جینیفر لوپیز نے شادی کے دو سال بعد بین ایفلیک سے طلاق مانگ لی

لاس اینجلس: عالمی شہرت یافتہ امریکی اداکارہ و گلوکارہ جینیفر لوپیز نے شادی کے دو سال بعد اداکار بین ایفلیک سے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

گزشتہ کچھ عرصے سے جینیفر لوپیز اور اُن کے شوہر بین ایفلیک کے درمیان طلاق کی خبریں زیرِ گردش تھیں، تاہم اب بین الاقوامی میڈیا نے اس خبر کی تصدیق کردی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جینیفر لوپیز نے 20 اگست کو لاس اینجلس کاؤنٹی سُپیریئر کورٹ میں بین ایفلیک سے طلاق کے لیے درخواست دائر کی، تاہم اس فنکار جوڑی کی جانب سے ابھی تک طلاق سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آسکا۔

قانونی دستاویزات میں جینیفر لوپیز نے بتایا کہ وہ اور بین ایفلیک 26 اپریل 2024 کو علیحدہ ہوگئے تھے لیکن قانونی کارروائی مکمل ہونے کی وجہ سے طلاق کی خبر کو خفیہ رکھا گیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ بین ایفلیک سے علیحدگی کی وجہ سے جینیفر لوپیز مایوس اور اُداس ہیں لیکن وہ اپنے فیصلے پر قائم ہیں اور اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔

جینیفر لوپیز اور بین ایفلیک کی طلاق کی خبر نے اُن کے مداحوں کو مایوس کردیا ہے، مداح اس جوڑی کو ہمیشہ ساتھ دیکھنا چاہتے تھے۔

اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ کے بیٹے کو ڈاکوؤں نے گولی مار کر وِڈیو وائرل کردی

سکھر: اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ کے بیٹے کو ڈاکوؤں نے گولی مار کر وِڈیو وائرل کردی۔

اسحاق رند کے بیٹے جمیل رند کو ڈاکوؤں نے 10 اگست کو شاہ لطیف یونیورسٹی کے قریب خیرپور سے اغوا کیا تھا، جس کے بعد ڈاکوؤں کی جانب سے 2 کروڑ روپے کا تاوان کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور اس کے لیے دباؤ ڈالنے کی غرض سے ڈاکوؤں نے مغوی جمیل رند کی ٹانگ پر گولی مار کر وِڈیو وائرل کردی۔

پولیس حکام کے مطابق نوجوان کی ڈاکوؤں کے چنگل سے بازیابی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں، جمیل رند کو جلد ہی ڈاکوؤں کی قید سے آزاد کرا لیا جائے گا۔

دریں اثنا ڈاکوؤں کے چنگل میں پھنسے جمیل رند کی ایک دوسری ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں مغوی نوجوان کہہ رہا ہے کہ ڈاکو آج ٹانگ توڑ رہے ہیں، اگر 2 کروڑ روپے نہ دیے تو یہ مجھے مار ڈالیں گے۔ نوجوان نے کہا کہ فوری طور پر تاوان کی رقم ادا کرکے مجھے آزاد کروائیں۔

نوجوان کے وِڈیو بیان کے دوران گولی چلنے کی آواز آتی ہے، جس کے ساتھ ہی مغوی جمیل رند گر جاتا ہے۔

کولکتہ کیس کیخلاف آواز اُٹھانے پر بھارتی اداکارہ کو ریپ کی دھمکیاں

مغربی بنگال: ترنمول کانگریس کی سابق رکن اور اداکارہ ممی چکرورتی نے انکشاف کیا ہے کہ کولکتہ ریپ کیس سے متعلق سوشل میڈیا پر احتجاجی پوسٹس شیئر کرنے پر اُنہیں عصمت دری کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ ممی چکرورتی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کی گئی پوسٹ میں سوال کیا کہ ہم خواتین کے لیے انصاف مانگ رہے ہیں؟

ممی چکرورتی کہا کہ ہم ایسے معاشرے سے انصاف مانگ رہے ہیں جہاں درندہ صفت مردوں نے خواتین کو عصمت دری کی دھمکیاں دینا معمول بنا لیا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ میں نے کولکتہ میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے والے ہولناک واقعے کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا پر احتجاجی پوسٹس پوسٹ شیئر کی تھیں جس کے بعد مجھے عصمت دری کی دھمکیاں اور فحش نوعیت کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں کولکتہ پولیس کے سائبر سیل ڈیپارٹمنٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے پوچھا کہ کونسی پرورش اور تعلیم اس کی اجازت دیتی ہے؟

میئر نیویارک کو بھارت کے یوم آزادی کی تقریب میں بار بار پاکستان یاد آتا رہا

نیویارک: نیویارک میں بھارت کے یوم آزادی کی تقریب میں میئر ایرک ایڈمز نے تقریر میں میں تین بار غلطی سے بھارت کو پاکستان کہہ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تقریب کے دوران میئر نیویارک ایڈمز کو بھارتی کمیونٹی نے گھیر رکھا تھا اور وہ بھارت کے حق میں نعرے بھی لگا رہے تھے۔ اس دوران نیویارک کے مئیر ایرک ایڈمز کی زبان سے تقریر میں ایک بار نہیں بلکہ 3 بار بھارت کے بجائے پاکستان کا نام ادا ہوا۔

مئیر ایرک ایڈمز نے تقریر میں کہا کہ یہ پاکستانی عوام ہی ہیں جو بڑھتی تعداد میں یہ ظاہر کرتے رہتے ہیں کہ ہماری خوشحالی کے لیے عوامی تحفظ ضروری ہے۔ میں اس کمیونٹی کو ایک عرصے سے جانتا ہوں۔ لٹل پاکستان اور کوئنز۔ آپ ہمارے شہر کی بنیاد ہیں تو آئیے آپ کی آزادی کا جشن منائیں۔ تین بار مئیر سے پاکستان کا نام سن کر بھارتیوں پر بجلی گر گئی اور انہوں نے ایرک ایڈمز کی توجہ دلائی کہ وہ بھارت کے بارے میں بات کررہے ہیں۔

میئر ایڈمز نے بالترتیب 14 اور 15 اگست کو لوئر مین ہٹن کے بولنگ گرین پارک میں پاکستان اور بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریبات میں شرکت کی تھی۔

ٹیسٹ سیریز میں آرام؛ اوپنر امام کا ڈھکے چھپے الفاظ میں ناراضگی کا اظہار

بنگلادیش کے خلاف سیریز سے آرام کروائے جانے پر اوپنر امام الحق نے سوشل میڈیا پر اپنے نوٹ سے مداحوں کی توجہ سمیٹ لی۔

فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ٹیسٹ اوپنر امام الحق نے اپنی اہلیہ انمول محمود کیلئے ایک دل چُھو لینے والا پیغام شیئر کرتے ہوئے ‘زندگی کے اُتار چڑھاؤ کا ذکر کیا اور لکھا کہ مشکل وقت میں میری اہلیہ نے چٹان اور بہترین سپورٹ دی جس نے ہر چیز کو خوبصورت بنادیا’۔

امام کی جانب سے اہلیہ کیلئے محبت بھرے پیغام پر مداحوں نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ کچھ فینز نے جلد ٹیم میں واپسی کی بھی تاکید کی۔

پختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچادی، حادثات میں 2 بہنیں، ماں بیٹا جاں بحق

پشاور: خیبر پختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف واقعات میں 2 بہنیں اور ماں بیٹا جاں بحق ہو گئے۔

بنوں، ڈومیل، ڈی آئی خان اور دیگر علاقوں میں شدید بارش سے ہونے والے حادثات میں کئی انسانی جانیں ضائع ہو گئیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق ڈومیل کے علاقے موسیٰ خیل خوڑگئی میں گھر کے برآمدے کی چھت گرنے سے ایک ہی گھر کی 2 بہنیں جاں بحق ہو گئیں جب کہ بچوں سمیت گھر کے 5 دیگر افراد زخمی ہیں۔

جاں بحق ہونے والی 2 بہنوں میں سے ایک عالم دین تھی جب کہ ایک زخمی اور حافظ قرآن بھائی کی حالت بھی تشویش ناک بتائی ج اتی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو خلیفہ گلنواز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دریں اثنا ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروا کے گاؤں طاہر خیل میں بارش کے سبب مکان کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹا جاں بحق ہو گئے۔

سجل علی کی پرابھاس کیساتھ فلم میں جلوہ گر ہونے کی خبر جھوٹی نکلی

 ممبئی: بھارتی ہدایتکار ہنو راگھوا پوڑی نے سجل علی کی سُپر اسٹار پرابھاس کے ساتھ فلم میں جلوہ گر ہونے سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔

گزشتہ کچھ دنوں سے بالی ووڈ انڈسٹری میں یہ خبریں گرم ہیں کہ شہرہ آفاق پاکستانی اداکارہ سجل علی بھارتی سُپر اسٹار پرابھاس کے ساتھ ایک رومانوی فلم میں نظر آئیں گی۔

اس حوالے سے بھارتی ویب سائٹ فلم فیئر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ سجل علی نئی آنے والی فلم ‘فوجی’ میں پرابھاس کے ہمراہ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

بھارتی میڈیا پر گردش کرتی اس خبر پر فلم ‘فوجی’ کے ہدایتکار ہنو راگھوا پوڑی کا ردعمل سامنے آگیا ہے جس کے بعد سجل علی اور پرابھاس کے مداح مایوس ہوگئے ہیں۔

ہدایتکار ہنو راگھوا پوڑی نے سجل اور پرابھاس کی ایک ساتھ فلم میں کام کرنے سے متعلق خبر پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر غلط ہے۔

1

واضح رہے کہ سجل علی سال 2017 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’موم اِن انڈیا‘ میں آئیکونک بھارتی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی کا کردار کرچکی ہیں، اس فلم میں عدنان صدیقی نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

علی وزیر کی درخواست ضمانت مسترد

  اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پشتون تحفظ موومنٹ ( پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر کی درخواست ضمانت خارج کردی۔اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی ایم رہنما علی وزیر کی ضمانت کی درخواست پرسماعت کی۔ علی وزیر کے وکلاء پراسکیوٹر راجا نوید عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت خارج کردی۔علی وزیر پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا اور ان پر پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کا الزام ہے۔ واضح رہے کہ علی وزیر کے خلاف تھانہ کوہسار میں دہشتگردی دفعات کے تحت درج مقدمے میں انہیں رواں ماہ کے آغاز پر گرفتار کیا گیا تھا۔

رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں اور سربراہان کی نئی فہرست جاری، چئیرمین پی ٹی آئی کا خانہ خالی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی فہرست اپ ڈیٹ کرکے جاری کردی، دیگر جماعتوں میں تبدیلیاں اپ ڈیٹ کردی ہیں مگر پی ٹی آئی کے چیئرمین کا نام اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی نئی فہرست جاری کردی جس کے مطابق الیکشن کمیشن میں 166 سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ ہیں۔

مسلم لیگ ن کے انٹراپارٹی انتخابات تسلیم کرلیے، میاں محمد نواز شریف مسلم لیگ ن کے صدر ہیں۔ اسی طرح الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کے انٹرا پارٹی الیکشن تسلیم کرلیے

الیکشن کمیشن نے کئی سیاسی جماعتوں کے نئے پارٹی صدر یا چئیرمین کے نام بھی اپ ڈیٹ کر دئیے لیکن پاکستان تحریک انصاف کےپارٹی چئیرمین کا نام تاحال اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے میاں نواز شریف کا نام بطور صدر مسلم لیگ، جماعت اسلامی کے امیر نعیم الرحمان خان کا نام بطور پارٹی سربراہ، محمود خان کا نام بطور چئیرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین اپ ڈیٹ کردیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کا نام بطور صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین موجود ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا نام بطور چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی شامل ہے۔ اسفندیار ولی خان کا نام تاحال بطور صدر عوامی نیشنل پارٹی موجود ہے اور پاک سر زمین پارٹی بھی رجسٹرڈ جماعتوں کی فہرست میں شامل ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی اہلیت کے خلاف دائر درخواست خارج

کوئٹہ: الیکشن ٹریبونل بلوچستان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی اہلیت کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی۔

جسٹس روزی خان پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

سرکار کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان آصف علی ریکی نے الیکشن ٹریبونل میں کیس کی پیروی کی جبکہ میر سرفراز بگٹی کی جانب سے کیس کی پیروی ممتاز قانون دان کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ، جمیل آغا ایڈووکیٹ اور نور جہاں بلیدی ایڈووکیٹ نے کی تھی۔

جسٹس روزی خان پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے گزشتہ روز درخواست کی سماعت مکمل کرنے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔