پاکستان سے سعودیہ، قطر، برطانیہ، ملائیشیا منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام

راولپنڈی: پاکستان کے مختلف ائرپورٹس سے سعودی عرب، قطر، برطانیہ اور ملائیشیا منشیات اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔

اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے ملک بھر میں انسداد منشیات اسمگلنگ کی کارروائیاں جاری ہیں، اس دوران 8 کارروائیوں میں 38 کلو منشیات برآمد کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد ائرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے مسافر سے 680 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح کاک پل اسلام آباد کے قریب ایک ملزم سے 400 گرام چرس برآمد ہوئی جب کہ ایم ون اسلام آباد کے قریب ملزم سے 390 گرام آئس برآمد کی گئی۔

دوسری جانب پشاور ائرپورٹ پر دوحا جانے والے 2 مسافروں سے 2.5 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔

اُدھر لاہور ائرپورٹ پر کارگو آفس سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 990 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ علاوہ ازیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور ہی سے ملائیشیا جانے والے مسافر سے بھی 65 عدد ہیروئن بھرے کیپسول برآمد ہوئے۔

آر سی ڈی روڈ حب کے قریب ملزم سے 30 کلو آئس برآمد کی گئی۔ شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب ملزم سے 2.4 کلو چرس برآمد ہوئی۔

اے این ایف نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ

لاہور: پنجاب کے دریاؤں میں آئند 24 گھنٹوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ خانکی اور قادرآباد میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے، دریائے چناب میں سیلابی پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے ڈھائی لاکھ کیوسک تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

دریائے راوی میں جسر اور شاہدرہ کے مقام سے 40 ہزار سے 55 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزرے گا جبکہ نالہ بئیں میں درمیانے درجے کا سیلاب اور پلکو میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

ڈی جی عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے و انتظامیہ ہائی الرٹ ہے اور تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ دریائے چناب، راوی اور ندی نالوں سے ملحقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو ممکنہ خطرے بارے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم نے ہدایات دی ہیں کہ دریاؤں کے پاٹ میں مقیم شہریوں کا انخلاء یقینی بنایا جائے اور عوام الناس سے التماس ہے کہ دریاؤں و ندی نالوں کے اطراف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریاؤں اور ندی نالوں سے دور رہیں، ہنگامی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔

عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ حکومت پنجاب فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کر رہی ہے، شہریوں سے گزارش ہے آپ نے اپنی جانوں و املاک کو خطرے میں ہرگز نہیں ڈالنا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام دریاؤں، بیراجز، ڈیمز اور نالہ جات میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سے تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے، ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔

اگر خلیل الرحمان کے سر پر بندوق تھی تو ویڈیوز خفیہ کیمروں سے کیوں بنائی گئیں؟

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ژالے سرحدی نے حال ہی میں ہنی ٹریپنگ اسکیم کا شکار ہونے والے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر سے تلخ سوالات کر ڈالے۔

ژالے سرحدی نے حال ہی میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے پوڈکاسٹ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے خلیل الرحمان قمر کی لیک ویڈیوز سمیت دیگر امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ خلیل الرحمان قمر صاحب نے اپنے بیان میں کہا کہ بندوق کے زور پر اُن کی نازیبا ویڈیوز بنائی گئیں جبکہ اس کیس کی ملزمہ آمنہ عروج بھی یہی کہہ رہی ہیں کہ اُنہیں اس کام کے لیے مجبور کیا گیا اور بعد میں اُنہیں بلیک میل بھی کیا جاتا رہا۔

اُنہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے سوال کیا کہ خلیل الرحمان اور آمنہ عروج کے دعووں کے مطابق ویڈیوز بناتے وقت دونوں کے سر پر بندوق تھیں لیکن ہمیں وہ بندوقیں نظر کیوں نہیں آئیں؟

ژالے سرحدی نے کہا کہ لوگ یہ سوال بھی کررہے ہیں کہ اگر خلیل صاحب کے سر پر بندوق تھی تو اُن کی ویڈیوز صاف کیوں نہیں تھیں؟ اور وہ ویڈیوز خفیہ کیمروں سے کیوں بنائی گئیں؟، بندوق کے زور پر تو ویڈیو بنانے والا کیمرا سامنے ہونا چاہیے تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ جب اغواکار تاوان کی غرض سے کسی کو اغواء کرتے ہیں تو وہ صاف ویڈیو بناتے ہیں اور سیدھا کہتے ہیں کہ اتنے پیسے دو، ورنہ ہم اس کو گولی مار دیں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ خلیل الرحمان قمر کی لیک ہونے والی کوئی بھی ویڈیو ایسی نہیں تھی جس سے یہ ظاہر ہو کہ اُنہیں بندوق کے زور پر یرغمال بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے خلیل الرحمان قمر خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں کیونکہ خلیل الرحمان قمر ایک جرائم پیشہ گروہ کی جانب سے ہنی ٹریپنگ اسکیم کا نشانہ بنے تھے جس پر انہیں تاوان دیکر چھوڑا گیا تھا۔

اغواء کیس کے مرکزی ملزم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کے پاس خلیل الرحمان قمر کی دو ویڈیوز ہیں اور دونوں تقریباً ڈیڑھ گھنٹے طویل ہیں۔

بعدازاں، ملزم نے خلیل الرحمان قمر کی ویڈیو دو حصوں میں لیک کی تھی، ایک حصے میں وہ پرائیویٹ کمرے میں ایک لڑکی کو بالکل پاس بٹھا کر سگریٹ پی رہے تھے۔

ویڈیو کے دوسرے حصے میں خلیل الرحمان قمر خاتون کے ساتھ نازیبا حالت میں موجود تھے۔

غیرملکی سیاحوں کو ریسکیو کرنے کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش

اسلام آباد: سیلابی ریلے سے متاثر علاقوں میں پھنسے غیرملکی سیاحوں کو ریسکیو کرنے کی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کردی گئی۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 2 اطالوی اورارجنٹینا سے تعلق رکھنے والا ایک سیاح محفوظ مقامات پر ہیں اور متاثرہ علاقے سے دور ہیں جبکہ فینہ پُل کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے تیار ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ٹیلیفون کرکے استور سیلابی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے اور زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے پھنسے سیاحوں کو جلد ریسکیو کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ سیاحوں اور مقامی لوگوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

گھوڑے بھی حکمت عملی تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں

نوٹنگھم: حال ہی میں گھوڑوں پر کئے گئے ایک تجربے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ جانور حکمت عمل تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

نوٹنگھم ٹرینٹ یونیورسٹی کی ایتھولوجسٹ لوئیس ایونز اور ان کی ٹیم نے حالیہ تجربے میں یہ ثابت کیا ہے کہ گھوڑے آگے کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں۔

محققین نے 20 گھوڑوں کو تحقیق میں شامل کیا۔ گھوڑوں کو تاش کے پتے کی شکل میں اہداف کو چھونے کی دعوت دی گئی اور اس کے ساتھ کھانے کی لالچ دی گئی۔

تاہم جب ہدف کے پاس روشنی ظاہر ہوئی تو گھوڑوں کو کھانا فراہم نہیں کیا جس کے بعد گھوڑوں نے روشنی کا انتظار کیے بغیر کھانے کی تلاش جاری رکھی۔

روشنی کا مقصد ایک قسم کے ‘اسٹاپ’ سگنل کی نشاندہی کرنا تھا۔ لیکن گھوڑے اس بات کی پرواہ کیے بغیر لائٹ بند ہونے کے بعد بھی کھانا ڈھونڈتے رہے۔

گوشت میں پائی جانے والی آئرن کی قسم ذیابیطس سے منسلک

ہارورڈ: سرخ گوشت اور دیگر جانوروں کی مصنوعات میں پائے جانے والے ہیم آئرن کی زیادہ مقدار ٹائپ 2 ذیابیطس کی ذیادتی کا باعث قرار دی گئی ہے۔

ہارورڈ ٹی ایچ چن سکول آف پبلک ہیلتھ کے محققین کی قیادت میں ایک نیا مطالعہ میں ہیم آئرن اورٹائپ 2 ذیابیطس کے درمیان تعلق کی اطلاع دی گئی ہے۔

محققین نے نرسوں کے ہیلتھ اسٹڈیز I اور II اور ہیلتھ پروفیشنلز فالو اپ اسٹڈی میں اندراج شدہ 206,615 بالغوں کی 36 سال کی غذائی رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے آئرن اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے درمیان تعلق کا انکشاف کیا۔

انہوں نے شرکاء کی مختلف اقسام کے آئرن کی مقدار کا جائزہ لیا جس میں ہوم آئرن، ہیم آئرن، نان ہیم آئرن اور غذائی آئرن (کھانے کی دیگر اشیاء سے) اور اضافی (سپلیمنٹس سے) حاصل ہونے والے آئرن شامل ہیں۔

ماہرین نے پایا کہ ان سب میں گوشت سے حاصل ہونے والا ہیم آئرن ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرے سے منسلک ہے۔

بوئینگ اسٹارلائنر عالمی خلائی اسٹیشن سے ٹکرا سکتا ہے، ماہرین

واشنگٹن: بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق ناسا میں یہ خدشات پائے جاتے ہیں کہ ایک بار جب بوئینگ اسٹارلائنر خلائی جہاز عالمی خلائی اسٹیشن سے علیحدہ ہورہا ہوگا تو اس بات کا خطرہ موجود ہے کہ اس کا تھرسٹ خرابی کا شکار ہوکر اسے بے قابو کر سکتا ہے اور بالآخر سٹیشن سے ٹکرا سکتا ہے۔

ناسا کے ذرائع نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر Ars Technica کو بتایا کہ بوئینگ اسٹارلائنر کے ذریعے خلائی اسٹیشن میں پھنسے خلابازوں کو واپس زمین پر لانے کا مںصوبہ ہے تاہم اس بظاہر خراب صورتحال کو NASA کے ترجمان نے مکمل طور پر مسترد نہیں کیا تاہم اس مسئلے پر تبصرہ کرنے سے انکار بھی کیا ہے کہ بوئینگ اسٹار لائنر خلائی اسٹیشن سے ٹکرا سکتا ہے۔

بزنس انسائیڈر نے بتایا کہ ہم نے ایجنسی سے اس بارے میں بھی رابطہ کیا ہے کہ آیا ان خدشات پر اندرونی طور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے تاہم ابھی تک جواب نہیں دیا گیا۔

بزنس انسائیڈر کے ساتھ ایک انٹرویو میں مشہور ہارورڈ ماہر فلکیات جوناتھن میک ڈویل نے وضاحت کی کہ اس طرح کی ناکامی ممکنات میں سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگر آپ بوئینگ ایئرلائنر کو عالمی خلائی اسٹیشن سے اُڑانے کیلئے علیحدہ کررہے ہیں اور آپ اپنے تھرسٹرز کی ایک مخصوص طاقت سے زیادہ کا استعمال کرتے ہیں تواس بات کا امکان ہے کہ آپ خلائی اسٹیشن سے ٹکرا جائیں۔

کونوے اور فن ایلن نے بھی نیوزی لینڈ کا سینٹرل کنٹریکٹ ٹھکرا دیا

کراچی: ڈیوون کونوے اور فن ایلن نے بھی نیوزی لینڈ کا سینٹرل کنٹریکٹ ٹھکرا دیا۔

تاہم کونووے سابق کپتان کین ولیمسن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عام معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس سے وہ انھوں نے سری لنکا کے خلاف وائٹ بال میچز کے سوا باقی انٹرنیشنل مقابلوں کیلیے خود کو دستیاب ظاہر کیا ہے۔

سری لنکا سے یہ سیریز جنوری میں شیڈول ہے تاہم کونووے اس دوران جنوبی افریقی لیگ میں ممکنہ طور پر جوبرگ سپرکنگز کی نمائندگی کریں گے۔

دوسری جانب ہارڈ ہٹنگ وائٹ بال اوپنر فن ایلن خود کو سینٹرل کنٹریکٹ کی زنجیروں سے آزاد کرنے کے بعد اب فرنچائز لیگز میں ڈالر کمائیں گے

فن ایلن کو نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے کونووے جیسا ایگریمنٹ آفر نہیں کیا گیا تاہم وہ بھی دستیابی کی صورت میں نیشنل ٹیم سلیکشن کے اہل ہوں گے ۔

ڈبلن میں مستقل کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کی منظوری مل گئی

آئرش حکومت نے ڈبلن میں مستقل کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کی منظوری دے دی۔

یہ اسٹیڈیم اور اس کے ساتھ ہائی پرفارمنس سینٹر ڈبلن کے نیشنل اسپورٹس کیمپس میں تعمیر کیا جائے گا۔

رواں برس کے آغاز میں آئرلینڈ نے مستقل کرکٹ اسٹیڈیم دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے ساتھ پہلی مینز باہمی سیریز ملتوی کردی تھی۔

کرکٹ آئرلینڈ کے پاس فی الحال 4 ون ڈے اسٹیٹس کے حامل گراؤنڈز مالاہائیڈ، کلونٹرف، اسٹورمونٹ اور بریڈی کی صورت میں موجود ہیں مگر یہ سب کلب کرکٹ گراؤنڈز اور ان میں عارضی نشستیں ہیں، اس لیے وہاں پر کسی انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کیلیے عارضی انفرااسٹریکچر پر بہت زیادہ خرچ آتا ہے۔

سویڈن میں منکی پاکس کا پہلا کیس سامنے آگیا

اسٹاک ہوم: سویڈن میں وبائی مرض منکی پاکس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے، متاثرہ مریض کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

سویڈن حکما نے وبائی مرض ایم پوکس کے پہلے کیس کی تصدیق کر دی ہے، اور متاثرہ مریض کے سماجی رابطوں کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل جمعرات کے روز عالمی ادارہ صحت نے جمہوریہ کانگو میں پھیلنے والی وبا کے بعد دو سال میں دوسری بار ایم پوکس کو عالمی سطح پر صحت عامہ کی ہنگامی حالت قرار دیا تھا۔

سویڈن کے وزیر صحت اور سماجی امور جیکب فورسمیڈ نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہمیں طبی ماہرین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سویڈن میں ہمارے پاس منکی پاکس کی ایک سنگین قسم کا کیس ہے، جسے کلیڈ آئی کہا جاتا ہے۔

وزیر کا مزید کہنا تھا کہ صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس وبائی مرض کے حوالے سے تمام حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔