وزیر اعلی سندھ کا دادو میں غربت کے باعث 45 بچیوں کی شادیوں کا نوٹس

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دادو میں غربت کے باعث کم عمر 45 بچیوں کی شادیوں کا نوٹس لے لیا۔

مرد علی شاہ نے کمشنر حیدرآباد سے خان محمد ملا گوٹھ میں 45 لڑکیوں کی رقم کے عوض شادی پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے اپنی سفارشات دینے کی بھی ہدایت کر دی۔

انہوں نے ہدایت دی کہ ان بچیوں کی سماجی، معاشی اور قانونی وجوہات بتائی جائیں، کمیٹی بنا کر گوٹھ میں تفصیلی انکوائری کریں اور رپورٹ پیش کریں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بھی بتایا جائے کہ کیا بیاہی گئی لڑکیاں سیلاب متاثرہ خاندانوں سے تھیں، اگر سیلاب متاثرہ خاندانوں سے تھیں تو ان کی کتنی امداد کی گئی؟ بیاہی گئی لڑکیاں اس وقت کس حال میں ہیں، ہر پہلو کی رپورٹ دیں تاکہ اس کا سدباب کیا جا سکے۔

بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچادی، ملک کے دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع

کوئٹہ: بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچادی اور صوبے کا ملک کے کئی علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

طوفانی بارشوں کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جبکہ منہ زور ریلے سب کچھ بہاکر لے گئے، مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔

ضلع چمن اور قلعہ عبداللہ سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ زمان آباد میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور طوفانی ہواؤں سے سولر پینلز بھی اڑ گئے۔

جعفر آباد میں بجلی کے کھمبے گرگئے۔ کوئٹہ چمن ریلوے لائن سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کے نتیجے میں ٹرین سروس معطل ہوگئی۔

مستونگ بھی ڈوب گیا، مختلف حادثات میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔ کئی علاقوں میں مکانات کو نقصان پہنچا۔ مستونگ کے علاقے کردگاپ میں سیلابی ریلے میں خاتون بہہ گئی جن کی لاش نکال لی گئی ۔

مچھ میں موسلادھار بارش سے بولان قومی شاہراہ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ ہرک کازوے کے مقام پر سیلابی ریلے کے باعث متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔

این ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے کے باعث بلوچستان کا ملک کے دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا، لوگ بولان شاہراہ پر سفرکرنے سے مکمل گریز کریں۔ سیلابی ریلوں کے باعث کوئٹہ تفتان سبی شاہراہیں بند ہوگئیں۔

علی ظفر کی پہلی ‘اے آئی’ میوزک ویڈیو ریلیز

لاہور: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے اپنی پہلی اے آئی میوزک ویڈیو میں ایک اور سُریلی آواز کی حامل گلوکارہ نرملا کو متعارف کرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے سندھ کے دور دراز علاقے تھرپارکر کے ٹیلنٹ کو دنیا تک پہنچا دیا،علی ظفر نے اپنے لیبل لائٹنگیل ریکارڈز کے تحت تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ نرملا کے پہلے گانے “رنگ رسیا” کو ریلیز کرکے تمام رکاوٹیں توڑدی ہیں۔

گیت کو علی ظفر کی جانب سے پروڈیوس اور ڈائریکٹ کیا گیا ہے، گانے کی ویڈٰیو بنانے میں پاکستان میں پہلی بار اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔

علی ظفر نے اپنی ایک حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ کچھ سال پہلے، مجھے یوسف صلاح الدین کی طرف سے واٹس ایپ پر ایک گانے کا ڈیمو موصول ہوا، جس میں نرملا سے میرا تعارف کرایا گیا تھا، میں فوری طور پر نرملا کی آواز اور کمپوزیشن کی مہارت سے متاثر ہوگیا تھا۔

گلوکار نے کہا کہ صحرا میں رہنے کے باوجود جہاں بنیادی ضروریات جیسے پانی کی قلت ہے اور جہاں معاشرتی اصول خواتین کو موسیقی کی پیروی کرنے سے روکتے ہیں، نرملا کا جذبہ غیر متزلزل رہا، نرملا کے عزم نے مجھے گانے کی ریکارڈنگ، پروڈکشن اور ریلیز کا وعدہ کرنے پر مجبور کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ گانے کی ریکارڈنگ مکمل ہونے کے بعد، میں نے سوچ لیا تھا کہ ہمیں اس گانے کی ویڈیو کے لیے واقعی کچھ خاص بنانا ہے۔

علی ظفر نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ٹیگ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ نرملا جیسی نوجوان لڑکیوں کو بغیر کسی خوف کے اپنے خوابوں کو پورا کرنے میں مدد کریں، خاص طور پر سندھ کے دور دراز علاقوں میں، نرملا کا سفر امید کی ایک طاقتور علامت کے طور پر کھڑا ہے۔

گلوکار نے کہا کہ متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود، بشمول مالی مشکلات، موسیقی کی رسمی تربیت تک رسائی کا فقدان، اور کمیونٹی کی مزاحمت جہاں گانے گانا ناپسندیدہ ہے، خاص طور پر خواتین کے لیے، نرملا کا غیر متزلزل جذبہ اس شاندار میوزک ویڈیو کی تخلیق کا باعث بنا ہے۔

دوسری جانب گانے کی ریلیز پر گلوکارہ نرملا نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بیان نہیں کر سکتی کہ میں کتنی خوش ہوں، تمام تعاون کے لیے علی بھائی کی بہت مشکور ہوں۔ل

ائٹنگیل ریکارڈز کی جانب سے جاری کردہ یہ ویڈیو پاکستان میں موسیقی اور آرٹ کے مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اے ائی میوزک ویڈیو بنا کر علی ظفر نے ایک انوکھا اور مسحور کن تجربہ تیار کیا ہے جو تخلیقی صلاحیتوں کی حدود کو آگے بڑھاتا ہے۔

وزیر داخلہ کا دورہ تربت، فرنٹیئر کور ساؤتھ بلوچستان کی کارکردگی کو سراہا

کوئٹہ: وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورہ تربت کے موقع پر بلوچستان میں قیام امن اور انسداد اسمگلنگ کے لیے فرنٹیئر کور ساوتھ کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

تربت میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور ساوتھ بلوچستان کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں آئی جی میجر جنرل بلال سرفراز خان نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور ساوتھ کے ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداء پر حاضریدی، یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت فرنٹیئر کور ساوتھ کے ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس بھی ہوا جس میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز اور انسداد اسمگلنگ کی کاروائیوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں ایف سی ساوتھ فرنٹ لائن پر ہے، بلوچستان کی خوشحالی و ترقی پائیدار امن سے منسلک ہے۔ بلوچستان میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے مقابلوں سے نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 6 ماہ میں 4 ارب 70 کروڑ روپے کی غیر قانونی اشیاء کو ضبط کیا گیا ہے۔

اسلام آباد؛ چینی باشندے کی گاڑی کو حادثہ، نوجوان جاں بحق

اسلام آباد: تھانہ مارگلہ کی حدود میں چینی باشندے کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق چینی شہری کی گاڑی ٹائر برسٹ ہونے کے باعث نوجوان پر چڑھ دوڑی جس کے زد میں آکر نوجوان جاں بحق جبکہ چینی شہری زخمی ہوگیا۔

حادثہ نیو بلیو ایریا جناح ایونیو ایف نائن پارک مہران گیٹ کے سامنے سڑک پر پیش آیا۔

جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت ولی اللہ کے نام سے ہوئی۔ ولی اللہ والد بخت منیر سکنہ اَپر دیر خیبر پختونخوا کا رہائشی ہے جس کی عمر تقریباً 22/23 سال ہے۔

انٹرنیٹ کو بند نہ سست کیا، وی پی این کے استعمال سے مسئلہ ہوا، وزیر آئی ٹی

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے انٹرنیٹ کو بند اور رفتار کم کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وی پی این کے بڑھتے ہوئے استعمال سے مسئلہ ہوا۔

وزیر مملکت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام شزا فاطمہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ترجیح ہے آئی ٹی میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری آئے، شہباز شریف نے نیشنل ڈیجیٹلائزیشن کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے، اسلام آباد اور کراچی میں آئی ٹی پارکس بنیں گے، گوگل اور میٹا سے بچوں کو سرٹیفیکیٹس دلوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ایک بچے نے ہیلمٹ بنایا جو کوئلے کی کان میں کام کرنے والوں کے لیے ہے، ایک بچے نے دستانے بنائے، ایک بچی نے ڈرون بنایا، ایک ارب روپے سے برج اسٹارٹ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ قائم کیا جائے گا۔

شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں انٹرنیٹ کو نہ بند کیا نہ سلو کیا گیا بلکہ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کے زیادہ استعمال کی وجہ سے انٹرنیٹ پر دباؤ آیا، جب زیادہ لوگ لائیو انٹرنیٹ پر جاتے ہیں تو دباؤ بڑھتا ہے، حکومت کو اندازہ ہے کہ انٹرنیٹ متاثر ہونے سے عوام غصے میں ہیں، کوشش ہے کہ لوگوں کو اب مزید انٹرنیٹ مسائل کا سامنا نہ ہو۔

پردہ کرنا میک اپ کرنے سے آسان ہے، میں پردے کوترجیح دیتا؛ ٹرمپ

واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے پردے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو خواتین پردہ کرنا چاہتی ہیں تو ہمیں ان کی پسند اور انتخاب میں مداخلت نہیں کرنا چاہیے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میک اپ کرنے کے مقابلے میں پردہ کرنا زیادہ آسان ہے اور اس سے وقت بھی بچتا ہے۔ اگر میں عورت ہوتا تو میک اپ پر پردے کو ترجیح دیتا۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ وائرل ویڈیو 8 سال پرانی ہے تاہم یہ ویڈیو سی این این نے دوبارہ وائرل کی اور ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس بیان کو مسلمان ووٹرز کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا جب کہ کچھ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسروں کے انتخاب کا احترام کرنے کو سراہا۔

ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت اپنی صدارتی مہم میں مصروف ہیں ان کا حکمراں جماعت کی امیدوار کملا ہیرس کے ساتھ کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو اب تک سروے میں کملا ہیرس سے بہت معمولی شکست کا سامنا ہے اور اس فرق کو کم کرنے کے لیے ان کی میڈیا ٹیم نے پرانی ویڈیو وائرل کرائی ہے۔

تماشائیوں کے بغیر میچ کروانے پر سابق کرکٹر نے بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے بنگلادیش کے خلاف کراچی ٹیسٹ اسٹیڈیم میں بغیر شائقین کے کروانے کے فیصلے پر بورڈ کو تنقید کا نشانہ بناڈالا۔

کامران اکمل نے اپنے یوٹیوب چینل پر کامران اکمل نے کہا کہ بنگلادیش کیخلاف کراچی ٹیسٹ میچ میں اسٹیڈیم میں شائقین کے بغیر میچ کروانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ یہ میچ فیصل آباد یا ملتان میں بھی کروایا جاسکتا تھا جہاں اسٹیڈیم میں سہولیات اور فینز انجوائے کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئیز ٹرافی کیلئے اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کے کام ہورہے ہیں، یہ تو مذاق بنوانے والی بات ہے کہ ٹیسٹ میچ بغیر کراؤڈ کے کروارہے ہیں، یہاں کوئی 2، 3 اسٹیڈیمز تھوڑی ہیں! ہمارے پاس فیصل آباد اسٹیڈیم ہے میچ وہاں بھی منتقل کیا جاسکتا تھا۔

اسکے علاوہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ہے وہاں بھی اچھا کراؤڈ دیکھنے کو مل سکتا تھا تو کیوں کراچی کے خالی اسٹیڈیمز میں میچ کروارہے ہیں، بین الاقوامی سطح پر ہمارا کرکٹ برانڈ نیچے چلا گیا ہے۔

کامران اکمل نے کہا کہ بورڈ کے اعلیٰ حکام میں یہ جسکا بھی فیصلہ ہے، چیئرمین سے سوال پوچھا جانا چاہیے۔ ہوم سیریز میں بھی کراؤڈ نہیں ہوگا تو میچز کا فائدہ کیا ہے؟ ٹیسٹ کرکٹ بہت آگے نکل چکی ہے۔ پاکستان میں کوئی بھی اسے دیکھنا پسند نہیں کرتا۔

قبل ازیں گزشتہ دنوں پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے باعث نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری تعمیراتی کام کے باعث پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ جو (30 اگست سے 3 ستمبر) تک کھیلا جائے گا، اس میچ شائقین اسٹیڈیم آکر اپنی ہوم ٹیم کو سپورٹ نیں کرسکیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کی وجہ سے شائقین کی میزبانی سے قاصر ہیں اور انتہائی اقدام اٹھانا پڑرہا ہے، شائقین کی قدر کرتے ہیں تاہم انکی صحت اور حفاظت اہم ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز اگلے ہفتے سے ہوگا، جس کا پہلا میچ 21 اگست کو راولپنڈی اور دوسرا 30 اگست کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

کولکتہ ریپ کیس، سجل علی کا بھی انصاف کا مطالبہ

پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف اداکارہ سجل علی نے بھی کولکتہ میں بہیمانہ جنسی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی خاتون ڈاکٹر کے حق میں آواز اُٹھا دی۔

بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں 9 اگست کو 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا، آر جی کار میڈیکل کالج کے اسٹاف نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر 36 گھنٹوں پر شفٹ کے تقریباً 20 گھنٹے کام کرنے کے بعد کالج کے سیمینار ہال میں کچھ دیر آرام کے لیے چلی گئی تھیں۔

تاہم، اگلے روز سیمینار ہال سے خاتون ڈاکٹر کی نیم برہنہ حالت میں لاش ملی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون ڈاکٹر کو ایک سے زائد مردوں نے انتہائی بے دردی سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا۔

بھارت میں خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے خلاف جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سراپا احتجاج ہے تو وہیں بالی ووڈ شخصیات بھی سوشل میڈیا کے ذریعے کولکتہ ریپ کیس کی آواز بن گئی ہیں۔

ان شخصیات میں پاکستانی اداکارہ سجل علی بھی شامل ہوگئی ہیں جنہوں نے کولکتہ ریپ کیس کے خلاف آواز اُٹھانے کے لیے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کا رُخ کیا۔

سجل علی نے خاتون ڈاکٹر کو انصاف دلوانے کی مہم کا حصہ بنتے ہوئے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں ایک پوسٹر شیئر کیا جس میں تحریر تھا “ریپسٹ کیلئے کوئی معافی نہیں”۔

6

حماس کی بڑی کارروائی؛ اسرائیلی فوج کے 2 میجر ہلاک اور متعدد اہلکار زخمی

تل ابیب: غزہ کے وسطی علاقے میں جنگی ساز و سامان کی منتقلی کے دوران ہونے والے ایک بم دھماکے میں 2 اسرائیلی فوجی مارے گئے جب کہ متعدد زخمی ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ملکی فوج کے ترجمان نے بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے میجر 34 سالہ یوتم اِتزاک پیلڈ ایک لاجسٹک آفیسر تھے جب کہ میجر موردچائی یوسف فوجی ٹرک چلا رہے تھے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے گئے دونوں میجرز یروشلم بریگیڈ کی 8119 ویں بٹالین کے ساتھ منسلک تھے اور دھماکے کے وقت پیلڈ غزہ کے زیتون محلے میں فوجیوں کو سامان کی فراہمی کے قافلے میں شامل تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے لاجسٹک قافلے کے راستے میں بم حماس نے نصب کیا تھا اور بم نصب کرنے والوں نے دھماکے کے بعد اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ بھی کی جس سے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔

یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی بری فوج 27 اکتوبر کو داخل ہوگئی تھی اور تب سے حماس کے ساتھ ہونے والی دوبدو جھڑپوں کے دوران ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 334 ہوگئی۔

7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے میں مارے گئے 1500 کے قریب اسرائیلی فوجیوں کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔