ایران میں پاکستانی زائرین کی بس حادثے کا شکار، 32 زائرین جاں بحق

لاڑکانہ سے مقامات مقدسہ کی زیارت کے لیے جانے والی زائرین کی بس ایران میں حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 32 زائرین جاں بحق ہو گئے۔سید اطہر شاہ شمسی کا قافلہ دو بسوں اور 110 زائرین پر مشتمل تھا، زائرین کی ایک بس ایران کے شہر یزد پہنچی، جہاں بس کے مبینہ طور پر بریک فیل ہو گئے۔حادثے میں 32 زائرین جاں بحق اور 30 زائرین کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ذرائع کے مطابق بس میں سوار زیادہ تر زائرین کا تعلق لاڑکانہ سے ہے۔زائرین کی دوسری بس گوادر ایران سرحدی پٹی کے علاقے رمدان میں ہے جو ایرانی شہر یزد میں حادثے کا شکار ہونے والی بدقسمت بس سے چند گھنٹوں کی مسافت پر ہے۔

ہراسانی کے بڑھتے واقعات، سحرخان نے اپنی حفاظت کیلئے ٹَیزر خرید لیا

کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی نئی اُبھرتی ہوئی خوبرو اداکارہ سحر خان نے ہراسانی کے بڑھتے واقعات سے پریشان ہوکر اپنی حفاظت کے لیے ‘ٹَیزر’ خرید لیا۔

کراچی سمیت ملک کے بیشر شہروں میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں، ہر گزرتے دن کے ساتھ، ہراسانی کا کوئی نہ کوئی واقعہ رپورٹ ہوتا ہے۔

ہراسانی کے واقعات میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ پولیس اس جرم میں ملوث ملزمان کو پکڑنے میں ناکام ہے، ملزمان دن دیہاڑے خواتین کو ہراساں کررہے ہیں اور پھر کُھلے عام گھوم رہے ہیں۔

اب اس حوالے سے معروف پاکستانی اداکارہ سحر خان نے ایک اہم اقدام کیا ہے، اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ملک میں ہراسانی کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے لہٰذا میری تمام لڑکیوں اور خواتین سے گزارش ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور اس میں کوئی کوتاہی نہ برتیں۔

اسرائیل کے جنگی طیاروں کا لبنان میں حملہ، 5 افراد ہلاک

بیروت: اسرائیل کے جنگی طیاروں کی گزشتہ رات لبنان میں فضائی حملوں میں 5 افراد ہلاک اور 20 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔یہ حملہ اسرائیل کی جانب سے مشرقی لبنان کے اندر اسی طرح کے حملوں کے 24 گھنٹے بعد کیے گئے ہیں جس میں اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ کے ایک اعلی کمانڈر کی ہلاکت کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔لبنان کی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ ‘بیکا’ وادی پر اسرائیلی دشمن کے حملوں میں ایک شخص ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے جبکہ آٹھ بچے اور ایک حاملہ خاتون معمولی طور پر زخمی ہیں۔

روس کے صدر کا 13 سال بعد چیچنیا کا سرپرائز دورہ

گروزنی: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے 13 سال بعد شمالی قفقاز جمہوریہ چیچنیا کا سرپرائز دورہ کیا۔

دورے کے دوران روسی صدر پیوٹن نے چیچن رہنما رمضان قادروف کے ہمراہ یوکرین کے خلاف لڑنے کو تیار چیچن افواج اور رضاکاروں کا معائنہ کیا۔

روس کا حصہ بننے والی مسلم اکثریتی ریاست کا یہ غیر اعلانیہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ماسکو دوسری جنگ عظیم کے بعد روس پر ہونے والے سب سے بڑے حملے کے دو ہفتے بعد یوکرین کی افواج کو اپنے کرسک خطے سے نکالنے کی جدوجہد کر رہا ہے۔

روسی سرزمین پر یوکرین کا قبضہ پیوٹن اور ان کی فوج کے لئے شرمندگی کا باعث رہا ہے۔

یوکرین کے خلاف جنگ میں روس کا ساتھ دینے پر امریکا نے 2020 اور 2022 میں چیچن رہنما رمضان قادروف پر پابندی لگائی تھی۔

رمضان قادروف نے علیحدہ اجلاس میں پیوٹن کو بتایا کہ چیچنیا نے جنگ کے آغاز سے اب تک یوکرین سے لڑنے کے لیے 47 ہزار سے زائد فوجی بھیجے ہیں جن میں تقریبا 19 ہزار رضاکار بھی شامل ہیں۔

اسرائیل غزہ سے فوجی انخلا پر تیار ہے، امریکی وزیر خارجہ کا دعویٰ

دوحا: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل غزہ سے اپنی فوجیں واپس بلانے کو تیار ہے۔

انٹونی بلنکن نے دوحا میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل تین ملکی ثالثی مذاکرات میں اپنی فوجیں غزہ سے بلانے کے لیے تیار ہو گیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے صحافیوں کو مذاکرات میں طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ تیار ہے۔
انہوں نے کہا جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد تین مراحل میں ہو گا اور اس معاہدے میں غزہ سے اسرائیلی افواج کا انخلا بھی شامل ہے۔

سوناکشی سنہا کا گھر فروخت کے لیے پیش، 25 کروڑ قیمت مقرر

 ممبئی: بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کا گھر فروخت کے لیے پیش کردیا گیا۔

ایک رئیل اسٹیٹ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گھر کی ویڈیو اور قیمت شیئر کی گئی جس میں اپارٹمنٹ کو باندرہ میں سمندر کے سامنے واقع ایک شاندار فلیٹ کے طور پر بیان کیا گیا۔

4200 مربع فٹ کا اپارٹمنٹ مکمل طور پر تیار ہونے کے ساتھ جدید سہولیات سے آراستہ ہے اور اس کی قیمت 25 کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔

سوناکشی سنہا نے بھی اس سوشل میڈیا پوسٹ کو لائیک کیا جبکہ اسی گھر میں اداکارہ کی ظہیر اقبال سے شادی ہوئی تھی۔

کل ترنول میں ہرصورت جلسہ ہوگا، رکاوٹوں کی سخت مزاحمت کرینگے، علی امین گنڈا پور

 پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ 22 اگست کو ہرصورت ترنول کے مقام پرپی ٹی آئی کاجلسہ ہوگا، رکاوٹیں پیدا کی گئیں تو سخت مزاحمت کریں گے۔

ترنول جلسہ کی تیاریوں کاجائزہ لینے کے لیے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں پارلیمنٹرینز کے اجلاس سے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانونی تقاضوں کے مطابق جلسہ کرنے جارہے ہیں، ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلسے کی اجازت دینے کا حکم عدالت نے دیا ہے، اگر کورٹ کے حکم کے خلاف جائیں گے تو پھر ہم بھی پیچھے ہٹنے والے نہیں۔

وزیراعلیٰ نےکہا کہ جلسہ کے لئے مارچ کو خود لیڈ کروں گا، مرکز میں بیٹھے نااہل ٹولے کی مفاد پرست پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں معاشی تباہی آچکی، ملکی حالات خراب سے خراب تر ہورہے ہیں، ہمیں بحیثیت قوم سوچنا ہوگا۔

فلم ’ہائی وے‘ کیلئے پہلی چوائس عالیہ بھٹ نہیں تھیں، امتیاز علی کا انکشاف

 ممبئی: بالی وڈ کے معروف ہدایتکار و پروڈیوسر امتیاز علی نے انکشاف کیا کہ 2014 کی فلم ’ہائی وے‘ کیلئے ان کی پہلی چوائس عالیہ بھٹ نہیں تھیں۔ 

ایک تازہ انٹرویو میں ہدایت کار کا کہنا تھا کہ کہ اصل میں تو ان کا اس فلم کے ویرا نامی کردار کے لیے جو تصور تھا وہ ایک سمجھدار عورت کا تھا، عالیہ جیسی کسی نوجوان لڑکی کیلئے یہ کردار نہیں تھا۔

امتیاز علی کا کہنا تھا کہ عالیہ کے ساتھ ملاقات کے بعد ان کا ذہن تبدیل ہوگیا، وہ ان کے احساسات اور جذبات سے کافی متاثر ہوئے جس کے بعد انہوں نے اس کردار میں نوجوان لڑکی کو سامنے لانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ان کے ذہن میں ذرا زیادہ عمر کی ایشوریا رائے جیسی خاتون تھیں جو ان کے خیال میں بنا میک اپ کے بعد اس کردار کے لیے موزوں ہوتیں۔

یاد رہے کہ ’ہائی وے‘ کے مصنف، ہدایتکار اور شریک پروڈیوسر امتیاز علی ہی تھے جبکہ رندیپ ہودا نے عالیہ کے مدمقابل کردار ادا کیا۔

ایک اور پاکستانی ایتھلیٹ نے عالمی مقابلے میں گولڈ میڈل جیت لیا

  کراچی:  پاکستان کے باصلاحیت ایتھیلیٹ معید بلوچ نے ورلڈ ملٹری گیمز میں 4سو میٹر کی دوڑ جیت کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق  وینزویلا میں جاری ورلڈ ملٹری گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پی اے ایف  کےانٹرنیشنل ایتھلیٹ 23 سالہ معید بلوچ  نے  400 میٹرز کی دوڑ میں اول پوزیشن حاصل کی۔

کراچی کے علاقے  شانتی نگر کے رہائشی معید بلوچ  پہلے ہی 2 سو میٹرز اور 4 سو میٹرز  کے قومی چیمپئین ہیں۔

ایشین جونئیر ایتھلیٹکس چیمپئین شپ 2018 میں سو میٹرز کی دوڑ  جیت کر تیز ترین ایتھلیٹ قرار پانے والے  معید بلوچ  متعدد انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کے لیے فتوحات حاصل کر چکے ہیں۔

چیئرمین ایف بی آر کا عملے کی جانب سے پوسٹنگ کیلیے اثرورسوخ کے استعمال کا نوٹس

  اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نےانتظامی معاملات میں ایف بی آر کے افسران اور عملہ کی طر ف سے پسند کی پوسٹنگ کے لیے اثر و رسوخ استعمال کرنے پر سخت نوٹس لے لیا۔ 

تفصیلات کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال کی طرف جاری کردہ سرکلر کی کاپی وزیر اعظم کے سیکرٹری ،سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ڈویژن ایف بی آر کے تمام ممبران سمیت دیگر حکام کو ارسال کی گئی ہے جس میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے افسران اور عملہ کی طرف سے پسند کی پوسٹنگ حاصل کرنے کے لیے اثر و رسوخ استعمال کرنا تشویش ناک امر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اپنی مرضی کی پوسٹنگ کے حصول کا رجحان ادارے کی ساکھ کے لیے نقصان دہ ہے، مڈ لیول افسران کی طرف سے اثرو رسوخ کے استعمال سے پسند کی پوسٹنگ حاصل کرنے کی کوشش جونیئر افسران کے لیے اچھی مثال نہیں ہے۔

چیئرمین ایف بی آر کا مزید کہنا ہے کہ پسند کی پوسٹنگ کے لیے اثر و رسوخ استعمال کرنا گورنمنٹ سرونٹس (کنڈکٹ) رولز1964 اور سول سرونٹس(ای اینڈ ڈی)رولز 2020   کے تحت مس کنڈکٹ میں آتا ہے اور  مس کنڈکٹ کا ارتکاب ملازمت کے خاتمے پر منتج ہو سکتا ہے۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ آئندہ اثر و رسوخ استعمال کرنے والے افسران اورعملہ کو فوری طور پر معطل کرکے ان کے خلاف متعلقہ رولز اور قانون کے تحت تادیبی کاروائی شروع کر دی جائےگی تاہم مشکل حالات سے دوچار افسران اور عملہ اپنے تبادلہ کے لیے دستاویزات کے ساتھ اپنی درخواست متعلقہ کمیٹی کو غور کرنے کیلیے ای میل کر سکتے ہیں۔