لاہور میں پراپرٹی ڈیلر کی خاتون سے مبینہ زیادتی

لاہور کے علاقے مناواں میں پراپرٹی ڈیلر نے خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

پولیس کے مطابق مناواں کے علاقے میں پراپرٹی ڈیلر مکان دکھانے کے بہانے خاتون کو لے گیا اور ان کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی۔ متاثرہ خاتون عاصمہ سجاد کی مدعیت میں نامزد ملزم نعیم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایس پی کینٹ اویس شفیق کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ خواتین کے ساتھ زیادتی کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ملزم کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

اسماعیل ہنیہ کو کیسے شہید کیا گیا ؛ بیٹے نے بڑا انکشاف کردیا

دوحہ: اسماعیل ہنیہ کو کیسے شہید کیا گیا اس حوالے سے تاحال متضاد اطلاعات آ رہی ہیں تاہم ان کے بیٹے نے آج ایک بڑا انکشاف کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسماعیل ہنیہ کے صاحبزادے عبدالسلام نے بتایا کہ والد کو ایران کے ایک حساس مہمان خانے میں اُن کے موبائل فون کی مدد سے نشانہ بنایا گیا۔

عبدالسلام ہنیہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے والد سوتے وقت اپنا موبائل فون تکیہ پر سر کے پاس رکھتے تھے اور اسی موبائل سے لوکیشن کا پتا چلا کر اسرائیل نے گائیڈڈ میزائل سے حملہ کیا۔

اسماعیل ہنیہ کے صاحبزادے نے ان رپورٹس کی تردید کی جس میں کہا گیا تھا کہ حماس کے سربراہ کے کمرے میں بم نصب کیا گیا تھا۔

عبدالسلام ہنیہ نے کہا کہ والد کے ساتھ والے کمرے میں ذاتی محافظین اور مشیر موجود تھے اگر بم دھماکا ہوتا تو ان لوگوں کا کمرہ بھی تباہ ہوجاتا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 31 جولائی کو تہران کے ایک سرکاری اور حساس مہمان خانے میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایران کے نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد رات قیام کے لیے پہنچے تھے۔

اس پُراسرار حملے کے بارے میں ایران اور حماس کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے میزائل حملے میں اسماعیل ہنیہ کو نشانہ بنایا جب کہ ایسی رپورٹس بھی آئیں جس میں کمرے کے اندر بم نصب ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

دوسری جانب اسرائیل نے اس حملے میں ملوث ہونے کے الزام کی نہ تو تردید کی اور نہ ہی تصدیق کی ہے تاہم نیتن یاہو نے کہا کہ دنیا میں کہیں چھپا ہوا ہو، اسرائیل کے ہر دشمن کو کھوج لگا کر نشانہ بنائیں گے۔

بنگلادیش کیخلاف سیریز کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان ہوگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کیخلاف سیریز کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 21 اگست سے راولپنڈی میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ کمنٹری پینل میں عامر سہیل، اطہر علی خان، بازید خان، نک کامپٹن اور عروج ممتاز شامل ہیں جبکہ سکندر بخت پریزینٹر ہوں گے۔

دوسری جانب راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں بارش کا خطرہ منڈلانے لگا ہے، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ میچ کے پانچوں دن یعنی 21 سے 25 اگست تک بارش کا امکان ہے جبکہ پیشگوئی کے باعث اسٹیڈیم کی تیاریوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ:

شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل، عامر جمال (فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد حریرہ، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی۔

بنگلادیش کا اسکواڈ:

نجم الحسین شانتو (کپتان)، محمود اللہ، ذاکر حسن، شادمان اسلام، مومن الحق، مشفق الرحیم، شکیب الحسن۔ لٹن داس، مہدی حسن میراز، تیج الاسلام، نظم الحسین، نورالحسن، عبادت حسین، حسن محمود، تسکین احمد اور خالد احمد۔

فیروز اور اقرا عزیز کا ڈرامہ ‘خدا اور محبت 3’ تُرکیہ میں بھی ریلیز کیلئے تیار

مشہور زمانہ ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ کا تیسرے سیزن ترکیہ کے چینل ‘کنال 7′ پر نشر ہونے کے لیے تیار ہے، ڈرامے کا تُرک زبان میں ٹریلر بھی جاری ہوگیا ہے۔

سال 2021 میں نشر ہونے والے مقبول ڈرامہ ‘خدا اور محبت 3′ کی کہانی ہاشم ندیم نے لکھی تھی جبکہ اس کی ہدایتکاری سید وجاہت حسین نے کی تھی، ڈرامے میں فرہاد اور ماہی کی ادھوری محبت کی کہانی دکھائی گئی تھی۔

ڈرامے میں فرہاد کا کردار فیروز خان جبکہ ماہی کا کردار اقرا عزیز نے ادا کیا تھا، ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں جنید خان، مرزا زین بیگ، حنا خواجہ بیات، جاوید شیخ، روبینہ اشرف، عثمان پیرزادہ، اسماء عباس، طوبیٰ صدیقی، فریحہ جبین، نور الحسن اور سنیتا مارشل شامل تھیں۔

‘خدا اور محبت 3′ نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے اور یہ پہلا پاکستانی ڈرامہ تھا جو یوٹیوب پر ون بلین کلب میں شامل ہوا تھا، ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اب اسے ترکیہ میں بھی ریلیز کیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فیروز خان اور اقرا عزیز کا مقبول ڈرامہ ‘خدا اور محبت 3′ ترکیہ کے چینل ‘کنال 7′ پر نشر کیا جائے گا، ڈرامے کا تُرک زبان میں ٹریلر بھی ریلیز ہوگیا ہے جسے تُرک مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔

‘کنال 7′ کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیے گئے ٹریلر کے مطابق ‘خدا اور محبت 3′ کو تُرک زبان میں ‘ناسیپ’ کا نام دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ترکیہ میں وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کے بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ‘تیرے بن’ کی نشریات کا بھی آغاز ہوا تھا۔

سندھ کے اسکولوں میں داخلہ مہم کا آغاز

کراچی: سندھ کے اسکولوں میں داخلہ مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ رواں سال سرکاری اسکولوں میں 8 لاکھ نئے داخلوں کی توقع ہے۔

وزیر تعلیم و ترقی معدنیات سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں ٹیچرز کی حاضری کے حوالے سے مانیٹرنگ نظام کو مزید مؤثر کیا جا رہا ہے۔ ، اسکول سے غیر حاضر رہنے اور نہ پڑھانے والے استاد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم سندھ کے زیر انتظام ضلع ملیر میں داخلہ مہم کے حوالے سے منقعد ہونے والی ریلی کی قیادت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔داخلہ کے سلسلے میں ہونے والی آگاہی ریلی کا انعقاد کراچی کے ضلع ملیر میں واقع گورنمینٹ رزاق آباد کالج سے گورنمننٹ گرلزپرائمری اسکول رزاق آباد تک کیا گیا۔

اس موقع پر سیکریٹری تعلیم سندھ زاہد علی عباسی، ملیر کے منتخب نمائندے و وزیر اعلیٰ کے معاون خاص سلیم بلوچ، ایم پی اے ساجد جوکھیو، ایم پی اے راجا رزاق، ایم پی اے یوسف مرتضٰی بلوچ، پیپلز پارٹی رہنماوں نے شرکت کی جبکہ یونیسف، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائکا) اور دیگر عالمی اداروں کے نمائندوں کے علاوہ معروف سماجی شخصیت شہزاد رائے، علاقے کی سماجی شخصیات، تعلیم دوست افراد، ضلعی تعلیمی افسران، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آگاہی ریلی کے موقع پر شرکاء نے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے تھے جبکہ “پڑھے گا سندھ، بڑھے گا سندھ” اور دیگر نعرے بھی لگاتے رہے۔ صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے طلبہ و طالبات و دیگر شرکاء کے ہمراہ ریلی میں حصہ لیا۔ اس موقع وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ ملک کا آئین تعلیم کو بنیادی حق مانتا ہے اور آئین مطابق 6 سے 15 سال تک کی عمر ہر بچے کو تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں کہا کہ ریاست کے ساتھ ایک اہم ذمہ داری والدین کی بھی ہے کہ وہ محکمہ تعلیم پر اعتماد کرتے ہوۓ اپنے بچوں کو اسکولز میں داخل کروائیں سردار شاہ نے کہا کہ اس سال ہم نے سرکاری اسکولز میں نئی داخلہ کا تناسب 8 سے 9 لاکھ کے قریب رکھا ہے۔ سندھ میں اس وقت 52 لاکھ بچے اور بچیاں زیر تعلیم ہیں۔ داخلہ مہم کو مؤثر بنا کر یہ تعداد اس سال 60 تک پہنچائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ میں اس وقت استاد کی کمی کی وجہ سے کوئی اسکول بند نہیں ہے اور ہمارے پاس کوئی بھی ٹیچر لیس اسکول اب سسٹم میں باقی نہیں رہا۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ کی ذمہ داری میں اسکولز میں اچھا ماحول دینا بھی شامل ہے مگر اچھے ماحول سے کہیں زیادہ ضروری اچھے استاد فراہم کرنا ہے۔ہم نے اچھے اساتذہ بھرتی کرنے کی ذمہ داری بھی پوری کر لی ہے جبکہ محکمہ کی طرف سے سائنس ٹیچر، میوزک ٹیچر کی بھرتیوں کے لیے جلد اعلان کیا جائے گا۔ سردار شاہ نے کہا کہ غیر حاضر رہنے اور بچوں کو نہ پڑھانے والے استاد کو برداشت نہیں کریں گے اس سلسلے میں اساتذہ کی مانیٹرنگ کا نظام مضبوط کیا ہے

اڈیالہ میں عمران خان کی پیغام رسانی، گرفتار نیٹ ورک کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں

راولپنڈی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی پیغام رسانی میں مصروف غیر قانونی نیٹ ورک کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم نے قریبی اسٹاف کو اہم پوائنٹس پر تعینات کررکھا تھا، سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے اپنے اردلی ظہیر کو چوہدری پرویز الہی، شاہ محمود قریشی کے ساتھ تعینات کر رکھا تھا، دوسرے اردلی جمیل کو شاہ محمود قریشی کے ساتھ نائٹ شفٹ میں تعینات رکھا گیا۔

ذرائع کے مطابق وارڈر یاسر ریاض کو پی بی اکاؤنٹ، سجاد صدیق کو تلاشی انچارج، شبیر فراز کو سامان تلاشی اور وی آئی پی موومنٹ پر تعینات رکھا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ہیڈ وارڈر زعفران کو جیل کے باہر اسپیشل ملاقات پر تعینات رکھا گیا تھا، اسٹاف کے تمام ممبران کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کیے جانے کا امکان ہے۔

کراچی؛ حوالہ ہنڈی کے خلاف آپریشن، نجی بینک کے ملازمین سمیت 3 افراد گرفتار

کراچی: حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی کے دوران نجی بینک کے ملازمین سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان کے مطابق حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف ایف آئی اے کراچی زون نے چھاپا مار کارروائیوں میں تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

کارروائیوں کے دوران کراچی کے علاقے نیو چالی میں واقع نجی بینک کی برانچ سے 2 ملزمان روح اللہ، خاور حسین کو گرفتار کیا گیا جو دونوں نجی بینک کے ملازم تھے۔ ملزمان سے مجموعی طور پر 40,500 سعودی ریال برآمد ہوئے ۔

دوسری کارروائی میں ملزم شاہ زیب کو پارک ٹاورز کلفٹن کراچی سے گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے 70 ہزار اماراتی درہم اور 14 ہزار امریکی ڈالرز برآمد ہوئے۔ ملزمان غیر ملکی کرنسی برآمد ہونے کے حوالے سے حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے ۔

‘بابراعظم کی وکٹ لینا! کس بالر کا خواب ہے’

بنگلادیش کے فاسٹ بولر شوریفل اسلام کا کہنا ہے کہ بابراعظم کی وکٹ لینا خواب ہے۔

بنگلادیشی فاسٹ بولر شوریفل اسلام نے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن فرسٹ کلاس ہے، بابراعظم ہمارے لیے مشکل ترین بلے باز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے لیے بہترین انتظامات کیے، ہماری تیاری اچھی ہے، پاکستان سے مقابلہ اچھا ہوگا۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ ہم پاکستان میں زیادہ کرکٹ نہیں کھیلے، اس لیے راولپنڈی کی کنڈیشنز کا علم نہیں البتہ کوشش کریں گے بہتریں کرکٹ کھیلیں۔

شوریفل اسلام نے کا کہنا کہ پاکستانی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر بابراعظم کی وکٹ حاصل کرنا خواب ہے۔

بھینس کے بجائے تحفے میں 5، 6 ایکٹر زمین دے دیتے، ارشد ندیم کی سسر سے خواہش

کراچی: پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم نے سسر سے بھینس کے بجائے تحفے میں 5، 6 ایکٹر زمین دینے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

جیولن مقابلوں میں 90 میٹر کی حد عبور کرنے والے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مختلف انعامات سے نوازا جا رہا ہے اور اسی سلسلے میں ارشد ندیم کے سسر نے بھینس تحفے میں دینے کا اعلان کیا تھا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران میزبان کے سوال پر ارشد ندیم نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ سسر دو مربع زمین میں سے مجھے 5، 6 ایکٹر زمین ہی دے دیتے لیکن بھینس دے دی، بہرحال یہ بھی اچھا کیا۔

ارشد ندیم نے کہا کہ ’’اہلیہ نے انٹرویو میں دیکھ کر مجھے بتایا کہ ابو نے تحفے میں بھینس دی ہے جس پر میں نے کہا کہ اتنے امیر ہیں تو کیا مجھے تحفے میں بھینس ہی دینی تھی۔‘‘

انہوں نے مسکراتے ہوئے مزید بتایا کہ میں نے اہلیہ سے کہا تھا اپنے والد سے کہو کہ پانچ چھ ایکڑ زمین دے دیں لیکن اہلیہ نے شاید اب تک ابا سے نہیں کہا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ اپنے والدین کا احساس کرتی ہیں۔

میزبان کے سوال پر ارشد ندیم نے کہا کہ جس طرح میں نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اسی طرح میرے بچے بھی کسی بھی شعبے میں ملک کا نام روشن کریں۔

واضح رہے کہ ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولن مقابلوں میں 92.97 میٹر کی تھرو پھینک کر ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انھوں نے 2008 میں بنایا گیا 90.57 میٹر کا اولمپک ریکارڈ توڑا ہے۔

عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہوگیا

کراچی: سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت میں اضافہ ہوگیا۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 07ڈالر کے اضافے سے 2461ڈالر کی سطح پر آ گئی۔

دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعہ کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 300روپے کے اضافے سے 257700روپے کی سطح پر آگئی اور اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 256روپے کے اضافے سے 220936روپے کی سطح پر آگئی۔

ملک میں جمعہ کے روز فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 50روپے کے اضافے سے 2950روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 42.87روپے کے اضافے سے 2486.28روپے کی سطح پر آگئی۔