سستی بجلی خیبرپختونخوا پیدا کررہا ہے ریلیف پنجاب کو مل رہا ہے، بیرسٹر سیف

 پشاور: پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا ہے کہ ملک میں سستی بجلی خیبر پختونخوا پیدا کررہا ہے، مینڈیٹ چور نے صرف پنجاب کے لیے قومی خزانہ کھلا رکھا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں سستی بجلی خیبر پختونخوا پیدا کررہا ہے، خیبرپختونخوا کی سستی بجلی وفاق ہمیں مہنگے داموں بیچ رہا ہے، جو صوبہ سستی بجلی پیدا کررہا ہے اسے بجلی اور بلوں میں ریلیف سے محروم رکھا گیا، فارم 47 کے ایک ایم این اے کے پاس بجلی کے بلوں میں کمی کے اعلان کا قانونی اختیار تک نہیں۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاق خیبر پختون خوا کے بجلی کے اربوں کے بقایہ جات ادا کرے، مینڈیٹ چور خیبرپختونخوا کے بقایاجات پر سانپ بن کر بیٹھا ہے، مینڈیٹ چور نے صرف پنجاب کے لیے قومی خزانہ کھلا رکھا ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ بجلی ریلیف کے سب سے زیادہ حق دار اور مستحق خیبر پختون خوا کے عوام ہیں  فارم 47 سرکار نے پورے ملک کے بجائے صرف پنجاب میں صارفین کو ریلیف دیا، مینڈیٹ چور کے فیصلوں سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی مزید بڑھیں گی، مینڈیٹ چور ٹولہ ملک کو ایک اکائی کے بجائے تقسیم کی طرف لےجارہے ہیں۔

برطانیہ میں کنگ چارلس کی شبیہ والا ایک پاؤنڈ کا سکہ جاری

لندن: برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کی تصویر والے ایک پاؤنڈ کے 30 لاکھ سکے بینکوں اور ڈاک خانوں کو جاری کردیے گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نئے سکے کے ایک رخ پر بادشاہ کی تصویر ہے جو نئے بادشاہ کے دور کی نشان دہی کرتا ہے جب کہ دوسرے رُخ پر شہد کی مکھیوں کا جوڑا ہے۔ جس سے بادشاہ کی فطرت سے محبت چھلکتی ہے۔

شاہ چارلس کی تصویر والے سکے جاری ہونے کے باوجود ملکہ الزبتھ دوم کی تصویر والے پرانے سکے بھی قابل قبول رہیں گے۔

شاہ چارلس کی تصویر والے نئے سکے طلب کرنے پر فراہم کیے جائیں گے۔

اسی طرح ایک پاؤنڈ کے علاوہ نئے آنے والے دیگر سکوں میں سرخ گلہری سے لے کر کیپرکیلی گراؤس تک کے جانوروں کو بھی دکھایا گیا ہے اور سکے کے کناروں پر نباتات اور حیوانات کو نمایاں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ہر سکہ رائل ہارٹیکلچرل سوسائٹی اور رائل سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف برڈز کے تعاون سے بنایا گیا ہے۔

سکوں کی جسامت اور شکل میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، جو وینڈنگ مشینوں، سپر مارکیٹ سیلف چیک آؤٹ اور پارکنگ میٹر میں سکوں کے اب بھی وسیع پیمانے پر استعمال کی وجہ سے اہم ہے۔

لیکن سکوں پر نمبروں کو بڑا کر کے لکھا گیا ہے تاکہ بچوں کو اعداد کی شناخت کرنے اور گننے کے عمل کو سیکھنے میں مدد ملے۔

اسلام آباد میں ایک ارب کی اراضی کی جعلی رپورٹس بنانے میں ملوث سابق سی ڈی اے ممبر گرفتار

  اسلام آباد: ایف آئی اینٹی منی لانڈرنگ سیل اسلام آباد نے اسلام آباد میں ایکوائر کی گئی 624 کنال سے زائد اراضی کی جعلی رپورٹس بناکر خزانے اور حق داروں کو ایک ارب روپے کا نقصان پہنچانے والے سی ڈی اے کے سابق ممبر اسٹیٹ افنان عالم کو ڈیلر جبار سمیت گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم افنان عالم سی ڈی اے میں بطور ممبر اسٹیٹ تعینات رہا جبکہ جبار پراپرٹی ڈیلر ہے، ملزمان نے سی ڈی اے کے دیگر عملے کی مبینہ ملی بھگت سے کرپشن کرتے ہوئے غیر مستحق افراد کو سیکٹر I-15 اسلام آباد میں 62 پلاٹ الاٹ کئے اور دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے مجموعی طور پر ایک ارب کا نقصان پہنچایا۔

اس سے قبل ملزم کے خلاف کارپوریٹ کرائم سرکل اسلام آباد میں بھی مقدمہ درج تھا، ملزم افنان عالم نے کرپشن کرتے ہوئے اپنے اور اہلیہ کے نام پر غیر قانونی اثاثے بنائے اور کرپشن سے حاصل کردہ بھاری رقوم سے سیکٹر G14میں پراپرٹیز بنائیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

بھارتی اسکول کے این سی سی کیمپ میں 13 طالبات کیساتھ جنسی ہراسانی اور زیادتی

چنئی: بھارتی ریاست تمل ناڈو کے ایک اسکول میں نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کا ایک جعلی کیمپ لگایا گیا جس کے دوران ایک درجن سے زائد لڑکیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تامل ناڈو پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع کرشنا گری میں پیش آیا جس پر نجی اسکول کے پرنسپل اور 2 اساتذہ سمیت 11 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسکول کے احاطے میں جعلی این سی سی کیمپ لگایا گیا تھا جس پر این سی سی کیمپ کے منتظم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، پی تھنگادورائی نے میڈیا کو بتایا کہ طالبات کو آڈیٹوریم سے باہر لایا گیا جہاں وہ ٹھہری ہوئی تھیں اور جنسی زیادتی کی گئی۔

انھوں نے مزید بتایا کہ لڑکیوں کو آڈیٹوریم کی پہلی منزل پر قیام کرایا گیا تھا جب کہ لڑکے گراؤنڈ فلور پر تھے اور کوئی ٹیچر بچوں کی نگرانی کے لیے آڈیٹوریم میں نہیں تھا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ اسکول کے این سی سی کیمپ میں کم از کم ایک لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی اور ایک درجن کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا۔

ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ اسکول پرنسپل کو طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کا علم تھا لیکن پولیس کو اطلاع دینے کے بجائے معاملے کو دبایا گیا۔

پولیس کی تفتیش میں بتایا گیا کہ جس نجی اسکول میں کیمپ لگایا گیا تھا وہاں این سی سی یونٹ نہیں تھا۔ ایک گروپ نے اسکول انتظامیہ سے رابطہ کیا اور انہیں قائل کیا کہ کیمپ کا انعقاد اسکول کو این سی سی یونٹ کے لیے اہل بنائے گا۔

جس پر اسکول پرنسپل نے اتفاق کیا لیکن کیمپ لگانے والوں کا نہ تو پس منظر جانا اور کوئی جانچ پڑتال کیے بغیر کیمپ لگانے کی اجازت دیدی۔

3 روزہ کیمپ اگست کے پہلے ہفتے میں منعقد ہوا اور اس میں 41 طلبا نے شرکت کی جن میں سے 17 لڑکیاں تھیں۔

پولیس نے پرنسپل اور 2 اساتذہ سمیت 11 ملزمان کو پروٹیکشن آف چلڈرن اگینسٹ سیکسچوئل آفنس (POCSO) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا۔

پولیس یہ تفتیش بھی کر رہی ہے کہ آیا جعلی این سی سی کیمپ کی آڑ میں اس گروپ نے دوسرے اسکولوں میں بھی اسی طرح کے کیمپ لگائے ہیں۔

بلوچستان میں فورسز کا آپریشن، ڈی سی پنجگور کی شہادت میں ملوث بی ایل اے کے 3 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں کو ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی کی شہادت میں ملوث تین دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے ضلع مستونگ میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے تین دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے اور 12 اگست کو ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی کی شہادت کے بھی ذمہ دار تھے۔ اس آپریشن کے ذریعے مجرموں سے ان کی اس گھناؤنی کارروائی کا بدلہ لے کر انہیں انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

عمرہ زائرین کی ہوٹل، ٹرانسپورٹ اور دیگر ادائیگیوں کے ذریعے حوالہ ہنڈی کا انکشاف

کراچی: حوالہ ہنڈی کے ذریعے عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات کی ادائیگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے ڈی جی احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایت پر گرومندر کے علاقے میں جنیدی نامی ٹریول ایجنسی کے دفتر پر چھاپا مارا گیا، جہاں سے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم عبدالجبار کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق ملزم ٹریول ایجنسی کی آڑ میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث تھا۔ ملزم عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات کی ادائیگیاں بھی حوالہ ہنڈی کے ذریعے کرتا تھا۔

خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی کارروائی کے دوران ملزم سے 63 لاکھ 80 ہزار سے زائد پاکستانی روپے برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ ملزم سے 6355 امریکی ڈالر اور 176250 عراقی دینار بھی برآمد ہوئے۔ حکام نے ملزم کے موبائل فون سے سعودی عرب رقوم منتقل کرنے کے پیغامات بھی برآمد کرلیے۔

ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکا۔ حوالہ ہنڈی سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

فلسطین کی ایک آزاد ریاست کا قیام ہی مسئلے کا پائیدار حل ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس کے دارالحکومت کے طور پر فلسطین کی ایک آزاد ریاست کا قیام ہی اس مسئلے کا پائیدار حل ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے فلسطین کے سبکدوش ہونے والے سفیر احمد جواد عبد العزیز رابعی نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے فلسطینی عوام اور ان کے حق خود ارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں معصوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 40000 سے زائد بے گناہ فلسطینی شہید اور 90000 سے زائد زخمی ہوئے۔

وزیراعظم نے دو ریاستی حل کے ذریعے مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل تلاش کرنے کی کوششوں کے لیے پاکستان کے پختہ عزم اور حمایت کا اعادہ کیا۔

احمد جواد عبد العزیز رابعی نے اپنے پانچ سالہ دور تعیناتی میں پاکستان کی جانب سے بہترین مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فلسطین پر پاکستان کے تاریخی اور مستقل موقف اور خطے میں امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

احمد جواد عبد العزیز رابعی نے فلسطینی طلباء کو پاکستان میں تعلیم مکمل کرنے کے لیے تمام سہولیات فراہم کرنے اور وظائف کی پیشکش پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

سوچا نہیں تھا پیپلز پارٹی پنجاب کے عوام سے اس قدر تعصب کا مظاہرہ کریگی، عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں مریم نواز کی حکومت ہے ظاہر ہے وہ یہاں کے لوگوں کو ہی ریلیف دے سکتی ہیں اگر سندھ میں بھی مسلم لیگ نون کی حکومت ہوتی تو آج مریم نواز سندھ کے لوگوں کو بجلی پر ریلیف دیتی۔

شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ سندھ میں پچھلے 16 سال سے حکومت پیپلز پارٹی کی ہے مریم نواز کی نہیں، مریم نواز نے اپنے صوبے کے فنڈ سے پنجاب کے لوگوں کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا ہے آپ لوگوں کو یقین کیوں نہیں ہو رہا؟

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز کی حکومت ہے ظاہر ہے وہ یہاں کے لوگوں کو ہی ریلیف دے سکتی ہیں اگر سندھ میں بھی مسلم لیگ نون کی حکومت ہوتی تو آج مریم نواز سندھ کے لوگوں کو بھی یہ ریلیف دیتی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا اس بات کا آپ کی لیڈرشپ کو بھی علم ہے، تنقید برائے تنقید اور الزام برائے الزام کی سیاست سے نکل آئیں پلیز، اگر آپ کو خدمت کا موقع ملا ہے تو عوام کی خدمت کریں، مریم نواز تو پنجاب کی خدمت کریں گی اس سے انہیں کوئی بھی نہیں روک سکتا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سات ماہ سے تحریک انصاف مریم نواز کے ہر عوام دوست اقدام پر تنقید کر رہی ہے، اب پیپلز پارٹی بھی پنجاب کے عوام سے اس قدر تعصب کا مظاہرہ کرے گی یہ سوچا نہیں تھا، پیپلز پارٹی تحریک انصاف کی بی ٹیم کا رول کب سے ادا کرنے لگ گئی؟

وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کی لیڈرشپ نے پہلے بھی پاکستان سے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا تھا، انشاءاللہ اب بھی مسلم لیگ نون کی لیڈرشپ ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکالے گی۔

پاک بنگلادیش سیریز؛ ٹرافی کی رونما کردی گئی

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کیلئے ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شان مسعود اور بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں شرکت کی۔

دونوں کپتانوں نے ٹرافی کے ہمراہ راولپنڈی اسٹیڈیم اور دامنِ کوہ میں ٹرافی کے ہمراہ تصویر بنوائی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ شائقین ہمیشہ چاہتے ہیں کہ کرکٹ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے اور ان کیلئے میچ جیتے، ہمارے پاس کرکٹرز کا ایک باصلاحیت گروپ ہے جو سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے بےتاب ہے۔

شان مسعود نے کہا کہ ہمارے بولرز بیس وکٹیں لینے اور ٹیم کو میچ جیتنے میں مدد دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہوم گراؤنڈ میں ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ کپتانی کے ساتھ بڑی ذمہ داری آتی ہے اور میں اس ٹیم کو آگے لے جانے کی پوری کوشش کروں گا۔

دوسری جانب بنگلادیشی ٹیم کے کپتان نجم الحسین شانتو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سیریز بہت اہم ہے اور ہم جانتے ہیں کہ پاکستان ٹیم میں بڑی صلاحیت ہے۔ یہ سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہر میچ بہت اہم ہے۔ بنگلہ دیش اے اور شاہینز کے درمیان سیریز نے ہمارے کھلاڑیوں کو کنڈیشنز کا بخوبی اندازہ لگانے میں مدد کی ہے۔

میان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 21 اگست (کل) سے شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ اسی میدان پر 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔

باحجاب خاتون کی ہراسگی کا واقعہ؛ کاش قتل کی اجازت ہوتی، زارا نور کا اظہار برہمی

کراچی: اداکارہ زارا نور نے باحجاب خاتون کو ہراساں کرنے کے واقعے پر شدید اظہار برہمی کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اداکارہ زارا نور نے کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں باحجاب خاتون کو ہراساں کرنے کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ کاش مجھے قتل کی اجازت ہوتی۔ بچے کٹھ پتلی ہوتے ہیں ان کے سامنے جو کیا جائے وہ اپناتے ہیں۔ بائیک پر بیٹھا شخص اپنے ساتھ موجود بچے کے لیے مثال بن رہا ہے۔ موٹرسائیکل پر بٹھا کر ہراساں کرنے والوں کی ایک نسل کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔

خاتون کو ہراساں کرنے کے واقعے کی شوبز کی دیگر شخصیات نے بھی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزم کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے