14 سالہ سوتیلی بیٹی کیساتھ ایک سال سے زیادتی کرنے والا بدبخت گرفتار

لاہور: لاہوراپنی 14 سالہ سوتیلی بیٹی کے ساتھ ایک سال سے زیادتی کرنے والا بدبخت شخص گرفتار کرلیا گیا۔

جنسی ہوس کا شکار سوتیلا باپ رشتوں کا تقدس ہی بھول گیا۔ ایک سال سے اپنی 14 سالہ سوتیلی بیٹی علشبا کے ساتھ زیادتی کرتا رہا۔ پولیس کے مطابق بچی علشبا ہنجروال کے علاقے میں کسی کے گھر میں کام کرتی ہے اور وہیں رہتی ہے۔

پولیس کے مطابق بچی جب بھی اپنے گھر جاتی تو سوتیلا والد موقع پاتے ہی زیادتی کا نشانہ بناتا اور کسی کو بتانے کی صورت میں بچی اور اس کی والدہ کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا۔ حال ہی میں والدہ اپنی بیٹی علشبا کو کام والے گھر سے اپنے گھر لے جانے پہنچی تو بچی نے انکار کر دیا، والدہ کے اصرار کرنے اور وجہ پوچھنے پر بچی نے زیادتی کے متعلق بتایا۔

پولیس نے والدہ کی درخواست پر ملزم شاہد کیخلاف تھانہ چوہنگ میں مقدمہ درج کرکے اسے جینڈر سیل کے حوالے کردیا ہے۔ ایس پی صدر ڈاکٹر غیور احمد خان کے مطابق بچوں اور خواتین کا استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

ویمنز ٹی20 ورلڈکپ؛ ایونٹ بنگلادیش سے یو اے ای منتقل کیے جانے کا امکان

آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کی میزبانی بنگلادیش سے لیکر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سپرد کیے جانے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش میں جاری شیخ حسینہ کے حکومت کے خاتمے کے بعد پُرتشدد مظاہروں، خراب حالات کی وجہ سے ایونٹ کی میزبانی کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اعلیٰ حکام نے سرجوڑ لیے ہیں جبکہ اس معاملے پر حتمی فیصلہ 20 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے حتمی فیصلہ 15 اگست کو ہونا تھا تاہم بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے کچھ اضافی رقم مانگی ہے اور وہ ٹورنامنٹ کے لیے سیکیورٹی کی یقین دہانی کے حوالے سے ملک کے آرمی چیف اور نگراں حکومت سے بات چیت کر رہا ہے۔

عمران خان کی مبینہ سہولتکاری پر زیرِ تحویل سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل گھر پہنچ گئے

راولپنڈی: عمران خان کی مبینہ سہولتکاری پر تحویل میں لیے گئے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل گھر پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مبینہ طور پر سہولت کاری کے الزام میں تحویل میں لیے گئے اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر اقبال گھر پہنچ گئے۔
سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو 13اگست کو پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ظفر اقبال جمعہ کی سہ پہر اچانک اڈیالہ جیل کے قریب اپنی رہائش گاہ پہنچے۔ ظفر اقبال کے گھر پہنچنے پرلاپتا اسسٹنٹ ناظم شاہ کی فیملی نے بھی ملاقات کی۔
ظفر اقبال نے فیملی سے ملاقات میں ناظم شاہ کے بارے لاعلمی کا اظہارکیا۔

گجرانوالہ؛ سی ٹی ڈی آپریشن میں دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

گجرانوالہ: سی ٹی ڈی آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی افئرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق گجرانوالہ کے علاقے ایمن آباد میں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا جب کہ دو طرفہ فائرنگ میں سی ٹی ڈی ٹیم معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔

خفیہ اطلاع پر کی گئی چھاپا مار کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سی ٹی ڈی حکام نے مقدمہ درج کرلیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ ، سیفٹی فیوز، بارودی مواد ، کارتوس اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

کراچی؛ مختلف علاقوں میں ہلکی بارش، گرج چمک کیساتھ تیز ہونے کا امکان

کراچی: شہر قائد میں آج ہفتے کے روز اور کل اتوار کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون الرٹ جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ صوبے کے شمالی/ وسطی جب کہ بلوچستان کے مشرقی و شمال مشرقی علاقوں پر اثرانداز ہورہا ہے ، جس کے نتیجے میں آج اور کل کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

اسی طرح پیر کے روز بھی موسم زیادہ تر ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش کا امکان بھی رہے گا ۔ موسلادھاربارشوں کی وجہ سے دیہی سندھ کےنشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ہفتے کو کراچی میں زیادہ سے زیادہدرجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ شہر میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے پیر تک جاری رہ سکتا ہے۔

منکی پاکس؛ علامات کے حوالے سے مفاد عامہ کا پیغام جاری

پشاور: محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے منکی پاکس کی علامات کے حوالے سے مفاد عامہ کا پیغام جاری کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد روغانی نے بتایا کہ ایم پاکس عام طور پر فلو جیسی علامات سے شروع ہوتا ہے۔ ان علامات میں بخار، سر درد، پٹھوں میں درد اور تھکن، جو ایک یا دو دن جاری رہ سکتی ہے۔ بخار کے ایک سے 3 دن بعد دانے نکل آتے ہیں جو کچھ دن بعد جسم پر مزید ظاہر ہونے لگتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جسم ان علامات سے لڑتا ہے، لیمفاڈینوپیتھی، یا بڑھا ہوا لمف نوڈس، ابتدائی علامات کے بعد ظاہر ہوتا ہے۔ علامات ظاہر ہونے پر مریض فوری طور پر دوسرے لوگوں سے خود کو الگ کرے اور ڈاکٹر سے رجوع کرے۔

ڈاکٹر ارشاد نے کہا کہ اگر آپ وائرس سے متاثر ہوتے ہیں، تو اس کا انکیوبیشن کا دورانیہ بہت طویل ہوتا ہے۔ ایک بار جب وائرس جسم میں داخل ہوتا ہے، تو یہ سب سے پہلے اندرونی اعضا کو متاثر کرتا ہے، جنہوں نے حال ہی میں وسطی یا مغربی افریقا یا یورپ کے اندر ایسے علاقوں کا سفر کیا ہے۔وہ فوری قریبی اسپتال میں اپنا معائنہ کروائیں۔

پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ عام طور پر متاثرہ شخص کو زیادہ سے زیادہ 21 روز تک دوسرے لوگوں سے میل جول نہیں رکھے ورنہ وائرس منتقل ہوسکتاہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق منکی پاکس وائرس میں شرح اموات 3.6 فیصد سے 10.6 فیصد تک ہے۔ منکی پاکس سے متاثرہ شخص کے لیے ضروری ہے کہ وہ خود کو آئسولیٹ کرلے حتیٰ کہ مرض کی تمام علامات ختم ہوجائیں۔ مریض کے زیر استعمال چیزوں کو اچھی طرح صاف کریں اور غیر ضروری سامان کو تلف کردیں۔

2018 سے 2022 تک پنجاب پنکی، گوگی اوربزدار گینگ کے حوالے رہا، عظمی بخاری

 لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ 2018 سے 2022 تک پنجاب پنکی، گوگی اور بزدار گینگ کے حوالے رہا۔صوبائی وزیراطلاعات عظمی بخاری نے بیان میں کہا کہ پنجاب پانچ سال بعد دوبارہ 2018 والا پنجاب بنے گا۔ 2018 سے 2022 تک پنجاب پنکی، گوگی اور بزدار گینگ کے حوالے رہا۔ اس گینگ نے پنجاب کو 10 سال پیچھے دھکیل دیا۔ جو لوگ مریم نواز پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں ان کے اپنے صوبے میں کرپشن کی آوازیں پارٹی کے اپنے لوگ اٹھا رہے۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور کی اپنی کابینہ کے لوگ ان کی کرپشن کی داستانیں خود بے نقاب کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے چند ماہ کی کارکردگی سے ثابت کیا وہ نواز شریف کا وزیراعلیٰ کے لیے درست انتخاب ہیں۔ روٹی کی قیمت میں کمی مریم نواز کی بہترین حکمت عملی اور ہوم ورک کا نتیجہ ہے۔ پنجاب میں آج باقی صوبوں کی نسبت مہنگائی قدر کم اور اشیاء خورد عام آدمی کی پہنچ میں ہیں۔

پنجاب میں مینڈیٹ چور ٹولے کے منصوبے ناکام ہو گئے، بیرسٹر سیف

پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب میں نااہل اور مینڈیٹ چور ٹولے کے منصوبے ناکام ہوگئے ہیں۔

پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب میں طلبہ کا ای بائیک لینے سے انکار اس کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ 8 ہزار میں سے 6 ہزار طلبہ نے بائیک لینے سے انکار کردیا ہے۔ پنجاب کی مینڈیٹ چور جعلی سرکار کی موٹر سائیکل اسکیم کالجز میں فلاپ ہونے لگی ہے۔عوامی مفاد کے منصوبے شروع کرنا مینڈیٹ چور سرکار کے بس کی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ایک لاکھ 30 ہزار مستحق خاندانوں کو سولر سسٹم دے رہے ہیں اور وہ بہت جلد تعلیم کارڈ پروگرام کا افتتاح بھی کریں گے۔ صوبے میں صحت کارڈ پر مفت علاج اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ نوجوانوں کے لیے احساس روزگار ، احساس ہنر ، احساس نوجوان روزگار پروگرامز کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب میں فارم 47 جعلی سرکار خیبر پختونخوا جیسے منصوبے شروع کر نے میں تاحال ناکام ہے۔ شریف خاندان کے منصوبے کمیشن سے شروع اور کمیشن پر ختم ہوتے ہیں۔ شریف خاندان صرف وہ منصوبے شروع کرتے ہیں جس میں ان کے کاروبار کو فائدہ ہو۔

جینیفر لوپیز اور بین ایفلیک کے درمیان طلاق کی خبریں دم توڑ گئیں

لاس اینجلس: امریکی سپر اسٹار جینیفر لوپیز نے اداکار بین ایفلیک سے طلاق کی خبروں کو مسترد کردیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ہالی وڈ اداکار بین ایفلیک نے طلاق کی افواہوں کے درمیان اپنی اہلیہ جینیفر لوپیز کے ساتھ اپنی 52 ویں سالگرہ منائی ہے۔

گلوکارہ کو افلیک کے گھر کے دورے کے دوران براؤن جیکٹ، نیلی جینز اور اسٹائلش ٹرینر پہنے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ایفلیک کی سابقہ ​​بیوی جینیفر گارنر بھی اسی دن ان سے ملنے آئی تھیں۔

مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپیئن شپ 2024 پاکستان میں ہوگی

مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپیئن شپ 2024 کا انعقاد پاکستان میں ہوگا۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب مکسڈ مارشل آرٹس ایشین چیمپیئن شپ پاکستان میں منعقد ہوگی۔ چیمپیئن شپ کا انعقاد 18 سے 22 اگست تک لاہور میں ہوگا۔
بریو کمباٹ اور ایشین چیمپیئن شپ مقابلوں میں کل 23 ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی، ایشین چیمپیئن شپ میں 12 جبکہ بریو کمباٹ میں 11 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ بریو کمباٹ فیڈریشن کے مقابلے بھی لاہور میں ہوں گے۔
مقابلوں میں 180 سے زائد فائٹرز جبکہ 120 سے زائد آفیشلز اور ٹیکنیکل اسٹاف شرکت کرے گا۔
ایشین چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے بھارتی فائٹرز و کوچزبراستہ واہگہ بارڈر 17 اگست کو لاہور پہنچیں گے۔

صدر پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن عمر احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ایشین چیمپیئن شپ کا انعقاد خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم سمیت دیگر ٹیموں کی مہمان نوازی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔