اسرائیل کا جنوبی لبنان پرفضائی حملہ، خاتون اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق

بیروت: اسرائیل کے جنوبی لبنان پر فضائی حملے میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

لبنان کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے علاقے نباتیہ کو نشانہ بنایا۔ جاں بحق ہونے والوں میں خاتون اور ان کے دو بچے بھی شامل ہیں۔اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والے 5 افراد میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق شمالی علاقے میں وادی الکفر نامی قبصے میں اینٹوں کے بھٹے پر بھی اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی۔ حملے میں شام سے تعلق رکھنے والا اینٹوں کے بھٹے کا مالک جاں بحق ہوگیا۔

احسان اللہ کی انجری؛ والد نے چیئرمین پی سی بی سے اپیل کردی

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر احسان اللہ کے والد نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے اپنے بیٹے کے کیرئیر سے متعلق اپیل کردی۔

ایک سال سے کہنی کی تکلیف کے شکار فاسٹ بولر احسان اللہ خان کے والد عبدالناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستند ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے سوات میں مناسب دیکھ بھال نہیں مل رہی ہے، اس کی بحالی کے لیے یہ ضروری ہے کہ اسے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) منتقل کیا جائے، جہاں وہ اپنا کیریئر بچانے کے لیے ضروری علاج کر سکے۔

کرکٹر کے والد نے پی سی بی چیئرمین سے درخواست کی کہ احسان کو اپنا علاج مکمل کرنے اور دوبارہ کھیل شروع کرنے کے لیے لاہور منتقل کیا جائے، مسلسل زخمی ہونے کی وجہ سے انکا کیرئیر داؤ پر لگا ہوا ہے۔

بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک ماہ کیلیے معمولی کمی کا امکان

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک کے لیے معمولی کمی کا امکان ہے۔

ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ 31 پیسے کمی کی درخواست دائر نیپرا میں دائر کردی گئی ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں دائر کی گئی۔
سی پی پی اے کی جانب سے دائر درخواست جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا اتھارٹی کو دی گئی ہے، جس پر نیپرا 28 اگست کو سماعت کرے گی۔

پرابھاس اور دیپیکا کی بلاک بسٹر فلم ‘کالکی’ او ٹی ٹی ریلیز کیلئے تیار

 ممبئی: باہو بلی سُپر اسٹار پرابھاس اور دپیکا پڈوکون کی بلاک بسٹر سائنس فکشن ایکشن تھرلر فلم ‘کالکی 2898 AD’ کی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔

فلمسازوں نے پرابھاس اور دیپیکا پڈوکون کے اُن مداحوں کے لیے خوشخبری کا اعلان کیا ہے جو سینما گھروں میں فلم ‘کالکی 2898 AD’ نہیں دیکھ سکے تھے۔

اب یہ مداح گھر بیٹھ کر بھی 2024 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم ‘کالکی 2898 AD’ دیکھ سکیں گے یعنی اب یہ سُپر ہٹ فلم اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر بھی ریلیز ہورہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پرابھاس، دیپیکا پڈوکون اور امیتابھ بچن کی ایکشن تھرلر فلم ‘کالکی 2898 AD’ کا ہندی ورژن 22 اگست کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگا۔

دوسری جانب فلم کے تامل، تیلگو اور کنڑ ورژن 22 اگست کو پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوں گے۔

واضح رہے کہ ناگ اشون کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’کالکی 2898 AD‘ میں پرابھاس، دیپیکا پڈوکون اور امیتابھ بچن کے علاوہ کمل ہاسن اور دیشا پٹانی نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

عمران خان اور فیض حمید نے ملکر ملک میں سازشیں کی ، عطاتارڑ

اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ایک سیاسی لیڈر نے ملک میں بدامنی پھیلائی اور جنرل (ف) فیض اس سازش کا حصہ تھے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی، انہوں نے ملک میں ترقیاتی منصوبوں کا اغاز کیا، پہلی موٹر وے تعمیر کروائی، ملک میں موٹر ویز کا جال بچھایا، سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کیں اور اب ان کی قیادت میں پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کو سہولیات فراہم کر کے احسن اقدام اٹھایا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں صارفین کو بجلی کی مد میں بڑا ریلیف دیا، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کی ہے، وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کیلئے پچاس ارب روپے مختص کئے ہیں، پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔

فوج میں گرفتاریوں کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ پاک فوج میں خود احتسابی کا اپنا میکنزم ہے، ایک سیاسی لیڈر نے ملک میں انتشار اور تقسیم کی سیاست کو پروان چڑھایا، انہوں نے ملک میں بدامنی پھیلانے اور ملکی سالمیت کے خلاف سازشیں کیں، جنرل ریٹائرڈ فیض حمید ان کی سازش میں شامل تھے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردوں کو واپس کون لایا تھا؟ بانی چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ طالبان کو واپس آنا چاہیے، فوج اپنے معاملات کی شفاف تحقیقات کر رہی ہے، یہ تمام لوگ بانی پی ٹی آئی کی انتشار پھیلانے کی کوششوں میں شامل تھے، بانی چئیرمین پی ٹی آئی نے گٹھ جوڑ سے جوڑ توڑ کی سیاست کی، ملک کے امن کو نقصان پہنچانے والوں کا یہی انجام ہوتا ہے۔

بنگلادیش کو پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل بڑا دھچکا

بنگلادیش کو پاکستان کیخلاف سیریز سے قبل انجری کی صورت میں بڑا دھچکا لگ گیا۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ محمود الحسن انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں، انہیں ڈاکٹرز نے 3 ہفتوں کے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

بورڈ نے محمود الحسن کے متبادل کھلاڑی کے نام کا تاحال اعلان نہیں کیا۔

کرک بز کی رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیف فزیو کا کہنا ہے کہ محمود الحسن کے کمر کے دائیں حصے میں چوٹ آئی ہے جس کے باعث انہیں 3 ہفتوں تک کرکٹ سے دور رہنا پڑے گا۔

بنگلادیشی کرکٹر پاکستان شاہینز کیخلاف کھیلے گئی 2 چار روزہ میچز میں ٹیم کا حصہ تھے اور وہ فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے جبکہ دوسری اننگز میں بیٹنگ کیلئے بھی نہیں آسکے تھے۔

جنرل (ر) فیض کی گرفتاری پر خوف زدہ نہیں، عمران خان

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری پر بالکل بھی خوفزدہ نہیں اگر ڈرتا تو جوڈیشل کمیشن کی بات نہ کرتا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں ںے کہا کہ نواز شریف نے کہا ہے کہ سارا معاشی نظام پی ٹی آئی نے خراب کیا اور ہم پر الزامات لگائے، نواز شریف کے الزامات پر صرف اکنامک سروے آف پاکستان پڑھ لیں، ن لیگ والے ساڑھے 19ارب ڈالر کا خسارہ چھوڑ کرگئے، اس لیے ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

عمران خان نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ فیض حمید نے 9 مئی کی سازش کی، ایسا نہیں ہے بلکہ سازش تو پی ٹی آئی کے خلاف ہوئی ہے، پہلی سازش یہ تھی جنرل (ر) باجوہ نے نواز شریف کے کہنے پر جنرل فیض کو ہٹایا، دوسری سازش تھی کہ ہماری حکومت میں جنرل (ر) باجوہ نے حسین حقانی کو 35ہزار ڈالر میں لابنگ کے لیے ہائر کیا، حسین حقانی کے بعد ڈونلڈ لو کا معاملہ آیا اور ہماری حکومت گرادی گئی، چیف جسٹس کو انکوائری کا کہا لیکن بجائے انکوائری کے ہم مظلوموں پر سائفر کا کیس کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف تیسری سازش 9 مئی کا واقعہ ہے، یہ کیس ایک گھنٹے میں ختم ہوسکتا ہے صرف یہ پتا کروائیں کہ میری گرفتاری کا حکم کس نے دیا؟ اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لے آئیں، ہمارا مطالبہ ہے 9 مئی کی جوڈیشل انکوائری کرائیں لیکن اسٹیبلشمنٹ نہیں کرنے دے رہی۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے خلاف چوتھی سازش 8 فروری کا الیکشن تھا جس میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہم الیکشن چوری کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں اور چیف جسٹس چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ کی تعریفیں کر رہے ہیں، ملک میں سب کچھ یک طرفہ چل رہا ہے یہ سب کچھ چیف جسٹس کو توسیع دینے اور دو تہائی اکثریت کے لیے کیا جا رہا ہے، قاضی فائز نے ہماری مزید تین وکٹیں گرا دی ہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی گھر سے ہی نہیں نکلتی اسے 9 مئی کے مقدمات میں ملزم بنا دیا گیا، اسٹیبلشمنٹ کو پیغام دے رہا ہوں آپ ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میڈیا، سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر پابندی سے ملک کو 5 سو ملین ڈالر کا نقصان پہنچایا گیا، بھارت کی صرف آئی ٹی ایکسپورٹ کی مالیت 160 ارب ڈالر ہے، پی ٹی آئی کو دبانے کے لیے ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے، عدالت جب آئین کے مطابق فیصلہ کرے تو حکومت نہیں مانتی، پھر سرمایہ کاری کیسے آئے گی؟ قرض لینے سے مہنگائی بڑھے گی اور ملک ڈوبے گا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو کہتا ہوں آپ جو کر رہے ہیں اس سے ملک اور ادارے تباہ ہو رہے ہیں، فراڈ لوگوں کو اوپر بٹھا کر ادارے تباہ کیے جا رہے ہیں۔ نیب، پولیس اور ایف آئی اے سے غلط کام کروائے جا رہے ہیں، اپیل کرتا ہوں کہ آپ ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں ہمیں نہیں نقصان ہو رہا، سوشل میڈیا عوام کی آواز ہے دھاندلی کرکے جمہوریت کا گلا دبایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) فیض کی گرفتاری سے ڈرا نہیں ہوں، اگر ڈرتا تو اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ نہ کرتا، میں آج بھی وکلا کے ذریعے آرٹیکل باہر بجھوا سکتا ہوں اس کے لیے کسی جیل آفیسر کہ ضرورت نہیں، زلفی بخاری کو پیغام دینے کے لیے موبائل کی ضرورت نہیں، وکلاء اور پارٹی لیڈرز کے ذریعے بجھوا سکتا ہوں جیل میں موبائل جیمرز نصب ہیں، موبائل فون نہیں چلتا یہ صرف witch hunt جاری ہے۔

انہوں ںے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز کو مجھ سے ملاقات نہیں کرنے دی گئی، انھیں کہا گیا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں آپ سیاست پر بات نہیں کریں گے، میں ان سے سیاست پر نہیں تو موسم پر بات کروں گاَ یہ سب سے بڑا مذاق ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کے 190 ملین پونڈ ریفرنس سے متعلق ریمارکس سے واضح کہ انھوں نے جج کو واضح پیغام دیا ہمارے خلاف یہ ریفرنس چیف جسٹس کے 23 نومبر کو دیئے گئے آرڈر کے باعث بنا، یہاں ریفرنس چل رہا ہے اور چیف جسٹس اس پر ریمارکس کیسے دے سکتے ہیں؟

پارٹی میں اختلافات اور استعفی کے معاملے پر انہوں ںے کہا کہ عاطف اور جنید خان کو پیغام پے کہ وہ اینٹی کرپشن معاملہ پر کمیٹی سے ملیں اس معاملے کو بلاوجہ عوام میں نہ لے کر جائیں، پہلے یہ دیکھیں کہ اینٹی کرپشن کمیٹی نے قدم کیوں اٹھایا؟ کمیٹی میں سابق چیئرمین نیب بریگیڈیئر (ر) مصدق، سینئر وکیل قاضی انور اور شاہ فرمان شامل ہیں، تینوں کمیٹی ممبران غیر جانب دار ہیں بہتر فیصلہ کریں گے۔

منکی پاکس پر اہم اجلاس، وزیراعظم کی متعلقہ حکام کو اہم ہدایات جاری

اسلام آباد: منکی پاکس کے عالمی خطرات کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں مرض کے پھیلاؤ اور اس کے تدارک کے حوالے سے بات کی گئی۔

منکی پاکس سے متعلق اہم اجلاس آج وزیر اعظم ہاؤس میں ہوا، جس میں منکی پاکس کی تازہ صورتحال، مرض سے نمٹنے کی پیشگی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

علاوہ ازیں اجلاس میں ٹیسٹنگ لیبارٹریز ، لیب کٹس و متعلقہ ادویات کی دستبابی اور اسکریننگ کے نظام سے متعلق بھی شرکاکو آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، قومی ادارہ صحت، این سی او سی کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرت، سیکرٹری اور ڈی جی صحت بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر انٹرنیشنل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ اور ائرپورٹس پر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جب کہ وزیر اعظم نے تمام متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھی دیں۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کوآرڈی نیٹر ٹو پرائم منسٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او نے منکی پاکس کو عالمی خطرہ قرار دیا ہے، وزیراعظم نے بھی اس حوالے سے اقدامات کی ہدایات دی ہیں آج وزیراعظم ہاؤس میں میٹنگ ہوئی ہے۔

پنجاب میں بارشیں؛ دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ

لاہور: صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش اور ہوائیں چلنے سے حبس و گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا، پی ڈی ایم اے کی جانب سے مون سون بارشوں کا سلسلہ 20 اگست تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں صوبے کے بیشتر اضلاع میں مزید مون سون بارشوں کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، گجرات، ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال میں بارشیں متوقع ہیں۔ مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات ہیں۔

ترجمان کے مطابق دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ دریائے چناب میں آئندہ 24 گھنٹوں میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے ۔ دریائے چناب میں پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے ۔

آیوشمان کھرانہ بہیمانہ زیادتی کے بعد قتل ہونیوالی بھارتی ڈاکٹر کی آواز بن گئے

ممبئی: بالی ووڈ اسٹار آیوشمان کھرانہ نے کولکتہ میں بہیمانہ جنسی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی خاتون ڈاکٹر کے جذبات کا اظہار کرنے کے لیے نظم لکھ دی۔

بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں گزشتہ ہفتے 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا اور آر جی کار میڈیکل کالج کے اسٹاف نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر 36 گھنٹوں پر شفٹ کے تقریباً 20 گھنٹے کام کرنے کے بعد کالج کے سیمینا ہال میں کچھ دیر آرام کے لیے چلی گئی تھیں۔

تاہم، اگلے روز سیمینا ہال سے خاتون ڈاکٹر کی نیم برہنہ حالت میں لاش ملی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون ڈاکٹر کو ایک سے زائد مردوں نے انتہائی بے دردی سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا۔

بھارت میں خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے خلاف جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سراپا احتجاج ہے تو وہیں بالی ووڈ شخصیات بھی سوشل میڈیا کے ذریعے کولکتہ ریپ کیس کی آواز بن گئی ہیں۔