پشاور؛ ریسٹورنٹس اور دکانوں پر سپلائی کیلیے لائی گئی مردہ مرغیاں برآمد، گروہ پکڑا گیا

پشاور: ریسٹورنٹس اور بازاروں میں دکانوں پر سپلائی کے لیے لائی گئی مردہ مرغیاں برآمد کرکے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے صوبائی دارالحکومت میں مردہ مرغیوں کا گوشت سپلائی کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا۔ اس حوالے سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ بورڈ بازار میں ایک گروہ مردہ مرغیوں کے گوشت کو صاف کر کے پشاور کے مختلف ریسٹورنٹس کو سپلائی کر رہا ہے۔

بعد ازاں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (ٹاؤن) نے بورڈ بازار میں گودام پر چھاپا مار کر موقع سے 600 سے زائد مردہ مرغیاں برآمد کرلیں۔ کارروائی کے دوران مردہ مرغیوں کو صاف کر کے سپلائی کر نیوالا گروہ سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

حکام کے مطابق یہ گروہ مختلف پولٹری فارمز سے مردہ مرغیا ں اکٹھی کر کے بعد میں ان کو صاف کر کے گوشت پشاور کے مختلف ریسٹورنٹس سمیت بازار میں دیگر دکانوں کو سپلائی کرتا تھا۔ مردہ مرغیوں کا گوشت زیادہ تر شوارمہ اور برگر والوں کو سپلائی کیا جاتا تھا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے انتظامی افسران کو اپنے علاقوں میں پولٹری کا کاروبار کر نے والوں پر کڑی نظر رکھنے اور کسی بھی پولٹری کی دکان پر مردہ مرغی پائے جانے پر سخت کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

شان مسعود نے 6 فاسٹ بولرز کو لیکر اہم بات کہہ ڈالی

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اپنے فاسٹ بولرز کو لیکر اہم بیان دیدیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ایک پوڈ کاسٹ میں بازید خان سے بات کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ فاسٹ بولرز کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت روٹیٹ کریں گے کیونکہ آئندہ آنے والے سیزن میں پاکستان کو اہم میچز کھیلنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا میں شاہین آفریدی نے ابتدائی 2 ٹیسٹ میچز کھیلے تاہم تیسرے میچ میں ہمیں انہیں آرام دینا پڑا کیونکہ آنے والے وقت میں انہیں ٹی20 ورلڈکپ اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کھیلنی تھیں۔

شان مسعود نے کہا کہ موجودہ اسکواڈ میں 6 انتہائی باصلاحیت پیسر ہیں، ہر ایک ٹیم کو کچھ منفرد پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہو سکتا ہے کہ تمام ساتھ ہی کھیلیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ اگر ہمیں لگا کہ اپنے پریمیئر بالر کو آرام دینا ضروری ہے تو ان پیسرز کی وجہ سے ہم اس پوزیشن میں ہوں گے کہ بروقت فیصلہ کرسکیں۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کیخلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کو بنگلادیش کے بعد انگلینڈ (ہوم، 3 ٹیسٹ)، جنوبی افریقہ (بیرونی، 2 ٹیسٹ) اور ویسٹ انڈیز (ہوم، 2 ٹیسٹ) کھیلنے ہیں۔

تھائی لینڈ میں سب سے کم عمر خاتون وزیراعظم منتخب

بنکاک: تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ نے 37 سالہ پیتونگاترن شیناوترا کو ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 37 سالہ پیتونگاترن شیناوترا ملک کے بزنس ٹائیکون تھاکسن شیناوترا کی سب سے چھوٹی بیٹی اور پھیو تھائی پارٹی کی جانب سے نامزد کردہ امیدوار ہیں۔

انھیں 493 کے ایوان میں 314 سے زائد ارکان نے ووٹ دیکر ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کیا۔ اس طرح وہ ملک کی تیسری خاتون وزیراعظم بن گئیں۔

37 سالہ پیتونگاترن شیناوترا کو تھائی لینڈ کی سب سے کم عمر وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا۔

یاد رہے کہ سابق تھائی وزیراعظم سریتا تھاویزن نے 2006 میں فوجی آمریت کے خلاف طویل جلاوطنی کاٹی اور گزشتہ برس ہی ملک لوٹے تھے۔ انھوں نے انتخاب لڑا اور وزیراعظم منتخب ہوگئے لیکن ایک سال کے اندر ہی انھیں عدالت نے برطرف کردیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ وزیراعظم سریتا تھاویزن نے ایک سزا یافتہ شخص کو کابینہ میں شامل کرکے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی اور اخلاقی برائی کے مرتکب ہوئے۔

آرمی چیف کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں آج خصوصی تقریب

راولپنڈی: اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی طرف سے جی ایچ کیو میں آج خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور اہلخانہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب کل جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہوگی۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی صلاحیتوں کا اعتراف اور حوصلہ افزائی ہے۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم قوم کی توقعات پر پورا اترے اور ملک کا نام روشن کیا۔ گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کھیلوں کی دُنیا میں پاکستان کی نوجوان نسل کے لئے مشعل راہ ثابت ہو نگے۔

جیولن تھرو ایونٹ میں قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اولمپکس میں 92.97 میٹر تھرو کر کے نیا ریکارڈ بنایا اور شاندار تھرو کر کے اولمپکس کا 118 سالہ ریکارڈ توڑا۔

انہوں نے دو مرتبہ ریکارڈ بنایا۔ ان کی ایک تھرو 92.97 میٹر جبکہ دوسری 91.79 میٹر کے فاصلے تک گئی اور یوں انھوں نے 2008 میں بنایا گیا 90.57 میٹر کا اولمپک ریکارڈ توڑ دیا۔

بل بل پاکستان گیت؛ گلوکار کے اغوا کا معاملہ قائمہ کمیٹی میں پہنچ گیا

اسلام آباد: بل بل پاکستان پر گانے بنانے کا معاملہ قائمہ کمیٹی میں پہنچ گیا، کمیٹی نے گیت بنانے والے گلوکار عون علی کھوسہ کے اغوا کیے جانے کی مذمت کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم این اے محمد ادریس کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پاور ڈویژن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بجلی سے متعلق معاملات زیر بحث آئے۔ ساتھ ہی کامیڈین گلوکار عون علی کھوسہ کو اغوا کیے جانے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی و قائمہ کمیٹی کے رکن ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ پورا ملک بل بل کررہا ہے اور اگر کوئی نوجوان قوم کی ترجمانی کرے تو اسے اٹھالیا جاتا ہے، نہ ہمیں رونے دیا جاتا ہے اور نہ جینے دیا جاتا ہے۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ محض بل بل گانا بنانے پر بندہ اغوا کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں احتجاج بھی نہیں کرنے دیا جارہا اور اسے نوجوان کو سامنے بھی نہیں لایا جارہا۔

رنبیر کپور سے موازنے پر سینیئر اداکار شہزاد نواز ناراض

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار شہزاد نواز نے سوشل میڈیا پر اُنہیں بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور سے موازنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں شہزاد نواز نے اداکار و میزبان فیصل قریشی کے پوڈکاسٹ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے شوبز کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

پوڈکاسٹ کے میزبان فیصل قریشی نے شہزاد نواز سے کہا کہ سوشل میڈیا پر مداح آپ کا موازنہ بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور سے کرتے ہیں، آپ کو پاکستانی رنبیر کپور قرار دیا جاتا ہے، کبھی کسی نے یہ کیوں نہیں کہا کہ رنیبر کپور پاکستانی اداکار شہزاد نواز جیسے ہیں؟

فیصل قریشی کی بات سُن کر شہزاد نواز نے کہا کہ میرا بھی یہی شکوہ ہے کہ مداح یہ کیوں نہیں کہتے کہ رنبیر کپور میرے جیسے دکھتے ہیں۔

شہزاد نواز نے کہا کہ میں رنبیر کپور سے عُمر میں بڑا ہوں، میں رنیبر کپور جیسا بالکل نہیں ہوں بلکہ وہ میرے جیسے نظر آتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے بالکل خوشی نہیں ہوئی کہ سوشل میڈیا پر میرا موازنہ رنبیر کپور سے کیا گیا بلکہ مجھے بُرا لگا اور میرے چند مداحوں نے بھی یہ کہا کہ رنبیر کپور کو شہزاد نواز جیسا کہا جائے۔

سینیئر اداکار نے مزید کہا کہ ہمیں اپنا موازنہ دوسرے ممالک کی معروف شخصیات سے کرنے کی عادت ہے، میری خواہش ہے کہ دوسرے ممالک کے لوگ کہیں کہ فلاں مشہور شخصیت پاکستانی شخص جیسی ہے۔

واضح رہے کہ فیصل قریشی نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پوڈکاسٹ کا آغاز کیا تھا اور شہزاد نواز ان کے پوڈکاسٹ کے پہلے مہمان بنے۔

فیض حمید کی گرفتاری معجزہ ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ فیض حمید کی گرفتاری اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک معجزہ تھا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اس معجزے پر حیران ہوں۔ پہلی مرتبہ اس طرح کی چیزیں ہوئی ہیں۔اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ یہ 2011 کا پروجیکٹ تھا جس کا اختتام ہوا ہے۔ 2014 کا دھرنا بھی ناکام ہوا اور معیشت بھی خراب ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج تک اس کے نقصانات بھگت رہے ہیں۔ فیض حمید نے اکتوبر میں مجھ سے معافی مانگی تھی۔ میں بھی فیض حمید کے متاثرین میں شامل ہوں۔

اپنے بچوں کے شہادت کا سُن کر حماس کے اہلکار نے اسرائیلی یرغمالی کو قتل کیا، ابوعبیدہ

غزہ: غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں کی حفاظت پر مامور حماس کے ایک جنگجو نے فائرنگ کرکے ایک قیدی کو ہلاک اور 2 خواتین کو زخمی کردیا تھا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے حماس کے اہلکار کی فائرنگ میں اسرائیلی یرغمالی کی ہلاکت کے واقعے کی تفصیلات بتادیں۔

ترجمان ابو عبیدہ نے بتایا کہ اسرائیلی یرغمالیوں کی حفاظت پر معمور حماس کے اہلکار کو جب بمباری میں اپنے 2 بچوں کی شہادت کی اطلاع ملی تو وہ ہواس کھو بیٹھا اور ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بدلے میں اسرائیلی یرغمالیوں پر فائرنگ کردی۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا کہ اس واقعے پر افسوس ہے کیوں کہ یہ قیدیوں کے ساتھ برتاؤ کے حوالے سے مذہبی احکامات اور ہماری اقدار کے خلاف ہے۔

ابو عبیدہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسرائیلی یرغمالیوں پر حملے کے بعد حفاظت کو سخت اور مذہبی احکامات کے مطابق برتاؤ کی ہدایت کی گئی ہے۔

تاہم ترجمان القسام ابوعبیدہ نے یہ بھی کہا کہ یرغمالیوں کو جن خطرات کا سامنا ہے اس کی وجہ اسرائیل کی جارحانہ پالیسی اور بمباری میں فلسطینی بچوں اور خواتین کو نشانہ بنانا ہے۔

القسام بریگیڈ کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی فوج فلسطینیوں کی نسل کشی اور اپنے جارحانہ عزائم کو بند کرے جس سے خطے میں اس کے خلاف نفرت جنم لے رہی ہے۔

غیرملکی حکومتیں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں، ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر نے کہا ہے کہ غیر ملکی حکومتیں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہا کہ بنگلہ دیش کے لوگوں میں اپنے مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ پاکستان مشرق وسطیٰ میں بننے والی صورتحال پر تشویش میں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہا ایران کو اپنا دفاع کرنے کا بھر پور حق حاصل ہے، اسرائیل کا اس طرح کی کارروائیوں پر احتساب کرنا چاہیے۔ اسرائیل کے غزہ میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں، غزہ میں اب تک 40ہزار معصوم شہریوں کو جاں بحق کیا جاچکا ہے۔ پاکستان غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے،اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی پر جوابدہ بنایا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان مقبوضہ وادی میں 4کشمیریوں کی شہادت کے واقعہ کی مذمت کرتا ہے، اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے زائرین کے انتظامات کے حوالے سے عراقی حکومت سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ منکی پاکس پر عالمی ادارہ صحت کی ایڈوائزری دیکھی ہے، وزارت قومی صحت ہی اس حوالے سے باقائدہ ردعمل دے سکتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے فعال سفارتی مشنز موجود ہیں دونوں کے مابین باہمی تعلقات کے تمام شعبوں پر تیزرفتار رابطے موجود ہیں، وزرات خارجہ نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ و سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام کے لیے ویزا گائیڈ لائنز میں تبدیلی کی ہے یہ اقدامات ویزا پالیسی کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے اٹھایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان مملکت کونسل کی صدارت کررہا ہے، ایس سی او اجلاس میں شرکت کرنے والی حکومتوں کی جانب سے شرکت کی یقین دہانی کا عمل جاری ہے۔بھارت کی طرف سے 2019 میں اٹھائے گئے اقدمات کے نتیجے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت معطل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 2023 سے غزہ میں جنگ بندی پر زور دے رہا ہے،اس حوالے سے پاکستان کسی بھی اقدامات جس سے جنگ بندی ہو اس کا خیر مقدم کرتا ہے، پاکستان غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے کسی بھی مزاکرات کا حصہ نہیں ہے۔

ترجمان نے کہ اکہ پاکستان کو روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی پر تشویش ہے،پاکستان دونوں ممالک پر پرامن طریقے سے تنازعہ حل کرنے پر زور دیتا ہے ۔پاکستان کا بنگلہ دیش میں ہونے والے حالیہ واقعات میں بلکل کوئی کردار نہیں ہے بنگلہ دیشن عوام کے ساتھ پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔

بھارت؛ لیڈی ڈاکٹر کے بعد نرس بھی جنسی زیادتی کے بعد قتل

نئی دہلی: بھارت میں لیڈی ڈاکٹر کے جنسی زیادتی اور قتل کے بعد ایک نرس کی تشدد زدہ لاش جھاڑیوں سے برآمد ہوئی جسے زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتراکھنڈ کے علاقے رُدرا پور میں پیش آیا۔ نرس 30 جولائی کو اسپتال ملازمت کے لیے گئی تھی لیکن واپس نہیں لوٹی۔ بہن نے اگلے ہی دن پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔

نرس کی تلاش کے دوران اس کی لاش اترپردیش کے ضلع بلاس پور سے مل گئی۔ پوسٹ مارٹم میں نرس کے ساتھ جنسی زیادتی اور گلا گھونٹ کر قتل کرنے کی تصدیق ہوگئی۔

پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں نرس کا مسلسل پیچھا کرتے ایک شخص کو دیکھا گیا تاہم جب پولیس گرفتاری کے لیے پہنچی تو وہ فرار ہوگیا جس کے بعد پولیس نے راجستھان کے شہر جودھ پور سے ایک جوڑے کو حراست میں لیا۔

پولیس کو یقین ہے کہ گرفتار ملزم دھرمیندر اور اس کی بیوی کی مدد سے وہ مفرور ملزم تک پہنچ جائیں گے۔

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ کے میڈیکل کالج کے سیمینار روم سے 31 سالہ لیڈی ڈاکٹر کی لاش ملی تھی جس کے ساتھ زیادتی کی گئی تھی۔ اس وقعے کے بعد شہر بھر کے ڈاکٹرز ہڑتال پر بیٹھ گئے ہیں۔