کلکتہ ڈاکٹر ریپ-قتل کیس، ڈاکٹروں کا بھارت بھر میں ہڑتال کا اعلان

کلکتہ: بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں ڈاکٹر کا ریپ کے بعد قتل کے معاملے پر احتجاج کے دوران سیکڑوں کارکنوں کے گرفتاری کے بعد ڈاکٹروں کی ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں ایک روزہ ہڑتال کی کال دے دی۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال میں احتجاج کے دوران پولیس نے سیکڑوں مظاہرین کو گرفتار کرلیا اور ڈاکٹروں کی ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں اپنے 10 لاکھ سے زائد ارکان کو ایک روزہ ہڑتال کی ہدایت کردی ہے۔

پولیس اور مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ مظاہرین کی جانب سے روڈ بلاک کرنے پر ریاست کے کئی علاقوں میں عوامی ٹرانسپورٹ درہم برہم ہوگئی اور اس دوران 1500 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) نے جمعرات کو بھی ملک بھر میں اپنے اراکین کو ہفتے سے 24 گھنٹوں کے لیے ایمرجنسی سروس کے علاوہ تمام سروسز بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔

آئی ایم اے کے صدر آر وی اسوکان نے بتایا کہ ملک میں ہمارے پیشے میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے اور ہم ایک دفعہ پھر ان کی سلامتی اور سیکیورٹی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر کے ریپ کے بعد قتل کے واقعے پر ملک بھر میں غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا، بالی ووڈ کے اداکاروں سمیت دیگر اسٹارز اور سیاست دانوں نے اس طرح کے واقعات کے ذمہ داروں کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

خوشی کپور نے ڈھائی کروڑ کی نئی مرسیڈیز بینز لگژری کار خرید لی

ممبئی: بالی وڈ اداکارہ خوشی کپور نے نئی مرسیڈیز بینز لگژری کار خرید لی جس کی قمیت ڈھائی کروڑ ہے۔

ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ نے لگژری ایس یو وی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی جس میں خوشی کپور کی خریداری کے بارے میں اعلان بھی کیا گیا۔

اداکارہ نے جس شاہانہ گاڑی میں سرمایہ کاری کی ہے، اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ دو ایڈیشنز میں دستیاب ہے اور توقع ہے کہ یہ مرسڈیز جی کلاس کیٹیگری میں اعلیٰ درجہ کی ماڈلز میں سے ایک ہے۔

مرسڈیز بینز جی کلاس 400 ڈی ایک پانچ نشستوں والی کار ہے جس میں متعدد خصوصیات ہیں جیسے ملٹی فنکشن اسٹیئرنگ وہیل، پاور ایڈجسٹ ایبل ایکسٹریئر ریئر ویو مرر، ٹچ اسکرین، آٹومیٹک کلائمیٹ کنٹرول، اینٹی لاک بریکنگ سسٹم (ABS)، الائے وہیلز، بشمول۔ دوسرے یہ 2925cc انجن سے چلتا ہے جو آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ دستیاب ہے۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی نے حماد اظہر کا استعفی مسترد کردیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے حماد اظہر کا استعفی منظور نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں پنجاب کے صدر کی حیثیت سے کام کرنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ارکان نے حماد اظہر کے استعفے کو مسترد کرتے ہوئے اُن کے تحفظات پر غور کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ستمبر تک بانی پی ٹی آئی کے کیسزمکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ کور کمیٹی کا 22 اگست کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا اور طے کیا کہ این او سی ملنے یا نہ ملنے دونوں صورتوں میں اسلام آباد میں جلسہ ہوگا۔

کور کمیٹی کے اجلاس میں قاضی فائز عیسٰی کو مقدمات سے الگ ہونے کی درخواست کی گئی۔

نائیجیریا میں مسلح افراد نے میڈیکل کے 20 طلبہ کو اغوا کرلیا

بینوے: نائیجیریا کی وسطی ریاست بینوئی میں مسلح افراد نے کنونشن میں شرکت کے لیے جانے والے میڈیکل اور ڈینٹل کے 20 طلبہ کو اغوا کرلیا۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق افریقہ کے گنجان آباد ملک نائیجیریا میں اغوا کا نیا واقعہ سامنے آیا ہے اور بینوئی سے 20 طلبہ کو اغوا کرلیا گیا ہے۔بینوئی پولیس کے ترجمان کیتھیرین اینین نے بتایا کہ اغوا کا واقعہ جمعرات کو پیش آیا تھا اور تحقیقات جاری ہیں۔پولیس نے بتایا کہ مغویان میڈیکل اور ڈینٹل کے طلبہ ہیں اور مذکورہ طلبہ جنوب مشرقی ریاست اینوگو میں ایک کنونشن میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔شمالی نائیجیریا میں مسلح گینگز مقامی شہریوں، طلبہ اور مسافروں کو تاوان کے لیے اغوا کرتے ہیں جبکہ مسلح افواج اس کا خاتمہ کرنے میں بدستور ناکام ہیں۔

پی آئی اے قاہرہ حادثے میں بچ جانے والے صلاح الدین صدیقی انتقال کرگئے

کراچی: مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں 1965 میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے حادثے میں بچ جانے والے خوش قسمت مسافر اور سابق جنرل مینیجر تعلقات عامہ قومی ائیرلائن صلاح الدین صدیقی 93 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کرگئے۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے 705 قاہرہ میں 20 مئی 1965 کو علی الصبح فضائی حادثے کا شکار ہوگئی تھی، اس حادثے میں 6 مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے تھے۔

حادثے میں زندہ بچ جانے والے 6 خوش نصیب مسافروں میں صلاح الدین صدیقی بھی شامل تھے۔

صلاح الدین صدیقی حادثے کے وقت پی آئی اے کے شعبہ تعلقات عامہ سے بطور جنرل مینیجر وابستہ تھے۔

صلاح الدین صدیقی 93 برس کی عمر میں جمعے کی صبح لندن میں خالق حقیقی سے جاملے، انہوں نے سوگواران میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔

اے آر رحمان نے ساتویں مرتبہ نیشنل ایوارڈ جیت لیا

ممبئی: عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکار، میوزک ڈائریکٹر و گیت نگار اے آر رحمان ساتویں مرتبہ نیشنل ایوارڈ برائے موسیقی جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز 16 اگست کو 2022ء میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلموں کے لیے 70ویں نیشنل ایوارڈز کا اعلان ہوا۔

70ویں نیشنل فلم ایوارڈز کے فاتحین میں آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی گلوکار اے آر رحمان کا نام بھی شامل ہے، اُنہیں نیشنل فلم ایوارڈز میں بہترین میوزک ڈائریکٹر (بیک گراؤنڈ اسکور) کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

اے آر رحمان کو منی رتنم کی تامل فلم ‘پونیئن سیلوان پارٹ 1′ کے لیے موسیقی کی ہدایتکاری کرنے پر ایوارڈ دیا گیا ہے، یہ فلم سال 2022 میں سُپر ہٹ ثابت ہوئی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ساتواں نیشل فلم ایوارڈ جیتنے کے بعد اے آر رحمان بھارت میں سب سے زیادہ مرتبہ یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے میوزک ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ایسگنانی الیاراجہ ہیں، جنہوں نے موسیقی کے شعبے میں پانچ بار نیشنل ایوارڈز اپنے نام کیے۔

ایران نے اسرائیل پرحملہ کیا تو تباہ کن نتائج بھگتنا ہوں گے، امریکی دھمکی

واشنگٹن: امریکا نے خبردار کیا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو غزہ میں جنگ بندی کے لیے جاری مذاکراتی عمل متاثرہوگا اور ایران کو حملے کے سنگین نتائج بھی بھگتنا ہوں گے۔ امریکا، برطانیہ اور فرانس ہر طرح کی صورتحال کے لیے جوابی کارروائی کی تیاری کررہے ہیں۔ ایران نے اسرائیل پرحملہ کیا تو اسرائیل کے لیے دفاع کے لیے سب کچھ کریں گے۔

امریکی اہلکار کا مزید کہنا تھا کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کا حملہ ایران کی پراکسی جنگ تھا اور ایران کے اسرائیل پر حملے کی صورت میں یہ پراکسی جنگ مزید تیز ہوجائے گی۔ امریکی حکام کا معمول ہے کہ جن سرکاری پالیسیوں، فیصلوں اور اقدامات کو غیرسرکاری طور پر سامنے لانا چاہتے ہیں وہ حکام نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتا دیتے ہیں۔

ایران نے جولائی میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے تہران میں قتل کے بعد بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

بھارت کی انتہا پسند حکومت علاقائی امن کے لیے مستقل خطرہ بن گئی

بھارت کی انتہا پسند حکومت علاقائی امن کے لیے مستقل خطرہ بن گئی ہے، اسی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے مودی سرکار کی آبی دہشت گردی بھی جاری ہے۔

مودی حکومت کبھی آزاد کشمیر میں دراندازی کررہی ہے تو کبھی دہشت گردوں کی پشت پناہی میں سرگرم نظر آتی ہے۔ حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے بعد پاکستان کو اب بھارت کی جانب سے آبی دہشت گردی کا سامنا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق بھارت نے بغیر پیشگی خبردار کیے دریائے راوی اور دریائے چناب کے اسپل اوور کھول دیے، جس کی وجہ سے پاکستان میں ہزاروں دیہات اور لاکھوں ایکڑ رقبہ زیرِ آب آ چکا ہے۔ بھارت کے بغیر وارننگ جاری کیے اچانک پانی چھوڑ دینے کی وجہ سے پاکستان میں ہنگامی صورتِ حال پیدا ہوئی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب پر قادر آباد بیراج پر پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے اور پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے بڑھ کر 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہونے کا امکان ہے۔

دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کے مقام پر 40 سے 55 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ متوقع ہے جب کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے نچلی سطح پر سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔

بھارت اپنی جارحانہ پالیسیوں اور آبی دہشت گردی کے ذریعے خطے کاامن تباہ کرنا چاہتاہے ۔ آخر کب تک مودی حکومت خطے میں دہشت گردی کو فروغ دیتی رہے گی؟

100 کروڑ کا بزنس! شردھا کپور کی ‘استری 2’ نے تاریخ رقم کردی

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شردھا کپور اور اداکار راج کمار راؤ کی نئی ہارر کامیڈی فلم ’استری 2‘ نے باکس آفس پر دھوم مچاتے ہوئے نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

شردھا کپور 15 اگست کو ریلیز ہونے والی اپنی نئی فلم ‘استری 2′ میں اپنے کردار ‘استری’ کی وجہ سے فلمی دُنیا میں چھا گئی ہیں، اداکارہ جہاں اپنے منفرد کردار کی بدولت مداحوں کی تعریفیں سمیٹ رہی ہیں تو وہیں اُن کی اور راج کمار راؤ کی اس فلم نے باکس آفس پر دھماکے دار اوپننگ کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘استری 2′ نے اپنی کامیاب اسٹوری لائن، ہارر اور کامیڈی کے تڑکے کی بدولت ریلیز کے صرف دو دن میں بھارتی باکس آفس پر 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شردھا کپور اور راج کمار راؤ کی فلم نے ریلیز کے پہلے دن 76.5 کروڑ بھارتی روپے جبکہ دوسرے دن 30 کروڑ بھارتی روپے کمائے، اس طرح ‘استری 2′ نے صرف دو دن میں 106.5 کروڑ کا ریکارڈ توڑ بزنس کیا۔

بالی ووڈ فلموں کے تجزیہ نگاروں نے پیشگوئی کی ہے کہ فلم ‘استری 2′ ہفتے اور اتوار یعنی آج اور کل مزید کمائی کرکے باکس آفس پر گزشتہ تمام ریکارڈز توڑتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کرے گی۔

پشاور میں بارش سے نشیبی علاقے زیرِآب،لوئردیر میں نالوں میں طغیانی آ گئی

پشاور: پختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے بعد کہیں نشیبی علاقے زیر آب تو کہیں نالوں میں طغیانی آ گئی جب کہ بعض علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

صوبائی دارالحکومت پشاور کے قرب و جوار میں صبح کے وقت کہیں تیز اور بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔ شہر کے کچھ علاقوں میں تیز بارش کی وجہ سے پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا، جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

تیز بارش کی وجہ سے کچھ نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔ پشاور میں یونیورسٹی ٹاؤن، فقیر آباد، حیات آباد میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، تاہم کچھ علاقوں میں معمولی بارش بھی ہوئی، مجموعی طور پر شہر میں حبس اور گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

اُدھر لوئر دیر میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور دریائے پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔ بارش کے دوران اکثر علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی اٹھانی پڑی۔