا کہنا ہے کہ رشب شیٹی منافق انسان ہیں، اُن کی اپنی فلموں میں بھی غیراخلاقی مناظر دکھائے جاتے ہیں۔

سابق کرکٹر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ منتخب

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے چیئرمین نظم الحسن کے عہدہ چھوڑنے کے بعد سابق کرکٹر کو نیا صدر منتخب کرلیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان ڈائریکٹرز کے ہنگامی اجلاس کے بعد کیا۔

اجلاس کے بعد بنگلادیش کے سابق کرکٹر فاروق احمد بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کا نیا صدر منتخب کرلیا گیا۔

نظم الحسن وزیراعظم حسینہ واجد کے قریبی افراد میں شامل تھے اور وہ 13 سال سے تک بورڈ کے سربراہ رہے جبکہ انکے پاس وزیر کھیل کا بھی قلمدان تھا۔

سابق صدر نظم الحسن نے پہلی بار سال 2012 میں پہلی دفعہ شیخ حسینہ واجد کے دور میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی ذمہ داریوں کا چارچ سنبھالا تھا۔

بعدازاں مسلسل وہ 3 بار بی سی بی کے منتخب صدر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔

پیرا اولمپکس؛ پاکستان کا دستہ مذاق بن گیا، محض ایک اتھلیٹ حصہ لے گا

پیرا اولمپکس گیمز میں شرکت کیلئے پاکستان کا محض ایک اتھلیٹ حصہ لے گا جبکہ اسکے ہمراہ کوچ اور شیف ہوگا۔

17ویں پیرا اولمپکس کی میزبانی فرانس کا شہر پیرس ہی کرے گا، میزبانی میں معذور کھلاڑیوں کیلئے 28 اگست سے 8 ستمبر تک کھیلے جانے والے ان گیمز میں پاکستان کا 3 رکنی دستہ ایک پیرا ایتھلیٹ، کوچ اور شیف ڈی مشن پر مشتمل ہوگا۔

پیرا اولمپکس گیمز میں پاکستان کی نمائندگی 40 سالہ آل راونڈ ایتھلیٹ حیدر علی کریں گے، معذور کھلاڑیوں کے بین اقوامی مقابلوں میں پاکستان کیلئے 5 گولڈ، 2 سلور اور 3 برانز میڈلز جیتنے والے حیدر علی پیرس پیرالمپکس کے ڈسک تھرو ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔

انہوں نے ٹوکیو اولمپکس 2020 میں 55.26 میٹرزتھرو کرکے پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتا تھا، پی ایس بی حیدر علی اوران کے کوچ اکبر علی کے اخراجات برداشت کرے گا جبکہ شیف ڈی مشن اپنے اخراجات خود برداشت کریں گے۔

قومی دستہ 26 اگست کو اسلام آباد سے پیرس روانہ ہوگا۔

واضح رہے کہ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے دماغی فالج کا شکار حیدر علی نے بیجنگ پیرا اولمپکس 2008 میں لانگ جمپ میں پاکستان کیلئے پہلا میڈل جیت کرتاریخ رقم کی تھی، وہ پیرس گیمز میں شریک ہوکر پاکستان کی جانب سے مسلسل 5 ویں پیرالمپکس میں شرکت کا منفرد ریکارڈ بھی قائم کریں گے۔

پیرس پیرالمپکس میں 22 کھیلوں کے 549 ایونٹس میں دنیا بھر سے آئے معذور کھلاڑی شریک کریں گے، یہ کھلاڑی 17 ہزار کی استعداد والے اولمپک ولیج میں قیام کریں گے جبکہ گیمز میں 45 ہزار کے لگ بھگ رضاکار تعینات ہوں گے۔

چین کا 284 ارکان پر مشتمل سب سے بڑا دستہ ہے، برطانیہ کا 225، میزبان فرانس کا 211، آسٹریلیا کا 160، امریکہ کا 151 اور اٹلی کا 141 رکنی دستہ بھی گیمزکا حصہ ہیں، بھارت کا 84 رکنی دستہ پہلے ہی پیرس پہنچ چکا ہے۔

منکی پاکس؛ بین الاقوامی پروازوں کے 19 ہزار سے زائد مسافروں کی اسکریننگ

  کراچی: منکی پاکس کے خدشے کے باعث ملک بھر کے بین الاقوامی ائیرپورٹس پر بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کی اسکریننگ جاری ہے۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق 2 روز میں بیرون ملک سے 140 کے لگ بھگ پروازیں پاکستان آئیں۔ بیرون ملک سے آنے والی پروازوں سے مجموعی طور 19 ہزار 412 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔ کراچی کے جناح ائیرپورٹ پر بیرون ملک سے 35 پروازوں کے ذریعے آئے 4 ہزار 214 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔ کراچی ائیرپورٹ پر آنے والے مسافروں میں 52 ڈیپورٹیز بھی شامل تھے۔

دو روز میں اسلام آباد ائیرپورٹ پر بیرون ملک سے 40 پروازوں سے 5 ہزار 485 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔ اسلام آباد ائیرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے ایک مسافر میں منکی پاکس وائرس کی علامات پر آئیسولیشن میں بھیجا گیا۔ بارڈر ہیلتھ سروسز نے ٹیسٹ کرنے پر رپورٹ منفی آنے پر مسافر کو گھر جانے کی اجازت دی۔

لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ  پر بیرون ملک سے 32 پروازوں کے ذریعے پاکستان پہنچنے والے 6 ہزار مسافروں کی اسکریننگ ہوئی جبکہ ملتان ائیرپورٹ پر 12 پروازوں سے 1571 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔

پشاور ائیرپورٹ پر 6 پروازوں کے ذریعے آئے 682 مسافروں اور فیصل آباد ائیرپورٹ پر بیرون ملک سے 3 پروازوں کے ذریعے 289 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق سیالکوٹ ایرپورٹ پر 10 پروازوں کے زریعے بیرون ملک سے آئے 962 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی اور کوئٹہ ائیرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے 207 مسافروں کی منکی پاکس جانچنے کے لیے اسکریننگ کی گئی۔ مسافروں کی ائیرپورٹس پر تھرمل مشین کے ذریعے اسکریننگ کی جارہی ہے۔