شرمندگی سے سر اُٹھا کر نہیں چل سکتا، کولکتہ ریپ کیس پر متھن بھی بول پڑے

بھارت کے سینیئر اداکار متھن چکرورتی نے بھی کولکتہ میں بہیمانہ جنسی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی خاتون ڈاکٹر کے لیے انصاف کا مطالبہ کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متھن چکرورتی نے بنگالی زبان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کئی جگہوں پر کئی بار کہہ چکا ہوں کہ آنے والے دنوں میں مغربی بنگال کے حالات مزید خراب اور خوفناک ہوجائیں گے۔

متھن چکرورتی نے کولکتہ ریپ کیس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ہولناک واقعے کے بعد، میں بنگالی ہونے کی حیثیت سے سر اٹھا کر نہیں چل سکتا۔

سینیئر اداکار نے کہا کہ اس خوفناک واقعے کا شکار ہونے والی خاتون ڈاکٹر کے اہلخانہ کے ساتھ میری دلی تعزیت ہے جبکہ میرا مطالبہ ہے کہ جو لوگ اس واقعے میں ملوث ہیں انہیں جلد از جلد سزا دی جائے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ بنگال میں ریپ کے بڑھتے کیسز ریاست کے لاء اینڈ آرڈر پر سوالیہ نشان ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں 9 اگست کو 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا، آر جی کار میڈیکل کالج کے اسٹاف نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر 36 گھنٹوں پر شفٹ کے تقریباً 20 گھنٹے کام کرنے کے بعد کالج کے سیمینار ہال میں کچھ دیر آرام کے لیے چلی گئی تھیں۔

تاہم، اگلے روز سیمینار ہال سے خاتون ڈاکٹر کی نیم برہنہ حالت میں لاش ملی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون ڈاکٹر کو ایک سے زائد مردوں نے انتہائی بے دردی سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا۔

کولکتہ پولیس نے خاتون ڈاکٹر کے ریپ کیس میں ایک پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے واقعے کا ذمہ دار قرار دیا ہے جو پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کو اسپتالوں میں داخل کرانے اور طبی امداد کی فراہمی کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔

پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 5 خوارج ہلاک، 3 جوان شہید

 راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں پاک افغانستان سرحد پر دراندازی کرنے کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کوناکام بناتے ہوئے 5 خوارج کو ہلاک اور 4  کو  زخمی کردیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق  18 اور 19 اگست کی درمیانی رات ، ضلع باجوڑ  کی حدود میں پاکستان افغانستان سرحد پر دراندازی کرنے کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو سیکیورٹی فورسز نے  موثر طریقے سے ناکام  بنادیا۔ اس دوران فتنہ الخوارج کے 5 خوارج  ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، مادر وطن کے تین بہادر سپوت؛ نائیک عنایت خان (عمر: 36 سال، ضلع خیبر کے رہائشی)، لانس نائیک عمر حیات (عمر: 35 سال، ضلع مانسہرہ کے رہائشی) اور سپاہی وقار خان (عمر: 25 سال، ضلع پشاور کے رہائشی) بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔

پاکستان نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرحد پر مؤثر انتظامات کو یقینی بنائے،  عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور افغان سرزمین کو خوارج کے ذریعے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے واقعات کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

 صدر مملکت کا  پاک فوج  کے جوانوں کی شہادت پر اظہارافسوس

صدر مملکت آصف علی زرداری نے  باجوڑ میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے تین جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے اور دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

صدر مملکت  نے کہا ہے کہ قوم کے شہدا قوم کا فخر ہیں، پوری قوم  ان کی احسان مند رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بہادری سے دہشت گردوں کی دراندازی کوشش کو ناکام بنایا اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جذبہ حب الوطنی اور ایثار کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے  اور ان کی قربانیاں فراموش نہیں کرے گی۔

صدر مملکت نے شہدا کے لیے بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

بورڈ نے مجھے ہٹانے کا فیصلہ کیا تو فیصلہ منظور ہوگا، بنگلہ دیشی کوچ

  اسلام آباد: بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ چندیکا ہتھروسنگھے کا کہنا ہے کہ مجھے معلوم نہیں اب بنگلادیش میں کیا ہورہا ہے اگر بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ نے مجھے تبدیل کرنا ہوا تو فیصلہ منظور ہوگا۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوے چندیکا ہتھروسنگھے نے کہا کہ پاکستان میں بہتر بیٹنگ پچز ہیں، پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ فاسٹ بولرز اور بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے، ہم نے کنڈیشنر نہیں بلکہ میرٹ پر اسپنرز کو اسکواڈ میں منتخب کیا۔

چندیکا ہتھروسنگھے نے کہا کہ بنگلا دیش میں کئی خاندانوں نے اپنے پیاروں کی جان گنوائی، بہت جذباتی صورتحال تھی، مجھے معلوم نہیں اب بنگلادیش میں کیا ہورہا، میں نے اپنا کانٹریکٹ پوراکرنا ہے، اگر بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے مجھے تبدیل کرنا ہوا تو فیصلہ منظور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بنگلادیش کے پاس حالیہ کچھ عرصے میں اچھے فاسٹ باؤلرز آرہے ہیں۔ پاکستان کی نسبت بنگلادیش کے فاسٹ باؤلرز کو کم تجربہ ہے۔

چندیکاہتھروسنگھے کا کہنا تھا کہ کھیل عوام کو یجکا کرتا ہے، کرکٹ سے دونوں ممالک کے شائقین خوش ہوں گے، مشتاق احمد کو 1998 سے جانتا ہوں، ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے فیصلوں میں مشتاق احمد اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا کلینڈر جاری، پاکستان ایجنڈے میں شامل نہیں

  اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا اگست کا کیلنڈر جاری کردیا ہے تاہم آئی ایم ایف کے کیلینڈر میں پاکستان کا ایجنڈا شامل نہیں ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قرض پروگرام کے لیے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اسپیشل اجلاس بھی بلایا جاسکتا ہے جبکہ ابھی رواں ماہ (اگست) کے اختتام میں بھی ابھی دس روز سے زائد باقی ہیں۔

دوسری جانب آئی ایف کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 28 اگست کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس شیڈول ہے جس میں گنی بساؤ کا ایجنڈا شامل ہے، ایگزیکٹو بورڈ گنی بساؤ کے چھٹے جائزہ کی منظوری دے گا۔

پاکستان کو بھی رواں ماہ نئے قرض پروگرام کی منظوری کی توقع ہے اور وفاقی وزیر خزانہ بھی رواں ماہ منظوری کی توقع ظاہر کر چکے ہیں تاہم آئی ایم ایف کے کیلینڈر میں پاکستان کا ایجنڈا شامل نہیں ہے۔

آئی ٹی برآمدات میں 33 فیصد اضافہ ہوا، وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی

  اسلام آباد:  وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ آئی ٹی برآمدات گذشتہ مالی سال جولائی کے مقابلے میں 33.64 فیصد اضافے کے ساتھ 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں ۔ 

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے مہینے میں آئی ٹی برآمدات کی ترسیلات 286 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں گذشتہ مالی سال جولائی کے مقابلے میں 33.64 فیصد اضافہ ہوا ہے،  گذشتہ مالی سال کے  جولائی میں آئی ٹی برآمدات 214 ملین ڈالرز رہی تھیں۔

وزیر مملکت آئی ٹی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت آئی ٹی برآمدات کے اضافے کے لیے کوشاں ہے، وزیرعظم شہباز شریف کی توجہ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی پر مرکوز ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت اور ایس آئی ایف سی کی معاونت سے وزارت آئی ٹی اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

عائزہ خان کو یوٹیوب پر اپنا نام سرچ کرنے پر کیا ملا؟ اداکارہ حیران

  کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ عائزہ خان یوٹیوب پر اپنا نام سرچ کرکے جہاں حیران ہوئیں تو وہیں اداکارہ کے قہقہے بھی لگ گئے۔

عائزہ خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں یوٹیوب ویڈیو کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس پر لکھا تھا کہ دانش تیمور ناراض عائزہ خان کو منانے کے لیے لندن لے گئے۔

اداکارہ نے یہ اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنا ڈرامہ دیکھنے کے لیے یوٹیوب پر اپنا نام سرچ کیا تو مجھے مداحوں کی جانب سے بنایا گیا ڈرامہ مل گیا۔

اُنہوں نے دانش تیمور سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کیا واقعی ایسا ہے؟، اگر ایسا ہے تو میں آپ سے ناراض ہوں، اب آپ مجھے منانے کے لیے چھٹیوں پر لیکر جائیں۔

عائزہ خان نے مداحوں کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو پر زور دار قہقہے بھی لگائے۔

8

واضح رہے کہ عائزہ خان اور دانش تیمور گزشتہ دنوں چھٹیاں گزارنے کے لیے اپنے بچوں کے ہمراہ برطانیہ میں موجود تھے، اس جوڑے نے اپنی چھٹیوں کی دلکش تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی تھیں۔

عائزہ خان اور اداکار دانش تیمور سال 2014 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، اس جوڑی کے دو بچے، ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔

لاہور کے تاریخی چرچ کی بحالی اور آرائش وتزئین کا منصوبہ

 لاہور: والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی سینٹ میری میگڈالین چرچ کے تاریخی اور مذہبی ورثے کو محفوظ کرنے جا رہی ہے جو کہ عابد مجید روڈ، لاہور کینٹ پر واقع ہے۔  اس چرچ کو محفوظ کرنے کے لئے حکومتِ پنجاب ہیومن رائٹس اینڈ مینارٹی افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے معاشی تعاون فراہم کرے گی۔

سینٹ میری میگڈالین چرچ کو محفوظ کرنے کا پراجیکٹ دراصل کارپس کمانڈر لاہور کی جانب سے حکومت سے کی گئی چرچ کی حفاظت کے متعلق ایک درخواست سے شروع ہوا ہے۔

حکومت کی جانب سے یہ منصوبہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو دیا گیا ہے تاکہ اس چرچ کو جلد سے جلد محفوظ کیا جا سکے جس طرح والڈ سٹی نے اس سے پہلے اقلیتوں کی عبادت گاہوں جیسا کہ مندروں، چرچوں اور گردواروں، کو محفوظ کیا ہے۔

اس پراجیکٹ کا دستاویزی کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ مرمت اور تزئین و آرائش کا عمل وسائل کی تقسیم کے بعد شروع کیا جائے گا، یہ چرچ 1857 میں تعمیر کیا گیا تھا اور موجودہ وقت میں اقلیتوں کی اہم عبادت گاہوں میں سے ایک ہے۔

یہ پراجیکٹ دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے حصے میں چرچ کی اندرونی مرمت جبکہ دوسرے مرحلے میں بیرونی حصوں کو محفوظ کیا جائے گا۔ اندرونی مرمت میں فرش پہ کام کیا جائے گا جس کے ساتھ ساتھ لکڑی کے کام کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

اس کے علاوہ قربان گاہ (الٹر ایریا) اور مرکزی ہال کی بھی مرمت کی جائے گی تاکہ انہیں عام استعمال لئے بہتر بنایا جا سکے، بیرونی تزئین کے مرحلے میں صحن، چھت اور مناروں کی مرمت شامل ہے۔

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے چرچ اور اس کے گردونواح میں بجلی اور نکاسی کو ٹھیک کرنے کی بھی زمیداری لی ہے تاکہ میگڈالین چرچ کو عبادت اور سیاحت کے لیے مزید بہتر بنایا جا سکے، اندرونی مرمت کا کام اندازاً جون 2025 جبکہ بیرونی حصوں کا کام دسمبر 2025 تک پورا ہو گا۔

انٹرنیٹ کی وجہ سے کاروبار کے ساتھ بندرگاہوں پر بھی کام متاثر ہوا، وزیر بحری امور

  کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ متاثر ہونے سے جہاں ملک بھر میں کاروبار متاثر ہوا ہے اس کے اثرات کراچی پورٹ اورپورٹ قاسم پربھی پڑے ہیں۔

کراچی میں لاجسٹک، میری ٹائم افیئرز اور بلیو اکانومی (کولمب 24) سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ تاجروں کی ہڑتال سے امپورٹ پرکوئی فرق نہیں پڑے گا، تاجروں سمیت ہرایک کوٹیکس ادا کرنا ہوگا، ہڑتال کے حوالے سے تاجروں سے مشاورت کریں گے ان کے تحفظات کودور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی جوملک میں ٹیکس جمع ہورہاہے وہ بہت کم ہے، یورپی شپنگ کمپنی سےدوارب ڈالرکی سرمایہ کاری پرایم اویو پر اگلے ماہ تک دستخط ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انتھک محنت کر رہی ہے اور اب ملک کی ترقی اور بہتری کے لیے مختلف میٹنگز ہو چکی ہیں لیکن عمل درآمد ایک اہم مسئلہ رہا ہے جسے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ان کی حکومت بندرگاہوں کی استعداد کار کو بہتر بنانے اور رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ایک یورپی کمپنی پاکستان میں دلچسپی رکھتی ہے اور جلد ہی ایک ایم او یو پر دستخط کیے جائیں گے جس سے پاکستان کو لاکھوں ڈالر ملیں گے۔

اٹلی میں طوفانی بگولے سے ٹکرا کر پُرتعیش کشتی ڈوب گئی؛1 مسافر ہلاک، 6 لاپتا

روم: اٹلی میں امریکی، برطانوی اور کینیڈی شہریوں کو لے جانے والی ایک نہایت لگژری کشتی سمندر میں ڈوب گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طوفانی بگولے نے ساحل پر ایک 56 میٹر لمبی پُرتعیش کشتی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پانی کی بڑی لہریں اندر داخل ہوگئیں جس کے نتیجے میں کشتی ڈوب گئی۔

کشتی سمندر میں 50 میٹر نیچے تک ڈوب گئی جس میں 22 افراد سوار تھے۔ سارے مسافر بھی ڈوب گئے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران برطانوی بچی سمیت 15 مسافروں کو زندہ نکال لیا گیا۔

ایک مسافر کو مردہ حالت میں بھی نکالا گیا ہے جب کہ 6 مسافر اب بھی لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے غوطہ خور ریسکیو آپریشن جاری کیے ہوئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق اس لگژری کشتی کے ڈوبنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب نصف شب کو سمندری طوفانی بگولے نے کشتی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پانی کی اونچی لہریں کشتی میں داخل ہوگئیں۔

سری دیوی کے بچھڑنے کے بعد بونی کپور کے وزن میں حیران کن کمی

 ممبئی: بھارتی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے شوہر اور فلمساز بونی کپور نے 14 کلو وزن کم کرکے سب کو حیران کردیا۔

بونی کپور نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی نئی تصویر پوسٹ کی جس میں اُنہیں سری دیوی کی بنائی گئی پینٹنگ کے سامنے کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔

مذکورہ تصویر میں بونی کپور کا وزن کافی کم لگ رہا ہے جبکہ اُن کے سر کے بال بھی گھنے نظر آرہے ہیں۔

بونی کپور نے اپنی پوسٹ میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 14 کلو وزن کم کیا ہے اور وہ مزید 8 کلو وزن کم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ میری اس تبدیلی میں میری اہلیہ و آنجہانی اداکارہ سری دیوی کا اہم کردار ہے، اگرچہ وہ اس دُنیا میں نہیں لیکن وہ ہر وقت میرے ساتھ ہوتی ہیں۔

فلمساز نے مزید کہا کہ میری جان، سری دیوی کا فن (پینٹگ) میرے پیچھے ہے، اُن کی سوچ اور خیالات ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گے۔

بونی کمار کا ناقابلِ یقین حد تک وزن کم اور گھنے بال دیکھ کر بالی ووڈ سے وابستہ فنکار اور مداح دنگ رہ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بونی کپور نے گزشتہ سال رنبیر کپور اور شردھا کپور کی فلم ‘تو جھوٹی میں مکّار’ سے بطور اداکار ڈیبیو کیا تھا۔

واضح رہے کہ سال 2018 میں سری دیوی دبئی کے ایک ہوٹل میں باتھ ٹب میں ڈوب کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھی تھیں، بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ اداکارہ کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی۔