بالاکوٹ؛ پہاڑ سرک کر دریائے کنہار میں گرنے سے 40 گھرانے خطرے سے دوچار

  اسلام آباد: بالاکوٹ میں مہانڈری کے علاقے میں منور نالہ سے متاثرہ پہاڑ سرک سرک کر دریائے کنہار میں گرنے لگا، 40 سے زائد گھرانے براہ راست خطرے کی زد میں آگئے۔

لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں دریائے کنہار میں نئی جھیل بننے کا خدشہ ہے جس سے مقامی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مہانڈری میں پہاڑ مسلسل سرک سرک کر دریائے کنہار میں گر رہا ہے جس سے دریا کے بہاؤ میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے جس کے نتیجے میں دریا اپنا رخ تبدیل کر سکتا ہے جبکہ نئی جھیل بننے کے خطرات بھی منڈلا رہے ہیں جس سے ان کی زندگیوں اور املاک کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

پہاڑ کے اوپر موجود بستی کے مکانوں میں بھی دراڑیں پڑ گئی ہیں جس کے بعد علاقہ مکین نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

نازش جہانگیر کا درفشاں سے متعلق دیے گئے بیان پر یوٹرن

 لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نازش جہانگیر نے ماضی میں درفشاں سلیم سے متعلق دیے گئے اپنے بیان پر وضاحت پیش کردی۔

ماضی میں ایک انٹرویو کے دوران شو کے میزبان نے نازش جہانگیر سے سوال کیا تھا کہ وہ کونسی پاکستانی اداکارہ ہیں جو ٹیلنٹ کے بجائے قسمت سے زیادہ مقبول ہوئی ہیں؟

اس سوال کے جواب میں نازش جہانگیر نے مقبول ڈرامہ سیریل ‘عشق مرشد’ کی اداکارہ درفشاں سلیم کا نام لیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ٹیلنٹ سے زیادہ اپنی قسمت سے شوبز انڈسٹری میں کامیاب ہو رہی ہیں۔

نازش جہانگیر کا یہ بیان سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا تھا جس کے بعد اداکارہ کو درفشاں سلیم کے مداحوں نے کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

اب اس حوالے سے نازش جہانگیر نے ایک بار اپنے حالیہ انٹرویو میں بات کی، اس بار اداکارہ نے اپنے بیان پر وضاحت دی۔

نازش جہانگیر نے کہا کہ درفشاں سلیم سے متعلق، میرے بیان کو غلط رنگ دیا گیا، میرا کہنے کا مطلب یہ تھا کہ اگر کسی اداکار کی قسمت اچھی ہو تو اُسے اچھے پراجیکٹس ملتے ہیں اور ماشاءاللہ! درفشاں سلیم کی قسمت بہت اچھی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ میرا ماننا یہ ہے کہ کوئی بھی انسان اپنے ٹیلنٹ سے بڑھ کر زیادہ اچھا کام اُسی صورت میں کرتا ہے جب اُس کی قسمت اچھی ہوتی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ اپنی ساتھی اداکاراؤں کی تعریف کرتی ہوں، درفشاں سلیم بہت اچھا کام کررہی ہیں اور مجھے اُن کے کام پر فخر ہے۔

واضح رہے کہ درفشاں سلیم انتہائی کم عرصے میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئی ہیں، اُنہیں ‘جیسی آپ کی مرضی’، ‘خئی’، ‘عشق مرشد’ اور ‘کیسی تیری خود غرضی’ جیسے بلاک بسٹر ڈراموں سے مقبولیت ملی۔

بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں کرپٹ عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا، وزیراعظم

  اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں کرپٹ عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت توانائی ، پاور ڈویژن کے امور پر جائزہ اجلاس وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام ، لائین لاسز میں کمی اور بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر کرنا توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بجلی کی ترسیل کی پانچ کمپنیوں میں نئے بورڈ چئیرمین اور ممبران کی تعیناتی ایک شفاف عمل کے ذریعے کی گئی ہے ، امید ہے ان نئی تعیناتیوں سے ڈسکوز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر پاور اور وفاقی سیکرٹری پاور کو بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی ، انسداد بجلی اور دیگر معاملات پر چاروں صوبوں کا دورہ کرنے اور صوبائی حکومتوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسداد بجلی چوری کے لئے ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ اپنائی جائے۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو انسداد بجلی چوری کے حوالے سے پولیس فورس اور تحصیلداروں کی تعداد ڈسکوز کی ضرورت کے مطابق پوری کرنے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں موجود کرپٹ عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے ڈسکوز کی عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے کچہریوں کے نظام کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے بنائی گئی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس فی الفور طلب کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس کو پاور ڈویژن کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے ایس او پیز اور اسٹیئرنگ کمیٹی کو نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی پزیرائی کے حوالے سے پیکج تیار کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی-

عاطف اسلم نے اہلیہ کو ‘ڈان’ قرار دیدیا

 لاہور: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکارہ عاطف اسلم نے اپنی اہلیہ سارہ بھروانہ کو ڈان قرار دے دیا۔

حال ہی میں عاطف اسلم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اہلیہ سارہ بھروانہ کے ہمراہ اپنی چند تصاویر پوسٹ کی تھیں۔

اس پوسٹ میں آخری تصویر سارہ بھروانہ کی سولو تصویر (Solo Pic) تھی جوکہ گلوکار کی جانب سے کھینیچی گئی تھی۔

سارہ بھروانہ کی مذکورہ سولو تصویر تھوڑی دُھندلی تھی جبکہ تصویر کا اینگل بھی خاص اچھا نہیں تھا۔

عاطف اسلم کی پوسٹ پر جہاں اُن کے مداحوں نے تبصرے کیے تو وہیں اُن کی اہلیہ کے بھائی عباس بھروانہ نے مزاحیہ کمنٹ کرکے سوشل میڈیا پیجز کی توجہ حاصل کرلی۔

عباس بھروانہ نے اپنے کمنٹ میں گلوکار سے مخاطب ہوتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ عاطف بھائی! میرے دل میں آپ کے لیے احترام مزید بڑھ گیا ہے کیونکہ میں جانتا ہوں کہ سارہ کی بری تصاویر لینے کے بعد زندہ رہنا مشکل ہے، آخرکار آپ زندہ بچ گئے۔

اس کمنٹ پر ردعمل دیتے ہوئے عاطف اسلم نے اہلیہ کو ڈان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈان کو خوش کرنا ممکن ہی نہیں، ناممکن ہے۔

7

واضح رہے کہ عاطف اسلم اور سارہ بھروانہ 2012 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، اس جوڑی کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ڈی جی وائلڈ لائف نے بھی انعامی رقم سے نواز دیا

پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے والے اولمپئین ارشد ندیم کو ڈی جی وائلڈ لائف پنجاب نے بھی 20 لاکھ کا چیک بطور تحفہ پیش کردیا۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے لاہور سفاری پارک کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پودا بھی لگایا جبکہ ڈی جی وائلڈ لائف پنجاب مدثر ریاض اور انکی ٹیم نے اولمپئین کا شاندار استقبال کیا۔

اس موقع پر ارشد ندیم گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محنت اور لگن سے کوئی بھی کام کریں، اللہ صلہ دیتا ہے، ہم ایک پیج پر رہیں توبڑے سے بڑے چیلنج سے بھی نمٹ لیں گے۔

ارشد ندیم کا لاہور سفاری پارک کا دورہ، ڈی جی وائلڈ لائف نے 20 لاکھ کا چیک بھی پیش کیا۔

ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی ہے، پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے جسے سپورٹ کی ضرورت ہے۔

پاک بنگلادیش سیریز؛ دوسرا ٹیسٹ بھی کراچی سے منتقل کرنے کا فیصلہ

پاکستان اور بنگلادیش درمیان سیریز کے دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی سے راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیمپئیز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے سلسلے اور تزئین و آرائش کے کاموں کی وجہ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 30 اگست سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کو راولپنڈی منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ ہوا ہے۔

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دوسرا ٹیسٹ میچ تماشائیوں کے بغیر کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس پر سابق کرکٹرز نے کڑی تنقید کی تھی۔

بورڈ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے باعث نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری تعمیراتی کام کے باعث پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ جو (30 اگست سے 3 ستمبر) تک کھیلا جائے گا، اس میچ شائقین اسٹیڈیم آکر اپنی ہوم ٹیم کو سپورٹ نیں کرسکیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کی وجہ سے شائقین کی میزبانی سے قاصر ہیں اور انتہائی اقدام اٹھانا پڑرہا ہے، شائقین کی قدر کرتے ہیں تاہم انکی صحت اور حفاظت اہم ہے۔

دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کیلئے منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق تعمیرات کو جلد از جلد مکمل کرنے کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اس مقام پر 5 منزلہ نئی عمارت میں کھلاڑیوں کیلئے ڈریسنگ رومز کی تعمیر کی جائے گی۔

دوسرے مرحلہ میں تمام انکلوژرز میں چھت کیلئے جدید طرز کی ٹیفلون کی تنصیب کی جائے گی، تیسرے اور آخری مرحلہ میں مرکزی عمارت کا انہدام کرکے نئی بلڈنگ تعمیر کی جائے گی۔

پی سی بی اگلے برس فروری سے مارچ تک شیڈول چیمپئینز ٹرافی سے قبل 3 مراکز پر اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کرانے کا خواہاں ہے، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم، کراچی کے نیشنل بنک اسٹیڈیم اور راولپنڈی کے پنڈی اسٹیڈیم کے میگا پروجیکٹ کی نگرانی بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی خود کررہے ہیں۔

اس ضمن میں مجموعی طور پر 12 ارب 80 کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے، آ ئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے 7 کروڑ ڈالرز کے بجٹ کی منظوری دے چکا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے دورے پر انے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے خلاف کراچی ٹیسٹ کی منتقلی کا فیصلہ نہیں ہوا، پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ کراچی میں شیڈول ہے،انگلینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ 15اکتوبر سے کھیلا جائے گا۔

بابراعظم بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں کون سا ریکارڈ بناسکتے ہیں؟

قومی ٹیم کے وائٹ بال فارمیٹ کے کپتان بابراعظم کو بنگلادیش کیخلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں اہم سنگ میل تک پہچنے کا موقع مل گیا۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ سائیکل میں بابراعظم نے 2 ہزار 661 رنز بنا رکھے ہیں جو کہ کسی بھی پاکستانی بیٹرز سے زیادہ ہیں، بابر محض 3 ہزار رنز کا عندسہ عبور کرنے سے محض 339 رنز دور ہیں۔

وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ سائیکل میں 3 ہزار رنز مکمل کرکے دنیا کے پانچویں کھلاڑی بن سکتے ہیں۔

انگلینڈ کے جو روٹ نے ڈبلیو ٹی سی کی تاریخ میں سب سے زیادہ 55 میچز میں 4 ہزار 598 رنز کیساتھ سرفہرست ہیں، آسٹریلیا کے مارنس لبوشین 45 میچز میں 3 ہزار 904، اسٹیو اسمتھ 45 میچز میں 3 ہزار 486 رنز کیساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کے بین اسٹوکس 48 میچز میں 3 ہزار 101، عثمان خواجہ 32 میچز میں 2 ہزار 686 جبکہ بابراعظم نے 29 میچز میں 2 ہزار 661 رنز بناچکے ہیں۔

بابراعظم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں بھارت کے روہت شرما 2 ہزار 552 اور ویرات کوہلی 2 ہزار 235 کیساتھ رنز کیساتھ موجود ہیں۔

اجے دیوگن کا حال نہ پوچھنے پر وجے راز ‘سن آف سردار 2’ سے آؤٹ

ممبئی: بالی ووڈ اسٹار اجے دیوگن کا حال نہ پوچھنے پر اداکار وجے راز کو نئی آنے والی فلم ‘سن آف سردار 2′ کی کاسٹ سے نکال دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘سن آف سردار 2′ کے شریک پروڈیوسر کمار منگٹ پاٹھک نے اپنے تازہ ترین انٹرویو میں بتایا کہ وجے راز کو اُن کے نامناسب رویے اور ضرورت سے زائد مطالبات کی وجہ سے فلم کی کاسٹ سے نکالا گیا ہے۔

پروڈیوسر نے کہا کہ وجے راز نے اپنے اسپاٹ بوائے کے لیے زیادہ معاوضہ مانگا تھا، وجے کے مطابق اُن کا اسپاٹ بوائے ایک رات کے لیے 20 ہزار روپے معاوضہ وصول کرتا ہے، جو کہ کافی زیادہ ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ، وجے راز نے اپنے لیے وینیٹی وین اور بڑے کمرے کا بھی مطالبہ کیا تھا، ہم اُن کے یہ مطالبات پورے نہیں کرسکتے تھے لہٰذا ہم نے اُنہیں فلم کی کاسٹ سے آؤٹ کردیا۔

دوسری جانب وجے راز نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فلم ‘سن آف سردار 2′ کی کاسٹ سے اس لیے نکالا گیا کیونکہ میں نے سیٹ پر فلم کے مرکزی کردار اجے دیوگن سے اُن کا حال نہیں پوچھا تھا۔

وجے راز نے کہا کہ میں جب شوٹ کے سیٹ پر پہنچا تو اجے دیوگن اپنے کام میں مصروف تھے، اسی وجہ سے میں نے اُن سے حال نہیں پوچھا۔

اداکار نے مزید کہا کہ سیٹ پر پہنچنے کے 30 منٹ بعد ہی مجھے فلم کی کاسٹ سے نکال دیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وجے راز کی جگہ سنجے مشرا کو فلم ‘سن آف سردار 2′ کی کاسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

دیر؛ زیر تعمیر اسکول کی چھت گرنے سے 5 افراد ملبے تلے دب گئے

پشاور: دیرلویر میں گورنمنٹ گرلز ہائی شگئی میدان کی زیر تعمیر امتحانی ہال کی چھت گرنے سے 5 افراد ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے دبے 4 افراد کو زخمی حالت میں نکال کر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ایک شخص کی تلاش جاری ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ایف آئی اے نے غیرقانونی طور پر یورپ جانے کے خواہشمندوں کو پکڑلیا

فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے تہران جانے والے 2 مسافروں کو آف لوڈ کردیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے تہران جانے والے ملزمان کو 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان غیر قانونی طور پر ایران سے یورپ جانے کی کوشش کررہے تھے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان تنویر نامی ایجنٹ سے رابطے میں تھے، ملزمان سربین ایمبیسی میں انٹرویو کی آڑ میں ایران جارہے تھے۔

ملزمان کے انٹرویو کی اپوئنٹمنٹ کی تاریخ 15 اگست تھی جو کہ گزر چکی تھی، ملزمان میں غلام غوث اور حارث حسن شامل ہیں جبکہ یورپ جانے کیلئے ایجنٹ کو فی کس 18 لاکھ روپے ادا کیے۔

ملزمان کو ایجنٹ کی نشاندہی اور مزید قانونی کارروائی کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔