ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی میں چالیس ممالک شرکت کریں گے، صدر آرٹس کونسل

  کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ کے حوالے سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ اس فیسٹیول میں 40 ممالک کے فنکار و اداکار آرٹس کونسل آف پاکستان میں پرفارم کریں گے۔

اس پریس کانفرنس میں  معروف دانشور و مزاح نگار انور مقصود، اداکار وتھیٹر ڈائریکٹر خالد احمد ،پروفیسر اعجاز احمد فاروقی اور قدسیہ اکبر نے بریفنگ دی۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے 26ستمبر سے شروع ہونے والا ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“30اکتوبر 2024ء تک جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیسٹیول میں 34سے زائد ممالک حصہ لیں گے جس میں فلسطین، ترکیہ، بھارت ، متحدہ عرب امارات،امریکا، برطانیہ، جرمنی، آسٹریلیا،  روس، مصر، ساؤتھ افریقہ، اٹلی، جاپان، سری لنکا، ساؤتھ کوریا، ناروے، برازیل، اسپین، بیلجیم، یوکرین، اومان، قطر، زمبابوے، آزربائیجان، فرانس، یوگنڈا، بیلاروس، آئرلینڈ، کوسووہ، برونڈی، کانگو، روانڈا و دیگر شامل ہیں۔

”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ میں 100سے زائد کلچرل پرفارمنسز ہوں گی اور 350سے زائد فنکار پرفارم کریں گے جبکہ پاکستان اور بین الاقوامی تھیٹر، میوزک، ڈانس گروپ کی پرفارمنس کے علاوہ فائن آرٹ بھی فیسٹیول میں شامل ہیں۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے مزید کہاکہ آرٹس کونسل عالمی اردو کانفرنس سے پہلے عموماً یوتھ فیسٹیول ، پاکستان تھیٹر فیسٹیول ، میوزک فیسٹیول، ڈانس فیسٹیول منعقد کرتی ہے مگر اس مرتبہ ہم پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فیسٹیول لے کر آرہے ہیں جس کا نام ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچھلی بار جب پاکستان تھیٹر فیسٹیول شروع کیا تو اس میں 7ممالک نے حصہ لیاتھا ، ہمارا ارادہ پاکستان تھیٹر فیسٹیول کرنے کا ہی تھا مگر جب ہم نے بین الاقوامی طور پر سفارتخانوں اور فنکاروں سے رابطہ کرنا شروع کیا تو بہت سارے میوزک اور ڈانس کے فنکاروں نے بھی ہم سے رابطہ کیا، اس لیے اس کا نام ورلڈ کلچر فیسٹیول رکھا،تقریباً 40 ملک اس میں شریک ہورہے ہیں۔

بین الاقوامی طور پر 150 فنکار اس میں شامل ہوں گے، اس فیسٹیول میں تمام رنگ و نسل اور زبان کے لوگ حصہ لیں گے، یورپ، افریقہ، آسٹریلیا اور انڈیا سمیت دیگر ممالک شامل ہیں، تمام گروپس کے ساتھ ورکشاپ اور ٹاکس بھی ہو گی جس میں نہ صرف آرٹس کونسل کے طلبہ بلکہ رجسٹریشن کے ذریعے دوسرے لوگ بھی شرکت کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام گروپس آرٹس کونسل کے طلبہ کے ساتھ مختلف یونیورسٹیز اور بستیوں میں جاکر پرفارم کریں گے، پچھلی مرتبہ ان آرٹس نے تمام جگہوں پر پرفارم کرکے خود کو بہت خوش پایا، پاکستان کا جو فوک میوزک ، تھیٹر اور ڈانس ہے اس کا بھی ایک شوکیس کریں گے۔

احمد شاہ نے بتایا کہ ہمارا کلچر ، آرٹسٹ اور ہیرٹیج بہت اچھا ہے، قوالی اور کلاسیکل رقص بھی فیسٹیول میں شامل ہے، اختر چنال، وہاب بگٹی، مائی ڈھائی، انسٹرومنٹلسٹ عبداللہ ، فقیر ذوالفقار کے علاوہ سارنگی،بانسری جیسے ساز بھی فیسٹیول کا حصہ ہوں گے، ہم بین الاقوامی طور پر تمام آرٹسٹ کے ساتھ مل کر ایک یونیورسل میوزک تخلیق کرنے کی کوشش کررہے ہیں، پاکستان سمیت ایشیا میں اس طرح کا میوزک کبھی نہیں ہوا، ہم عوام کو 35دن بھرپور طریقے سے خوشی دینا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں حالات جیسے بھی ہوں ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے، ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں، حکومت سندھ نے ہمیں مکمل سپورٹ دی ہے، سیکیورٹی کے حوالے سے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے، بھارت اور پاکستان کے ویزوں کا مسئلہ بھی رہا ہے مگر ہماری اردو کانفرنس میں بھارت سے لوگ آتے رہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ ملکوں کے فنکار شریک ہوں۔

اس موقع پر معروف مزاح نگار و ادیب انور مقصود نے کہاکہ علامہ اقبال نے بھی ایک خواب دیکھا تھا ایک خواب احمد شاہ نے دیکھا ہے، پینتیس ملکوں کو ایک جگہ جمع کرنا ایک خواب ہی ہے جسے احمد شاہ پورا کر رہے ہیں یہ پروگرام تو ضرور کامیاب ہو گا، ان حالات میں 77سال سے ہم خوش نہیں ہیں، شاید اس فیسٹیول سے ہمیں خوشی ملے، ایک بات کی خوشی ہے کہ جے پور اور بمبئی سے گروپ آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا سے اس فیسٹیول میں شرکت کے لیے فنکار آرہے ہیں، دعا ہے ملک کے حالات ٹھیک رہیں، میں احمد شاہ کو مبارک باد دیتا ہوں۔

تھیٹر ڈائریکٹر خالد احمد نے کہاکہ یہ ایک بہت بڑا فیسٹیول ہونے جا رہا ہے، یہ دیکھتے دیکھتے ایک بہت بڑی شکل اختیار کر گیا ہے ، میں حیرت میں ہوں کہ آرٹس کونسل اتنا بڑا فیسٹیول کرنے جا رہا ہے ، یہ چیلنجز آسان نہیں، ہمارے طالب علموں کے لیے سیکھنے کا ایک بہت بڑا عمل ہے۔

آرٹس کونسل میں منعقدہ پریس کانفرنس کے آخر میں سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

الکا یاگنک کا اے آر رحمان کو کمتر سمجھنے کا انکشاف

 ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف پلے بیک گلوکارہ الکا یاگنک نے ماضی میں گلوکار اے آر رحمان کے ساتھ کام سے انکار کرنے کی وجہ بتا دی۔

عالمی شہرت یافتہ بھارتی میوزک کمپوزر اور گلوکار اے آر رحمان کا شمار اُن فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے کیریئر کی بُلندیوں پر پہنچنے سے قبل کئی مشکلات کا سامنا کیا۔

اے آر رحمان کے کیریئر کی شروعات میں ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ جب بالی ووڈ کے نامور گلوکاروں نے اُن کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

اسی حوالے سے گلوکارہ الکا یاگنک نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں ممبئی میں تھی اور مجھے چنئی سے فون آیا کہ اے آر رحمان نامی نیا موسیقار کسی فلم کے لیے میوزک کمپوز کررہا ہے تو وہ اس پراجیکٹ میں کمار سانو اور میرے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہے۔

گلوکارہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اُس دوران، مجھے ممبئی میں کئی پُرانے موسیقاروں کے ساتھ بھی کام کرنا تھا جس کے لیے تاریخیں بھی بُک تھیں، میں اے آر رحمان کی وجہ سے پُرانے موسیقاروں کو منع نہیں کرسکتی تھی لہٰذا میں نے اے آر رحمان کو صاف انکار کردیا تھا۔

الکا یاگنک نے کہا کہ اُس کے بعد، اے آر رحمان نے گلوکار کمار سانو سے رابطہ کیا تو اُنہوں نے یہ بھی کہہ کر انکار کردیا تھا کہ پتا نہیں یہ نیا موسیقار کون ہے، ہم اس کے ساتھ کام کیوں کریں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے اور کمار سانو نے اے آر رحمان کو کمتر سمجھ کر اُن کے ساتھ کام کرنے سے انکار تو کردیا تھا لیکن جب بعد میں، میں نے اُن کی موسیقی سُنی تو مجھے اپنے فیصلے پر بہت پچھتاوا ہوا کیونکہ اے آر کی آواز بہت خوبصورت تھی۔

گلوکارہ نے کہا کہ میرا دل چاہ رہا تھا کہ میں اپنا سر دیوار میں ماروں کیونکہ میں نے اے آر رحمان کے ساتھ کام کرنے کا سُنہرا موقع ضائع کردیا تھا۔

الکا یاگنک نے کہا کہ اُس کے بعد، جب پہلی بار میری اور اے آر رحمان کی ملاقات ہوئی تو اُنہوں نے شکوہ کیا کہ آپ نے میرے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا، یہ سُن کر مجھے بہت شرمندگی ہوئی، مجھے خود پر غصہ آیا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ، میں نے اے آر رحمان کے ساتھ بہت کام کیا ہے لیکن میری طرف سے وہ پہلا انکار، ہمیشہ میرے دل میں چُبن کی طرح رہے گا۔

واضح رہے کہ اے آر رحمان ساتویں مرتبہ نیشنل ایوارڈ برائے موسیقی جیت چکے ہیں جس کے بعد وہ بھارت میں سب سے زیادہ مرتبہ یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے میوزک ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔

اداکارہ میرا کو لوگوں کی چغلیاں چھوڑ دینی چاہیے، ریشم

 لاہور: ماضی کی معروف پاکستانی فلم اسٹار ریشم نے اداکارہ میرا کو لوگوں کی چغلیاں نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

حال ہی میں ریشم نے کامیڈین و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر اور پاکستان کی سیاست سمیت مختلف مضوعات پر گفتگو کی۔

ریشم نے اداکارہ میرا کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا اگر مجھ سے ملتی ہیں تو میرے سامنے دو تین لوگوں کی برائیاں کرتی ہیں اور اسی طرح جب دوسرے لوگوں سے ملتی ہیں تو اُن کے سامنے میری چغلیاں کرتی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے حال ہی میں معلوم ہوا کہ میرا نے لوگوں کے سامنے میرے بارے میں برائیاں کی ہیں، جس سے یہ صاف ظاہر ہوگیا ہے کہ اداکارہ میرا کسی کی بھی دوست نہیں ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ میرا نے اچھے بننے کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے، وہ سب کے سامنے اچھے بننے کی کوشش کرتی ہیں۔

ریشم نے مزید کہا کہ میرا کو کسی ایک دوست کے ساتھ تو ایماندار ہونا چاہیے، اُنہیں اب اس عُمر میں چغلیاں چھوڑ دینی چاہئیں۔

اب اگر 9 مئی ہوا تو اس کی ذمہ داری میں لوں گا، شیرافضل مروت

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ جلسے جلسوں کی پلاننگ میں کروں گا۔ کوئی 9 مئی ہوا تو اس کی ذمہ داری لوں گا۔

عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیرافضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے 22 اگست کے جلسے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ جلسے جلوسوں اور اختجاج کے حوالے سے جو بھی پلاننگ ہوگی خود کروں گا اب اگر کوئی 9 مئی ہوتا ہے تو اس کی ذمہ داری میں لوں گا اور ساری پلاننگ بانی پی ٹی آئی سے پوچھے بغیر کروں گا۔ بعد میں کوئی یہ نہ کہے کہ جو ہوا عمران خان کے حکم پر ہوا۔

شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ آج 3 مہینے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے کچھ گلے انہوں نے اور کچھ گلے میں نے کیے۔ میں نے قائد سے کہا مجھے جو مرضی ذمہ داری دے دیں اور اس کے جو نتائج ہوں گے وہ آپ خود نکال لیں۔ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر تمام اختلافات ختم کردئیے ہیں میری طرف سے معافی ہے۔ ان کی یقین دہانی پر سب معاملہ ختم ہوگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ شیر افضل کو صرف بانی پی ٹی آئی ہی نکال سکتا۔ میں نے عمران خان کو کہا کوئی گلہ آئے تو بیرسٹر گوہر اور علی امین سے پوچھیں۔آج سرخرو ہوا ہوں،بیرسٹر گوہر نے واضح پیغام دیا ہے کہ پارٹی اختلافات نہیں ہوں گے۔ ہم پہلے لاہورکے لیے نکلیں گے۔ لوگوں کو میرے لندن جانے پر بھی اعتراض ہے۔ شبلی فراز، عمر ایوب اور دیگر کے خلاف کوئی بات نہیں سنیں گے۔ ہم پر امن احتجاج کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کے وارئیر لوگوں میں تحرک پیدا کریں ۔ ہم اس گھٹن زدہ ماحول سے تنگ آ چکے ہیں ۔ طلباء، وکلاء، کسانوں اور سب کا احتجاج لیڈ کریں گے۔

برطانوی شہری نے بلند ترین سطح سے اسکینگ کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا

  لندن: ایک برطانوی شہری نے 18,753 فٹ کی چٹان سے اسکینگ (skiing) کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔

34 سالہ جوشوا بریگ مین نے ہمالیہ میں میرا چوٹی پر کرتب مکمل کرتے ہوئے دنیا کی بلند ترین اسکی بیس جمپ ​​کا اعزاز حاصل کرلیا۔

بریگ مین نے بتایا کہ انہوں نے اور ان کی ٹیم نے چھلانگ کی جگہ کا جائزہ لے کر اور ہموار اسکی کو یقینی بنانے کے لیے ملبہ صاف کرکے ریکارڈ کی تیاری میں دو ہفتے گزارے۔

انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ خواب یہ تھا کہ ہم پہاڑ سے اسکی اچھے موڑ اور فصاحت سے کریں لیکن حقیقت میں ہمارے پاس تقریباً 6,000 میٹر کی بلندی پر پتھروں سے بھرا ہوا رن وے تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تھکن اور آکسیجن کی کمی کے باعث چھلانگ لگانے سے پہلے کچھ گہری سانس لیں اور اسکی کیلئے چھلانگ لگادی۔

موبائل فونز کے سب سے بڑے ذخیرے کا عالمی ریکارڈ قائم

بارسلونا: نوکیا فونز کا شوق رکھنے والے ایک ہسپانوی شخص نے 3,615 منفرد سیل فونز اکٹھا کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

بارسلونا کے رہائشی وینس پالاؤ فرنینڈز  نے کہا کہ فونز سے ان کی محبت اس وقت شروع ہوئی جب اسے 1999 میں کرسمس کے موقع پر گرے رنگ کا نوکیا 3210 ملا اور 2008 میں اس نے نوکیا فونز کو اکٹھا کرنا شروع کر دیا۔

آخرکار فرنینڈز  نے دوسرے برانڈز کے فون اکٹھے کرنے کی کوشش کی جس سے موبائل فونز کی دنیا کا سب سے بڑا مجموعہ اکٹھا ہوا۔

شہری نے بتایا کہ میرے کلیکشن کا ارتقاء مستقل تھا اور اگرچہ میں نے اسے تقریباً ایک سال کے لیے ترک کر دیا تھا، پھر میں انہیں جمع کرنے کے ارادے سے میدان میں واپس آیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان تمام فونز کے علاوہ جو نوکیا نے مارکیٹ میں لانچ کیے انہوں نے وہ فونز بھی جمع کیے جوکمپنی کے پروٹوٹائپس تھے اور مارکیٹ میں لانچ نہیں کیے تھے۔

سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع

اسلام آباد: ایف بی آر نے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کردی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے سیلزٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کے گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 5 روز کی توسیع کردی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سیلزٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے ریٹرنز جمع کرانے کی آخری تاریخ 18اگست سے بڑھا کر23 اگست مقرر کردی گئی ہے۔

190 ملین پاؤنڈ کیس: چیف جسٹس پراپرٹی ٹائیکون کو کیوں نہیں بلاتے؟ علیمہ خان

سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے سوال ہے کیا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ پراپرٹی ٹائیکون کو کیوں نہیں بلاتے؟۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ پراپرٹی ٹائیکون کا نام کیوں نہیں لیا جارہا، سپریم کورٹ میں چیف جسٹس نے 190 ملین پاؤنڈ پر ریمارکس دیئے لیکن پراپرٹی ٹائیکون کو عدالت نہیں بلا رہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پراپرٹی ٹائیکون پر جرمانہ عائد کیا تھا، پراپرٹی ٹائیکون عدالت میں پیش ہوں اور جواب دیں، جن جن کے اس کیس میں نام ہیں ان کو بھی طلب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت کے ججز نے آئندہ ہفتے کو سزا کے لیے رکھا ہوا ہے لیکن ہمارے وکلاء کو آج بھی تاخیر سے اڈیالہ جیل میں جانے دیا گیا۔

میری زبان پھسل گئی تھی؛ آغا، حنا کی طلاق سے متعلق بیان پر مدیحہ نقوی کا یوٹرن

  کراچی: پاکستان کی معروف ٹی وی میزبان مدیحہ نقوی شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان طلاق کی تصدیق کرنے کے بعد اب بیان سے پیچھے ہٹ گئی ہیں۔

حال ہی میں پاکستان کی سینیئر اداکارہ شگفتہ اعجاز اور ونیزہ احمد نے مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی، جہاں ان دونوں اداکاراؤں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی تھی۔

میزبان مدیحہ نقوی نے شو کے ایک سیگمنٹ کے دوران انکشاف کیا تھا کہ آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان طلاق ہوچکی ہے اور فی الحال! دونوں ہی تنہا زندگی گزار رہے ہیں۔

مدیحہ نقوی کی اس تصدیق کے بعد، اُن کے شو کا یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا، حنا الطاف اور آغا علی کی طلاق کی خبر سرخیوں کی زینت بن گئی تھی لیکن اب میزبان اپنے بیان سے مُکر گئی ہیں۔

میزبان مدیحہ نقوی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں معروف سوشل میڈیا پیج کی پوسٹ شیئر کی جس میں بتایا گیا تھا کہ مدیحہ نقوی نے آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان طلاق کی تصدیق کردی ہے۔

مدیحہ نقوی نے اس خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی جوڑے کے درمیان طلاق کی تصدیق کرنے والی میں کون ہوتی ہوں؟

اُنہوں نے کہا کہ میرے مارننگ شو میں اداکاراؤں کے درمیان ایک گیم کھیلا جارہا تھا اور اس دوران میری زبان پھسل گئی تھی، مجھے سوچ سمجھ کر بولنا چاہیے تھا۔

میزبان نے کہا کہ میرے سامعین جانتے ہیں کہ میں کبھی بھی کسی کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسی باتیں نہیں کرتی۔

مدیحہ نقوی نے مزید کہا کہ میں حنا الطاف اور آغا علی کی جوڑی کو بہت پسند کرتی ہوں، میں ان دو خوبصورت انسانوں کو تکلیف پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔

5

پختونخوا؛ منکی پاکس سے متاثر واحد مریض اپنے گھر سے غائب

مردان: خیبر پختونخوا میں منکی پاکس کا واحد مریض اپنے گھر سے غائب ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے وطن واپس آنے والا شخص منکی پاکس سے متاثرہ تھا۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مرض کی تشخیص پشاور میں علاج معالجے کے دوران ہوئی، جس کے بعد اسے گائیڈ لائن مہیاکرنے کے لیے میڈیکل ٹیم اس کی رہائش گاہ پر گئی تو گھر کو تالے لگے تھے۔

مریض کے آبائی علاقے ضلع دیر کے ڈی ایچ او سے رابطہ کیاگیا تو معلوم ہوا کہ مریض وہاں بھی نہیں ہے۔