سکھر میں بارش کا 77 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، نظام زندگی درہم برہم

  کراچی: سندھ کے مختلف شہروں اور اضلاع میں بارش نے تباہی مچادی، سکھر میں بارش کا گزشتہ 77 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا جہاں 24 گھنٹوں کے دوران 4 اسپیلز میں 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوراں خيرپور میں 169 ملی میٹر، لاڑکانہ میں 123 ملی میٹر، موئن جو دڑو میں 119 ملی میٹر، روھڑی میں 119ملی میٹرجیکب آباد میں 99 ملی میٹر اور دادو میں 75 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

تیز بارشوں سے آبپاشی نظام کافی متاثر ہوا ہے جبکہ کئی علاقوں میں ڈرینج سسٹم بھی اوور فلو ہو رہا ہے جس کی وجہ سے چاول، کپاس، کھجور اور دیگر فصلوں کو بہت نقصان ہوا ہے

بارشوں سے موہنجودڑو کے قدیم آثاروں کو بھی نقصان پہنچا، آثار قدیمہ سے مٹی بہہنے سے دیواریں ودیگر مقامات کمزور ہونے لگے۔

لاڑکانہ شہر کی گنجان آباد یار محمد کالونی میں بارش کے پانی کی عدم نکاسی پر گھر میں جمع ہونے والے پانی میں 7 سالہ بچہ جواد ڈوب کر جاں بحق ہو گیا جس سے گھر میں کہرام مچ گیا۔

بیشتر نشیبی علاقوں میں بارش اور سیوریج کا پانی کھڑا ہونے سے لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے کوئی رلیف کیمپ تک نہیں بنایا گیا ہے۔

موسلادھار بارش نے محراب پور میں سیلابی صورتحال پیدا کردی۔ محراب پور: سوچی کالونی, پیرشیرشاہ کالونی، سومراہ کالونی، مدرسہ کالونی ڈوب گئے۔ مکین گھروں تک محدود ہوگئے، دیہاتوں کو جانے والی رابطہ سڑکیں پانی کی وجہ سے منقطع ہوگئیں۔

بل بل پاکستان گیت؛ لاپتہ یوٹیوبر عون علی کھوسہ گھر پہنچ گئے

لاہور: اچھرہ کے علاقے سے اغوا ہونے والے یوٹیوبر عون علی کھوسہ گھر پہنچ گئے۔

پولیس نے عون علی کھوسہ کی بازیابی کی تصدیق کردی۔ عون کو 15اگست کی رات گھر سے اغوا کیا گیا تھا۔ ان کے اغوا کا مقدمہ تھانہ اچھرہ میں درج تھا۔

اغوا کا مقدمہ عون کی اہلیہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ دس سے پندرہ مسلح افراد دروازہ توڑ کر عون علی کھوسہ کو اغوا کرکے لے گئے ہیں۔

عون کھوسہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر بجلی کے بھاری بلز کے حوالے سے ‘بل بل پاکستان’ گانا ریلیز کیا تھا جو اب ڈیلیٹ کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یوٹیوبر اپنی طنزیہ ویڈیوز اور موجودہ حکومت پر تنقید کے حوالے سے سوشل میڈیا پر شہرت رکھتے ہیں۔

قومی اسمبلی میں ٹام اینڈ جیری: چوہے پکڑنے کیلیے شکاری بلی کی خدمات

اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس میں چوہے پکڑنے کے لیے شکاری بلیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کی چھتوں کی سلینگ کی وجہ سے چوہوں کی بھرمار ہے۔ چوہے پکڑنے کے لیے شکاری بلیوں کی خدمات لی جائیں گی اور جالی لگی خصوصی کڑیاں بھی لگائی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق چوہے پکڑنے کے لیے کیپیٹل ڈیولمپنٹ اتھارٹی( سی ڈی اے) نے 12 لاکھ روپے سے زائد کا بجٹ مختص کیا ہے۔ چوہے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے مختلف شعبوں میں رات کے اوقات میں اپنا کام دکھاتے ہیں۔ کئی دفاتر میں چوہوں نے فائلیں کتر دیں۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں چوہوں کے خاتمے کے لیے سی ڈی اے کارروائی کرے گا اور اس سلسلے میں سی ڈی اے نجی شعبے کی بھی خدمات حاصل کرے گا۔

بھارت؛ پاؤں کی مالش نہ کرنے پر بدبخت بیٹے نے باپ کو بیدردی سے مار ڈالا

ممبئی : بھارتی ریاست مہاراشٹر میں 33 سالہ نوجوان نے پیروں کی مالش کرنے سے انکار پر اپنے 62 سالہ والد کو لاتوں اور گھونسوں سے مارا پیٹا جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سفاکیت سے بھرا یہ واقعہ ناگپور کے علاقے میں پیش آیا۔ پولیس نے بیٹے کشال عرف انگا کو حراست میں لے لیا جو مجرمانہ ریکارڈ کا حامل ملزم ہے۔

رات کو جب کشال گھر آیا تو اپنے والد شینڈے سے پاؤں دبانے اور پیروں کی مالش کا کہا اور والد کے منع کرنے پر طیش میں آگیا اور والد کو بیدردی سے مارا پیٹا۔

والد کی چیخ پکار سُن کر بڑا بیٹا پرناو مدد کو پہنچا اور بچانے کی کوشش جس پر کشال نے اسے بھی مارا پیٹا۔

پڑوسیوں کے پہنچنے تک بزرگ والد بے ہوش ہوگئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ سینے پر لگنے والے گھونسے حرکتِ قلب بند ہونے کا سبب بن گئے۔

پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔

کراچی میں تنگ دستی کے باعث 52 سالہ شخص کی خودکشی

کراچی: جوڑیا بازار کی رہائشی 52 سالہ شخص نے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خودکشی کر لی ۔

کھارادر کے علاقے نیپئر روڈ جوڑیا بازار کے قریب گھر سے ایک شخص کی گلے میں رسی کا پھندا لگی لاش ملی ، متوفی کی لاش سول اسپتال لائی گئی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 52 سالہ محمد ذوالفقار ولد محمد سلیم کے نام سے کی گئی ، متوفی کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ محمد ذوالفقار نے گھریلو تنگ دستی کے باعث خودکشی کی ہے۔

گھر والوں نے پولیس کارروائی کرانے سے انکار کر دیا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں 17 شعبے ہیں مگر ایک بھی کام نہیں کررہا، سینیٹ قائمہ کمیٹی

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں 17 شعبے ہیں مگر کوئی ایک بھی ٹھیک سے کام نہیں کررہا، ہوا میں چیزیں چل رہی ہیں، ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

سینیٹر کامل علی آغا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا اجلاس منعقد ہوا۔ کامل علی آغا نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی میں 17 شعبے ہیں مگر کوئی ایک بھی ٹھیک سے کام نہیں کررہا، ہوا میں چیزیں چل رہی ہیں، ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

حکام وزارت سائنس نے کہا کہ سائنٹیفک اینڈ ٹیکنالوجیکل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کا نام تبدیل کرنے کی تجویز ہے، کارپوریشن کی مالی حالت گزشتہ سال کی بہ نسبت بہتر ہوئی ہے، کارپوریشن کا بجٹ 250 ملین کا بجٹ تھا، 365 کی سیل ہوئی ہے، پی سی ایس آئی آر پراڈکٹس بناتا ہے یہ ادارہ اس کو بیچتا ہے، اس کارپوریشن سے وفاقی حکومت پر ایک پیسے کا بوجھ نہیں ہے، سبزیوں اور پھلوں پر یہ ادویات اسپرے کی جاتی ہیں۔

کامل علی آغا نے کہا کہ پاکستان میں فصلوں کی پیداوار میں کمی آرہی ہے، بیماریوں کی وجہ سے پیداوار متاثر ہورہی کے۔

سینیٹرافنان اللہ نے کہا کہ بلیوٹن الرجی کا آج سے پہلے کسی نے نہیں سنا تھا، سب سے بڑی بیماریاں سفید چینی اور سفید نمک ہے، اس سے لوگ شوگر اور بلڈ پریشر میں مبتلا ہورہے ہیں، وائٹ شوگر زہر ہے اسے کیمیکل ڈال کر سفید کیا جارہا ہے۔

لاہور میں خالی پلاٹ سے تشدد زدہ بوری بند لاش برآمد

لاہور: تھانہ سندر کی حدود میں خالی پلاٹ سے تشدد زدہ بوری بند لاش برآمد ہوئی جس کی تفتیش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق پلاٹ سے انسانی جسم کی ہڈیاں ملیں جو پلاسٹک بورے میں بند تھیں، نامعلوم لاش کو قتل کے بعد پلاسٹک بورے میں پھینکا گیا۔

فرانزک اور پولیس ٹیم نے شواہد اکٹھے کر لیے جبکہ واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہڈیوں کا ڈی این اے ہوگا۔

پختونخوا؛ تمام ایم ٹی آئی اسپتالوں میں بھرتیوں، تعیناتیوں اور خریداری پر پابندی

پشاور: خیبر پختونخوا میں تمام ایم ٹی آئی اسپتالوں میں بھرتیوں، تعیناتیوں اور خریداری پر پابندی عائد کردی گئی ۔

محکمہ صحت نے ایم ٹی آئی اسپتالوں کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز کو مراسلہ ارسال کردیا، جس کے مطابق تمام ایم ٹی آئی اسپتالوں میں نئی بھرتیوں، تعیناتیوں اور خریداری پر غیر معینہ مدت تک کے لیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔

مراسلے کے مطابق یکم جولائی سے مختلف ایم ٹی آئیز میں تقرریوں اور خریداری کے عمل کو روکنے کی ہدایت کی تھی، تاہم اسپتال کے بورڈ آف گورنرز نے بار بار رابطے کے باوجود عمل نہیں روکا۔ ہائی کورٹ نے 15اگست کی سماعت میں بی اوجیز کو آئندہ سماعت تک ہر قسم کی تقرریوں اور خریداریوں کو روکنے کی ہدایت کی تھی۔ اسی مناسبت سے تمام اداروں میں تمام قسم کی تقرریوں اور خریداریوں کو روک دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے نگراں دور میں اسپتالوں کے لیے تشکیل دیے جانے والے بورڈز کے ارکان کو برطرف کیا تھا، جس کے پیش نظر محکمہ صحت نے تمام اسپتالوں کے لیے نئے ارکان پر مشتمل بورڈز تشکیل دیے، جس کے بعد بعض بورڈ ممبرز نے نئے بورڈز کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم لاپتا، عدالت کا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ پر اظہار عدم اطمینان

اسلام آباد: اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کی بازیابی کی درخواست پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انھیں ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

لاہور ہائی کورٹ کی راولپنڈی بینچ میں اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کی بازیابی کے لیے اہلیہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔جسٹس رضا قریشی کی عدالت میں درخواست گزار میمونہ ریاض اپنی وکیل ایمان مزاری کے ہمراہ پیش ہوئیں۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انھیں ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ تھانہ صدر بیرونی میں ایف آئی آر کے اندراج کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کرائے۔

عدالت نے انٹیلی جنس بیورو اور سی پی او راولپنڈی کو اگلی سماعت میں بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔

درخواست گزار کی وکیل نے گزشتہ سماعت پر بتایا تھا کہ 14 اگست سے اکرم کے متعلق کچھ معلوم نہیں، تھانہ صدر بیرونی پولیس کو مقدمے کے اندراج کی درخواست دی لیکن ابھی ایف آئی آر نہیں ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ 14 اگست کو مبینہ طور پر حساس اداروں نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے لیے مبینہ سہولت کاری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزام میں اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو حراست میں لے لیا تھا۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پر مبینہ خفیہ طور پر بانی پی ٹی آئی کے لیے پیغام رسانی، ان کے لیے سہولت کاری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام ہے۔

یاد رہے کہ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اڈیالہ جیل میں ہائی سیکیورٹی زون کے انچارج تھے اور انہیں 20 جون کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، محمد اکرم کی جگہ طاہر صدیق شاہ کو اڈیالہ جیل کا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مقرر کردیا گیا تھا۔

دلہن شادی کے اگلے روز نقدی، زیورات لے کر فرار

راولپنڈی میں شادی کے روز دلہن نقدی ، زیورات اور قیمتی ملبوسات لے کر فرار ہوگئی۔

دلہن کے ہاتھوں لٹنے والے شہری کی مدعیت میں تھانہ ںصیر آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق متاثرہ شخص کی عائشہ نام کی خاتون سے شادی ہوئی۔ شادی کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کے کپڑے، ڈھائی لاکھ روپے نقدی اور 3 تولے کے زیورات دئیے۔

متاثرہ شخص کے مطابق شادی میں خاتون کے چند رشتے داروں نے بھی شرکت کی۔ شادی کے اگلے روز خاتون والد کی بیماری کا بہانہ کرکے پھوپھی کے گھر جانے کا کہہ کر گئی اور پھر واپس نہیں آئی۔ خاتون کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔