‘بھارت سمیت اہم میچز والد کو دیکھنے نہیں دیتا’ فاسٹ بولر نسیم

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کیخلاف میچ سمیت دیگر اہم میچز اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ انکے والد گیم نہ دیکھیں۔
کرک بز کو دیئے گئے زوم انٹرویو میں قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ بھارت کیخلاف ٹی20 ورلڈکپ کے لو اسکورننگ میچ میں شکست کی توقع نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف میچ سمیت دیگر اہم میچز میں بھائی کو فون کرکے یقینی بناتا ہوں کہ والد گیم نہ دیکھیں، زندگی میں بہت کم ایسے لمحات آئے ہیں جب میں نے کسی ایسے شخص کی ضرورت محسوس ہوئی جو مجھ سے مثبت بات کرے۔
نسیم شاہ نے کہا کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں بھارت کیخلاف شکست پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک لمحے 73 پر محض 2 آؤٹ تھے لیکن پھر وہی ہوا جسطرح ماضی میں ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی جس سے شکست ہوئی۔

پاکستان کا زمین سے زمین تک مار کرنیوالے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی: پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جس کا مقصد عسکری تربیت، مختلف تکنیکی صلاحیتوں کی توثیق اور کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔

بیلسٹک میزائل کے تجربے کا مشاہدہ اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن، آرمی اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ، سائنس دانوں اور اسٹریٹیجک تنظیموں کے انجینئرز کے سینئر افسران نے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن نے سائنسدانوں کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا، جن کی کارکردگی سے یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے سائنس دانوں اور انجینئرز کو بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کے کامیاب تجربے پر مبارک باد دی گئی۔

بلوچستان میں ناراضی کے نام پر دہشت گردی کسی صورت قابل نہیں، نائب وزیراعظم

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بلوچستان میں موجود ناراض بلوچ باشندوں کو پیغام ہے کہ ماں سے کوئی ناراضی نہیں ہوتی، آپ کے کوئی مطالبات ہیں تو بات کریں، ناراضی کے نام پر دہشت گردی کسی صورت قابل قبول نہیں۔

اسلام آباد میں نیشنل یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان علم حاصل کریں اور سیکھنے کا عمل کبھی موقوف نہ کریں حدیث نبویؐ کے مطابق علم حاصل کرو چاہے چین جانا پڑے، یہ سوچیں کہ نبی ﷺ نے 1400 برس پہلے یہ بات کہہ دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم افہام و تفہیم، احترام کے پل بنائیں اور نفرت کو مسترد کردیں، اتحاد میں طاقت اور طاقت میں ہمارا مسقبل ہے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ انہیں بلوچستان میں دورے کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ناراض بلوچ ہیں جو پہاڑوں پر جابیٹھتے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ ماں سے کوئی ناراضی نہیں ہوتی، آپ کے کوئی مطالبات ہیں تو بات کریں، ناراضی کے نام پر دہشت گردی کسی صورت قابل قبول نہیں، جذباتیت اور معصومیت میں ہمیں ٹریپ نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء میں ہم نے اپنے دور میں تھری ای کا منشور دیا تھا، ایکسٹریم ازم کو کم کرنا ہے، الیکٹریسٹی کو ہینڈل کرنا ہے اور اکانومی کو مضبوط کرنا ہے، ممکن ہے کہ یہاں بیٹھے نوجوانوں میں سے کل کوئی سرکاری عہدے دار یا فنکار ہو ملک کے لیے کام کرے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں جو کہ 65 فیصد ہیں، یہ ملک کا سب بے بڑا اثاثہ ہے۔

وزیر داخلہ سے نیدرلینڈز کی سفیر کی ملاقات، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام پر گفتگو

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے نیدرلینڈز کی سفیر ہینی ڈی وریس کی ملاقات ہوئی جس میں انسانی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے باہمی تعاون بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ آمد پر نیدرلینڈز کی سفیر کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مختلف شعبوں میں اشتراک کار بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، نیدرلینڈز کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

وزیر داخلہ نے نیدرلینڈز کی نئی حکومت اور اپنی ہم منصب کو مبارکباد بھی دی۔

محسن نقوی نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے دو طرفہ اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ انسانی اسمگلرز ایک بہت بڑا مافیا ہے اور کوئی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا، مشترکہ اقدامات ہی انسانی اسمگلنگ کے خلاف کارگر ہو سکتے ہیں۔ اس ضمن میں اطالوی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ملاقات میں افغان مہاجرین کی دیکھ بھال کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی ہے۔

’بجلی قیمت میں ریلیف بے وقوفی‘ وزیراعلی سندھ کے بیان پر مریم نواز کا سخت ردعمل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وزیراعلی سندھ کی جانب سے بجلی قیمت میں ریلیف کو بے وقوفی کہنے پر ردعمل سامنے آگیا۔

مریم نواز نے لاہور میں صوبے بھر کے پوزیشن ہولڈر طلبا کے اعزاز میں ایوان وزیراعلی میں تقریب منعقد کی، جس میں ان کے والدین اور ٹیچرز کو بھی مدعو کیا۔ مریم نواز نے پوزیشن ہولڈرز کو نقد انعام، میڈل اور سرٹیفکیٹ بھی دیے۔

اس موقع پر مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو والدین اور اساتذہ کی خدمت اور احترام کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہونہار بچے ہمارے سر کا تاج ہیں۔

پنجاب میں بجلی کی قیمت میں 14 روپے فی یونٹ کمی کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو ماہ کے لیے بلز میں ریلیف دیا ہے، کم از کم دو ماہ تو عوام کے سکون سے گزریں گے، یہ قلیل مدتی ریلیف نہیں اس کے بعد ہم بہت بڑا شمسی توانائی کا منصوبہ لارہے ہیں جو ہمیشہ کےلیے صارفین کو زیادہ بلز سے نجات دے گا۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے بجلی کی قیمت میں کمی کو بے وقوفی قرار دینے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کسی نے لفظ استعمال کیا یہ بے وقوفی ہے، اس پر میں ہنس پڑی۔

مریم نواز نے پی پی پی کی سندھ حکومت سے سوال کیا کہ کرپشن کا پیسہ جیب میں ڈالنا، پروٹوکول، جہازوں، ہیلی کاپٹرز ، گاڑیوں کے قافلوں پر پیسے خرچ کرنا بے وقوفی نہیں اور عوام کو ریلیف دینا بے وقوفی ہے؟ اگر عوام کو 2 ماہ کا ریلیف بھی مل جائے تو میرے لیے اس سے زیادہ سعادت و خوشی کی بات نہیں۔

‘سابق کرکٹرز پاکستانی ٹیم کو اسپنر نہ دے سکے، یہ المیہ ہے’ سکندر بخت

سابق کرکٹر سکندر بخت نے پاکستانی ٹیم میں اسپنر کی عدم موجودگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ میں شامل سلیکٹرز، کوچز پر تنقید کے نشتر چلادیئے۔
نجی ٹی وی کو دییے گئے انٹرویو میں سکندر بخت نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں شامل سابق کرکٹرز کو معلوم تھا کہ گرین شرٹس کی ٹیم میں کوئی اسپنر نہیں، نعمان علی کی عمر زیادہ ہے، ساجد علی کے اپنے مسائل ہیں جبکہ اسامہ میر کو کِھیلا نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں برصغیر کی پچز پر اسوقت کوئی اسپنر نہیں ہے، جس کے قصوروار ہمارے سابق کرکٹر ہیں اور خاص کر وہ جنہیں بورڈ میں اہم عہدے ملے لیکن انہوں نے کچھ نہ کیا۔
عبدالرزاق، محمد یوسف، کامران اکمل سمیت کئی کھلاڑی پی سی بی کیساتھ منسلک رہے لیکن پاکستانی ٹیم کو ایک اسپنر دینے میں کامیاب نہ ہوئے۔

پی ٹی آئی لاپتا کارکن کیس؛ اٹارنی جنرل کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت، رپورٹ طلب

  اسلام آباد: عدالت نے پی ٹی آئی کے لاپتا کارکن کے کیس میں اٹارنی جنرل کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔پاکستان تحریک انصاف کے لاپتا کارکن فیضان کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی، جس میں لاپتا کارکن فیضان کے والد روسٹرم پر آ گئے اور آبدیدہ ہوکر عدالت کو بتایا کہ صبح بھی مررہا ہوں شام بھی مررہا ہوں۔ صبح سے شام میری بیوی اٹھنے کے قابل نہیں۔لاپتا کارکن فیضان کے والد نے عدالت کو بتایا کہ میں 75 سال کا ہوں، بیڈ سے اٹھ نہیں سکتا۔بعد ازاں عدالت نے اٹارنی جنرل کو اس معاملے کو دیکھنے اور جمعرات کو رپورٹ دینے کی ہدایت جاری کردی۔ عدالت نے سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔

میری پیدائش کے وقت والد 50 سال کے تھے، کومل عزیز خان

کراچی: اداکارہ اورماڈل کومل عزیز خان نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ پیدا ہوئیں تو ان کے والد کی عمر 50 سال ہو چکی تھی۔

ایک مارننگ شو میں انٹرویو کے دوران اداکارہ کومل عزیز خان نے کہا کہ میں بہت منتوں مرادوں کے بعد پیدا ہوئی۔ میرے والد کی شادی 45 سال کی عمر میں ہوئی تھی اور 5 سال تک کوئی اولاد نہیں ہوئی۔ میری پیدائش کے وقت والد 50 سال کے تھے۔ میرے والد بڑی عمر تک اپنی والدہ کی خدمت کرتے رہے اور والدہ کے انتقال کے بعد شادی کی۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کے والد کا انتقال 8 سال قبل ہوا تھا اور انہیں اپنے والد سے انتہائی محبت تھی۔ والد حساس طبیعت کے تھے اور والدہ سے زیادہ خیال رکھتے تھے۔ ایک بار گرم چائے گرنے سے میں جل گئی تو والد مجھے دیکھ کر بے ہوش ہوگئے تھے۔

کومل عزیز خان نے کہا کہ پاکستان میں میرے والد جیسا دوسرا کوئی نہیں۔ وہ ہم دونوں بہنوں سے بہت محبت کرتے تھے اور ہمارا خیال رکھتے اور ہمارے ساتھ کھیلتے تھے۔ والدہ سے تو ڈر لگتا تھا لیکن کبھی والد سے ڈر نہیں لگا۔

امریکی صدارتی امیدوار نامزدگی تقریب؛ ہزاروں افراد کا غزہ جنگ بندی کیلئے مظاہرہ

امریکا کے شہر شکاگو میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی تقریب کے باہر ہزاروں افراد نے غزہ جنگ بندی کیلئے مظاہرہ کیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں پرامن مظاہرین نے ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن کے پہلے روز شکاگو میں مارچ کیا۔ انہوں نے فلسطین کی حمایت میں نعرے لگائے اور غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے جوبائیڈن انتظامیہ کی طرف سے غزہ جنگ میں اسرائیل کی حمایت کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کی حمایت ختم کرنے پر زور دیا۔پہلے تو مظاہرین کئی گھنٹوں تک پرامن احتجاج کرتے رہے لیکن پھر اس کے بعد درجنوں مظاہرین سیکیورٹی حصار کو توڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش کرنے لگے تاہم امریکی پولیس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار بھی کرلیا۔

مظفرآباد، 7 منٹ میں دو زلزلوں سے لرز اٹھا، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے

مظفر آباد: مظفرآباد شہر اور گردونواح میں 7 منٹ میں 2 زلزلوں کے جھٹکوں سے زمین لرز اٹھی، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

ہٹیاں بالا، آزاد کشمیر، ہٹیاں بالا، چناری اور چکوٹھی سمیت جہلم ویلی بھر میں بھی زلزلے کا شدید جھٹکا محسوس کیا گیا، زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.6 ریکارڈ کی گئی۔

ہٹیاں بالا میں زلزلے کے باعث سوئے ہوئے لوگ جاگ گئے، اور خوف زدہ ہو کر گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل گئے۔

مظفرآباد میں زلزلے کا پہلا جھٹکا 6 بج کر 16 منٹ پر اور دوسرا جھٹکا 6 بج کر 23 منٹ پر محسوس کیا گیا۔

زلزلے کے باعث مظفرآباد میں کچھ دیر کے لیے انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی۔

وادی لیپہ، وادی جہلم، باغ، پونچھ اور حویلی کی اضلاع میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گیے۔

زلزلہ کشمیر میں سوپور کے قریب گیارہ کلومیٹر گہرائی میں آیا۔