کراچی میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان

کراچی: شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ صوبے کے شمالی/وسطی جبکہ بلوچستان کے مشرقی و شمال مشرقی علاقوں پر اثرانداز ہو رہا ہے۔

پیر اور منگل کو موسم زیادہ تر ابرآلود اور ہلکی بارش کا امکان رہے گا۔ موسلادھار بارشوں کی وجہ سے دیہی سندھ کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔

کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہیں جبکہ واؤں کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کرسکتی ہے۔ شہر میں بادلوں کے ڈیرے بھی ہیں اور مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہے۔

آج کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

نسیم شاہ کے بیان پر کامران اکمل نے سوال اٹھادیا

قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں نسیم شاہ کی شمولیت پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی پوڈ کاسٹ میں فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کیرئیر کے مشکل دور سے گزرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری واپسی اچھی نہیں تھی، اچھی کرکٹ کا مظاہرہ نہیں کرسکا، بطور ٹیم اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے۔

نسیم شاہ کے تبصرے پر کامران اکمل نے سوال اٹھایا کہ کیا ٹیم پہلے اتحاد کے ساتھ کھیلتی تھی؟ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس طرح کے بیانات عام طور پر اس وقت سامنے آتے ہیں جب ٹیم کے اندر بنیادی مسائل ہوتے ہیں۔

کامران اکمل نے کہا کہ نسیم شاہ کے الفاظ کافی پریشان کن ہیں لیکن کئی مرتبہ ایک فتح ٹیم کو متحد کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ پاکستان کو بنگلادیش کیخلاف ہوم گراؤنڈ پر سیریز 0-2 سے جیتنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ لائن کو اتنا آسان نہ لے ہمیں محنت کرنا پڑے گی کیونکہ ماضی میں پاکستان نے اچھی کرکٹ کو مظاہرہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز اگلے ہفتے سے ہوگا، جس کا پہلا میچ 21 اگست کو راولپنڈی اور دوسرا 30 اگست کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

منکی پاکس؛ سی اے اے کی ملکی ایئر پورٹس پر ضروری اقدامات کرنیکی ہدایت

اسلام آباد / کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے منکی پاکس کی روک تھام کے لیے ملکی ایئر پورٹس پر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

سی اے اے نے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صحت اور مقامی حکام کے دوران کوآرڈینیشن یقینی بنایا جائے، ایئر پورٹس پر ایمبولینسز کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

مشتبہ مسافروں کو آئیسولیشن کی سہولت فراہم کی جائے جبکہ تمام لاؤنجز میں صفائی اور جراثیم کش ادوایات کا اسپرے کیا جائے۔

سی اے اے نے بین الاقوامی پروازوں کے عملے کو ماسک اور دستانے استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اسکے علاوہ، مسافروں اور ان کے سامان کے ساتھ آنے والے عملے کو سینیٹائزر کی سہولت فراہم کی جائے۔ بیت الخلا اور کاؤنٹرز کو جراثیم کش ادوایات کے ذریعے صاف کیا جائے، بین الاقوامی مسافروں کے تمام سامان کا جراثیم سے پاک کیا جائے۔

نیو کراچی میں گھر پر پولیس کا چھاپہ، ڈھائی من گٹکا برآمد

کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی قائم کردہ ٹاسک فورس کے رکن ایس پی گلشن اقبال سید عبدالرحمٰن کی سربراہی میں ٹاسک فورس نے نیو کراچی کے علاقے سیکٹر الیون جے میں گٹکا ماوے کے کارخانے پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں گٹکا برآمد کرلیا۔

چھاپے کے دوران ٹاسک فورس کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ گیا اور اس دوران عوام نے ٹاسک فورس کی ٹیم کو اپنے گھیرے میں لے لیا جس پر پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی جبکہ نیو کراچی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور ٹاسک فورس کو بحفاظت مظاہرین کے چنگل سے نکال کر تھانے منتقل کر دیا۔

ایس ایچ او نیو کراچی زاہد لودھی نے بتایا کہ ان کی مدعیت میں ستار مچھیارے سمیت دیگر نامعلوم صورت شناس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ چھاپے کے دوران ٹاسک فورس نے ڈھائی من (100) کلو کے قریب گٹکا برآمد کیا ہے۔

واقعے کے خلاف خواتین کی جانب سے نیو کراچی تھانے کے باہر احتجاج کیا گیا اور خواتین نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس چھاپے کے دوران پولیس اہلکاروں نے ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا اور گھروں میں گھس کر الماریوں سے مبینہ طور پر رقم بھی نکالی گئی ہے جبکہ خواتین کی جانب سے پولیس کی چلائی گئی گولیوں کے خول بھی دکھائے گئے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او نیو کراچی کا کہنا ہے کہ خواتین کی جانب سے جو الزامات سامنے آئے ہیں اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پی ٹی آئی میں گروہ بندی نہیں، صوبائی وزیر شکیل خان کو کرپشن پر ہٹایا،مشیر اطلاعات کے پی

اسلام آباد: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کوئی گروہ بندی نہیں، صوبائی وزیر شکیل خان کو کرپشن پر ہٹایا گیا۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ 22 اگست کو اسلام آباد میں جلسہ ہو گا، خیبر پختونخوا سے عوام بڑی تعداد میں جلسے کے لئے آئیں گے، ان کا جلسے میں اہم کردار ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے اسلام آباد انتظامیہ جلسے کا این او سی نہ دے، اسلام آباد انتظامیہ کو کہنا چاہتا ہوں کہ جلسے کی اجازت دینا آپکا فرض ہے، اس بار جلسے میں روڑے نہ اٹکائے جائیں، ہم امن و امان کے ساتھ جلسہ کرینگے اور قانون کا احترام کرتے ہیں، ایسی صورتحال نہ پیدا کی جائے کہ تلخیاں ہوں۔

بیرسٹر سیف نے بتایا کہ کچھ لوگ عمران خان سے جیل میں ملے اور شکایت کی کہ کے پی کے میں کرپشن ہو رہی ہے، شکیل خان کے محکمے کے حوالے سے کرپشن کی خبریں میڈیا پر تھیں، عمران خان نے اسد قیصر اور عاطف خان کو کہا جاکر کہیں کہ کرپشن برداشت نہیں ہو گی۔

خیبرپختونخوا کے وزیرشکیل خان مستعفی، گورنرنے سمری پر دستخط کردیے

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کرپشن پر کمیٹی بنائی، جس نے رپورٹ دی کہ شکیل خان کرپشن میں ملوث پائے گئے، وزیر اعلی نے بطور وزیر اعلی نوٹیفکیشن جاری کیا کہ انہیں نکالا جائے، شکیل خان کے خلاف کرپشن کی وجہ سے کارروائی ہوئی اور محکمے کے سیکرٹری کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنید اکبر اور ساتھیوں نے جو الزام تراشی کی اس پر بانی پی ٹی آئی سے ملا، بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ کسی کو وزرات سے ہٹانا ذاتی دشمنی یا بغض پر نہیں ہونا چاہیے، یہ تاثر نہ لیا جائے کہ پارٹی میں کوئی گروہ بندی ہے، عہدے کو استعمال کرتے ہوئے ذاتی مقاصد حاصل نہیں کرنے چاہئیں، عاطف خان یا جنید اکبر کے پاس کوئی شواہد ہیں وہ کمیٹی کے سامنے پیش کریں، پارٹی میں ایسے معاملات آتے ہیں جو گھر میں ہی حل ہو سکتے ہیں، اگر کسی کو پارٹی یا کمیٹی سے اختلاف ہے وہ پارٹی میں بات کرے۔

رؤف حسن کے بھارت کیساتھ روابط کے چشم کشاء ثبوت سامنے آگئے

اسلام آباد: تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن کے بھارت کے ساتھ روابط کے چشم کشاء ثبوت سامنے آگئے جس سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ریاست مخالف بیانیے کو پھیلانے میں بھارتی سہولت کاری بے نقاب ہوگئی۔

غیر ملکی اور بھارتی لابی بانی پی ٹی آئی کے ریاست مخالف ایجنڈے کی تکمیل کے لیے متحرک ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل روف حسن کا امریکی رائن گرم کے بعد بھارتی صحافی کرن تھاپر کے ساتھ بھی واٹس اِیپ کے ذریعے ہوش ربا رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔

رؤف حسن کی جانب سے 19نومبر 2022 کو بھارتی صحافی کرن تھاپر سے بطور پارٹی میڈیا کوآرڈینیٹر باضابطہ رابطہ کیا گیا۔ شروع کے واٹس اِیپ پیغام میں بھارتی صحافی نے رؤف حسن سے شاہ محمود قریشی کے متوقع انٹرویو کے بارے میں دریافت کیا۔

کرن تھاپر نے 24نومبر 2022 کو رؤف حسن کو موجودہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے بارے میں اپنا اور رانا بنیرجی (سابق سیکریٹری را) کے ساتھ یوٹیوب پر ہونے والا انٹرویو بھی شیئر کیا۔

رؤف حسن کے ساتھ سیکرٹری را کے شیئر کرنے والے انٹرویو میں بھارتی کرن تھاپر نے موجودہ آرمی چیف کو انڈیا کے لیے زیادہ ہارڈ لائنر قرار دیا۔ 25 نومبر 2022 کو بھارتی کرن تھاپر نے واٹس اِیپ پیغام کے ذریعے رؤف حسن کے ساتھ جنرل عاصم منیر سے متعلق ایک پاکستانی صحافی کا انٹرویو شیئر کیا۔

رؤف حسن نے جواب میں پاکستانی صحافی کو ایک ناقابل اعتبار شخص قرار دیتے ہوئے آرمی چیف سے متعلق حساس معلومات بھارتی صحافی کرن تھاپر کے ساتھ شیئر کیں۔

باوثوق ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ روف حسن نے فروری 2023 کے واٹس اِیپ پیغام کے ذریعے یوکرین کے معاملے پر بھارتی موقف کو سراہتے ہوئے پاکستانی موقف پر سخت اعتراض کیا۔ رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ’’غیر جانبدار رہنے کی خواہش کے تناظر میں بھارت کا موقف قابل فہم ہے۔‘‘

پاکستان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اور سنگین الزام لگاتے ہوئے رؤف حسن نے بھارتی کرن تھاپر کو کہا کہ ’’پاکستان کا موقف انتہائی حیران کن ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ میں ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا لیکن اطلاعات ہیں کہ پاکستان یوکرین کو ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔‘‘

مارچ 2023 کو بھارتی کرن تھاپر کو بھیجے گئے رؤف حسن کے پیغامات میں اشتعال دلاتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے گھر سے گرفتاریوں کو ریاستی تشدد قرار دیا۔

رؤف حسن کی جانب سے بھارتی صحافی کو بھیجے گئے اِن اشتعال انگیز اور خوفناک پیغامات میں رؤف حسن نے کہا کہ ’’پاکستان ایک خونی انقلاب کے لیے تیار دکھائی دیتا ہے۔‘‘

باوثوق ذرائع اس بات کی بھی تصدیق کر رہے ہیں کہ 10 مئی 2023 کو رؤف حسن کی جانب سے بذریعہ زوم کرن تھاپر کے ساتھ انٹرویو بھی ریکارڈ کیا گیا۔ 11 مئی 2023 کو واٹس ایپ میسج کے ذریعے رؤف حسن نے افواج پاکستان کے مختلف دستوں کی نقل و حرکت کو توڑ مروڑ کر حاشیہ آرائی کی۔

روف حسن نے روٹین ملٹری مووکو بگاڑ کر پیش کیا اور کہا ’’پاکستان کی سڑکوں اور گلیوں میں مکمل فوجی نقل و حرکت دیکھی جا رہی ہے۔‘‘

غیر ضروری ہیجان پیدا کرتے ہوئے روف حسن نے کہا کہ ’’ہم ایک غیر اعلانیہ مارشل لاء کے عہد سے گزر رہے ہیں۔‘‘

بھارتی کرن تھاپر کو رؤف حسن کے غیر محتاط واٹس ایپ پیغامات انتہائی تشویش ناک ہیں۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیغام رسانی دراصل کرن تھاپر کی پشت پر بیٹھے ’’را‘‘ کے اہلکاروں کے لیے معلومات کا خزانہ تھا۔ پی ٹی آئی کے ترجمان نے ان پیغامات کے ذریعے ملکی حساس معلومات ایک بھارتی کو پہنچائیں تاکہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کیا جا سکے۔

یہ واٹس ایپ میسجز اس بات کی بھی تصدیق کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے رؤف حسن نے بھارتی صحافی کرن تھاپر کو آمادہ کیا کہ وہ پاک افواج کے خلاف منفی تاثرات پر مبنی بیانیے کی تشہیر کرے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق حساس معلومات کو پہنچانے کا مقصد ریاست مخالف بیانیے کو بھارتی میڈیا میں پروپگینڈے کے طور پر استعمال کرنا تھا۔ یہ پیغامات نہ صرف ریاست کو بدنام کرنے کی سازش تھی بلکہ انقلاب کے نام پر بھارتی میڈیا میں پروپگینڈا کرنا تھا۔ ان ثبوتوں کے پیش نظر رؤف حسن اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف مکمل اور کڑی تحقیقات کی جانی چاہیے۔

“باہر نہیں نکلنا، ورنہ خواتین سے بچ نہیں سکیں گے”

کراچی: پاکستان کی معروف ٹی وی میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے ڈرامہ سیریل ‘کبھی میں، کبھی تُم’ میں فہد مصطفیٰ کی شاندار اداکاری اور فٹنس دیکھ کر اُنہیں اہم مشورہ دے دیا۔

حال ہی میں نادیہ خان نے ایک ٹی وی شو کے دوران ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ کے نئے ڈرامہ سیریل ‘کبھی میں، کبھی تُم’ کے بارے میں بات کی۔

نادیہ خان نے کہا کہ ڈرامے میں فہد مصطفیٰ کو ایک مڈل کلاس فیملی کے لڑکے کے طور پر دکھایا گیا ہے، جو گھر کی ذمہ داریوں سے لاپرواہ ہے اور اپنا زیادہ تر وقت ویڈیو گیمز کھیلنے اور دوستوں کے ساتھ گُزارتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اس ڈرامے کے لیے فہد مصطفیٰ نے اپنی فٹنس اور حُلیہ بھی ویڈیو گیم کھیلنے والے نوجوان لڑکے کی طرح بنایا ہے جو قابلِ تعریف ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ڈرامے میں فہد مصطفیٰ کا کردار اور فٹنس دیکھ کر نوعُمر لڑکیوں سمیت ہر عُمر کی خواتین بھی اُن کی دیوانی ہوگئی ہیں۔

نادیہ خان نے کہا کہ میری سہیلیاں بھی فہد مصطفیٰ کے پیچھے پاگل ہورہی ہیں، وہ مجھے میسجز کرکے کہتی ہیں کہ یہ فہد مصطفیٰ نے کیا کردیا، یہ کتنے تبدیل ہوگئے ہیں، یہ تو سب کے کَرش بن گئے ہیں۔

اداکارہ نے فہد مصطفیٰ سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ آپ گھر سے باہر نہ نکلنا، ورنہ آپ خواتین اور نوعمر لڑکیوں سے خود کو بچا نہیں سکیں گے۔

واضح رہے کہ اداکار، پروڈیوسر اور میزبان فہد مصطفیٰ نے ڈرامہ سیریل ‘کبھی میں، کبھی تُم’ کے ذریعے 10 سال بعد ڈراموں میں واپسی کی ہے۔

اس سے قبل فہد مصطفیٰ نے آخری بار سال 2015 میں ڈرامہ سیریل ’دوسری بیوی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، اس ڈرامے کے بعد اداکار نے ڈرامہ انڈسٹری سے وقفہ لے لیا تھا۔

ہوم ٹیسٹ میچز کیلئے بورڈ نے کوکابورا گیندیں استعمال کرنے کا اعلان کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 7 ہوم ٹیسٹ میچوں کیلئے کوکابورا کرکٹ گیندوں کے استعمال کا فیصلہ کرلیا۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بنگلادیش کے خلاف 2 ٹیسٹ، انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بھی یہی بالرز استعمال کیے جائیں گے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ہوم بورڈ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ کرکٹ کی گیندوں کے برانڈ کے بارے میں فیصلہ کرے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2024-25 کے سیزن میں استعمال ہونے والی کرکٹ گیندوں کے برانڈز کی تفصیل بھی جاری کی ہے جو ایک اسٹریٹجک قدم ہے جس کا مقصد کھیل کے معیار کو بڑھانا ہے تاکہ وہ ہوم پلیئنگ کنڈیشنز کی مخصوص ضروریات کے مطابق ہوسکے۔

دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹ سیزن اگلے ماہ شروع ہوگا، بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ ڈیوک گیندیں تمام سینئرز ریڈ بال ڈومیسٹک ایونٹس میں استعمال کی جائیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ گراس روٹ لیول اور پاتھ وے کرکٹ میں ایسلائن اور گریز برانڈ کی گیندیں استعمال کرے گا جن میں انڈر13 انڈر 17 انڈر19 ٹورنامنٹس اسکولز۔ یونیورسٹیز کلب اور انٹرڈسٹرکٹس مقابلے شامل ہیں۔

یہ فیصلہ ڈومیسٹک وینیوز پر گراؤنڈ اور پچ کنڈیشنز کے مکمل تجزیے کے بعد کیا گیا ہے جس میں ڈیوک گیند کو مقامی پچوں کی خصوصیات کے مطابق اپنی مرضی کے مطابق بنایا گیا ہے۔

ڈومیسٹک 50 اوورز اور ٹی20 مقابلوں کیلئے پی سی بی بین الاقوامی معیار کے ساتھ مستقل مزاجی کو برقرار رکھتے ہوئے کوکا بورا کرکٹ گیندوں کا استعمال کرے گا کیونکہ آئی سی سی ایونٹس سمیت دنیا بھر میں تمام وائٹ بال کرکٹ کوکابورا گیندوں سے کھیلی جاتی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے یقین ظاہر کیا ہے کہ ٹونی ہیمنگ کی چیف کیوریٹر کے طور پر حالیہ تقرری کے ساتھ 2024-25 کے پورے سیزن میں پچز مختلف کرکٹ گیندوں کے استعمال میں معاونت کیلئے تیار کی جائیں گی۔

ہیمنگ متعلقہ ڈپارٹمنٹس کے ساتھ مل کر ایسی پچز تیار کریں گے، جو نہ صرف کھیل کے معیار کو بڑھاتی ہیں بلکہ بیٹ اور گیند کے درمیان مسابقتی توازن بھی برقرار رکھتی ہیں۔

ٹونی ہیمنگ پچز کی تیاریوں کے علاوہ مقامی کیوریٹرز کی تربیت اور کوچنگ کے بھی ذمہ دار ہوں گے جنہیں مختلف ریجنز اور ڈسٹرکٹس میں کھیل کے لیے ایک جیسی پچز تیار کرنے کا کام سونپا جائے گا۔

گیس کے بلز میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ متعارف کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد: پیٹرولیم سیکٹر کے مسائل کے حل کےلیے بنائی گئی کمیٹی نے گیس کے بلز میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ نظام متعارف کرانے کی ہدایت کردی۔

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پیٹرولیم سیکٹر کی ای اینڈ پی کمپنیوں کو درپیش مسائل پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں پیٹرولیم، خزانہ و محصولات اور توانائی کے وزراء سمیت کمیٹی کے دیگر سرکاری و نجی شعبے کے ارکان نے شرکت کی۔

نائب وزیراعظم نے توانائی کی حفاظت اور اقتصادی ترقی کے لیے اس شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے عزم کا اظہار کیا جو کہ مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مقامی اور غیر ملکی ایکسپلوریشن اور پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنیوں کے سربراہان نے سرکلر قرضے کے بڑھنے کی وجہ سے سیکٹر کی سیکیورٹی اور استحکام سے متعلق خدشات کو اجاگر کیا۔

کمیٹی کے نجی شعبے کے اراکین نے بھی ڈاؤن اسٹریم گیس سیکٹر سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا اور اس کے استحکام کو بہتر بنانے کے لیے نجی کمپنیوں کے لیے سیکٹر کو کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم نے پیٹرولیم ڈویژن کو اوگرا آرڈیننس میں مناسب ترامیم تجویز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ گیس کے نرخوں میں ماہانہ یا سہ ماہی بنیادوں پر ایڈجسٹمنٹ کے لیے ایک میکانزم متعارف کرایا جا سکے۔

سیکیورٹی کے مسائل پر، فورم نے داخلہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ ای اینڈ پی کمپنیوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کریں۔

کمیٹی نے داخلہ ڈویژن کو ذمہ داری دی گئی کہ وہ چیلنجنگ علاقوں میں آپریشنز کے لیے سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر وقف ون ونڈو سہولت کا نظام تیار کرے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشیں، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کے باعث متعدد علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں سندھ، شمال مشرقی جنوبی پنجاب، مشرقی بلوچستان، خیبر پختونخوا، پوٹھوہار اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث ڈی جی خان، کوہ سلیمان، ہرنائی سبی، جھل مگسی کوہلو، نصیرآباد، مستونگ، قلات، خاران، جعفرآباد، ژوب، بولان، خضدار، بارکھان، لسبیلہ، آواران، دادو، مری گلیات، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں برساتی ندی نالوں اور پہاڑوں علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

شدید بارشوں کے باعث زیریں سندھ، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں شدید بارشیں ہوئی ہیں۔