بچپن کے صدمے بعد کی زندگی میں صحت کے مسائل خطرات بڑھا سکتے ہیں، تحقیق

ڈنڈی: ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وہ افراد جنہوں نے اپنے بچپن میں شدید صدمے یا ذہنی دباؤ سے بھرپور لمحات گزارے ہوں ان کے بڑی عمر میں متعدد طویل مدتی صحت کے مسائل میں مبتلا ہونے کے زیادہ خطرات ہوتے ہیں۔

اسکاٹ لینڈ کی یونیورسٹی آف ڈنڈی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں معلوم ہوا کہ بچپن میں پیش آنے والا تناؤ والا ہر تجربہ بعد کی زندگی میں طویل مدتی صحت کے مسائل میں 13 فیصد تک کا اضافہ کرتا ہے۔

ایڈورس چائلڈ ہوڈ ایکسپیریئنس (اے سی ای) ایسے ٹرامیٹک یا تناؤ والے تجربے ہوتے ہیں جو 18 برس کی عمر سے پہلے پیش آتے ہیں۔

ان میں متعدد اقسام کے منفی تجربات ہوتے ہیں جن میں تشدد کا شکار ہونا، نظر انداز کیا جانا، گھریلو مسائل اور بُلی، خشک سالی یا جنگ شامل ہیں۔

اس تحقیق سے قبل اے سی ایز کا بڑی عمر میں خراب صحت اور سماجی نتائج کے زیادہ خطرات سے تعلق بتایا جا چکا ہے۔

ای سی ایز اور طویل مدتی صحت کے مسائل کے درمیان تعلق بتانے کے لیے ڈاکٹر ڈھین سینارتنے کی رہنمائی میں کام کرنے والی ایک ٹیم نے 3 لاکھ 70 ہزار افراد پر کیے جانے والے 25 مطالعوں کا میٹا اینالسس اور سسٹمیٹک ریویو کیا۔

4000 سال پُرانی ٹیبلٹس پر لکھی پُراسرار تحریروں کا معمہ حل

ماہرین آثار قدیمہ نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے بابل کے قدیم کینیفارم ٹیبلٹس پر لکھی گئی 4000 سال پرانی تحریروں کو ڈی کوڈ کیا ہے جس میں تباہی کی پیشگوئی کی گئی تھی۔

جریدے جرنل آف کینیفارم اسٹڈیز میں شائع ہونے والی اس نودریافت شدہ تحریر سے پتہ چلتا ہے کہ قدیم بابل کے باشندوں کا خیال تھا کہ چاند گرہن صرف آسمانی واقعات نہیں تھے بلکہ موت اور تباہی کی پیشگوئی کرنے والے سنگین شگون تھے۔

یہ ٹیکسٹ چاند گرہن کے شگون کا قدیم ترین آثار قدیمہ کا ریکارڈ ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ کس طرح قدیم نجومیوں نے آسمانی مظاہر کا تجزیہ کرکے میسوپوٹیمیا کی تہذیب کو خطرے میں ڈالنے والی آفات کے بارے میں پیشگوئی کی تھی۔

ان میں سے ایک ٹیبلٹ میں لکھا ہے کہ ‘صبح کی گھڑی میں گرہن’ کا مطلب ہے ‘خاندانی حکومت کا خاتمہ’۔

ایک نجومی کی ایک پیشگوئی میں کہا گیا کہ اگر سورج گرہن ایک ہی وقت میں اپنے مرکز سے پوشیدہ ہو جائے اور ایک ہی وقت میں صاف ہو جائے تو ایک بادشاہ مر جائے گا، ایلام (موجودہ ایران کا جنوب مغربی حصہ) تباہ ہو جائے گا۔

ایک اور پیشگوئی میں بتایا گیا کہ شام کی گھڑی میں گرہن وبائی مرض کی نشاندہی کرتا ہے۔ اگر گرہن الٹا ہے تو کچھ بھی نہیں بچے گا، ہر جگہ سیلاب آئے گا۔

امریکی جنگلات میں درخت پر یہ رنگ دیکھیں تو بھاگ نکلیں

فلوریڈا: امریکا میں کسی جنگل میں اگر آپ کسی پیڑ پر جامنی رنگ دیکھیں تو فوراً وہاں سے بھاگنے کی کریں۔

امریکا کی تقریباً 24 ریاستوں میں جنگل میں کسی درخت یا دیگر شے پر جامنی رنگ کا نشان نجی املاک کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ اس بات پر بھی منحصر ہے کہ آپ امریکا میں کہاں ہیں۔

ایسی جگہ پر زمین کے مالکان بھاری ہتھیاروں سے لیس ہوسکتے ہیں جو اپنی پراپرٹی پر کسی اجنبی شخص کو دیکھ کر اس پر حملہ کرسکتے ہیں۔

بھاری ہتھیاروں سے لیس ہوکر اپنے علاقے کو نشان زد کرنا امریکا میں عام واقعات ہیں۔ تقریباً 24 ریاستوں میں جامنی رنگ کے قوانین ہیں جو درختوں پر نشانات کے ذریعے پراپرٹی کی حدود کو ظاہر کرتے ہیں۔

کچھ ریاستوں میں نارنجی، سرخ یا نیلے رنگ کا استعمال ہوتا ہے لیکن فلوریڈا، ٹیکساس، الاباما اور جنوبی کیرولائنا سمیت دیگر ریاستیں جامنی رنگ کا انتخاب کرتے ہیں۔

تمام بالی ووڈ اسٹارز بیوقوف اور دماغ سے خالی ہیں، کنگنا رناوت

ممبئی: بھارت کی متنازع اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے بالی ووڈ فنکاروں کو بیوقوف اور خالی دماغ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بالی ووڈ پارٹیز کسی صدمے سے کم نہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے بالی ووڈ فنکاروں کے بارے میں کُھل کر بات کی۔

میزبان کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کنگنا رناوت نے کہا کہ بالی ووڈ میں میرا کوئی دوست نہیں کیونکہ بالی ووڈ سے وابستہ ہر شخص خود غرض، بیوقوف، خالی دماغ اور خود پسند ہے۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ بالی ووڈ فنکاروں کے پاس بات کرنے کے لیے کوئی موضوع تک نہیں ہوتا، انہیں یہ بھی نہیں معلوم ہوتا کہ دُنیا میں چل کیا رہا ہے، تو ایسے لوگوں سے دوستی کرنے کا فائدہ کیا؟

اداکارہ کی بات سُن کر میزبان نے کہا کہ پوری بالی ووڈ انڈسٹری ایک جیسی نہیں ہوسکتی، جس پر کنگنا نے کہا کہ میں نے بالی ووڈ کو بہت قریب سے دیکھا ہے، مجھے معلوم ہے کہ یہاں سب ایک جیسے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر بالی ووڈ فنکار شوٹنگ نہ کررہے ہوں تو پھر ان کے پاس دوسرا کوئی کام نہیں ہوتا، یہ دُنیا کے فارغ ترین لوگ بن جاتے ہیں، صبح اُٹھتے ہیں، کچھ دیر ورزش کرتے ہیں، پھر سو جاتے ہیں، پھر اُٹھ جاتے ہیں، بس یہی ان کا معمول ہوتا ہے۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ بالی ووڈ فنکاروں کی گفتگو صرف برانڈڈ بیگز یا گاڑیوں تک محدود ہوتی ہے، مجھے آج تک بالی ووڈ میں کوئی ایسا فنکار نہیں ملا جو برانڈڈ چیزوں کے بارے میں بات نہ کرتا ہو۔

اداکارہ نے بالی ووڈ پارٹیز کے بارے میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ بالی ووڈ پارٹیز بہت شاندار ہوتی ہیں لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ ان پارٹیز میں کوئی بھی اپنی شخصیت، ذہانت، یا فن کے بارے میں بات نہیں کرتا، میرے لیے تو بالی ووڈ پارٹیز ایک صدمے جیسی ہوتی ہیں۔

بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کی بھارت کو مداخلت نہ کرنے کی وارننگ

ڈھاکا: بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی نے بھارت کو بنگلادیش کے معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی وارننگ دے دی۔

بنگالی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی اور طلبہ تحریک کے رہنماؤں نے بی جے پی کو بنگلا دیش میں مداخلت نہ کرنے کی وارننگ جاری کی۔ بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور بنگلا دیش میں امن و امان کی صورت حال خراب کرنا چاہتا ہے۔ بی جے پی بنگلہ دیشی سیاست میں بڑے پیمانے پر مداخلت کر رہی ہے جس پہ خطے میں تشویش کی لہر ہے۔ مودی سرکار اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے خطے کاامن تباہ کرنا چاہتی ہے۔

شیخ حسینہ واجد بنگلہ دیش میں بھارتی کٹھ پتلی وزیرِاعظم کی حیثیت سے کام کر رہی تھیں۔ بنگلا دیش کو سیاسی بحران کے بعد اس وقت بھارت کی طرف سے مداخلت کا سامنا ہے۔آخر کب تک مودی سرکار انتہا پسندی کی سیاست کو فروغ دیتی رہے گی؟

لیبیا کے مرکزی بینک نے اہلکار کے اغوا کے بعد تمام سرگرمیاں معطل کر دیں

طرابلس: اہم عہدیدار کے اغوا کے بعد لیبیا کی مرکزی بینک نے اپنی تمام کاروباری سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔

مرکزی بینک کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سربراہ مصعب مسالم کو آج صبح ایک نامعلوم گروپ نے ان کے گھر سے اغوا کر لیا۔

بینک کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک اپنا کام دوبارہ شروع نہیں کرے گا جب تک مصعب مسالم کو رہا نہیں کر دیا جاتا، ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر ایگزیکٹوز کو بھی اغوا کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

بینک کے ترجمان نے کہا کہ اس قسم کے واقعات اس کے ملازمین کی حفاظت اور بینکنگ سیکٹر کے کام کے تسلسل کے لئے خطرہ ہیں، بینک نے اغوا کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے اغواکاروں نے ایسا بینک کے گورنر صدیق الکبیر کے استعفے پر مجبور کرنے کی کوشش کے طور پر کیا ہو۔

کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ’بزدل‘ قرار دے دیا

روچیسٹر: ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزد صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے پنسلوانیا کی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ کو ‘بزدل’ قرار دے دیا۔

امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بالواسطہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ 5 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں ان کے مدمقابل ‘بزدل’ ہیں جن کی سیاست حریفوں کو نیچا دکھانے پر مرکوز ہے۔

ہیرس کا یہ بیان ریاست پنسلوانیا میں انتخابی مہم کے دوران سامنے آیا، جس میں مینیسوٹا کے گورنر ٹم والز بھی شریک تھے۔

اپنے حامیوں کے ایک ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کملا ہیرس نے کہا کہ جب ہم جانتے ہیں کہ لیڈر کی طاقت کا حقیقی پیمانہ اس بات پر منحصر ہوتا ہے کہ آپ کس کو اٹھاتے ہیں، لیکن جو کوئی دوسرے لوگوں کو مارنا چاہتا ہے وہ بزدل ہے۔

انھوں نے براہ راست ٹرمپ کا نام نہیں لیا، جنہوں نے ہفتے کے روز مشرقی پنسلوانیا میں ایک انتخابی مہم کے دوران کملا ہیرس کو ‘بنیاد پرست’ اور ‘پاگل’ قرار دیا تھا۔

رائے عامہ کے جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ ہیرس انتخابی مہم میں نئی توانائی لا رہی ہیں اور قومی سطح پر اور پنسلوانیا سمیت آٹھ انتہائی مسابقتی ریاستوں میں سے کئی میں سابق صدر ٹرمپ کے ساتھ فرق کو ختم کر رہی ہیں جو ڈیموکریٹک صدر جو بائیڈن کے جانشین کے انتخاب میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گی۔

امریکی نائب صدر کملا ہیرس جو سیاہ فام ہیں اور ایشیائی ورثے کی حامل ہیں، نومبر میں کامیابی حاصل کرنے کی صورت میں پہلی خاتون صدر ہوں گی۔

سعودی وزیر خارجہ اور امریکی ہم منصب میں ٹیلیفونک رابطہ

ریاض: سعودی وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان اور امریکی ہم منصب اینٹونی بلنکن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان غزہ، یمن اور سوڈان کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کا مشرق وسطیٰ دورے کا مقصد غزہ میں جنگ بندی معاہدے کیلئے سفارتی دباؤ بڑھانا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی وزیرخارجہ اینٹونی بلنکن کل مشرق وسطیٰ کے دورے پر تل ابیب پہنچے ہیں۔

تل ابیب میں امریکی وزیر خارجہ آج وزیراعظم نیتن یاہو سمیت سینئر اسرائیلی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

سعودی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ بلنکن تل ابیب سے مصر پہنچیں گے۔

تھائی لینڈ کی کم عمر ترین خاتون وزیراعظم نے حلف اٹھالیا

بنکاک: تھائی لینڈ کی کم عمرترین خاتون وزیراعظم پیتونگاترن شیناوترا نے ملک کے بادشاہ کی پارلیمنٹ کے فیصلے کی توثیق کے بعد اپنے منصب کا حلف اٹھالیا۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا واجیکرالونگکورن کے سامنے ایوان نمائندگان کے سیکریٹری ایپاٹ سکھانند نے پارلیمنٹ کے فیصلے کی توثیق کی تقریب میں متن پڑھ کر سنایا اور اس کے بعد پیتونگاترن شیناوترا کی وزارت عظمیٰ کی توثیق کردی گئی۔

پیتونگاترن شیناوترا نے وزیراعظم کی حیثیت سے توثیق پر بادشاہ کا شکریہ ادا کیا اور خطاب میں کہا کہ انتظامیہ کے سربراہ کی حیثیت سے میں کھلے دل کے ساتھ منتخب نمائندوں سے مل کر اپنے فرائض انجام دوں گی۔

انہوں نے کہا کہ سب کا مؤقف سن کر مل بیٹھ کر فیصلے کریں گے تاکہ ملک استحکام کے ساتھ آگے بڑھے۔

پیتونگاترن شیناوترا اس سے قبل حکومتی سطح پر کام کرنے کا کوئی تجربہ نہیں رکھتیں اور انہیں مختلف محاذوں پر چیلنجز کا سامنا ہے، جس میں ملک کی معاشی صورت حال کے علاوہ ان کی سیاسی جماعت پھیو تھائی کی مقبولیت میں کمی کا سامنا ہے۔

خیال رہے کہ 37 سالہ پیتونگاترن شیناوترا کے والد تھاکسن شیناواترا ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔

پیتونگاترن شیناوترا کو عدالت کی جانب سے سریتا تھاویزن کو وزارت عظمیٰ سے معذولی کے بعد پارلیمنٹ میں دو تہائی کی اکثریت حاصل ہوگئی تھی اور انھیں 493 کے ایوان میں 314 سے زائد ارکان نے ووٹ دیکر ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کیا تھا۔

پیتونگاترن شیناوترا ملک کی دوسری خاتون اور شیناوترا خاندان سے تعلق رکھنے والی تیسری وزیراعظم ہیں، ان سے قبل ان کے والد تھاکسن اور پھوپھی ینگلوک شنیاوترا ملک کے وزیر اعظم رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سابق تھائی وزیراعظم سریتا تھاویزن نے 2006 میں فوجی آمریت کے خلاف طویل جلاوطنی کاٹی اور گزشتہ برس ہی ملک لوٹے تھے۔ انھوں نے انتخاب لڑا اور وزیراعظم منتخب ہوگئے لیکن ایک سال کے اندر ہی انھیں عدالت نے برطرف کردیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ وزیراعظم سریتا تھاویزن نے ایک سزا یافتہ شخص کو کابینہ میں شامل کرکے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی اور اخلاقی برائی کے مرتکب ہوئے۔

جنگ بندی مذاکرات کےنکات پر حماس کا ردعمل سامنے آ گیا

غزہ: تین ملکوں کی ثالثوں کے زیر سایہ دوحہ میں ہونے والے حماس اسرائیل جنگ بندی مذاکرات کے نکات پر حماس کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

حماس نے دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت سے انکار کر دیا تھا اور کہا تھا کہ ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ نیتن یاہو جنگ بندی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

ترجمان حماس کا کہنا ہے کہ دوحہ میں ہوئےمذاکرات کی تفصیلات ثالثوں نے بتا دی ہیں اور مذاکرات میں نیتن یاہو کی نئی شرائط سامنے آئی ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے قیدیوں کے تبادلے اور اسرائیل کے انخلا کیلئے بھی نئی شرائط رکھی ہیں۔

اسرائیل کے خلاف برسر پیکار حماس کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں ذمہ دار نیتن یاہو ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ ہم جنگ بندی کیلئے ثالثوں سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

ترجمان حماس نے مزید کہا کہ ثالثوں سے کہا ہے کہ جن نکات پر پہلے اتفاق ہو چکا ہےان کو حتمی شکل دیں۔