علی وزیر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت نے پشتون تحفظ موومنٹ ( پی ٹی ایم ) کے رہنما علی وزیر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی ایم کے رہنما علی وزیر کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ پولیس نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے علی وزیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
علی وزیر کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

ریشم ایک قابل اداکارہ ، بدقسمتی سے میں نے اُنہیں متعارف کروایا،سید نور

لاہور: لالی ووڈ کے معروف ہدایتکار سید نور نے ماضی کی مقبول پاکستانی فلم اسٹار ریشم کے الزامات پر ردعمل دے دیا۔

ہدایتکار سید نور نے حال ہی میں ڈاکٹر عفان قیصر کے پوڈکاسٹ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے ریشم کے شکوے پر کُھل کر بات کی۔

سید نور نے کہا کہ ریشم ایک قابل اداکارہ ہیں، بدقسمتی سے میں نے اُنہیں فلم انڈسٹری میں متعارف کروایا لیکن وہ مجھے اپنا استاد نہیں مانتیں، وہ مجھے چھوڑ کر ایوب خاور سمیت چند دیگر لوگوں کو اپنا استاد مانتی ہیں۔

اُنہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر ریشم مجھے اپنا استاد نہیں مانتیں تو مجھے اُن سے کوئی شکوہ نہیں بلکہ مجھے فخر ہے کہ میں نے ریشم کو فلموں میں متعارف کروایا، اُن کی گرومنگ میں مدد کی۔

ہدایتکار نے کہا کہ میں نے ریشم کی ظاہری شخصیت پر بہت محنت کی، اُنہیں سیکھایا کہ کیسے ہیئراسٹائل اور ملبوسات کا انتخاب کرنا چاہیے، میں اتنی مدد کرنے کے باوجود بھی ریشم سے ناراض نہیں ہوں۔

سید نور نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ ریشم اب کیوں کام نہیں کررہی ہیں، یا اُنہیں فلموں میں کیوں کاسٹ نہیں کیا جارہا، میں صرف اپنے بارے میں جانتا ہوں کی فی الحال! میرے پاس ایسا کوئی کردار نہیں ہے جس کے لیے میں ریشم کو اپنی فلم میں کاسٹ کرسکوں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں میرے پاس ایسا کوئی کردار ہوا جو ریشم کے لیے مناسب ہوا تو میں ضرور اُنہیں کاسٹ کروں گا۔

پریتی زنٹا اپنی ہی فرنچائز کے شریک مالک کیخلاف عدالت پہنچ گئیں

انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی معروف فرنچائز پنجاب کنگز کی شریک مالک پریتی زنٹا عدالت پہنچ گئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ و انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز پنجاب کنگز کی شریک مالکن پریتی زنٹا نے چندی گڑھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ موہت برمن کو فرنچائز کے کچھ حصہ کسی دوسری پارٹی کو فروخت کرنے سے روکا جائے۔

رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ پنجاب کنگز فرنچائز کے معروف بزبس مین موہت برمن کے پاس 48 فیصد جبکہ پریتی زنٹا اور نیس واڈیا 23، 23 فیصد حصص کے مالک ہیں جبکہ بقیہ 6 فیصد حصص کرن پال نامی شخص کے پاس ہیں۔

چندی گڑھ ہائی کورٹ نے پریتی زنٹا کی درخواست پر کیس کی سماعت 20 اگست 2024 کو مقرر کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پریتی زنٹا نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ موہت برمن کو کمپنی میں اپنے 11.5 فیصد شیئر ہولڈنگ کو فروخت کرنا چاہتے ہیں، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔

وسیم اکرم نے پاکستانی کرکٹرز کی فٹنس پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے پاکستانی کرکٹرز کی فٹنس پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

اسپورٹس ویب شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس پر زیادہ بات نہیں کرتا نہ میرے کوئی ذرائع ہیں لیکن اتنا معلوم ہے کہ گزشتہ 2 برس سے فٹنس پر کوئی توجہ نہیں تھی۔

سوئنگ کے سلطان نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی کارکردگی پر طنزیہ لہجہ اپناتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس ان کے بین الاقوامی میچز کھیلنے کے معیار کی نہیں تھی، پوری دنیا نے دیکھا کہ ہماری کرکٹ ٹیم کی فٹنس واقعی کتنی اچھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اب بھی میں کرکٹ کھیل رہا ہوتا تو مجھے فٹنس کا اُسی حوالے سے علم ہوتا، جب ہم کھیلتے تھے تو فٹنس اتنی عام نہیں تھی، ہمیں جاوید میانداد یا عمران خان ہی گائیڈ کرتے تھے۔

صبح 5 بجے سوتا ہوں اور 9 بجے اُٹھ جاتا ہوں، شاہ رخ خان

ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے پہلی بار مداحوں کو اپنی روز مرہ کی روٹین کے بارے میں بتا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے ‘دی گارڈین’ کو دیے گئے انٹرویو میں فلمی کیریئر سے اپنے 5 سال کے وقفے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میری عُمر 50 سال سے زیادہ ہوگئی ہے اور اس عُمر میں مجھے اپنے کام سے طویل چھٹی کی ضرورت تھی تاکہ میں مستقبل میں بہتر طریقے سے کام کرسکوں۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ دیگر لوگوں کی طرح میں بھی کورونا وائرس کے دنوں میں فارغ تھا تو اس دوران، میں سب کو اطالوی پکوان سیکھنے اور ورزش کرنے کا مشورہ دیتا تھا، میں خود بھی اپنی ورزش پر توجہ دیتا تھا اور عالمی وبا کے دنوں میں میری باڈی بھی بن گئی تھی۔

کنگ خان نے کہا کہ ایک بڑے اسٹار کے لیے فلمی دُنیا سے چار سے پانچ سال کا وقفہ بہت زیادہ ہوتا ہے، اس عرصے میں مداحوں نے مجھے بہت یاد کیا اور مداحوں کی یاد مجھے فلمی دُنیا میں واپس کھینچ لائی۔

ارشد ندیم کو گورنر پنجاب نے گاڑی اور 20 لاکھ کا چیک تحفے میں دیدیا

پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے والے اولمپئین ارشد ندیم کو گورنر پنجاب نے گاڑی اور 20 لاکھ کا چیک تحفے میں دیدیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا جبکہ اولمپئین رات گورنر پاؤس میں فیملی کے ہمراہ قیام کیا۔

ارشد ندیم کی گورنر ہاؤس آمد پر ریڈ کارپٹ بچھایا گیا اور ڈھول کی تھاپ پر انکا استقبال کیا گیا جبکہ اس موقع پر گورنر پنجاب نے گاڑی اور 20 لاکھ کا چیک تحفے میں دیا جبکہ نجی ایک کنال اور 10 مرلے کا ایک پلاٹ بھی تحفے میں دیا گیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے سالوں بعد پاکستان کا نام روشن کیا، پورے پاکستان میں اولمپئین کا والہانا استقبال کیا جا رہا ہے۔

نواز شریف کا پنجاب میں 500 یونٹس تک بجلی صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف کا اعلان

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی اور زائد بجلی کے بلوں پر عوام کے کرب کا اندازہ ہے ان سب کا کی ذمہ دار عمران خان حکومت ہے، آئی ایم ایف کو واپس لانے والے چہرے ہم نہیں جیل میں بیٹھے لوگ ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کے زمانے سے مہنگائی شروع ہوئی، عمران خان نے خود کہا تھا کہ ملک کو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں اور دنیا بھی کہہ رہی تھی کہ پاکستان آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد ہوگیا مگر آئی ایم ایف کو دوبارہ کون لایا؟ وہ چہرے شہباز شریف یا ہمارے نہیں، جیل میں بیٹھے چہرے ہیں جو ہاں سے بڑھ چڑھ کر باتیں کررہے ہیں۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے عوام مہنگائی اور بجلی کے زائد بلوں کے کس کرب سے گزر رہے ہیں، میرے زمانے میں بجلی کے بل کتنے تھے اور آج کتنے ہیں مجھے اندازہ ہے، میرا ذہن بار بار 2017ء کی طرف جاتا ہے جب بل کم تھے اور مہنگائی میں بھی کمی تھی، آمدنی زیادہ اور اخراجات کم تھے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ 2013ء میں جب ٹیک اوور کیا تو پاکستان تقریباً ڈیفالٹ کی حالت میں تھا اور اس معیشت کو ٹھیک کرکے دنیا کی بہترین ترقی والی قوموں میں شامل کردیا یہ میرے نہیں دنیا بھر کے اخبارات و جرائد کے الفاظ ہیں، جب تک مجھے نکالا نہیں گیا اس وقت تک ڈالر 104 روپے پر رہا، مجھے نکال کر انہوں نے ملک کے ساتھ بڑی زیادتی کی، میں نے چار سال تک ڈالر کو 104 روپے کی قیمت پر رکھا تو اطمینان رکھنا چاہیے تھا کہ آئندہ بھی ڈالر اسی قیمت پر رہتا مگر مجھے نکال دیا گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کے زمانے سے مہنگائی شروع ہوئی، عمران خان نے خود کہا تھا کہ ملک کو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں ہمارے دور حکومت میں دنیا کہہ رہی تھی کہ پاکستان آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد ہوگیا مگر آئی ایم ایف کو دوبارہ کون لایا؟ وہ چہرے شہباز شریف یا ہمارے نہیں، جیل میں بیٹھے چہرے ہیں جو ہاں سے بڑھ چڑھ کر باتیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ختم کیا اور بجلی کے کارخانے لگائے، ریکارڈ عرصے میں چین کے تعاون سے سی پیک کے تحت بجلی کے کارخانے لگائے اور بجلی کے ریٹ بھی بڑھنے نہیں دیے، 2017 میں بجلی کا بل 1600 روپے اور آج 18 ہزار روپے آرہا ہے، غریب کہاں سے بجلی کا بل دے گا؟

انہوں ںے کہا کہ مریم نواز نے وزیراعلیٰ بنتے ہی آٹے کی قیمت کم کی، کبھی صحت اور کبھی ہاؤسنگ کے معاملات کی بہتری میں مگن ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمارے دور میں بینک کی شرح سود سوا پانچ روپے تھے کون اسے ساڑھے بائیس فیصد تک لے گیا؟ سرمایہ کاری کیسے ہوگی؟ ہمیں آئی ایم ایف کی شرائط پر جکڑ دیا گیا ہے، میرے بعد کون لوگ قرض مانگنے کے لیے جاتے رہے؟ یہ موٹر وے ہم نے قرض مانگ کر نہیں بنائی، موٹر وے اپنے وسائل سے بنائی، میں اقتدار کا خواہش مند نہیں خلوص سے ملک کی خدمت کی مگر آج دل دکھتا ہے کہ ملک کے ساتھ کیا کردیا گیا، پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے آج وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے بھی بات کی ہے کہ ملک کے مظلوم طبقے کو کس طرح ریلیف دیا جائے، شہباز شریف نے کچھ عرصے قبل کم یونٹ والوں کو ریلیف دیا ہے اسی طرح پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ گرمی کے مہینوں میں اگست اور ستمبر کے بلوں میں فوری ریلیف کے لیے پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے کہ 500 یونٹ تک
گھریلو صارفین کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف دیا جائے گا۔

تھائی لینڈ میں سب سے کم عمر خاتون وزیراعظم منتخب

بنکاک: تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ نے 37 سالہ پیتونگاترن شیناوترا کو ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 37 سالہ پیتونگاترن شیناوترا ملک کے بزنس ٹائیکون تھاکسن شیناوترا کی سب سے چھوٹی بیٹی اور پھیو تھائی پارٹی کی جانب سے نامزد کردہ امیدوار ہیں۔

انھیں 493 کے ایوان میں 314 سے زائد ارکان نے ووٹ دیکر ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کیا۔ اس طرح وہ ملک کی تیسری خاتون وزیراعظم بن گئیں۔

37 سالہ پیتونگاترن شیناوترا کو تھائی لینڈ کی سب سے کم عمر وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا۔

کے الیکٹرک مہنگی ترین بجلی بنارہی ہے، سبسڈی نہ ملے تو یونٹ 80 روپے ہوجائے، قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

اسلام آباد: پاور ڈویژن کے حکام نے قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کو بتایا ہے کہ سب سے مہنگی بجلی کے الیکٹرک بنارہی ہے حکومت اسے سبسڈی نہ دے تو یونٹ 80 روپے پہنچ جائے۔

قائمہ کمیٹی برائے توانائی کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری توانائی نے کہا کہ اِس وقت کے الیکٹرک سب سے بجلی مہنگی پیدا کر رہی ہے، کے الیکٹرک کی ساری بجلی تھرمل سے بنتی ہے، اگر کے الیکٹرک کو حکومت سبسڈی نہ دے تو ہوسکتا ہے وہاں یونٹ 80 روپے تک پہنچ جائے۔

سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ اگر ہم ایل این جی سے بجلی پیدا کریں گے تو 40 روپے یونٹ ہوگا، جب کے الیکٹرک کی نجکاری ہوئی تھی اس وقت نقصانات 40 فیصد تھے آج کے الیکٹرک نقصانات 15 فیصد ہیں۔

کے الیکٹرک کی خاتون افسر کی قابل اعتراض لباس میں شرکت، رکن کے اعتراض پر چیئرمین کی معذرت

اجلاس میں کے الیکٹرک کی جانب سے خاتون عہدے دار بھی موجود تھیں۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے ان کے لباس پر اعتراض کیا اور کہا کہ کے الیکٹرک کی خاتون جس لباس میں اجلاس میں شریک تھی وہ قابل اعتراض ہے، اس طرح کے لباس میں اجلاس میں شرکت نہیں ہونی چاہیے، اجلاس میں خواتین کے لباس کے لیے بھی ایس او پیز ہونے چاہئیں۔

چیئرمین کمیٹی نے اقبال آفریدی سے اس معاملے پر معذرت کی۔

منکی پاکس؛ پاکستانی ہوائی اڈوں سمیت تمام داخلی راستوں پر احتیاطی تدابیر کیلیے ہدایات جاری

کراچی: کانگو اور ملحقہ ممالک میں منکی پاکس وائرس کے پھیلاو کے سبب پاکستانی ہوائی اڈوں سمیت تمام انٹری پوائنٹس پر کڑی نگرانی و احتیاطی تدابیر کے لیے ہدایات جاری کر دی گئیں۔

وائرس کے پھیلاو کے معاملے پر پاکستانی تمام انٹری پوائنٹس پر کڑی نگرانی اور احتیاطی تدابیر کے لیے بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان نے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

جاری کردہ مراسلے میں ایئر پورٹس سمیت تمام انٹری پوائنٹس پر مسافروں کی اسکریننگ بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں مشتبہ زخموں یا اس سے منسلک علامات کے حامل مسافر کو آئسولیٹ کرنے اور رپورٹ کرنے کے علاوہ وائرس سے نمٹنے کے لیے پوائنٹس پر پہلے سے موجود سسٹم کو بحال کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔