ٹی20 ورلڈکپ کوالیفائر؛ ساموآ کے بیٹر نے ایک اوور 39 رنز بناڈالے

آئی لینڈ پر مشتمل ملک ساموآ کے بلےباز نے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر اے میچ میں تاریخ رقم کردی۔

ساموآ کرکٹ ٹیم کے بیٹر ڈیریوس ویسر منگل کے روز آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ کے ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر میچ کے دوران ایک اوور میں سب سے زیادہ 39 رنز بناکر نیا ریکارڈ بناڈالا۔

ساموا میں گارڈن اوول میں کھیلے گئے میچ میں ڈیریوس ویسر نے وانواتو کے نالن نپیکو کی گیند پر 6 چھکے لگائے جبکہ اس اوور میں 3 نو بال بھی شامل تھیں، جس کے باعث ایک اوور میں 39 رنز بنے۔

اس سے قبل مینز ٹی20 ورلڈکپ کے افتتاحی ایڈیشن میں یورواج سنگھ نے انگلش بالر اسٹیورٹ براڈ کو 6 گیندوں پر 6 چھکے لگاکر 36 رنز کا ریکارڈ بنایا تھا۔

ساموآ کے بیٹر نے مینز ٹی20 ورلڈکپ مقابلوں میں نہ صرف نیا ریکارڈ قائم کیا بلکہ پہلی انٹرنیشنل سینچری بھی اسکور کی، انہوں نے 62 گیندوں پر 132 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو دوسری فتح سے ہمکنار کروایا۔

ڈیریوس ویسر کی نے ساموآ کی جت کے بعد 2026 میں اگلے ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرنے کی امیوں کو بھی زندہ رکھا ہوا ہے۔

بشریٰ بی بی اور عمران خان کیخلاف ایک اور ریفرنس دائر

اسلام آباد: بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف احتساب عدالت اسلام آباد میں ایک اور ریفرنس دائر کر دیا گیا۔

نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس آفیسر وقار الحسن نے توشہ خانہ 2 ریفرنس دائر کیا ہے۔ رجسٹرار آفس نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کی اسکروٹنی شروع کر دی۔

نیب نے بشریٰ بی بی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ 2 کی تفتیش کی تھی۔

گزشتہ روز احتساب عدالت نے دونوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔

کراچی پولیس کی بلوچستان میں کارروائی، مغوی خاتون بازیاب، اغواکار گرفتار

کراچی پولیس نے بلوچستان میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی خاتون کو بازیاب کراکے اغواکار کو گرفتار کرلیا۔

جیکسن انویسٹی گیشن پولیس نے تیکنیکی بنیادوں پر بلوچستان کے ضلع اوتھل میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی خاتون کوبحفاظت بازیاب کرکےملزم کوگرفتارکرلیا۔

ایس ایس پی انوسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی اظہرجاوید کے مطابق مغویہ خاتون گل ناززوجہ کامران کے اغواء کا مقدمہ الزام نمبر285/2024 بجرم دفعہ 469 اے کے تحت جیکسن تھانے میں درج کرلیا گیا تھا۔

مقدمہ کے اندراج کے بعد جیکسن انیسٹی گیشن ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پربلوچستان کے ضلع اوتھل میں کرتے ہوئے مغویہ کو بحفاظت بازیاب کرکے اغواء میں ملوث ملزم محمد آصف ولد محمد قاسم کوگرفتارکر لیا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر حملے میں ایک اہلکار ہلاک

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کی فائرنگ میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع اودھم پور میں نامعلوم مسلح افراد نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے سب انسپکٹر کو نہایت قریب سے نشانہ بنایا۔

اہلکار کو 5 سے زائد گولیاں لگیں اور اسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ موت کی وجہ خون کا زیادہ بہہ جانا تھا۔

حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت کلدیپ سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردیا گیا۔

کشمیر پولیس نے نامعلوم مسلح افراد کے نام مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

ہلاک ہونے والا اہلکار ضلع اودھم پور کے علاقے رام نگر میں تعینات تھا۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

خیال رہے کہ مودی سرکار کے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے وفاق کی اکائی بنانے کے سیاہ اقدام کے بعد سے پوری وادی کو قید خانے میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

حال ہی میں ہونے والے الیکشن کا غیور کشمیریوں نے بائیکاٹ کیا جس پر مودی سرکار تلملا اُٹھی تھی اور ریاستی آپریشن کو تیز کردیا۔

کراچی؛ پاکستان مخالف نعرے لگانے والے ہوٹل ملازم کیخلاف مقدمہ درج

کراچی: پاکستان مخالف نعرے لگانے والے ہوٹل ملازم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

عوامی کالونی پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو کے حوالے سے پولیس کو مخبر سے اطلاع ملی کہ نعرے لگانے والے کا نام احمد اللہ ہے جو کہ 13 اگست کو کورنگی 4 نمبر موبائل مارکیٹ کے قریب رات کے کسی پہر پاکستان مخالف نعرے لگا بازی کر رہا تھا اور وہ ماشا اللہ غریب نواز ہوٹل کورنگی 4 نمبر کا ملازم ہے۔

اطلاع ملنے پر مدعی مقدمہ سب انسپکٹر حاضر رحمٰن مذکورہ ہوٹل پر 16 اگست کی شب پہنچا اور ہوٹل کے عملے سے معلومات حاصل کیں تو انہوں نے بتایا کہ یہ ملازم دو تین روز سے بغیر کچھ بتائے یہاں سے فرار ہے اور اس کے بارے میں انہیں کچھ نہیں پتا۔

مدعی مقدمہ نے پاکستان مخالف نعرے لگانے کے الزام میں احمد اللہ ولد زکریا مقدمہ نمبر 579 سال 2024 بجرم دفعہ 123 اے کے تحت درج کر کے وڈیو یو ایس بی میں ثبوت کے طور پر محفوظ کرلی اور مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا ۔

وڈیو میں دکھائی دینے والا فرار ملزم افغان باشندہ ہے، جسے پولیس تلاش کرنے میں مصروف ہے۔

کراچی کو بادلوں نے ڈھانپ لیا، ہلکی اور تیز بارش سے موسم خوشگوار

کراچی: شہر قائد میں صبح سے بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش سے موسم خوش گوار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن بھر بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے جبکہ اگلے 3 روز تک مطلع جزوی اور مکمل ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہیں جبکہ ہواؤں کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کر سکتی ہے۔

آج کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے اب تک ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق گلشن حدید میں 3 ملی میٹر، میٹ کمپلیکس میں 0.8 اور نارتھ کراچی میں 0.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسرا 4 روزہ میچ؛ شاہینز نے اسکواڈ میں 8 تبدیلیاں کردیں

پاکستان شاہینز نے پہلے چار روزہ میچ ڈرا ہونے کے بعد دوسرے میچ کیلئے ٹیم میں 8 تبدیلیاں کردیں۔

بنگلادیش اے اور پاکستان شاہینز کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ 21 اگست کو اسلام آباد کلب میں شروع ہوگا۔

دونوں ٹیموں نے اسکواڈز میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں، شاہینز نے 8 جبکہ بنگلادیش اے ٹیم نے 6 دیگر پلئیرز کو موقع دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہینز کے اسکواڈ کیلئے کامران غلام کو قیادت کے فرائض سونپ دیئے تھے جبکہ ابرار احمد بھی پلئینگ الیون کا حصہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔

دونوں پلئیرز کو گزشتہ ہفتے ٹیسٹ اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ علی زریاب، امام الحق، محمد اویس انور، نیاز خان، قاسم اکرم، روحیل نذیر اور شارون سراج شامل ہیں۔

دوسری جانب بنگلہ دیش اے نے حسن محمود، محمود الحسن جوئے، مومن الحق، مشفق الرحیم، نعیم حسن اور ذاکر حسن کے چھوڑنے کے بعد محمد نعیم محمد سیف الدین، سیف حسن، سومیا سرکار، توحید ہردوئے اور ذاکر علی کو شامل کیا ہے۔

کراچی ، باپ بیٹی کو گاڑی سے روندنے والی خاتون پر مقدمہ درج

کراچی کے علاقے بہادرآباد میں خاتون ڈرائیور کی گاڑی کی ٹکر سے 2 افراد کے جاں بحق اور 5 کے زخمی ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

کار ساز کے قریب سروس روڈ پیرہونے والے ٹریفک حادثے کا مقدمہ لینڈ کروز کی خاتون ڈرائیور کے خلاف بہادر آباد تھانے میں درج کرا دیا گیا۔ خاتون کی گاڑی کی ٹکر سے باپ بیٹی جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس نے شہریوں کی مدد سے حراست میں لی جانے والی حادثے کی ذمے دار خاتون ڈرائیور کو باقاعدہ گرفتار کر لیا۔ خاتون ڈرائیور کے سر میں بھی چوٹ لگی تھی جسے طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا ۔

بہادرآباد کے علاقے کارساز روڈ سروس روڈ مسلم لیگ ہاؤس کے قریب پیر کو شام تقریباً ساڑھے 6 بجے ہونے والے ٹریفک حادثے کا مقدمہ الزمان نمبر 229/2024 بجرم دفعہ 320/337/G/279/427 کے تحت حادثے میں جاں بحق ہونے والے 62 سالہ عمران عارف کے چھوٹے بھائی امتیاز عارف ولد شہزاد منظر کی مدعیت میں درج کر کے حادثے کی ذمے دار خاتون ڈرائیور نتاشا کو باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا۔

حسینہ واجد کے خلاف اجتماعی قتل کی تحقیقات کا آغاز

ڈھاکا: بنگلا دیش میں جنگی جرائم کے خصوصی ٹربیونل نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف اجتماعی قتل کے مقدمات کی تحقیقات شروع کردیں۔

بنگلا دیش کے جنگی جرائم ٹربیونل نے غیرملکی خبرایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ حسینہ واجد کے خلاف قتل کے مقدمات عام لوگوں کی جانب سے لائے گئے ہیں جن میں حسینہ واجد کے متعدد سابق معاونین کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم کے خلاف اجتماعی قتل کے مقدمات ہیں اورٹربیونل جرائم کے مقدمات کی بھی تحقیقات کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق شیخ حسینہ واجد کی 15 سالہ حکومت کے خلاف تقریباً ایک ماہ کے دوران طلبہ کی قیادت میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں 450 افراد ہلاک ہوئے جن میں اکثریت پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تھی۔ طلبا کے ملک گیر احتجاج کے باعث حسینہ واجد کو وزیراعظم کے عہدے سے استعفیٰ دے کر بھارت فرار ہونا پڑا تھا۔

13 سال قبل سونامی میں بہہ جانے والی اہلیہ کا اب تک متلاشی شوہر

ٹوکیو: تاریخ میں لکھی گئی محبتوں کی داستانوں میں ایک جاپانی شخص کا بھی نام درج کیے جانے کے قابل ہے جو 13 سال قبل آئے سونامی میں لاپتہ ہوجانے والی اپنی اہلیہ کو اب تک جگہ جگہ تلاش کررہا ہے۔

یاسو تاکاماتسو نامی ایک جاپانی شخص اپنی بیوی یوکو، جو 2011 کے تباہ کن سونامی میں گم ہو گئی تھی، کی تلاش اب تک جاری رکھے ہوئے ہے۔

رپورٹس کے مطابق اپنی بیوی کی آخری رسومات کو صحیح طریقے سے انجام دینے کی خواہش میں تاکاماتسو نے فوکوشیما کے گندے پانیوں میں غوطہ خوری کرتے ہوئے ایک دہائی سے زیادہ کا وقت گزار دیا ہے، اس امید پر کہ شاید اس کی بیوی کی باقیات کہیں مل جائیں۔

2011 میں آئے جاپان میں سونامی تاریخ کے سب سے مہلک ترین واقعات میں سے ایک ہے جس نے تقریباً 20,000 جانیں لیں اور اس میں ہزاروں افراد اب تک لاپتہ ہیں۔ انہیں میں تاکاماتسو کی اہلیہ بھی شامل ہیں جو اس وقت قریبی بینک میں کام کررہی تھیں اور سونامی کی بلند لہروں میں بہہ گئی تھیں۔

تاکاماتسو کی تلاش ایک انتھک کوششوں کا سلسلہ ہے۔ ایک رضاکار ماسایوشی تاکاہاشی کی مدد سے تاکاماتسو نے غوطہ لگانے کا طریقہ سیکھا۔ ٹھنڈے پانیوں اور محدود مرئیت سمیت بے پناہ چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود یوکو نہیں ملی ہیں تاہم مسٹر تاکاماتسو پرعزم ہیں۔