انڈر-19 ویمنز ٹی20 ورلڈکپ؛ شیڈول کا اعلان، میزبان کون ہوگا؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انڈر-19 ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

دوسرے انڈر 19 ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کی میزبانی ملائیشیا کے سپرد کی گئی ہے، ایونٹ 18 جنوری سے 2 فروری 2025 تک کھیلا جائے گا، جس میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

ایونٹ کے گروپ اے میں بھارت، ویسٹ انڈیز ،سری لنکا اور ملائیشیا شامل ہوں گی جبکہ گروپ بی پاکستان، انگلینڈ، آئر لینڈ اور امریکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

گروپ سی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، افریقا کوالیفائر اور سماؤ شامل ہیں، اس کے علاوہ گروپ ڈی میں آسٹریلیا، بنگلادیش ،ایشیا کوالیفائر اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں۔

گروپس کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر 6 مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی، ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 31 جنوری جبکہ فائنل 2 فروری کو ہوگا۔

ٹورنامنٹ میں شریک بھارتی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

بمراہ کِن پاکستانی فاسٹ بولرز کپتان کے گرویدہ ہیں؟

بھارتی ٹیم کو ورلڈکپ جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے جسپریت بمراہ نے فاسٹ بولر کے بہترین کپتان ہونے پر خیالات کا اظہار کردیا۔

انڈین ایکسپریس کو دیئے گئے انٹرویو میں بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے کہا کہ تیز گیند باز، بیٹرز کے مقابلے زیادہ ذہین ہوتے ہیں کیونکہ انہیں وکٹ درکار ہوتی ہے تاکہ وہ ٹیم کو میچ میں فتح دلواسکیں۔

انہوں نے کہا کہ بالرز کا کام مشکل ہوتا ہے کیونکہ وہ بیٹ کے پیچھے نہیں چھپ سکتے بلکہ عموماً ٹیم شکست کا الزام بھی بالرز پر ہی گرتا ہے، میں نے اپنے بچپن میں وقار یونس اور وسیم اکرم کو بطور کپتان دیکھا جبکہ اسی ٹیم کے فاسٹ بولر کپتان عمران خان نے 1992 کا ورلڈکپ جیتا۔

بمراہ نے روہت شرما، ایم ایس دھونی اور ویرات کوہلی کی قائدانہ خوبیوں کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں کھلاڑیوں کو سمجھتے تھے کہ وہ کس طرح اپنا بہترین دے سکتے ہیں، کوہلی نے فٹنس کے معاملے میں ہم سب کو نیا راستہ دیکھایا وہ کپتان نہیں بلکہ لیڈر ہیں۔

جان ابراہم نے بھارت کو خواتین، بچوں اور جانوروں تک کیلئے غیرمحفوظ قرار دیدیا

ممبئی: بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو جان ابراہم نے کہا ہے کہ خواتین، بچوں اور یہاں تک کے جانوروں کے لیے بھی بھارت محفوظ ملک نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جان ابراہم نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ بھارت کے مرد حضرات کو سمجھنا ہوگا کہ اُنہیں خواتین کے ساتھ کیسا برتاؤ کرنا چاہیے، اُن کی حفاظت کیسے کرنی چاہیے کیونکہ مرد ہی خواتین کے محافظ ہیں۔

جان ابراہم نے کہا کہ مردوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ خواتین کھلونا نہیں ہیں بلکہ وہ ہماری عزت ہیں، اگر ہم خواتین کی عزت کریں گے تو اس سے ہماری اپنی عزت کی حفاظت ہوگی۔

اداکار نے کہا کہ بھارت سے محبت کرنے والے لوگوں کو ملک کی خامیوں پر بھی تنقید کرنی چاہیے، ہمیں خاموش رہ کر اس جہالت کا حصہ نہیں بننا ہے اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ بھارت میں خواتین، بچے اور یہاں تک کے جانور بھی محفوظ نہیں ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ‘بھارت مہان ہے’ کا نعرہ لگانے سے کچھ نہیں ہوتا، اگر واقعی بھارت سے محبت ہے تو یہاں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بھی اُٹھاؤ، مجھے بھی بھارت سے پیار ہے لیکن میں اس ملک میں ہونے والی جہالت پر تنقید بھی کروں گا۔

مزید پڑھیں: آیوشمان کھرانہ بہیمانہ زیادتی کے بعد قتل ہونیوالی بھارتی ڈاکٹر کی آواز بن گئے

جان ابراہم نے کہا کہ میں اپنی کوشش سے بھارت میں سماجی تبدیلی لانا چاہتا ہوں، ملک میں جانوروں کو ایک خاص حیثیت دلانا چاہتا ہوں۔

اداکار نے مزید کہا کہ بھارت میں جانوروں کے تحفظ کے لیے کوئی قانون نہیں، خواتین اور بچے محفوظ نہیں، کیا اس عدم تحفظ پر کوئی مجھ سے بحث کرنا چاہے گا؟

واضح رہے کہ جان ابرہم کا یہ بیان کولکتہ ریپ کیس کے بعد سامنے آیا ہے، بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں گزشتہ ہفتے 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔

آر جی کار میڈیکل کالج کے اسٹاف نے بتایا کہ ڈاکٹر 36 گھنٹوں پر شفٹ کے تقریباً 20 گھنٹے کام کرنے کے بعد کالج کے سیمینار ہال میں کچھ دیر آرام کے لیے چلی گئی تھیں۔

تاہم، اگلے روز سیمینار ہال سے خاتون ڈاکٹر کی نیم برہنہ حالت میں لاش ملی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون ڈاکٹر کو ایک سے زائد مردوں نے انتہائی بے دردی سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا۔

شاہ رخ خان کے 300 سے زائد ایوارڈز کونسی خاص جگہ پر محفوظ ہیں؟

ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے اپنے کیریئر کے تمام نیشنل اور انٹرنیشنل ایوارڈز رکھنے کی خاص جگہ کے بارے میں بتا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ایوارڈ شوز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایوارڈ شوز سے بہت محبت ہے اور مجھے ہر ایوارڈ شو میں شرکت کرنا پسند ہے۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ یہ سُن کر مداح دنگ رہ جائیں گے کہ میرے گھر میں ‘ایوارڈز’ رکھنے کے لیے کوئی ‘ٹرافی کیبینٹ’ نہیں بلکہ ایک لائبریری ہے اور میں نے اسے انگلش لائبریری کی طرز پر ڈیزائن کروایا ہے۔

میگا اسٹار نے کہا کہ میں نے اپنی اس انگلش لائبریری میں اپنے تمام نیشنل اور انٹرنیشنل ایوارڈز رکھے ہوئے ہیں، میری اس لائبریری میں میرے 300 سے زائد ایوارڈز موجود ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ میرا 9 منزلہ دفتر ہے اور دفتر کی ہر منزل پر میرے کچھ ایوارڈز سجائے گئے ہیں، جنہیں دیکھ کر مجھے دلی سکون ملتا ہے کیونکہ یہ ایوارڈز بھارتی سینما کے لیے میری خدمات کو یاد دلاتے ہیں۔

شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ مجھے ایوارڈز جیتنے پر بہت خوشی ہوتی ہے اور میں ایوارڈز کے معاملے میں تھوڑا بےشرم بھی ہوں، خاص طور پر انٹرنیشنل ایوارڈز کے لیے، جنہیں وصول کرنے کے لیے میں اپنے مصروف شیڈول کی پرواہ بھی نہیں کرتا۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان اب تک 100 سے زائد فلموں میں کام کرچکے ہیں، اُنہوں نے اپنی جانداری اداکاری سے جہاں دُنیا بھر میں مداحوں کے دل جیتے تو وہیں کئی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

شاہ رخ خان اپنے کامیاب فلمی کیریئر کے دوران، اب تک 300 سے زائد ایوارڈز جیت چکے ہیں جن میں 14 فلم فیئر ایوارڈز بھی شامل ہیں۔

امریکا میں آسمان پر پراسرار سیاہ دائرہ نمودار

امریکا کی ریاست ورجینیا میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جب آسمان پر سیاہ گول دائرہ نمودار ہوا۔

ورجینیا کے کئی رہائشیوں نے آسمان پر سیاہ دائرے کی ویڈیو کو اس وقت ریکارڈ کیا جب ولیمزبرگ کے علاقے میں آسمان پر ایک پراسرار سیاہ دائرہ بظاہر تیرتا ہوا دیکھا گیا۔

متعدد عینی شاہدین نے صبح 11 بجے کے فوراً بعد آسمان میں کالا دائرہ دیکھنے کی اطلاع دی اور متعدد لوگوں نے اس غیر معمولی واقعہ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔


تاہم دائرہ چند منٹوں بعد غائب ہو گیا واضح رہے کہ اسی طرح کے سیاہ دائرے ماضی میں دیگر مقامات پر بھی دیکھے گئے ہیں جس کی ممکنہ وجہ آگ اور چھوٹے دھماکوں کو بتایا گیا ہے۔

جیمز سٹی کاؤنٹی کے فائر ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ انہیں کسی ایسے واقعات کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے جو دائرے کا سبب بن سکتا ہو۔

ڈائنوسار کو ختم کرنے والے سیارچوں سے متعلق اہم انکشاف

برلن: حال ہی میں ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ڈائنوسار کو ختم کرنے والے سیارچے سیارہ مشتری سے بھی آگے کے مقام پر تیار ہوئے تھے۔

66 ملین سال قبل ڈائنوسارز کا صفایا کرنے والے سیارچوں کی تحقیقات کرنے والے سائنسدانوں نے ایک نئی تحقیق جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ سیارہ مشتری (Jupiter)کے مدار سے باہر تشکیل پائے تھے۔

تحقیقی نتائج میں بتایا گیا ہے کہ محققین نے میکسیکو میں سیارچوں کی ارضیاتی باقیات کا جائزہ لینے کے بعد اس نتیجے میں پہنچنے ہیں۔

جرمنی میں کولون یونیورسٹی کے ماریو فشر گوڈے کی سربراہی میں ٹیم نے سیارچوں کے ذخائر میں روتھینیم آئسوٹوپس کی پیمائش کی اور ان کا موازنہ سیارچوں کے متعدد طبقوں سے کیا۔

محققین نے پایا کہ ایک کاربوناس سیارچہ تھا جو بیرونی نظام شمسی میں بنتا تھا اور یہ عمل جاری رہا۔ پانچ دیگر سیارچوں کی باقیات کی اضافی پیمائش سے پتہ چلتا ہے کہ یہ نظام شمسی میں بننے والے سلیکیٹ شہابی پتھروں کی وجہ سے تھے۔

اکثر دماغی مریض مناسب طبی جانچ حاصل نہیں کرپاتے

انگلینڈ: ماہرین صحت کے مطابق ایک تہائی سے زیادہ دماغی امراض میں مبتلا افراد اہم طبی جانچ حاصل نہیں کرپاتے۔

نئے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ آکسفورڈ شائر میں شدید دماغی بیماریوں میں مبتلا ایک تہائی سے زیادہ لوگوں کے صحت کے وہ تمام اہم ٹیسٹ نہیں ہوپاتے جو انہیں کروانے چاہئیں۔

دماغی صحت کے مرکز نے کہا کہ جن لوگوں کو اسکیزوفرینیا، سائیکوسس یا شخصیت کے عارضے جیسے طبی مسائل لاحق ہوتے ہیں ان کی عام آبادی کے مقابلے میں 20 سال پہلے موت ہو سکتی ہے۔

این ایچ ایس انگلینڈ کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ آکسفورڈشائر میں تمام 6,175 مریضوں میں سے 3,925 شدید ذہنی بیماری کے رجسٹر پر ہیں جنہوں نے سال کے اوائل سے مارچ تک تمام مطلوبہ طبی چیک اپ کروائے جبکہ باقیوں نے نہیں کروائے۔

یہ 64 فیصد کی شرح بنتی ہے جو کہ گزشتہ سال سے نمایاں طور پر 49 فیصد سے زیادہ ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ حتی الامکان تمام مریضوں کو سالانہ بنیاد پر صحت کی جانچ کے لیے شامل کیا جانا چاہیے جس میں خون اور پیشاب کے ٹیسٹ، الکوحل، تمباکو نوشی، اور باڈی ماس انڈیکس کے جائزے شامل ہیں۔

کلری اور اتحاد ٹاؤن میں فائرنگ کے پراسرار واقعات، 2 افراد زخمی

کراچی: شہر قائد کے علاقے کلری اور اتحاد ٹاؤن میں فائرنگ کے 2 پراسرار واقعات میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔

پہلے واقعہ میں لیاری کے علاقے کلری مرزا آدم خان روڈ آگرہ تاج کے قریب فائرنگ کے پراسرار واقعہ میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا ، کلری پولیس کے مطابق مضروب کی شناخت 30 سالہ مدثر کے نام سے کی گئی۔

جبکہ واقعہ اپنے ہی پستول سے اتفاقیہ گولی چلنے کے باعث پیش آنے کا بتایا جاتا ہے تاہم پولیس مضروب کا بیان قلمبند کر رہی ہے۔

دوسرا واقعہ بلدیہ اتحاد ٹاؤن روٹ ڈی الیون بس اسٹاپ کے قریب گھر میں فائرنگ کے پراسرار واقعہ میں 29 سالہ سیف اللہ زخمی ہوگیا۔

جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ گھر میں پستول صاف کرتے ہوئے پیش آیا ہے جس کی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

ٹرمپ نے کملا ہیرس کو بنیاد پرست اور پاگل قرار دے دیا

پنسلوانیا: سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کملا ہیرس کو بنیاد پرست اور پاگل قرار دے دیا۔

ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقی پنسلوانیا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مخالف ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کملا ہیرس کی ذاتیات پر جملے کسے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کملا ہیرس کو جوبائیڈن کے مقابلے میں ہرانا زیادہ آسان ہو گا۔

ٹرمپ نے کملا ہیرس کو تضحیک کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا آپ نے کملا کو ہنستے ہوئے سنا ہے؟ یہ ایک پاگل کی ہنسی ہے۔

ٹائم میگزین کے تازہ شمارے کے سرورق پر کملا کی تصویر پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ٹرمپ بولے کہ میں اس سے زیادہ اچھا لگ رہا ہوں۔

دوسری جانب ڈیموکریٹک پارٹی کا نیشنل کنونشن کل ہو گا، کنونشن میں کملا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی کی توثیق کی جائے گی۔

کملا ہیرس آج مغربی پنسلوانیا میں پٹسبرگ سے بس ٹور کے ذریعے اپنی انتخابی مہم میں حصہ لیں گی۔ ادھر رائے عامہ کے سروے میں کملا ہیرس کو ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔

انڈونیشیا نے یوم آزادی کا جشن نئے دارالحکومت میں منایا

نوسانتارا: انڈونیشیا نے اپنا 79 واں یوم آزادی کا جشن ملک کے نئے دارالحکومت میں منایا۔

نیا دارالحکومت نوسانتارا میں بنایا جا رہا ہے، جو جکارتہ کی جگہ لے گا، نئے دارالحکومت میں اب بھی تعمیراتی کام جاری ہے،

دوسری جنگ عظیم کے دوران صدیوں کی ڈچ حکمرانی اور پھر جاپانی قبضے کے بعد 1945 میں اپنی آزادی کے اعلان کی 79 ویں سالگرہ پر ملک کو امید تھی کہ شہر کا باضابطہ افتتاح کیا جائے گا۔

لیکن بورنیو کے جزیرے پر واقع اس منصوبے کو تعمیراتی تاخیر اور فنڈنگ کے مسائل کا سامنا ہے۔

یوم آزادی کے موقع پر صدر جوکوویدودو کے ہمراہ جانشین پرابووسوبانتو بھی موجود تھے جو موجودہ صدر کی سبکدوشی کے بعد ملک کی باگ دوڑ سنبھالیں گے۔