مہوش حیات کی ‘ایملی اِن پیرس’ میں انٹری؟ تصاویر وائرل

پیرس: پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات کی اپنے کَرش اور نیٹ فلکس سیریز ‘ایملی اِن پیرس’ میں گیبریل کا کردار ادا کرنے والے فرانسیسی اداکار لوكاس براوو کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

مہوش حیات نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی چند نئی تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں اُن کے ہمراہ مقبول سیریز ‘ایملی اِن پیرس’ کے اداکار لوكاس براوو اور پروڈیوسر بھی موجود ہیں۔

مذکورہ تصاویر سیریز کے سیٹ پر کردار گیبریل کے کچن میں لی گئیں جن میں مہوش حیات کو خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ‘ایملی اِن پیرس’ کے نئے سیزن کے سیٹ پر لوكاس برافو اور پروڈیوسر کے ساتھ ملکر بہت اچھا لگا۔

اُنہوں نے کہا کہ دیگر مداحوں کی طرح، میں بھی ‘ایملی ان پیرس’ کے نئے سیزن کے پریمیئر کے لیے انتہائی پُرجوش ہوں۔

مہوش حیات نے مزید کہا کہ کسی کو کیا معلوم کہ سیریز کے نئے سیزن میں گیبریل کی محبت کی زندگی میں پاکستانی مسالے بھی شامل ہوں۔

اداکارہ کی اس بات سے مداح اندازہ لگا رہے ہیں کہ شاید ‘ایملی اِن پیرس’ کے نئے سیزن میں مہوش حیات کی انٹری بھی ہوگی لیکن ابھی تک اداکارہ نے اس حوالے سے کچھ واضح نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ سال 2020 میں مہوش حیات نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں انکشاف کیا تھا کہ وہ فرانسیسی اداکار لوكاس براوو پر فِدا ہیں۔

اسپینش فٹبالر کے والد پر حملہ؛ پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کرلیا

اسپین کے معروف فٹبالر لامین یمل کے والد پر چاقو سے حملہ کرنے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مقامی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعہ بدھ کاتالونیا کے قصبے ماتارو میں پیش آیا، جہاں اسپینش فٹبالر کے والد منیر نصراوی کو چاقو کے وار کرکے زخمی کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فٹبالر لامین یمل کے والد پر حملہ کرنے کے شبے میں تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ چوتھا فرار ہے جسکی تلاش کی جارہی ہے۔

دوسری جانب سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ نصراوی کو طبی امداد دیکر اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔

لامین یمل نے اپنا ڈیبیو 15 سال کی عمر میں بارسلونا کلب سے کیا تھا وہ پچھلے سیزن میں سرخیوں میں تھے۔

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی بازیابی کیلیے درخواست دائر

راولپنڈی: سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کے لیے ان کی اہلیہ (درخواست گزار) کی جانب سے ایڈووکیٹ ایمان مزاری عدالت میں پیش ہوئیں۔

جسٹس محمد رضا قریشی کے روبرو ہونے والی سماعت میں درخواست گزار کی وکیل ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ 14 اگست سے محمد اکرم سے متعلق کچھ معلوم نہیں۔ تھانہ صدر بیرونی پولیس کو مقدمے کے اندراج کی درخواست دی لیکن ابھی ایف آئی آر نہیں ہوئی ۔

بعد ازاں عدالت نے صدر بیرونی پولیس کو منگل کے لیے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا ۔

انڈونیشیا؛ نو منتخب صدر پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب

جکارتا: انڈونیشیا کے نو منتخب صدر پرابوو نے پارلیمنٹ میں بھی اکثریت حاصل کرلی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کی پارلیمنٹ میں تقریباً 10 فیصد حصہ رکھنے والی جماعت ناس ڈیم پارٹی نے نومنتخب صدر پرابوو سوبیانتو کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

ناس ڈیم پارٹی کے سربراہ سوریا پالوہ نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ پرابوو کی حمایت فیصلہ ایک پُرسکون اور پُرامید ماحول کو فروغ دے گا اور آنے والی حکومت کے کام کو آسان بنائے گا۔

یاد رہے کہ انڈونیشیا کی سب سے بڑی اسلامی جماعت ناس ڈیم پارٹی نے اس سے قبل جکارتہ کے سابق گورنر اور نومنتخب صدر کے حریف امیدوار انیس باسویدان کی حمایت کی تھی۔

تاہم اب ناس ڈیم پارٹی کی حمایت کے بعد نومنتخب صدر کی پارلیمنٹ میں اکثریت 43 فیصد سے بڑھ کر 52 فیصد ہوگئی اور اس طرح ان کے لیے قانون سازی اور 2025 کے بجٹ کی منظوری کی راہ بھی ہموار ہوگئی۔

پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے کے مرحلے کے بعد انڈونیشیا کے نومنتخب صدر اور سابق کمانڈر پرابوو سوبیاتتو، نائب صدر جبران راکابومنگ راکا 20 اکتوبر کو حلف اٹھالیں گے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں پھوار اور ہلکی بارش، موسم خوشگوار

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پھوار اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج مون سون ہواؤں کا نیا سلسلہ مشرقی سندھ میں داخل ہوگا، کل شام یا رات شہر میں گرج چمک و آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں صبح سے موسم ابرآلود ہے، گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پیپلز پارٹی کا کمزور معاشی پالیسیوں پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے کمزور معاشی پالیسیوں کے معاملے پر وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں بلاول بھٹو زرداری کو ملک کی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ پیپلز پارٹی نے ملکی معیشت کی بری حالت پر تحفظات کا اظہار کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے بجلی کے زیادہ بلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام سے کردہ وعدے پورے کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔

بلاول بھٹو نے ترقیاتی بجٹ میں کٹ لگانے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے امریکا میں اشتہاری مہم پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ دیکھنا ہوگا ترقیاتی بجٹ پر کٹ لگا کر سبسڈی کہاں استعمال کی جا رہی ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ ایک طرف ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، دوسری طرف امریکا میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مہنگے اشتہارات لگائے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں کون سا آئی ٹی انقلاب لایا جا رہا ہے جس کے اشتہارات نیویارک میں لگوائے جا رہے ہیں۔

عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی کارروائی روکنے کی متفرق درخواست دائر

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی کارروائی روکنے کی متفرق درخواست دائر کر دی جبکہ ٹرائل کورٹ کے 12 اگست کا آرڈر اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

عمران خان نے 190 پاؤنڈز ریفرنس بند کرنے کے نیب کے فیصلے کا ریکارڈ بھی فراہم کرنے کی درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں موقف اپنایا کہ تفتیشی افسر نے بیان دیا تھا کہ نیب کی 343 ویں ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کی منظوری دی گئی، ٹرائل کورٹ نے کیس بند کرنے کا ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی، اپریل 2020 کی نیب ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

عمران خان نے استدعا کی کہ احتساب عدالت کا 12 اگست کا درخواست مسترد کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دیا جائے، نیب بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ ٹرائل کورٹ میں پیش نہ کیا گیا تو بانی پی ٹی آئی کو اپنے دفاع میں بھاری نقصان ہوگا۔

درخواست گزار کے مطابق تفتیشی افسر نے جرح کے دوران نیب کی 343ویں بورڈ میٹنگ سے متعلق کچھ باتوں کا اعتراف کیا، ضروری ہے کہ نیب کی 343ویں بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ ٹرائل کورٹ کے سامنے رکھا جائے۔

درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور پراسیکیوٹر جنرل کو فریق بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب، 190 ملین پاؤنڈز کیس سے متعلق چیف جسٹس کے ریمارکس کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے رجسٹرار آفس میں درخوست جمع کرا دی۔

درخواست میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے چیف جسٹس سے عمران خان کے متعلق مقدمات سے الگ ہونے کی استدعا کی ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ وائلڈ لائف کیس میں 190ملین پاؤنڈز کیس سے متعلق آبزرویشن واپس لی جائے۔

درخواست میں موقف اپنایا کہ عمران خان کے سپریم کورٹ میں مختلف مقدمات زیر التواء ہیں اور عمران خان استدعا کر چکے کہ چیف جسٹس ان کے مقدمات سے خود کو الگ کریں۔ وائلڈ لائف کیس کا 190ملین پائونڈ کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے، چیف جسٹس کے ریمارکس سے مقدمے کے ٹرائل پر اثر پڑے گا۔

بیٹے بہو کی علیحدگی کی افواہیں، امیتابھ بچن کا شادی شدہ جوڑوں کو مفید مشورہ

ممبئی: بالی ووڈ میں ‘بِگ بی’ کے نام سے مشہور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے ازدواجی زندگی میں محبت بڑھانے کے لیے شادی شدہ جوڑوں کو مفید مشورہ دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن کے مشہور زمانہ شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے نئے سیزن کی حالیہ قسط میں مقابلے کے لیے میاں بیوی نے شرکت کی۔

امیتابھ بچن نے مذکورہ جوڑے سے اُن کی محبت کی کہانی سے متعلق سوال کیا جس پر اُنہوں نے بتایا کہ اُن کی شادی گھر والوں کی مرضی سے ہوئی تھی لیکن بہت جلد دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگئے تھے۔

جوڑے نے بتایا کہ وہ گزشتہ 25 سال سے ایک ساتھ ہیں اور جہاں بھی گھومنے جاتے ہیں وہاں ریلز (مختصر ویڈیو) لازمی بناتے ہیں۔

امیتابھ بچن نے جوڑے کی بات سُن کر تمام شادی شدہ جوڑوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ازدواجی زندگی میں رومانس قائم رکھنے کے لیے میاں بیوی دونوں کو چاہیے کہ وہ جہاں بھی گھومنے جائیں وہاں ریلز لازمی بنائیں۔

سینیئر اداکار نے مزید کہا کہ یہ شادی شدہ جوڑوں کے لیے ایک بہت ہی اچھا آئیڈیا ہے، اس سے اُن کے رشتے میں رومانس برقرار رہے گا۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن کی جانب سے شادی شدہ جوڑوں کو مشورہ اس وقت دیا گیا کہ جب اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن اور بہو ایشوریا رائے کی علیحدگی کی افواہیں زیرِ گردش ہیں۔

یاد رہے کہ ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی شادی سال 2007 میں ہوئی تھی اور ان کے گھر بیٹی آرادھیا کی پیدائش سال 2011 میں ہوئی تھی۔

اسلام آباد؛ ہاتھ پاؤں بندھی ملنے والی خاتون غیر ملکی ثابت ہوئی نہ زیادتی کا ثبوت ملا

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سے ملنے والی ہاتھ پاؤں بندھی خاتون سے زیادتی ثابت نہیں ہوئی اور نہ ہی وہ غیر ملکی ثابت ہو سکی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے ہاتھ پاؤں بندھی خاتون کے ملنے کے معاملے میں ابتدائی میڈیکل کے مطابق خاتون کے ساتھ زیادتی ثابت نہیں ہو سکی جب کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون ذہنی مریضہ ہے۔

خاتون کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے سیمپل بھجوا دیے گئے ہیں۔ خاتون کو کس نے باندھ کر پھینکا، پولیس اس حوالے سے تاحال ملزمان کا سراغ نہیں لگا سکی۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے گرفتار ملزم تمیز الدین کا فیملی کے ساتھ جائیداد کا تنازع بھی چل رہا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ تمیز الدین کے مخالفین نے خاتون کو لانچ کیا ہو، لہٰذا پولیس تمام پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تفتیش کررہی ہے۔

سیاسی جماعت کے مرکزی میڈیا ڈویژن سے پاکستان اور اداروں کیخلاف پروپیگنڈے کے شواہد مل گئے

اسلام آباد: اسیاسی جماعت کے مرکزی میڈیا ڈویژن سے پرو پیگنڈے کے ناقابل تردید شواہد منظر عام پر آگئے۔

ذرائع کے مطابق 22 جولائی 2024 کو سیاسی جماعت کے مرکزی میڈیا ڈویژن سے ملنے والے شواہد نے جماعت کے رہنماؤں کے غیرملکی شخصیات اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے رابطوں کی قلعی کھول دی۔ سیاسی جماعت کے مرکزی میڈیا ڈویژن سے پروپیگنڈے کے ناقابلِ تردید شواہد منظر عام پر آگئے۔ سیاسی جماعت کے کارکنوں کے موبائل کے فرانزک کے دوران غیر ملکی شخصیات سے روابط کا انکشاف ہوا ہے۔

سیاسی جماعت کے رکن رؤف حسن اور عالمی جریدے انٹرسیپٹ کے صحافی رائن گرم کے درمیان واٹس ایپ رابطے منظرعام پر آئے ہیں۔ رؤف حسن کی جانب سے رائن گرم سے باقاعدہ رابطہ جنوری 2024 کو ہوا۔ رؤف حسن نے رائن گرم کو 21 جنوری کو سیاسی جماعت کے ورچوئل کنونشن میں شرکت اور خطاب پر داد دیتے ہوئے رابطہ قائم رکھنے کا کہا۔

ذرائع کے مطابق رؤف حسن اور رائن گرِم کے درمیان یہ رابطے مختلف امور پر وقتاَ فوقتاَ جاری رہے۔ رائن گرم نے 8 جنوری 2024 کو رؤف حسن کو بذریعہ پیغام بانی پی ٹی آئی کے 15 مئی کو لکھے گئےمواد کی تصدیق چاہی۔رائن گرِم نے رؤف حسن سے حملے میں بچ جانے سے متعلق پوچھااور سوال کیا کہ کیا یہ مواد آپ کا تحریر کردہ ہے؟ ہم آپ کا نام ظاہر نہیں کریں گے۔ جواب کے لئے رؤف حسن کی جانب سے رائن گرِ م کے ساتھ بذریعہ وٹس ایپ کال پر رابطہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ رائن گرِم گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف تاریخوں میں سیاسی جماعت کے حق میں متعدد آرٹیکلز لکھ چکا ہے۔ ان آرٹیکلز کا مقصد پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق رائن گرِ م نے 9 اگست2023کو سائفرکو بنیاد بنا کر بین الاقوامی جریدے انٹر سیپٹ پر “Secret Pakistan Cable Document – US Pressure to remove Imran Khan”تحریر کیا تھا۔ 16اگست2023کو “Pakistan confirms Secret Diplomatic Cable showing US Pressure to remove Imran Khan” میں سائفر کو بنیاد بنا کر پروپیگنڈہ کیا تھا۔ 18دسمبر2023کو رائن گرِ م کا تحریر کردہ”Secret Pakistan Document undermines espionage case against Imran Khan” منظرِ عام پر آیا۔رائن گرِ م کی جانب سے سائفر کو بنیاد بنا کر لکھے گئے ان آرٹیکلز میں پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کیا گیا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 9فروری2024کو رائن گرِم نے “Historic Turnout in Pakistan is swamping the Military’s effort to rig the Election”کے ذریعے افواجِ پاکستان کے الیکشن میں ملوث ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈہ کیا۔ رائن گرِ م نے 11فروری2024کو “Pakistan’s Elections latest update – PTI’s Surge”آرٹیکل کے ذریعے الیکشن کے نتائج کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔ 26فروری2024کو رائن گرِ م نے “Members of Congress Demand Biden withhold recognition of coalition claiming power in Pakistan” آرٹیکل کے ذریعے امریکی صدر سے پاکستانی حکومت کو تسلیم نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔

رائن گرِم اور مرتضیٰ حسین نے 27جون2024کو “From Prison, Imran Khan says Top Pakistani General betrayed secret deal to stay out of Politics”کے نام سے بین الاقوامی جریدے انٹرسیپٹ پر پروپیگنڈہ کیا۔رؤف حسن کی جانب سے رائن گرِ م کو پیغامات اور سیاسی جماعت کے21جنوری 2024 کے ورچوئل جلسے میں شرکت ریاست مخالف منظم پروپیگنڈہ مہم کا واضح ثبوت ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ ناقابلِ تردید شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ سیاسی جماعت کا سنٹرل میڈیا ڈویژن منظم انداز میں ریاست مخالف پروپیگنڈہ مہم چلا رہاتھا۔ یہ واٹس ایپ میسجز اس بات کی بھی تصدیق کرتے ہیں کہ کس طرح سیاسی جماعت کے اراکین براہ راست ملکی اور غیر ملکی شخصیات سے مسلسل رابطوں میں ہیں۔ یہ تفصیلات یہ بھی ثابت کرتی ہیں کے کس طرح غیر ملکی ذرائع ابلاغ کو مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے اور پاکستان مخالف سر گرمیوں کے لئے استعمال کیا جاتا رہا۔

ذرائع کے مطابق ملکی اور غیر ملکی بااثر شخصیات سے رابطوں کا مقصد پارٹی ایجنڈے کی تکمیل اورریاست مخالف سرگرمیاں ہیں۔ قومی سلامتی اس بات کی متقاضی ہے کہ ان حقائق اور شواہد کی فوری جانچ پڑتال کی جائے اور اس معاملے کی مزید تفتیش کر کے معاملہ منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔