شریاس تلپڑے کا اپنی موت کی جھوٹی خبروں پر ردعمل

 ممبئی: بالی ووڈ اداکار شریاس تلپڑے نے اپنی موت کی افواہوں پر ردعمل دے دیا۔

اداکار شریاس تلپڑے نے اپنی موت کی جھوٹی خبروں پر مایوسی کا اظہارکیا اور اس طرح کی خبروں سے اپنی فیملی خصوصا چھوٹی بیٹی پر پڑنے والے اثرات پربات کی۔

شریاس تلپڑے کا سوشل میڈٰیا پر بیان میں کہنا تھا کہ میں آپ سب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میں زندہ ، خوش اور صحت مند ہوں۔ مجھے اپنی موت سے متعلق وائرل ہونے والی پوسٹس کا علم ہے۔ میں مزاح کی اہمیت سمجھتا ہوں لیکن جب کسی مذاق کو غلط طریقے سے استعمال کیا جائے تو وہ نقصان دہ ہوجاتا ہے۔

بالی ووڈ اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کسی نے میری موت کی بات مذاق میں کہی ہو لیکن اس بات نے غیرضروری تشویش پیدا کی اور ان تمام لوگوں کے جذبات کو متاثر کیا جو میرے بارے میں فکر کرتے ہیں خصوصا میرا خاندان کو۔

شریاس تلپڑے نے کہا کہ میری چھوٹی بیٹی روزانہ اسکول جاتی ہے وہ میرے بارے میں بہت فکرمند رہتی ہے اور بار بار سوال پوچھتی ہے۔ میری بیٹی میرے بارے میں تسلی چاہتی ہے۔ اس جھوٹی خبر نے اس کے خوف کو بڑھا دیا ہے اور اسے اپنے اسکول میں دوستوں اور ٹیچرز کی جانب سے سوالات کا سامنا کرنا پڑا جو اس کے لیے ٹھیک نہیں تھا۔

اداکار نے کہا کہ میں ایسی باتیں پھیلانے والوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ ذرا رکیں اور اس طرح کی باتوں کے اثرات کا جائزہ لیں۔ بہت سے لوگوں نے میرے لیے دل سے دعائیں کیں۔ لوگوں کے جذبات سے کھیلنے والا مذاق افسوسناک ہے۔

پاکستان 5 نئی راہداریوں پر اپنا ہوم ورک چینی وزیراعظم کے دورۂ پاکستان پر پیش کرے گا

  اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور چین نے سی پیک فیز 2 کے تحت ان پانچ اقتصادی راہداریوں پر جلد از جلد کام شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ بات انہوں ںے اپنی زیر صدارت سی پیک کے منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری پلاننگ اویس منظور سمرا، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز، اداروں کے سربراہان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

احسن اقبال نے کہا کہ تمام ورکنگ گروپس کو اگست 2023ء میں چین کے صدر کی شی جن پنگ کے تجویز کردہ 5 کاریڈورز پر کنسپٹ پیپرز تیار کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں، کانسپٹ پیپرز کی تیاری کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے، حکومت پاکستان اور چین نے سی پیک فیز 2 کے تحت ان پانچ اقتصادی راہداریوں پر جلد از جلد کام شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو کے تمام منصوبے ان پانچ نئے کاریڈورز کے مطابق تیار کیے جائیں، پانچ نئے کاریڈورز میں گروتھ، اکنامک ڈویلپمنٹ پروجیکٹس، انوویشن، گرین اور ریجنل کنیکٹیویٹی شامل ہیں، یہ پانچوں کاریڈورز پاکستان کے اقتصادی ترقی کے فریم ورک ’’فائیو ای ایز‘‘ سے مطابقت رکھتے ہیں، کاریڈور برائے لائیولی ہوڈ کے تحت عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنا اور ملازمت کے مواقع پیدا کرنا شامل ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انوویشن کاریڈور کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نئے منصوبوں کا انعقاد اور نوجوانوں کو آئی ٹی میں مہارت دینا شامل ہے، اوپن ریجنل کوآپریشن کے تحت سی پیک کو سنٹرل ایشیا سے روابط کے فروغ اور دوستانہ تعلقات قائم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، اگست کے آخر تک ان پانچ کاریڈورز پر جامع دستاویز تیار کی جائے گی۔

احسن اقبال کے مطابق پانچوں کاریڈورز کے حوالے سے پاکستان کے ہوم ورک سے متعلق تیار کردہ دستاویز چین کے وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے دوران پیش کی جائے گی، متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور وزارتوں کے اعلیٰ حکام کو ان کاریڈورز پر مشترکہ پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ تمام وزارتیں سی پیک پورٹ فولیو کے تحت پانچ سالہ منصوبے تیار کریں اور انہیں جے سی سی کے سامنے پیش کریں، ستمبر میں زیادہ سے زیادہ جوائنٹ ورکنگ گروپس کے اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ آئندہ پانچ سالوں کے سی پیک کا لائحہ عمل تیار کیا جا سکے، ہمارا مقصد صنعتی و تجارتی ترقی اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہونا چاہیے، طویل المدتی منصوبوں کو ہر شعبے کے لحاظ سے بریک اپ کر کے ورکنگ گروپس میں شامل کیا جائے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تمام وزارتیں اگلے پندرہ دنوں میں سی پیک کے باقاعدہ پلان تیار کر کے پیش کریں، مشترکہ ورکنگ گروپ کے ایجنڈے اور مجوزہ منصوبوں کے انتخاب کے لیے ہفتہ وار میٹنگز منعقد کی جائیں، اگلے پانچ سال کا مجوزہ ایجنڈا اور پلان تیار کریں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمیں نہ صرف اپنا پانچ سالہ منصوبہ تیار کرنا چاہیے بلکہ چین کے سی پیک فیز 2 کے منصوبے کی بھی مکمل تفصیلات معلوم ہونی چاہیے، نئے آئیڈیاز پر مبنی منصوبے تیار کریں، اگلے مشترکہ ورکنگ گروپ اور جے سی سی کے اجلاس کے لیے مجوزہ منصوبوں پر کام جلد مکمل کیا جائے۔

آئی پی پیز نے پورے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا، انجم نثار

  کراچی: فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سابق صدر انجم نثار نے کہا ہے کہ آئی پی پیز نے پورے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ حکومت اپنی 52فیصد آئی پی پیز کے ٹیرف پر نظرثانی میں پہل کرے۔

بزنس مین پینل کے تحت “معاشی حالات اور ٹریڈ باڈیز کے کردار” کے موضوع پر منعقدہ ڈائیلاگ سے ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر انجم نثار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعتماد کے فقدان اور زائد لاگت کے سبب نئی صنعت لگانا تو دور کی بات پرانی صنعتیں نہیں چل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرن اوور ٹیکس کے معاملے پر چھوٹے تاجروں کے ساتھ ہیں۔ حکومت کے پاس ابھی بھی وقت ہے چھوٹے تاجروں سے بات کرلے، ہم چھوٹے تاجروں کی 28 اگست کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوکر رہ گئی اور ملک سے تیزی کے ساتھ سرمایہ بیرون ملک منتقل ہورہا ہے۔ سرمایہ کاروں کی دوسرے ممالک کی شہریت لینے کے لئے دوڑ لگی ہوئی ہے ۔

انجم نثار نے کہا کہ انٹرینٹ کے مسائل سے آئی ٹی انڈسٹری بھی تباہی کے قریب پہنچ گئی ہے۔ اس وقت دنیا بھر سے تمام ممالک کے فری لانسر کو کام مل رہا ہے لیکن پاکستان میں انٹرنیٹ اسپیڈ کی وجہ سے فری لانسر کو کام ملنا بند ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں نے 11ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔

بزنس مین گروپ کے سینئر وائس چئیرمین اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر ناصر حیات مگوں نے کہا کہ آئی پی پیز میں غیر ملکی سرمایہ کار نکل کر مقامی سرمایہ کار آگئے ہیں اگر اس کا آڈٹ کرایا جائے تو بہت سارے راز کھل جائیں گے، جو آئی پی پیز چلے ہی نہیں ان کو بھی پیسے دئیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن دکانداروں کو 60ہزار کے نوٹسز آرہے ہیں آخر میں اس میں مک مکا ہی ہوگا۔

پنجاب کی طرح بقیہ صوبے بھی بجلی پر عوام کو ریلیف دیں سیاست نہ کریں، وزیراعظم

  اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے جو بجلی یونٹ پر ریلیف دیا وہ پنجاب حکومت کا اپنا پیسہ ہے اس میں وفاق کا کوئی کردار نہیں، باقی صوبے بھی بسم اللہ کریں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جو بجلی یونٹ پر ریلیف دیا وہ پنجاب حکومت کا اپنا پیسہ ہے اس میں وفاق کا کوئی کردار نہیں، باقی صوبے بھی بسم اللہ کریں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی تین سال کی کم ترین سطح پر ہے جو کہ 38 فیصد سے کم ہوکر ساڑھے گیارہ فیصد پر آچکی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوچکا، آئی ایم ایف کو دیے آمدنی اور ٹیکسوں کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے دن رات کام کرنا ہوگا، پاور سیکٹر میں نقصانات میں کمی لانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ایس ڈی کے بجٹ میں 50ارب روپے کی کٹوتی کرکے گھریلو صارفین کو تین ماہ کے ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا جس سے پاکستان کے 86 فیصد گھریلو صارفین مستفید ہوئے، بلوچستان کی حکومت کو شراکت داری کے ساتھ 70 ارب روپے کے 28 ہزار سولر پینل دینے کا منصوبہ بنایا جس میں وفاق 55 ارب روپے دے گا تاکہ بجلی کی چوری کم ہو۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح چند روز قبل پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے 500 یونٹ تک صارفین کو دو ماہ کے بجلی میں فی یونٹ 14 روپے ریلیف کا اعلان کیا جس کے لیے انہوں نے اپنے ترقیاتی فنڈز میں سے 45 ارب روپے مختص کیے اس میں وفاق نے کوئی حصہ شامل نہیں کیا،یہ پنجاب حکومت نے اپنے صوبے کے عوام کو تحفہ دیا باقی صوبے بھی بسم اللہ کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے اس ریلیف کے متعلق منفی باتیں سننے کو ملیں، کے پی کے وزیر نے کہا کہ وفاق نے پنجاب کو ریلیف دیا یہ کتنی زیادتی کی بات ہے، پنجاب نے اپنے فنڈز سےریلیف دیا ہمارا اس سے کوئی لینا دینا نہیں کے پی حکومت نے اپنے عوام کو ریلیف دے سو بسم اللہ، انہیں پنجاب حکومت کو فالو کرتے ہوئے دین اور دنیا دونوں کمانے چاہیئں مگر اس پر سیاست سے پرہیز کریں اور حقائق کو مسخ نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف کو پوری طرح آن بورڈ لے کر ملک کے لیے فیصلے کریں گے پی ٹی آئی کی حکومت کی طرح کوئی ایسا جاہلانہ فیصلہ نہیں کریں گے جس سے سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہو جن کی وجہ سے ہم ڈیفالٹ تک پہنچ گئے۔

دنیا میں سب سے زیادہ ریکارڈز قائم کرنے والا امریکی شہری

آئیڈاہو: امریکی شہری ڈیوڈ رش بالآخر باضابطہ طور پر دنیا میں سب سے زیادہ گنیز ورلڈ ریکارڈز قائم کرنے والے فرد بن گئے ہیں۔

امریکی ریاست آئیداہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش کا مقصد  سب سے زیادہ ریکارڈز قائم کرنے والے اطالوی شہری سلویو صبا کے کل 180 ریکارڈز کو توڑنا تھا۔

ڈیوڈ نے 181 گنیز ورلڈ ریکارڈز قائم کیے جس میں سے آخری ریکارڈ 30  سیکنڈز میں توڑنے والے سب سے زیادہ البم سی ڈیز کا تھا۔

ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ وہ ٹائٹل کو برقرار رکھنے کی کوشش میں اپنا کام ختم کر رہے ہیں کیونکہ انہیں سلویو صبا سے آگے رہنا تھا جن کے پاس 180 ریکارڈ ہیں۔

90 کی دہائی میں معمر افراد 60 سال بعد شادی کے رشتے میں بند گئے

نیروبی:  کینیا میں ایک دلچسپ واقعہ انٹرنیٹ پر وائرل ہوگیا ہے جس میں 90 کی دہائی میں مرد و عورت شادی کے رشتے میں بندھ گئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق کینیا سے تعلق رکھنے والے 95 سالہ شخص نے اپنی 90 سالہ دیرینہ عزیز سے پہلی ملاقات کے 60 سالوں بعد شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔

نجی میڈیا آؤٹ لیٹ سٹیزن ڈیجیٹل نے رپورٹ کیا کہ ابراہم مبوگو نے نیروبی کے ایک چرچ میں 90 سالہ تبیتھا وانگوئی سے شادی کی رسومات ادا کیں ۔

ابراہم مبوگو نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ہم 1960 میں ملے اور پہلی ملاقات میں ہی ہمیں پیار ہوگیا۔ ہم نے مل کر سوچا اور فیصلہ کیا کہ اگر چرچ میں شادی کریں تو بہت اچھا ہوگا۔

انہوں نے  کہا کہ ہم اپنے مقامی رواج میں جانتے ہیں کہ ہم قانونی طور پر شادی شدہ ہیں، لیکن چونکہ ہم عیسائی بھی ہیں اس لیے ہم نے چرچ میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔

اصل شارک کی نقل کرنے والی روبوٹ شارک متعارف

بیجنگ: چین میں اصلی وہیل شارک کی جسمانی صفات اور حرکات کو نقل کرنے والی روبوٹ شارک متعارف کرائی گئی ہے۔

شارک کا یہ روبوٹک ورژن تیرنے، غوطہ لگانے اور حتیٰ کہ منہ کی حرکات کو اعلیٰ درستگی کے ساتھ انجام دے سکتا ہے۔

روبوٹ شارک کا وزن تقریباً 771 پاؤنڈ (350 کلوگرام) ہے اور اس میں سات ڈرائیو جوائنٹس ہیں جو پیچیدہ کمپیوٹنگ، کمیونیکیشن اور سینسنگ ٹیکنالوجیز کے ذریعے کنٹرول کیے جاتے ہیں۔

روبوٹ شارک وائرلیس ریموٹ کنٹرول، سوئمنگ پیٹرن اور ملٹی جوائنٹ بایونک پروپلژن جیسی صلاحیتوں سے لیس ہے۔ یہ 0.7 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار تک تیر سکتی ہے اور 20 میٹر کی گہرائی تک غوطہ لگا سکتی ہے۔

اس کے سسٹم میں آپٹیکل کیمرے، سینسرز، سونار اور پوزیشننگ شامل ہیں جو اسے پانی کے معیار کی نگرانی، پانی کے اندر نقشہ سازی اور ممکنہ طور پر فوجی آپریشن جیسے کاموں کو انجام دینے کے قابل بناتے ہیں۔

مزید برآں اس میں درست نیویگیشن میں رکاوٹ سے بچنے کو یقینی بنانے کے لیے مختلف سینسروں سے ڈیٹا کی بڑی مقدار پر کارروائی کی گئی ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ؛ میر حمزہ کی جگہ محمد علی کو کیوں شامل کیا؟

قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بنگلادیش کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے آغاز سے قبل حکمت عملی کا انکشاف کردیا۔

راولپنڈی میں ٹرافی کی رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ فاسٹ بولر کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی وجہ راولپنڈی کی پچ ہے کیونکہ وہاں پیسرز کو زیادہ مدد ملتی ہے جبکہ اسپنرز کا کردار موثر نہیں۔

کپتان سے سوال کیا گیا کہ میر حمزہ کی جگہ محمد علی کو اسکواڈ میں کیوں شامل کیا گیا؟ جس پر شان مسعود نے جواب دیا کہ نوجوان کرکٹر نے حالیہ سیریز میں شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ اوور کاسٹ کنڈیشنز میں وہ ہمیں وکٹیں لیکر دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بالنگ لائن اَپ میں شاہین آفریدی، نسیم شاہ بھی ٹیم کو جلد وکٹیں دلوانے میں اہم کردار ادا کریں گے، دونوں کرکٹرز میں سوئنگ اور سیم کی اچھی خوبیاں ہیں جو ٹیم کیلئے فائدہ مند ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 21 اگست (کل) سے شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ اسی میدان پر 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔

فساد نہ کریں، آئیں ملک کی خاطر مل بیٹھیں، مصدق ملک کی ایک بار پھر گمنام دعوت

  اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے ایک بار پھر کسی کا نام لیے بغیر دعوت دی ہے کہ فساد اور بلوے نہ کریں، آئیں آج بھی دعوت دیتے ہیں بیٹھیں ملک کو چلانے دیں۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں دو الگ الگ مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ایک وہ منظر جس میں سب تاریکی میں دکھایا جا رہا ہے اور ایک وہ منظر جس میں نوجوانوں کے چہروں پر مسکراہٹ اور روشنی ہے۔ نوجوانوں کے ذہنوں میں مستقبل تابناک ہونے کے خواب ہیں۔ نوجوانوں کی منزل کے راستے میں کچھ لوگ حائل ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں پنجاب حکومت نے بڑا ریلیف دیا ہے۔ وفاق بھی پنجاب سے قبل صارفین کو ریلیف دینے کا اعلان کر چکا ہے۔ 500 یونٹ کا مطلب 98 فیصد پاکستان کے گھرانے ہیں، جنہیں یہ سہولت دی گئی ہے۔ 200 یونٹ تک کے گھرانوں کو پہلے ہی ریلیف دیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب نے امرا کے سوا سب کو سہولت دے دی ہے۔ ہر صوبے کو اپنے لوگوں کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہیے۔ گیس کے حوالے سے بھی کوشش ہو گی کہ ریلیف دیا جائے۔ گیس کی قیمتیں تاحال نہیں بڑھائی گئیں۔

مصدق ملک نے ایک بار پھر کسی کا نام لیے بغیر پریس کانفرنس میں کہا کہ سوال اٹھتا ہے کہ 9 مئی کیسے ہوا ؟ سوال اٹھتا ہے کہ دہشت گردوں کو کون لا کر آباد کر رہا تھا؟ سوال اٹھتا ہے کہ کون دہشتگردوں کو بھتہ دیتا تھا؟ سوال اٹھتا ہے کہ کون دہشتگردوں کا سہولتکار رہا؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ کہا گیا کہ ہم آپریشن نہیں کرنے دیں گے۔ صوبائی سکیورٹی تو صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے۔ اگر آپریشن نہیں ہونے دے رہے تو آپ کو شہیدوں کے خون کا حساب دینا ہوگا۔

وزیر مملکت نے ایک بار پھر نام لیے بغیر کہا کہ فساد نہ کریں بلوائیوں والا کام نہ کریں! آئیں آج بھی دعوت دیتے ہیں بیٹھیں ملک کو چلانے دیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا کہ ہم کہتے ہیں آئیں مل کر بیٹھیں ، بات کرتے ہیں، معاملات کو سلجھاتے ہیں۔بات کرو لیکن برباد مت کرو، ملک کو الجھاؤ نہیں بلکہ سلجھاؤ، ہم نے کہا آؤ حکومت بنائیں آپ کہتے ہیں ہم نہیں بنائیں گے، آج آپ اُدھم مچارہے ہیں۔

بعد ازاں مصدق ملک نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹراسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ پریس کانفرنس میں انہوں نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت نہیں دی تھی اور اس حوالے سے چلنے والی خبریں درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پریس کانفرنس میں کہیں نہیں کہا کہ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت ہے، آخر کیوں سب کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہوا کہ ہم نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی، کسی اور اپوزیشن جماعت کا خیال کیوں نہیں ہوا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی جو دعوتیں دینی تھی پہلے دے چکے ہیں۔

برطانیہ میں فیک نیوز پھیلاکر ہنگاموں میں ملوث ملزم لاہور سے گرفتار

 لاہور: فیک نیوز پھیلا کر برطانیہ میں ہنگاموں میں ملوث ملزم کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق پولیس نے ڈیفنس لاہور سے ایک شخص فرحان آصف کو حراست میں لیا ہے۔ فرحان آصف کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید بتایا کہ فرحان آصف پاکستان میں ایک نیوز پلیٹ فارم کے لیے کام کرتا ہے۔ فرحان آصف پر برطانیہ میں 3 بچیوں کے قاتل کی شناخت کی فیک نیوز دینے کا الزام ہے۔ ذرائع کے مطابق فیک نیوز کے باعث برطانیہ میں پرتشدد مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔

برطانیہ کے شمال مغربی علاقے ساؤتھ پورٹ میں ایک ڈانس کلب میں ہونے والے چاقو کے حملے میں تین لڑکیاں ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئی تھیں۔

سوشل میڈیا پر چینل 3 ناؤ Channel3Now کے نام سے ایک ویب سائٹ نے فیک نیوز پھیلائی کہ ڈانس کلب پر ہونے والے حملے میں ملوث حملہ آور مسلمان پناہ گزین ہے جس کا نام علی الشکاتی ہے۔

اس خبر کے بعد انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے عناصر نے فسادات اور پرتشدد مظاہرے شروع کیے تھے۔

بعد میں یہ خبر جھوٹی ثابت ہوئی اور برطانوی میڈیا نے اپنی تحقیقات میں پتہ چلایا کہ Channel3Now کے نام سے ویب سائٹ لاہور سے چلائی جارہی ہے جسے فرحان آصف چلارہا ہے۔