سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت کم ہو گئی

کراچی: سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت کم ہو گئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 05 ڈالر کی کمی سے 2502 ڈالر کی سطح پر آ گئی۔

دوسری جانب مقامی صرافہ بازاروں میں بھی پیر کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 200روپے کی کمی سے 260000روپے کی سطح پر آگئی اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 172روپے کی کمی سے 222908روپے کی سطح پر آگئی۔

سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹ میں قیمت کم ہونے کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2950روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2529.14روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

“میں اداکاری چھوڑنا چاہتا ہوں، خود کو خوبصورت نہیں سمجھتا”

ممبئی: بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا ہے کہ وہ فلمی دُنیا کے لیے خود کو خوبصورت نہیں سمجھتے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان نے بالی ووڈ اداکارہ ریا چکرورتی کے پوڈکاسٹ میں بطورِ مہمان شرکت کی، یہ قسط 23 اگست کو ریلیز ہوگی تاہم اس کا پرومو جاری ہوگیا ہے۔

پوڈکاسٹ میں ریا چکرورتی نے عامر خان سے پوچھا کہ کیا آپ کبھی خود کو آئینے میں دیکھ کر حیران ہوتے ہیں کہ آپ کتنے اچھے ہیں؟

اس سوال کے جواب میں عامر خان نے کہا کہ میں خود کو خوبصورت نہیں سمجھتا کیونکہ میرے علاوہ، بالی ووڈ میں کئی اسٹارز ایسے ہیں جن کی شخصیت پُرکشش ہے۔

عامر خان نے کہا کہ شاہ رخ خان، سلمان خان اور ہریتھک روشن اصل دیکھنے والے اسٹارز ہیں، یہ تینوں اسٹارز واقعی میں بہت ہینڈسم اور خوبصورت ہیں۔

اداکار نے کہا کہ لوگ تو میرے کپڑوں کا مذاق اُڑاتے رہتے ہیں، میں جب بھی کہیں باہر جاتا ہوں تو سوشل میڈیا پر لوگ کہتے ہیں کہ یہ پتا نہیں کیا پہن کر آجاتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں اب فلمی دُنیا سے الگ ہونا چاہتا ہوں، میں ہمیشہ کے لیے اداکاری چھوڑنا چاہتا ہوں۔ اداکار کی بات سُن کر ریا چکرورتی نے کہا کہ آپ دل سے نہیں کہہ رہے، مجھے آپ کے ساتھ جھوٹ پکڑنے والے ٹیسٹ کرنا چاہیے۔

عامر خان نے پوڈکاسٹ کی میزبان ریا چکرورتی کی بات پر مسُکراتے ہوئے پُراعتماد انداز میں کہا کہ آپ کروالو ٹیسٹ۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عامر خان کے بڑے بیٹے جنید خان نے انکشاف کیا تھا کہ ان کے والد عامر خان نے انہیں پروڈکشن سنبھالنے کا حکم دیا کیونکہ وہ ریٹائر ہونا چاہتے ہیں۔

رزگیر ون سے 17.9 ملین مکعب فٹ گیس، 153 بیرل تیل یومیہ دریافت

کراچی: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کی ٹل بلاک رزگیر 1 میں نئی پیشرفت ہوئی جہاں سے 17.9 ملین مکعب فٹ گیس اور 153 بیرل تیل یومیہ دریافت کی گئی۔

رزگیر 1 میں کنویں کی کھدائی کا آغاز 9 جنوری کو کیا گیا اور اب تک کنویں کی 3 ہزار 773 میٹر تک کھدائی کی گئی۔

کنواں او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل اور گورنمنٹ ہولڈنگز کی ملکیت ہے۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور

راولپنڈی: عمران خان اور بشریٰ بی بی کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ عدالت نے منظور کرلیا۔

اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نئے توشہ خانہ ریفرنس میں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ دوران سماعت نیب نے دونوں ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے نیب کے سوال نامے کا تحریری جواب عدالت میں جمع کرادیا۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی کو آج 11 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت پیش کیا گیا تھا، اس موقع پر ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے جب کہ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کی سماعت کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو 2 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

کرایہ نامہ تھانے میں رجسٹرڈ کیوں نہیں کروایا ؟کورنگی میں 121 کرائے دار گرفتار

کراچی: کرایہ نامہ تھانے میں رجسٹرڈ کیوں نہیں کروایا ؟ضلع کورنگی پولیس نے 51 مقدمات درج کرکے 121 کرائے داروں کو گرفتارکرلیا۔

ایکسپریس کے مطابق کورنگی پولیس نے بنا تصدیق کے رہائشی کرائے داروں کے خلاف کارروائیاں شروع کردیں، ضلع کورنگی پولیس نے 51 مقدمات درج کرکے 121 کرائے داروں کو گرفتار کرلیا۔

ضلع کورنگی پولیس کے مطابق سال 2015ء ایکٹ کے تحت کرائے دار کرایہ نامے کی رجسٹریشن تھانے میں کروانے کا پابند ہے، سندھ پولیس کے ٹیننٹ سافٹ ویئر پر کرائے دار کی دستاویزات کے ساتھ مکمل تصدیق کی جاتی ہے، کرائے پر مکان حاصل کرنے والے شخص کا فنگر پرنٹ کے ذریعے ریکارڈ بھی چیک کیا جاتا ہے۔

پولیس کے مطابق جرائم پیشہ افراد ماضی میں اس طرح کی وقتی رہائش پر پکڑے جاچکے ہیں، کرائے داروں کے ساتھ مکان مالک پر بھی مقدمات درج ہوچکے ہیں، ڈسٹرک کورنگی کے شہری کسی بھی وقت تھانے میں اپنا کرایہ نامہ جمع کروا سکتے ہیں۔

رؤف حسن نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چئیرمین بیرسٹرگوہر خان نے کہا ہے کہ رؤف حسن نے کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا ہے۔

چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رؤف حسن پڑھے لکھے آدمی ہیں۔ آرٹیکل لکھتے رہے ہیں۔ صحافیوں کا صحافیوں سے رابطہ رہتا ہے۔ رؤف حسن نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے۔

بیرسٹرگوہر نے پنجاب میں بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کو ناکافی قراردیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قمیت سب کےلئے کم ہونی چاہیے۔ بجلی کی قیمتیں ایک دو مہینے کے لیے نہیں مستقل کم ہونی چاہئیں۔ ان سے بجلی کی قیمتیں کم نہیں ہورہی ہیں ترقیاتی فنڈز سے نکال کر ریلیف دیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی کے چئیرمین کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ کرے گی۔ امیدوار زیادہ سے زیادہ تعداد میں کاغذات نامزدگی جمع کروائیں۔ سپریم کورٹ نے 4 حلقوں کے کیسز کا فیصلہ کیا تھا۔ بدقسمتی سے ہمارے تحفظات کو نہیں سنا گیا۔ ہمارے درست ووٹوں کو مسترد کیا گیا۔ این اے 79 میں پہلے کوئی دوبارہ گنتی کی درخواست نہیں آئی۔ امید ہے الیکشن کمیشن ہمارے تحفظات سنے گا۔

نئے مالی سال کے پہلے ماہ 16 کروڑ ڈالر سے زائد تجارتی خسارے کا سامنا

کراچی: نئے مالی سال (25-2024 ء) کے پہلے مہینے (جولائی) میں جاری کھاتے کو 16 کروڑ 20 لاکھ ڈالر خسارے کا سامنا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2023ء کے مقابلے میں جولائی 2024ء کا خسارہ 78 فیصد کم رہا ۔ جولائی 2023ء میں جاری کھاتے کو 74 کروڑ ڈالر کا خسارہ درپیش تھا ۔

اسی طرح جون 2024ء کے مقابلے میں جولائی 2024ء کا خسارہ 48 فیصد کم رہا ۔ جون 2024ء میں جاری کھاتے کا خسارہ 31 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا تھا ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جولائی 2024ء کا جاری کھاتے کا خسارہ توقع سے زائد ہے۔ تجارتی خسارہ بڑھنے کی وجہ سے جاری کھاتے پر دباؤ بڑھ رہا ہے ۔

اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ جولائی 2024ء میں تجارتی خسارہ جون 2024ء سے 11 فیصد زائد رہا ۔ جولائی 2024ء میں تجارتی خسارہ 2.43 ارب ڈالر رہا ۔ جون 2024ء میں تجارتی خسارہ 2.18 ارب ڈالر تھا ۔ جولائی 2023ء کے مقابلے میں جولائی 2024ء کا تجارتی خسارہ 20 فیصد زائد رہا ۔ جولائی 2023ء میں تجارتی خسارہ 2.02 ارب ڈالر تھا۔

عمران خان، بشریٰ بی بی کے سیل کا دورہ کرنے کیلیے متفرق درخواست دائر

اسلام آباد: اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے سیل کا دورہ کرنے کے لیے متفرق درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی۔

جیل میں بین الاقوامی قوانین کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کے کیس میں اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے متفرق درخواست دائر کی۔

درخواست گزار کے مطابق اظہر صدیق بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کو حاصل سہولیات کا جائزہ لے کر عدالت میں رپورٹ پیش کرنا چاہتے ہیں، دیکھنا چاہتے ہیں کہ دونوں ملزمان کو دی گئی سہولیات بین الاقوامی قوانین و معاہدوں کے مطابق ہیں یا نہیں۔

استدعا کی گئی کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو اظہر صدیق کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے جیل سیل کا دورہ کروانے کے احکامات دیے جائیں۔

فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا جائے گا، عمران خان

راولپنڈی: بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا جائے گا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فیض حمید کی گرفتاری کا ڈراما میرا مقدمہ ملٹری کورٹ میں لے جانے کے لیے کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انہیں پتا ہے میرے خلاف تمام مقدمات کھوکھلے ہیں جو اسٹینڈ نہیں کریں گے ۔ یہ سب ملٹری کورٹ کا چکر چل رہا ہے ۔

عمران خان کا کہنا تھا مجھے لگتا ہے کہ یہ لوگ فیض حمید کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنائیں گے۔ جنرل (ر) فیض کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ ہے ۔ اگر تو 9 مئی کو فیض نے میرے اغوا کا آرڈر دیا تو اسے پکڑیں ۔ میں کسی کو اور کمانڈر کو نہیں جانتا تھا صرف اتنا جانتا ہوں کہ باجوہ نے بتایا کہ فیض سب سے قابل جنرل ہے۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ احمق کہتے ہیں کہ فیض حمید نے بتایا حملہ کہاں کرنا ہے۔ ہمارا احتجاج تو پُرامن تھا ۔ جب آپ مجھے گھسیٹ کر اغوا کریں گے تو ہم کدھر احتجاج کریں گے ؟۔ جب میں نے غلط کام نہیں کیا تو مجھے فیض کے وعدہ معاف گواہ کے بیان کا کوئی خدشہ یا ڈر نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ جنرل فیض اور افغان حکومت کے تعاون سے ملک سے دہشت گردی ختم کریں اور یہ بات میں نے کابینہ کو بھی بتائی تھی ۔ نواز شریف کے کہنے پر جنرل فیض کو ہٹا کر دوسرے جنرل کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا۔ میں نے ہر ممکن کوشش کی کہ باجوہ کو ساتھ لے کر چلوں لیکن باجوہ نے میری پیٹھ میں چھرا گھونپا اور میری حکومت گرادی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ میرے سابق آفس بوائے کو وعدہ معاف گواہ بنا کر کوشش کی جا رہی ہے کہ مجھے اہلیہ سمیت جیل میں رکھا جائے ۔ یہ کہتے ہیں کہ 9 مئی کو سازش ہوئی لیکن اصل سازش تو رجیم چینج کے لیے ہمارے خلاف ہوئی ۔ ملک بنانا ریپبلک بن چکا ہے جہاں انصاف نہیں مل رہا ۔ یہ خود ہی جج اور جیوری بن گئے، پکڑ کر فیصلہ کر دیتے ہیں ۔ ہم جیلوں میں ہیں اور ہم ہی کو نہیں سنا جا رہا ۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے ہائی کورٹ سے رینجر سے اغوا کرایا گیا ۔ میں وزیراعظم رہا مجھے پتا ہے رینجرز کیسے آپریٹ ہوتی ہے ۔ اگر حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ پر عمل ہوتا تو ملک میں 3 مارشل لا نہ لگتے۔ آج ملک میں چوتھا غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہے۔ یہ سب کچھ صرف اور صرف مجھے ملٹری کورٹ لے جانے کے لیے ہو رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے بارے میں شرمناک چیزیں کہی جا رہی ہیں کہ وہ فیض حمید سے انفارمیشن لیتی تھی، یہ ہمارے معاشرے میں نہیں ہوتا ۔ بشریٰ بی بی کے بارے میں ایسی باتیں کرتے ان کو شرم آنی چاہیے ۔ اصل میں ان کو ڈر لگ گیا ہے کہ چیف جسٹس چلا گیا تو ان کا الیکشن ڈراما کھل جائے گا، اس لیے ان کی کوشش ہے کہ اس سے قبل مجھے سزا دلوائیں ۔

بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ یہ دو تہائی اکثریت کے لیے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عمل نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف اور محمد زبیر بھی اب کہہ چکے ہیں کہ باجوہ نے سب کچھ مدت ملازمت میں توسیع کے لیے کیا ۔ کیا عمران خان پاگل تھا جو اپنے نہتے لوگوں کو حکم دیتا کہ وہ کور کمانڈر ہاؤس جائیں ؟۔ اگر میں نے غلط کام نہیں کیا تو میرے خلاف فیض کے وعدہ معاف گواہ بننے کا مجھے کوئی خدشہ نہیں ۔ میرے خلاف تمام کیسز جب بھی عدالت کھڑی ہوئی ختم ہو جائیں گے ۔

عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی دن بہ دن مضبوط ہوتی جا رہی ہے، مزید عوام پی ٹی آئی کے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ 8 فروری کو اس کا واضح ثبوت بھی مل چکا۔ ساری لیڈرشپ فارغ ہونے کے باوجود ہماری پارٹی جیت گئی ۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گفتگو کے دوران فیملی کارنر میں خواتین کے شور شرابے کی آوازیں آتی رہیں، جس پر عمران خان3 مرتبہ میڈیا ٹاک کرتے ہوئے رُک گئے اور شور کی وجہ سے انہوں نے صحافیوں کے سوالوں کے محدود جواب دیے۔

قبل ازیں ہفتے کے روز عمران خان نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری پر بالکل بھی خوفزدہ نہیں اگر ڈرتا تو جوڈیشل کمیشن کی بات نہ کرتا۔ فیض حمید نے 9 مئی کی سازش کی، ایسا نہیں ہے بلکہ سازش تو پی ٹی آئی کے خلاف ہوئی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلی سازش یہ تھی کہ جنرل (ر) باجوہ نے نواز شریف کے کہنے پر جنرل فیض کو ہٹایا، دوسری سازش تھی کہ ہماری حکومت میں جنرل (ر) باجوہ نے حسین حقانی کو 35ہزار ڈالر میں لابنگ کے لیے ہائر کیا، حسین حقانی کے بعد ڈونلڈ لو کا معاملہ آیا اور ہماری حکومت گرادی گئی، چیف جسٹس کو انکوائری کا کہا لیکن بجائے انکوائری کے ہم مظلوموں پر سائفر کا کیس کر دیا گیا۔

خیرپور میں زہریلا دودھ پینے سے چار بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

خیرپور میں زہریلا دودھ پینے سے چار بچوں سمیت خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیرپور کے علاقے پیر جوگوٹھ کے گاؤں ہیبت خان بروہی میں زہریلا دودھ پینے سے ایک ہی خاندان کے چار بچوں سمیت 6 افراد کے جاں بحق ہونے کا انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دودھ کے نمونے سمیت دیگر شواہد جمع کرلیے۔ پولیس نے زہریلے دودھ کی فراہمی سے متعلق تفتیش شروع کردی۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے سے متعلق ایس ایس پی خیرپور سے جامع تفصیلات طلب کرلیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ اس افسوس ناک واقعہ کا فی الفور مداوا کرتے ہوئے تفتیش کے جملہ اقدامات کو مؤثر بنایا جائے، واقعہ کے پس پردہ عوامل اور محرکات کا پتا لگانے کے لیےجدید تکنیک سے استفادہ کیا جائے۔