خراب فارم برقرار! بابراعظم، خرم شہزاد کو بھی کھیلنے سے قاصر

قومی ٹیم کے وائٹ بال فارمیٹ کے کپتان بابراعظم بنگلادیش کیخلاف پریکٹس سیشن میں ایک مرتبہ مشکلات کا شکار دیکھائی دینے لگے۔

ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص پرفارمنس اور مسلسل خراب فارم نے بابراعظم کو پیچھا نہ چھوڑا، بنگلادیش کیخلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز سے قبل وائٹ بال فارمیٹ کے کپتان نیٹ پریکٹس سیشن کے دوران مشکلات کا شکار رہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فاسٹ بولر خرم شہزاد مڈل آرڈر بیٹر کو گیند کروارہے ہیں جبکہ انہیں ایک بال پر گیند بولڈ بھی کردیا۔

نیٹ میں بلے بازی کرتے ہوئے بابراعظم کو بالر کی اِن سوئنگ بال مشکل میں دیکھا گیا جو انکے پیٹ کے نچلے حصے پر لگی اور وہ کچھ دیر بیٹھ گئے۔

سال 2022 سے بابراعظم ٹیسٹ فارمیٹ میں مسلسل مشکلات کا شکار رہے ہیں جبکہ دورہ آسٹریلیا کے ٹیسٹ میچز میں انہوں نے محض 20.60 کی اوسط سے رنز بنائے تھے جبکہ کینگروز کیخلاف 41 انکا بہترین اسکور تھا۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کیخلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پشاور؛ پولیس موبائل کے قریب دھماکا، 2اہلکاروں سمیت 4افراد زخمی

پشاور: ورسک روڈ پیر بالا میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں دو اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق چاروں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا، اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی تین ایمبولینسز موقع پر پہنچیں۔

ایس ایس آپریشنز کاشف ذوالفقار نے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی ہونے والے اہلکاروں کی حالت خاطر سے باہر ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے پشاور ورسک روڈ دھماکے کے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دالبندین سے 5 افراد کی لاشیں برآمد، گولیاں مار کر قتل کیا گیا

کوئٹہ: دالبندین سے 5 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں گولیاں مارکر قتل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع چاغی کے علاقے دالبندین سے 5 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ تمام افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے ، جن کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں جہاں ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق 5 لاشیں چاغی کے صدر مقام دالبندین کے علاقے میں مغربی بائی پاس کے قریب سے ملی ہیں، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی۔ تمام افراد کو گولیاں مار کر قتل کرکے بجلی کے کھمبوں سے باندھ دیا گیا تھا۔

ریسکیو عملے کی جانب سے لاشوں کو کھمبوں سے الگ کرکے اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

صدر نظم الحسن اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کی تیاری

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے حکام نے عندیہ دیا ہے کہ بورڈ کے صدر نظم الحسن اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کی تیاری کررہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی بی کے صدر نظم الحسن چوتھی مدت میں مبینہ طور پر اصلاحات کے نفاذ کیلئے حکومتی تعاون چاہتے ہیں، 5 اگست سے بورڈ کے کئی دیگر ڈائریکٹرز، جنہیں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حمایت حاصل ہے، بھی روپوش ہوگئے ہیں۔

اسی طرح 14 اگست کو ڈھاکہ میں رہ جانے والے چند ڈائریکٹرز نے اپنے اگلے اقدامات کا فیصلہ کرنے کیلئے میٹنگ رکھی ہے۔

دریں اثنا، بی سی بی کے بہت سے سابق عہدیدار اور کرکٹ منتظمین شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بی سی بی کے صدر نظم الحسن سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب بنگلادیش میں سیاسی بدامنی کے آغاز کے بعد سے حسن اپنی اہلیہ کے ساتھ لندن میں مقیم ہیں۔

17 سالہ لڑکے سے زیادتی کا دوسرا ملزم گرفتار

راولپنڈی میں 17 سالہ لڑکے سے زیادتی کرنے والے دوسرے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق مندرہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لڑکے سے زیادتی کے دوسرے ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم اویس نے اپنے ساتھی کے ہمراہ اسلحے کے زور پر 17 سالہ لڑکے کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

مندرہ پولیس نے متاثرہ لڑکے کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزم اویس کو بھی گرفتار کر لیا۔ اس سے قبل ملزم کا ساتھی فرقان بھی گرفتار ہو چکا ہے۔ متاثرہ لڑکے کا میڈیکل پراسیس کروا لیا گیا ہے۔ ایس پی صدر کا کہنا ہے کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ زیادتی، تشدد اور ہراساں کرنا ناقابل برداشت ہے۔ ملوث ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

انٹرنیٹ کی سُست رفتاری، حنا خواجہ بیات حکومت پر برس پڑیں

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سُست رفتاری پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

حنا خواجہ بیات نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ایک طرف، ہم اپنی بگڑتی ہوئی معیشت کا رونا روتے ہیں اور دوسری طرف حکومت نے ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتاری سُست کردی ہے۔

سینیئر اداکارہ نے کہا کہ انٹرنیٹ کی سُست رفتاری اور بار بار بندش کی وجہ سے لوگوں کے کاروبار متاثر ہورہے ہیں، اس طرح تو لوگ روزگار سے محروم ہو جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، کیا انٹرنیٹ بند کرکے معیشت بہتر ہوگی؟ آخر آپ کیا چاہتے ہیں؟ آپ کو کس بات کا خوف ہے کہ آپ ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں ہمیں انٹرنیٹ سے محروم کررہے ہیں۔

حنا خواجہ بیات نے حکومت پر برہم ہوتے ہوئے کہا کہ آپ معیشت اور کاروبار کو تباہ کر رہے ہیں، کیا آپ پاکستان کو ختم کرنا چاہتے ہیں؟ آپ وہ کام کر رہے ہیں جو ہمارے دشمن نہیں کر سکے، اب آپ ملک کو اس طرح تباہ کرو گے۔

آخر میں اداکارہ نے پاکستان کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد انٹرنیٹ کے سُست رفتاری کے مسئلے کو حل کریں۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا اور عالمی خبررساں ادارے رائٹرز پر خبر زیرگردش ہے کہ حکومت فائر وال سسٹم کی تنصیب کررہی ہے جس کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز بری طرح سے متاثر ہوئیں ہیں، جس کے باعث سب سے زیادہ نقصان ڈیجیٹل مارکیٹنگ کرنے والوں کو ہوا البتہ حکومت نے فائر وال کی تنصیب یا تجربے پر مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

کرپشن ریفرنس؛ پرویز الٰہی کا احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ

لاہور: پرویز الٰہی نے کرپشن ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نیب عدالت میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا جائے گا، جس کی بنیاد پر پرویز الٰہی کے وکیل مختار رانجھا نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کردی ہے۔

احتساب عدالت میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پرویز الٰہی کی طبیعت ناساز ہے، عدالت ایک روزہ حاضری سے استثنا دینے کا حکم دے۔

بشریٰ بی بی، نجم ثاقب سے متعلق آڈیو لیک کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلیے مقرر

اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور سابق چیف جسٹس کے بیٹے نجم ثاقب سے متعلق مبینہ آڈیو لیک سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا۔

جسٹس امین الدین خان اور جسٹس نعیم افغان 19 اگست کو سماعت کریں گے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کیلیے عدالتی حکم نامہ وزیراعظم کو بھیجنے کا حکم

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی کے دو بھائیوں کی بازیابی سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ ہائیکورٹ نے اظہر مشوانی کے دونوں بھائیوں کی بازیابی کیلئے فریقین کو ایک اور موقع دے دیا اور حکم نامے کی کاپی وزیر اعظم کو بھی دینے کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے حکم نامہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے مطابق سیکرٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے اور رپورٹ جمع کرائی، سیکرٹری داخلہ کی رپورٹ کے مطابق کوئی بھی انٹیلی جنس ایجنسی وزارت داخلہ کے ماتحت نہیں، مغویان کی بازیابی کی کوشش کی گئی مگر کوئی سراغ نہ ملا، مغویان کی بازیابی کیلئے ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، سیکرٹری دفاع کے بیرون ملک ہونے کے باعث جوائنٹ سیکرٹری عدالت میں پیش ہوئے۔

حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ وزارت دفاع کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی نہ ہی جوائنٹ سیکریٹری نے گزارشات عدالت کے سامنے رکھیں، ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مغویان اسلام آباد پولیس کی تحویل میں نہیں، ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق مغویان کو ایف آئی اے نے گرفتار کیا نہ ہی وہ تحویل میں ہیں۔

عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ ریاست کو سمجھنا چاہیے کہ حبس بے جا کی درخواستیں مدد کی اپیل ہوتی ہیں، مغویان کو گرفتار کرنا اور انہیں حبس بے جا میں رکھنا آئین پاکستان کی شقوں 4، 9، 10 کے برخلاف ہے، امید ہے اٹارنی جنرل اس حوالے سے پالیسی تشکیل دینے کیلئے وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔

عدالت نے کہا ہے کہ شہریوں کو غیر قانونی حراست میں رکھنے والے سرکاری اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا تعین بھی کیا جائے، فریقین کو مغویان کی بازیابی سے متعلق احکامات پر عمل درآمد کیلئے 20 اگست تک ایک اور موقع دیا جاتا ہے، اس حکم نامے کی کاپی وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اور اٹارنی جنرل کو بھجوائی جائے، درخواست پر آئندہ سماعت 20 اگست کو مقرر کی جائے۔

لاہور سے ورغلا کر سیالکوٹ لے جائی گئی 13 سالہ بچی بازیاب، ملزم فرار

لاہور: صوبائی دارالحکومت سے ورغلا کر سیالکوٹ لے جائی گئی 13 سالہ بچی کو بازیاب کروا لیا گیا جب کہ ملزم فرار ہوگیا۔

اسلام پورہ چوکی اکرم پارک پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اغواء کے مقدمے میں مطلوب بچی 13 سالہ زینب کو تلاش کر لیا۔ بچی گھر سے سودا سلف لینے نکلی تھی اور لاپتا ہو گئی، جس کے بعد 15 کال پر فوری رسپانس کرتے ہوئے والد کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمہ اندراج کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے نوٹس لیتے ہوئے بچی کی بازیابی کے لیے فوری طور پر ٹیم تشکیل دی، جس کے بعد ایس پی سٹی کی سربراہی میں ایس ایچ او اسلام پورہ اور چوکی انچارج شہزاد نعیم نے ٹیم کے ہمراہ بچی کی تلاش شروع کی، جس کے لیے سیف سٹی کیمروں سمیت ہیومین ریسورس سے مدد حاصل کی گئی ۔

ایس پی سٹی کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا کے مطابق نامعلوم ملزم بچی کو ورغلا کر اپنے ساتھ سیالکوٹ لے گیا تھا، جہاں وہ پولیس کے پہنچنے پر بچی کو چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔ ملزم کو فوٹیجز کی مدد سے شناخت کر لیا گیا ہے، جو جلد ہی قانون کی گرفت میں ہوگا۔

13 سالہ زینب کے بہ حفاظت ملنے پر والدین نے اسلام پورہ چوکی اکرم پارک پولیس کا شکریہ ادا کیا۔