پیرس اولمپکس میں 3 میڈل جیتنے والا اتھلیٹ دوسرے ملک کی ٹیم میں شامل

پیرس اولمپکس میں آسٹریلیا کیلئے تین تمغے جیتنے والے اتھلیٹ نے برطانوی سائیکلنگ ٹیم میں شامل ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ میٹ رچرڈسن نے پیرس اولمپکس میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے 3 میڈلز اپنے نام کیے تاہم ایونٹ کے محض 3 ہفتوں بعد برطانوی سائیکلنگ ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں۔
رچرڈسن انگلینڈ میں پیدا ہوئے تاہم 9 برس کی عمر میں آسٹریلیا منتقل ہوگئے اور دوہری شہریت کے حامل اتھلیٹ نے دوبارہ آبائی وطن لوٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میٹ رچرڈسن نے کہا کہ قومیت کو تبدیل کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا تاہم یہ میرا ذاتی انتخاب تھا جو کیرئیر اور مستقبل کو دیکھتے ہوئے کیا۔
دوسری جانب آسٹریلین سائیکلنگ کے ایگزیکٹو جنرل مینیجر جیسی کورف نے اتھلیٹ کے اقدام کو مایوس کُن قرار دیا۔

جیلوں میں قیدی بچوں کو ہنرمند بنانے پر کام کا آغاز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز وژن کے تحت محکمہ داخلہ پنجاب نے جیلوں میں نوعمر اسیران کی ٹیکنیکل تربیت شروع کر دی ہے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق تربیت کا آغاز ’’اب ہوگا ہنرمند اسیر‘‘ پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔ اسیران کو ایل ای ڈی بلب، ایس ایم ڈی سیلنگ لائٹ اور استری کی تیاری و مرمت کی تربیت دی جا رہی ہے۔

پنجاب کی جیلوں میں 15 ہزار ایل ای ڈی بلب نصب ہیں جبکہ 2 ہزار سے زائد ایل ای ڈی بلب ہر ماہ خرابی کے باعث تبدیل کیے جاتے ہیں۔ تربیت یافتہ قیدی خراب ایل ای ڈی بلبوں کی مرمت سے تجربہ حاصل کر رہے ہیں۔

ہر ماہ لاکھوں روپے کی بچت کے ساتھ قیدیوں کو مفید شہری بنانے میں مدد ملے گی اور نوجوان قیدی رہائی کے بعد معاشرے میں باعزت رزق کما سکیں گے۔ بلب کی خریداری کی مد میں سالانہ 30 لاکھ روپے کی بچت بھی ہوگی۔

عمران خان کی سہولت کاری؛ اڈیالہ جیل کے مزید 6 ملازمین سے تفتیش

راولپنڈی: عمران خان کی سہولت کاری کے الزام میں اڈیالہ جیل کے مزید 6 ملازمین سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سہولت کاری اور ان کے لیے پیغام رسانی کے نیٹ ورک کے معاملے میں انکشافات ہوتے جا رہے ہیں، تازہ اطلاعات کے مطابق سکیورٹی اداروں نے سہولت کاری میں ملوث مزید 6 ملازمین سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔
زیر تفتیش آنے والے جیل ملازمین میں 2 لیڈی وارڈز، سوئپر اور کیمرہ سکیورٹی چیکنگ پر تعینات اہل کار شامل ہیں۔ ملازمین کے زیر استعمال موبائل فونز کی چیکنگ بھی کی جا رہی ہے جب کہ جیل کا لیڈی اسٹاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے لیے سہولت کاری میں مبینہ طور پر ملوث پایا گیا ہے۔

پاک بنگلادیش سیریز؛ پہلا ٹیسٹ کل کھیلا جائے گا

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آج آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے جبکہ 12:15 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم سیریز کے لوگو کی رونمائی ہوگی۔

دونوں ٹیموں کے کپتان سیریز اسپانسر کے نمائندے کے ساتھ ٹرافی رونمائی میں حصہ لیں گے۔

بعدازاں شان مسعود اور نجم الحسن شانتو پری سیریز پریس کانفرنس میں حصہ لیں گے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر حملے میں ایک اہلکار ہلاک

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کی فائرنگ میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع اودھم پور میں نامعلوم مسلح افراد نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے سب انسپکٹر کو نہایت قریب سے نشانہ بنایا۔

اہلکار کو 5 سے زائد گولیاں لگیں اور اسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ موت کی وجہ خون کا زیادہ بہہ جانا تھا۔

حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت کلدیپ سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردیا گیا۔

کشمیر پولیس نے نامعلوم مسلح افراد کے نام مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

انٹرنیٹ سست؛ ہمارے آرڈر سے پہلے بتا دیں کہ ہو کیا رہا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: چیف جسٹس اسلام آباد نے انٹرنیٹ سست ہونے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ اس سے پہلے کہ ہم کوئی آرڈر جاری کریں، یہ بتائیں کہ دراصل ہو کیا رہا ہے؟۔

ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار سست اور فائر وال تنصیب کے خلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کی، جس میں پٹیشنر کی جانب سے ایمان مزاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئیں۔

دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آج کل انٹرنیٹ سست ہوگیا ہے؟ اس سے پہلے کہ ہم کوئی آرڈر جاری کریں، یہ بتائیں کہ دراصل ہو کیا رہا ہے؟ کون سی وزارت اس سے متعلقہ ہے، پتا چلے کہ انٹرنیٹ اسپیڈ میں کمی کی وجہ کیا ہے؟ اس سے متعلق پی ٹی اے سے پوچھیں یا وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے؟۔

وکیل ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی اے اس معاملے پر خاموش ہے۔

کراچی میں بارش، موسم خوشگوار

کراچی: شہر قائد میں صبح سے بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش سے موسم خوش گوار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن بھر بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے جبکہ اگلے 3 روز تک مطلع جزوی اور مکمل ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہیں جبکہ ہواؤں کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کر سکتی ہے۔

آج کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے اب تک ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق گلشن حدید میں 3 ملی میٹر، میٹ کمپلیکس میں 0.8 اور نارتھ کراچی میں 0.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بشریٰ بی بی اور عمران خان کیخلاف ایک اور ریفرنس دائر

  اسلام آباد: بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف احتساب عدالت اسلام آباد میں ایک اور ریفرنس دائر کر دیا گیا۔

نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس آفیسر وقار الحسن نے توشہ خانہ 2 ریفرنس دائر کیا ہے۔ رجسٹرار آفس نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کی اسکروٹنی شروع کر دی۔

نیب نے بشریٰ بی بی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ 2 کی تفتیش کی تھی۔

گزشتہ روز احتساب عدالت نے دونوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔

گزشتہ حکومت کی طرح اب بھی ویسے ہی لوگ لاپتا ہو رہے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کیس میں سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ جتنے لوگ اس حکومت میں لاپتا ہو رہے ہیں اتنے ہی پچھلی حکومت میں ہو رہے تھے۔

بانی پی ٹی آئی کے فوکل پرسن اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی جس میں اٹارنی جنرل اور وکیل درخواست گزار بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست پر سماعت کرنے والے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ سیکریٹری داخلہ، پولیس، وزارت دفاع اور ایف آئی اے کہہ رہی ہے ہمارے پاس نہیں۔ ان کو اگر کسی عام آدمی نے یا اسٹیٹ سے متعلقہ اہلکاروں نے لاپتہ کیا ہو دونوں جرائم ہیں، مجھے امید ہے کہ اٹارنی جنرل کی کوشش سے یہ لوگ ریکور ہوں گے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس میں کہا کہ جتنے لوگ اس حکومت میں لاپتا ہو رہے ہیں اتنے ہی پچھلی حکومت میں ہو رہے تھے لیکن ہمیں آئین اور قانون کو دیکھ کر فیصلہ کرنا ہے۔

عدالت کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ اگر کوئی نفرت انگیز تقریر کرتا ہے تو اس سے قانون کے مطابق نمٹیں، اس میں بھائیوں کا کیا قصور ہے؟ باپ بیٹے کا اور بیٹا باپ کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، ہم بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔

جسٹس حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ صورتحال کل تبدیل ہو سکتی ہے لیکن عدالت نے ویسے ہی رہنا ہے، ہم سے پوچھیں، اُن میں اور اِن میں کوئی فرق نہیں ہے، ہم نے آئین اور قانون پر عمل کرنا ہے۔

جج نے ریمارکس دیے کہ جس شخص کو اٹھایا ہے اُس پر اخراجات بھی تو آ رہے ہوں گے، اُن اخراجات کا جواز کیا ہوگا؟ آخرکار حاصل کیا ہوگا؟ مجھے لگتا ہے کہ اٹارنی جبرل کی کوشش سے یہ لوگ ریکور ہوں گے۔

وکیل درخواست گزار بابر اعوان نے دلائل میں کہا کہ اظہر مشوانی کو فون پر بتایا گیا کہ ان کے بھائی اسلام آباد میں ہیں، اظہر مشوانی کو ہدایات دی گئیں کہ وہ انسانی حقوق سے متعلق کیے گئے ٹویٹس ڈیلیٹ کریں، جس نمبر سے کال آئی رپورٹ کے مطابق یہ نمبر دونوں بھائیوں میں سے ایک بھائی کا ہے، جو رپورٹ جمع کروائی گئی اس میں کہا گیا اس کا ڈیٹا موجود نہیں، یہ نہیں ہو سکتا ڈیٹا ختم ہوگیا۔

فواد خان کی ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ آئندہ ماہ بھارت میں ریلیز ہوگی

ممبئی: اداکار فواد خان کی بلاک بسٹر پاکستانی فلم ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ آئندہ ماہ بھارتی سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

بھارتی انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اداکار فواد خان کی میگا ہٹ فلم بھارتی شائقین کے لیے 20 ستمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے دیگر مرکزی کرداروں میں ماہرہ خان اور حمزہ علی عباسی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فلم کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو بھارت میں ممکنہ طور پر زی اسٹوڈیوز ریلیز کرے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان دشمن انتہاپسند پاکستانی فلمدی لیجنڈ آف مولا جٹ کو بھارت میں ریلیز نہ ہونے دینے کی دھمکی دے چکے ہیں۔